Tag: application

  • کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد سوشل میڈیا سروسز بحال

    کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد سوشل میڈیا سروسز بحال

    دنیا بھر میں کئی گھنٹوں کی بندش کے بعد فیس بک، انسٹا گرام اور انسٹاگرام کی سروسز بحال کردی گئیں، صارفین کو لمبی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فیس بک کے ویب نظام میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کی گئی اور اسی دوران پورا نیٹ ورک ہی بیٹھ گیا، سوشل میڈیا سروسز کئی گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد آہستہ آہستہ بحال ہوسکی۔

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی( اے ایف پی) کے مطابق پیر کی رات سے متاثر ہونے والی فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کی سروسز بعض ممالک میں تقریباً 7 گھنٹوں کے بعد بحال ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان میں بھی فیس بک، واٹس ایپ، انسٹاگرام سروسزجزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئیں۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں سوشل میڈیا سروسز تقریباً7گھنٹے بند رہیں، واضح رہے کہ دنیا بھر میں مذکورہ سوشل میڈیا ایپلیکیشن کی سروسز پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً رات ساڑھے آٹھ بجے متاثر ہوئیں۔

    محض ٹوئٹر سماجی رابطوں کی بڑی ویب سائٹ تھی جو بحال رہی لہٰذا صارفین ٹوئٹر پر ہی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے رہے۔

  • کُوڑے کو کہاں پھینکا جائے؟ روس میں نئی ایپ تیار

    کُوڑے کو کہاں پھینکا جائے؟ روس میں نئی ایپ تیار

    ماسکو : روس میں ایک ایسی ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے جو کچرے کو پہچان سکتی ہے اور کسی شخص کو بتا سکتی ہے کہ اسے نصب کئے گئے کوڑے کے کس کنٹینر میں پھینکا جائے۔

    یہ ایپلی کیشن اب ایپ اسٹور میں دستیاب ہے تاہم یہ ایپلیکیشن تصویر کے مطابق رہنمائی کرتی ہے نہ کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے۔ ماڈریٹر اس ایپلی کیشن کے ڈویلپر اور مالک ہیں جن کا تعلق بالاشیخا سے ہے جو ایک ایکو ایکوسٹنٹ ہیں۔

    یہ ایپ کوڑے کی تصویر کو دیکھ کر اس میں موجود اجزا جیسے پلاسٹک، لوہا، شیشہ، کپڑا یا لیکوڈ، دیکھ کر یہ فیصلہ کرتی ہے کہ اس کوڑے کو کس کوڑے دان میں پھینکا جانا چاہیئے. اس ایپ سے کوڑے کی ری سائیکلنگ ے عمل میں آسانی پیدا ہوگی۔

  • سعودی عرب : عمرہ اور زیارت کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

    سعودی عرب : عمرہ اور زیارت کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

    ریاض : سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز اندرون ملک سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ہوگا۔

    عمرہ اور زیارت کے خواہشند افراد اعتمرنا نامی ایپلی کیشن سے اجازت نامہ حاصل کریں گے، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ اعتمرنا ایپلی کیشن 10 صفر بمطابق 27 ستمبر سے متعارف کی جائے گی جس کے بعد موبائل صارفین اسے ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔

    ایپلی کیشن کے ذریعہ عمرہ یا مسجد نبوی شریف کی زیارت کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ سب سے پہلے خود کو شناختی کارڈ یا اقامہ نمبر کے ذریعہ رجسٹر کرنا ہوگا۔

    ایپلی کیشن میں تین آپشن دیئے جائیں گے، عمرے کی ادائیگی، حرم میں نماز یا مسجد نبوی شریف کے روضہ اطہر میں نماز کی ادائیگی، ان میں سے کسی آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

    بعد ازاں دستیابی کو دیکھتے ہوئے صارف کو دن اور وقت کا آپشن دیا جائے گا جسے پسند کرنے کے بعد طے شدہ دن اور وقت پر صارف کو مکہ مکرمہ میں قائم کیے جانے والے مراکز میں جمع ہونا ہوگا۔

    ان مراکز کی تفصیل اور مقامات بعد ازاں جاری کی جائیں گے۔ یہاں پہنچ کر موجود اہلکار کو اپنا اجازت نامہ دکھانا ہوگا، حفاظتی واحتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اور ہدایات کی پابندی کے ساتھ عمرہ ادا کرنا ہوگا، عمرہ کی ادائیگی کے بعد دوبارہ اسی مرکز کی طرف واپس آنا ہوگا۔

    وزارت نے کہا ہے کہ صارف عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ کے کسی ہوٹل میں قیام کرنا چاہے تو اسے اختیار ہوگا البتہ حرم میں نماز کی ادائیگی کے لیے اسے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    حرم مکی شریف کے حوالے سے یہ ضابطہ مکہ مکرمہ کے رہائشیوں پر لاگو ہوگا، وہ اگر حرم میں نماز ادا کرنا چاہیں تو انہیں اس کے لیے اجازت نامہ لینا ہوگا۔

  • پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    کراچی : پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ جب پیسوں کی کرنسی ہے ہی نہیں تو قیمتوں میں کمی کی ٹرانزکشن کو غیرقانونی قرار دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماعت ہوئی، عدالت نے اوگرا، وزارت پیٹرولیم اور وزارت قانون کو نوٹس جاری کردیئے۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا، حکومت نے16مرتبہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت نے دو مرتبہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کی، ایک بار25پیسے اوردوسری بار35پیسے کمی کی گئی، جب پیسوں کی کرنسی ختم ہوگئی ہے تو اس کی ٹرانزکشن کو غیرقانونی قرار دیا جائے،۔

    اس کے علاوہ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت فی لیٹرپیٹرول پر65روپے ٹیکس وصول کررہی ہے، سندھ ہائیکورٹ میں سماعت14جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ چند ماہ قبل پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا جو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف تھا۔

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک بار25پیسے اوردوسری بار35پیسے کمی کی۔ جس سے عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں ملتا اس کے برعکس جب قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو اس کی مالیت روپوں میں ہوتی ہے۔

  • پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف درخواست دائر کردی

    پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف درخواست دائر کردی

    لاہور : پرویز مشرف نے ٹرائل کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف درخواست دائر کردی، جسٹس سید مظاہرعلی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔

    جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر بھی بینچ میں شامل ہیں، پرویز مشرف کی درخواست میں وفاقی حکومت ودیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کی تشکیل غیر آئینی ہے، پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ چلانے کی وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی۔

    نوازشریف نے اپنی صوابدید پر خصوصی عدالت قائم کی، خصوصی عدالت کے پراسیکیوٹر کی تعیناتی سمیت کوئی عمل قانون کے مطابق نہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ خصوصی عدالت کی کارروائی اور تشکیل کو غیرآئینی قرار دے۔

    درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے معروف قانون دان علی ظفر کو روسٹرم پر طلب کرلیا، جسٹس سید مظاہرعلی نے کہا کہ ہم نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ایمرجنسی کا نفاذ غداری کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں ؟

    جس پر علی ظفرایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ میرے علم کے مطابق ایمرجنسی کانفاذ غداری کے زمرے میں نہیں آتا، عدالت کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی غداری کے زمرے میں نہیں آتی تو پھر یہ سارا معاملہ چلا کیسے؟

    عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سےاستفسار کیا کہ خصوصی عدالت نے فرد جرم کس قانون کے تحت عائد کی؟ بعد ازاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے فرد جرم عدالت میں پڑھ کرسنائی۔

    مزید پڑھیں: ذاتی عداوت کا نشانہ بنایا گیا، پاکستانی عدلیہ سےانصاف  امید ہے، پرویز مشرف

    یاد رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی جانب سے پھانسی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کو بیان دینے کی پیش کش کی مگر اُسے مسترد کیا گیا۔

    مجھے چند لوگوں کی وجہ سے ذاتی عداوت کا نشانہ بنایا گیا تاہم پاکستانی عدلیہ سے انصاف کی امید رکھتا ہوں۔

  • فوجی طیارے میں سفر کی درخواست مسترد، نینسی پیلوسی نے دورہ افغانستان منسوخ کردیا

    فوجی طیارے میں سفر کی درخواست مسترد، نینسی پیلوسی نے دورہ افغانستان منسوخ کردیا

    واشنگٹن : کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے فوجی طیارے میں سفر کی درخواست منسوخ ہونے پر کمرشل طیارے کے ذریعے دورہ افغانستان ملتوی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے درمیان میکسیکو بارڈر پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر گزشتہ ایک ماہ سے کشیدگی چل رہی ہے۔

    اسپیکر نینسی پیلوسی نے الزام عائد ہے کہ امریکی صدر سے دورہ افغانستان کیلئے فوجی طیارے درخواست دی تھی جسے ڈونلڈ ٹرمپ منسوخ کرتے ہوئے مسافر طیارے میں سفر کرنے پر زور دیا۔

    نینسی پیلوسی نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام لگایا کہ امریکی صدر اور ان کی ٹیم نے دورہ افغانستان سے متعلق تفصیلات آشکار کرکے جنگ زدہ ملک میں موجود امریکی فوجیوں اور شہریوں کو خطرے میں ڈال دیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کانگریس کی اسپیکر نے کہا تھا کہ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ دورے کے باعث امریکی اہلکاروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے سے منع کیا تھا۔

    صدرٹرمپ نے دیوار کے لیے فنڈز مختص کیے بغیر بجٹ پر دستخط سے انکار کردیا اور ملک آج حکومتی شٹ ڈاؤن کا شکار ہے، شٹ ڈاؤن کی وجہ سے 8 لاکھ سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکہ: حکومتی شٹ ڈاؤن بدترین شکل اختیار کرگیا، ڈیمو کریٹس نے ٹرمپ کا بائیکاٹ کردیا

    شٹ ڈاؤن کے باعث ایک چوتھائی حکومتی امور متاثر ہوئے، قبل ازیں شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے ٹرمپ اور ڈیموکریٹس میں مذاکرات ہوئے تھے جو ناکام رہے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ضد کے باعث امریکا میں طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن کو 28 روز ہوچکے ہیں، دو روز قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ کانگریس اراکین سمجھوتہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اسپیکر انہیں سمجھوتے سے روک رہی ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ڈیموکریٹس نے میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے بجٹ کی منظوری نہ دی تو حکومتی شٹ ڈاؤن جاری رہے گا۔

  • سمندر میں مچھلیوں کا شکار اب بے خوف ہوگا، ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف

    سمندر میں مچھلیوں کا شکار اب بے خوف ہوگا، ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف

    اسلام آباد: کھلے سمندر میں مچھلیوں کا شکار اب بے خوف ہوگا، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپلیکیشن متعارف کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ہیڈ کوارٹر میں تعارفی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ماہی گیروں کے لیے خصوصی موبائل ایپ متعارف کرائی گئی۔

    میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی آس نامی موبائل ایپ کی افتتاحی تقریب سے وائس چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کلیم شوکت نے خطاب بھی کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماہی گیرون کی سہولت کے لیے موبائل ایپ ملائیشیا سے حاصل کیا گیا، موبایل ایپ کے استعمال کے لیے ماہی گیروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فشنگ بوٹس کورجسٹر کرنے کے لیے میری ٹائم سکیورٹی کو ہدایات جاری کی گئی ہے، آن لائن اپلی کیشن سے سمندر میں ہنگامی صورت حال سے آگاہی ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں سگنلز آرہے ہوں گے اور کوئی مسئلہ ہوگا تو ماہی گیر فوری آگاہ کرسکیں گے۔

    ایڈمرل کلیم شوکت کا مزید کہنا تھا کہ ماہی گیروں اور کشتیوں کی حفاظت پاکستان میری ٹائم سیکورٹی کی ذمہ داری ہے۔

  • پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی ہے: ہیدر نوئرٹ

    پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی ہے: ہیدر نوئرٹ

    واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف سے مدد کی درخواست کی ہے، قرضوں کی وجہ سے پاکستان کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کو باقاعدہ مدد کی درخواست موصول ہوئی ہے۔

    ہیدر نوئرٹ کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کو تمام پہلوؤں سے بغور دیکھ رہے ہیں، پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ مائیک پومپیو اس حوالے سے بیانات دے چکے ہیں۔

    پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرضے کے لیے باضابطہ درخواست کردی

    خیال رہے کہ آج انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر ا کی نٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان نے قرض کے لیے باضابطہ طور پر درخواست کی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    اس ضمن میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔

    وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے ایسا پروگرام لینا چاہتے ہیں، جس سے معاشی بحران پر قابو پایا جا سکے۔

  • پیرس:‌ پروفیسر طارق رمضان کی درخواست ضمانت مسترد

    پیرس:‌ پروفیسر طارق رمضان کی درخواست ضمانت مسترد

    پیرس : فرانسیسی عدالت نے دو خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار پروفیسر طارق رمضان کی رہائی کے لیے دائر کردہ درخواست ایک مرتبہ پھر مسترد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک ماہر نے پروفیسر طارق رمضان کے خلاف کورٹ میں مزید نئے ثبوت پیش کیے ہیں، مذکورہ شخص نے مسلمان پروفیسر کے کمپیوٹر اور فون کے ڈیٹا کا جائزہ لیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ثبوت پیش کرنے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر نے پروفیسر کی جانب سے بیان کردہ واقعات کی تردید کی ہے جس کے باعث عدالت نے طارق رمضان کی درخواست مسترد کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گرفتار مسلم پروفیسر طارق رمضان نے جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے والی ایک خاتون کو موبائل فون پر پیغامات بھیجے تھے تاہم اس کی عصمت دری کرنے سے انکاری ہیں۔

    خیال رہے کہ پروفیسر طارق رمضان اخوان المسلمین کے بانی حسن البنا کے نواسے ہیں جن کے خلاف 2016 میں ہینڈا یاری نامی خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا اس کے علاوہ 2009 میں بھی ایک قسم کی ایک شکایت سامنے آئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پروفیسر طارق رمضان حالیہ دنوں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے نواح میں واقع جیل میں عصمت ریزی کرنے کے الزامات میں قید ہیں۔


    مزید پڑھیں : پروفیسرطارق رمضان کےایک اور خاتون سے تعلقات سامنے آگئے


    یاد رہے کہ  دو خواتین کے ساتھ عصمت دری اور جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار مسلمان پروفیسر اور فلاسفر طارق رمضان کے متعلق ایک اور انکشاف ہوا تھا کہ  انہوں نے 2015 میں ایک مسلمان خاتون کو اپنے  اور ان کے درمیان تعلقات کو  راز میں رکھنے کے لیے بھاری رقم کی ادائیگی کی گئی تھی۔

  • نوازشریف کےخلاف قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات سے متعلق درخواست مسترد

    نوازشریف کےخلاف قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات سے متعلق درخواست مسترد

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے نواز شریف کے خلاف قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، آئینی درخواست قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات متعلق دائر کی گئی ۔

    جسٹس منیب اخترنے کہا کہ درخواست غیر ضروری اور عدالتی وقت کا ضائع ہے،درخواست گزار درخواست میں بیان کردہ حقائق پیش نہ کر سکی، عدالت نے درخواست مسترد کردی۔

    درخواست گزار نے کہا کہ قرض اتارو ملک سنوارو مہم کیبائیس ہزار آٹھ سو کھرب کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

    درخواست کے مطابق یہ رقم چترال کے تاجرعبداللہ کی نشاندہی پر ہیروں کی نیلامی کے ذریعے حاصل کی گئی ،ہیروں کی نیلامی سے حاصل شدہ بائیس ہزار آٹھ سو کھرب قومی خزانے میں جمع نہیں کرائے گئے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے یلوکیب اسکیم میں کرپشن کے ذریعے اربوں روپے کی خرد برد کی،1998 میں قرض اتارو ملک سنوارو مہم میں لوگوں نے اپنے اثاثے اور زیورات حکومت کو دیئے،چترال کے تاجر نے نواز شریف کو چترال میں بائیس ہزارآٹھ سو کھرب مالیت کے ہیروں کی نشاندہی کی، اس ضمن میں نواز شریف کے گھر پر اجلاس ہوا۔

    درخواست گزارنے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے اپنے داماد کیپٹن صفدر کو مقامی تاجر کے ہمراہ چترال بھیجا،چترال سے ہیروں کے چھ صندوق لاہورلائے گئے، ہیروں کی نیلامی کی کارروائی نواز شریف کے گھر لاہور ماڈل ٹاوٴن میں ہوئی۔

    دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہیروں کی نیلامی میں 35 ممالک کے نمائندوں نے حصہ لیا، سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے بائیس ہزار آٹھ سو کھرب کی نیلامی پر ہیرے حاصل کئے، ہیروں کی نشاندہی کرنے پر نواز شریف نے مقامی تاجر 33فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیاتھا ، نواز شریف نے ہیروں سے حاصل رقم سے اندرون و بیرون ملک رشتے داروں کے نام پر جائیدادیں بنائیں، کھربوں روپے کے ہیرے دینے والا تاجر آج بھی کسمپرسی اور مفلسی کی زندگی گزار رہا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ چترال سے ہیرے لانے والوں میں پی اے ایف کا فوجی افسر کرمانی ودیگر شامل تھے، بعد میں فوجی افسر سمیت دیگر جہاز حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

    درخواست میں سیکریٹری داخلہ، ڈائریکٹر انٹر پول،ڈی جی ایف آئی اے،سابق وزیر اعظم نواز شریف فریق نامزدہیں جبکہ سابق صدر پرویز مشرف ،سابق صدر آصف علی زرداری ،ڈی جی پی اے ایف اور نیب حکام کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔