Tag: application reject

  • اسلام آباد ہائیکورٹ: شفقت حسین پھانسی کا حکم برقرار

    اسلام آباد ہائیکورٹ: شفقت حسین پھانسی کا حکم برقرار

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شفقت حسین کی عمر کے تعین کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے پھانسی کا حکم برقرار رکھا ہے۔

    شفقت حسین کی عمر کے تعین کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل کرنے کی درخواست مسترد ہوگئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج اطہر من اللہ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے شفقت حسین کی موت کی سزا کا حکم برقرار رکھا،عدالتی حکم نامے سے جیل حکام کو باقاعدہ آگاہ کرنے کے بعد مجرم کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوں گے۔

    گزشتہ سماعت میں عدالت نے ریمارکس دیئے تھے یہ ایک کیس نہیں بلکہ پبلک پالیسی کا معاملہ ہے، سپریم کورٹ سے سزایافتہ ہر شخص کو آرٹیکل پینتالیس کے تحت ریلیف دیا جا سکتا ہے۔

  • ڈرون حملے، سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج ہوتے ہی خارج

    ڈرون حملے، سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ درج ہوتے ہی خارج

    اسلام آباد: پاکستان میں ڈرون حملوں پر سی آئی اے کے سابق اسٹیشن چیف کے خلاف مقدمہ درج ہوتے ہی خارج کردیا گیا، اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود کا نہیں ۔

    امریکی ڈرون حملے میں میرا خاندان بے قصور مارا گیا، امریکی سی آئی اے کے سابق اسٹیشن چیف کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، قبائلی شہری کریم خان کی درخواست پر بالاآخر شنوائی ہوئی اور مہینوں کی تگ ودو کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھانہ سیکریٹریٹ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

    اسلام آباد پولیس نے سی آئی اے چیف کے خلاف مقدمہ نمبر اکیانوے درج کرنے کے چند لمحوں بعد ہی خارج کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانے کی حدود سے باہر ہوا، اس لئے مزید پیشرفت نہیں کرسکتے۔

    اکتیس دسمبر دوہزار نو میں شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں ڈرون حملے سے کریم خان کا بیٹا ذہین اللہ اور بھائی آصف اقبال جاں بحق ہوگئےتھے۔

    دو ہزار دس میں ڈرون حملوں کے خلاف دائر درخواست میں سی آئی اے اسٹیشن چیف جوناتھن بینکس اور لیگل کونسل کو نامزد کیا گیا تھا۔

  • نائن زیرو سے گرفتار ملزمان کے اہل خانہ کی ملاقات کی درخواست مسترد

    نائن زیرو سے گرفتار ملزمان کے اہل خانہ کی ملاقات کی درخواست مسترد

    کراچی :انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار کیے گئے ملزمان کے اہل خانہ کی ملزمان سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں نائین زیرو سے گرفتار کیے فیصل موٹا فرحان شبیر اور دیگر چھبیس کے اہل خانہ نے درخواست دائر کی تھی کہ ان کی ملزمان سے ملاقات کروائی جائے۔

    اس درخواست کے جواب میں رینجرز حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ہیں اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے، دوران تفتیش ان ملزمان کی ملاقات مناسب نہیں ہوگی۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد درخواست مسترد کردی۔

    واضح رہے کہ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرزنے سرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران عامرخان سمیت کئی کارکنوں کوتحویل میں لے لیا گیا جبکہ غیرملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    ایم کیوایم کے مرکز سے ملحقہ خورشید بیگم میموریل ہال بھی کورینجرز چھاپے کے بعد عارضی طورپرسیل کردیا گیا تھا، رینجرز نےدعوٰی کیا ہے کہ نائن زیرو سےنیٹوسپلائی سے چرایا گیا اسلحہ بھی ملا ہے۔

    ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے 32ملزمان کو90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے  کردیا گیا جبکہ فیصل موٹا اور عبید کے ٹو سمیت 26ملزمان کو14روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ملزمان میں صحافی ولی خان بابرکے قتل میں ملوث فیصل موٹا ، عبید کے ٹو اور نادر بھی شامل ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل رابطہ کمیٹی کے ممبراور سینئر رہنماء عامرخان سمیت 27 ملزمان کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیا گیا تھا جبکہ گرفتار کیے گئے 3افراد کو تفتیش کے بعد رہا کر دیا گیا، رہائی پانے والوں میں پرویز، عظیم اور خرم  شامل ہیں۔

  • عمران خان کی ووٹوں کی جانچ سے متعلق درخواست مسترد

    عمران خان کی ووٹوں کی جانچ سے متعلق درخواست مسترد

    لاہور: الیکشن ٹریبونل نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ووٹوں کی جانچ سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے ایک سو بائیس میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر لوکل کمیشن کے خلاف الیکشن ٹریبونل سے استدعا کی تھی۔

    الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ لوکل کمیشن کی رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس پر حکم جاری کیا جائے گا۔

    عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ووٹوں کی جانچ پڑتال کرنے والے کمیشن نے دھاندلی کے ثبوت کو رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا، ٹریبونل لوکل کمیشن کے اس معاملےکا نوٹس لے۔

    اس سے قبل الیکشن ٹربیونل نے این اے 122کے ووٹوں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال دوبارہ کروانے کےلیے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سردار ایازصادق کو شہادت ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا۔

    لاہور میں الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے سماعت شروع کی تو عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لوکل کمیشن نے این اے 122کا آڈٹ درست طریقے سے نہیں کیا اور نہ ہی دھاندلی سے متعلق حقائق واضح کیے لہذا دوبارہ انکوائری کاحکم دیاجائے۔

    عمران خان کے وکیل کی جانب سے ٹریبونل کو بتایا گیا کہ حلقے کے فارم 14ایک ہی ہاتھ سے لکھے گئے ہیں جبکہ ریٹرننگ افسر نے پی پی 147 کے فارم 15این اے 122 میں شامل کرکے گنتی پوری کی ہے جسکی انکوائری کروائی جائے۔

    دوران سماعت سردارایازصادق کے وکیل نے بتایا کہ الزامات بے بنیاد ہیں، اب شکست کے خوف سےعمران خان لوکل کمیشن غلام حسین اعوان پر اعتراضات اٹھا رہے ہیں، ایک مرتبہ انکوائری ہونے کے بعد دوبارہ نہیں کروائی جاسکتی۔

    عدالت نے عمران خان کی لوکل کمیشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئےسماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی جبکہ سردارایاز صادق کو شہادت ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کرلیا۔

  • آؤٹ آف ٹرن پروموشن، ڈپوٹیشن سے متعلق افسران کی نظرثانی درخواست منسوخ

    آؤٹ آف ٹرن پروموشن، ڈپوٹیشن سے متعلق افسران کی نظرثانی درخواست منسوخ

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آؤٹ آف ٹرن پروموشن اور ڈپوٹیشن سے متعلق افسران کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    سپریم کورٹ میں محکمہ پولیس کے خرم وارث ، راجہ عمر خطاب، فیاض خان اور دیگر محکموں کے انسٹھہ سے زائد افسران نے درخواست دائر کی تھی کہ ان کو ترقیاں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر دی گئی ہیں۔

    ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ ان کو دیگر محمکوں میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر بھیجا گیا ہے، لہذا عدالت عظمیٰ آوٹ آف ٹرن پروموشن اور ڈپوٹیشن کیس میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

    اس درخواست پر سپریم کورٹ کے جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سابقہ فیصلے کو برقراررکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔

    دو درخواست گزار محکمہ فرانزک کی اسما شاہد اورو کیل سپرٹنڈنٹ شاکر شاہ کی درخواست پر انہیں ان کی پوسٹنگ پر ہی رہنے کا حکم دیا ہے۔