Tag: appointed

  • سعودی مرکزی بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی

    سعودی مرکزی بینک کے نئے گورنر کی تعیناتی

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ایمن بن محمد بن سعود کو سعودی مرکزی بینک کے گورنر کے عہدے پر تعینات کردیا، نئے گورنر کئی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ڈاکٹر فہد المبارک کو سعودی مرکزی بینک کے گورنر کے عہدے سے سبکدوش کر کے ان کی جگہ ایمن بن محمد بن سعود السیاری کو تعینات کردیا، السیاری گورنر بدرجہ وزیر ہوں گے۔

    السیاری 17 اکتوبر 2019 سے سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے ڈپٹی گورنر کی حیثیت سے فرائض انجام رہے تھے، السیاری نے ساما میں سیکریٹری گورنر برائے سرمایہ کاری کے عہدے پر 2013 سے 2019 تک خدمات سر انجام دیں۔

    السیاری ساما میں انویسٹمنٹ کمیٹی، مالیاتی پالیسی کمیٹی، خطرات کی نگراں کمیٹی اور مالیاتی استحکام کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں۔

    وہ سعودی سینٹرل بینک کی مجلس انتظامیہ کے ڈپٹی چیئرمین، سعودی ترقیاتی فنڈ مینجمنٹ، قومی مرکز برائے قرضہ کی مجلس انتظامیہ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ میں سرمایہ کاری کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔

    السیاری 1999 میں سعودی سینٹرل بینک سے منسلک ہوئے تھے، سنہ 2003 میں وہ 3 برس کے لیے عالمی بینک گروپ میں شامل ہوئے۔

    انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز مالیاتی تجزیہ کار کی حیثیت سے سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ سے کیا تھا۔

    السیاری کنگ فہد یونیورسٹی برائے پیٹرولیم و معدنیات سے بی کام، امریکہ کی جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے فنڈنگ بزنس مینجمنٹ میں ماسٹرز ہیں، علاوہ ازیں ہارورڈ بزنس اسکول سے پبلک مینجمنٹ پروگرام بھی کیے ہوئے ہیں۔

  • طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

    طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد : وزارت داخلہ کی جانب سے طارق ملک کو بطور چیئرمین نادرا تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، طارق ملک کو تین سال کے لئے چیئرمین نادرا مقرر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نےکابینہ کی منظوری کے بعد چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نادرا آرڈیننس2000کے تحت طارق ملک کوچیئرمین لگایا گیا ہے، ان کی مدت 3سال ہوگی۔

    یاد رہے 8 جون کو وفاقی کابینہ نے طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی تھی، طارق ملک نے اپنی دوبارہ نامزدگی کے لیے ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    واضح رہے کہ طارق ملک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں بھی نادرا کے چیئرمین تعینات رہ چکے ہیں تاہم سال 2014 میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اختلافات کے باعث انہوں نے نادرا چیئرمین کی حیثیت سے استعفیٰ دیا تھا۔

    طارق ملک اس وقت اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ ڈیجیٹل ٹرانسفورمیشن کے لیے اپنے ایجنڈے کی مدد کے لیے پاکستان کا حال ہی میں دورہ کرچکے ہیں۔

  • ڈاکٹر معید یوسف مشیر برائے قومی سلامتی مقرر

    ڈاکٹر معید یوسف مشیر برائے قومی سلامتی مقرر

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کو مشیر کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔

    وزیر اعظم نے معید یوسف کو مشیر قومی سلامتی کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔

    کابینہ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر معید یوسف کو وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا گیا ہے، معید یوسف بطور مشیر قومی سلامتی اپنی خدمات انجام دیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ معید یوسف کو دسمبر 2019 میں قومی سلامتی سے متعلق وزیر اعظم کا معاون مقرر کیا گیا تھا، وہ پہلے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس میں ایشیا سینٹر کے ایسوسی ایٹ نائب صدر تھے۔

  • کے الیکٹرک کے سابق سی ای او وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تعینات

    کے الیکٹرک کے سابق سی ای او وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تعینات

    اسلام آباد : کے الیکٹرک کے سابق سی ای او اور چیئرمین تابش گوہر کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے توانائی تعینات کردیا گیا،تابش گوہر کی تعیناتی اعزازی طور پر کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے توانائی مقرر کر دیا ہے، کابینہ ڈویژن نے تابش گوہر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تابش گوہر کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے پاور مقرر کیا گیا ہے، تابش گوہر کی تعیناتی اعزازی طور پر کی گئی ہے۔


    تابش گوہر کے الیکٹرک میں مختلف عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں، وہ 7 سال تک کے الیکٹرک کے چیئرمین اور سی ای او رہے اور اکتوبر 2015 میں بطور سی ای او، ڈائریکٹر اور چیئرمین کے الیکٹرک ریٹائر ہوئے۔

  • حرمین شریف میں سینیئر عہدوں پر خواتین کا تقرر

    حرمین شریف میں سینیئر عہدوں پر خواتین کا تقرر

    ریاض: سعودی عرب میں حرمین شریف میں 10 خواتین کا سینیئر عہدوں پر تقرر کردیا گیا، حکام کے مطابق زائرین میں نصف تعداد خواتین کی ہوتی ہے جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے سعودی خواتین کا تقرر کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کی اتھارٹی نے 10 خواتین کا سینیئر عہدوں پر تقرر کیا ہے۔

    تقرریوں کا اعلان کرتے ہوئے جنرل پریذیڈنسی نے بتایا کہ خواتین کو اہم منصب سنبھالنے کے لیے بااختیار بنانا ترقی اور معیشت کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔

    پریذیڈنسی کے مطابق تقرریاں جنرل پریذیڈنسی کی دانشمندانہ قیادت کی جانب سے تخلیقی صلاحیتوں اور معیار کے اعلیٰ اصولوں کے تحت کی گئی ہیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامی امور کی اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری کاملیہ الدادی کے مطابق ان تقرریوں میں حرمین شریفین کے لیے کئی شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے، ان میں زائرین کی رہنمائی و ہدایات، انجینیئرنگ اور نگران و انتظامی امور شامل ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس کا مقصد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں با اختیار بنانا ہے۔

    کنگ عبدالعزیز کمپلیکس غلاف کعبہ کی تیاری کے مرکز میں نائب صدر عبد الحمید المالکی اور میوزیم و حرمین امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری کا کہنا ہے کہ مکہ اور مدینہ میں آنے والے زائرین میں تقریباً نصف تعداد خواتین کی ہوتی ہے جس کے باعث یہاں سعودی خواتین کی تقرری اور موجودگی سے اعلیٰ خدمات کو یقینی بنایا جائے گا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے ہر عمر کے مرد و خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے.

    نائب صدر کے مطابق خواتین بھی مملکت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی جو کہ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے پروگرام کا حصہ ہے۔

  • سکندرسلطان راجہ 5  سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: سکندرسلطان راجہ کو پانچ سال کیلئے چیف الیکشن کمشنرمقررکردیا گیا، صدرمملکت نےچیف الیکشن کمشنراورممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نےالیکشن کمیشن کےسربراہ اور ممبران کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق سکندرسلطان راجہ5سال کیلئےچیف الیکشن کمشنرمقرر کردیا گیا جبکہ سندھ سے نثاردرانی اوربلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیاہے۔

    یاد رہے حکومت اور اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا جب کہ شاہ محمد جتوئی بلوچستان اور سندھ کیلئے نثاردرانی کے ناموں پر اتفاق ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں : چیف الیکشن کمشنر کیلیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق

    دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی۔

    واضح رہے چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

    خیال رہے سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدے شامل ہیں۔

  • ائیرمارشل احمر شہزاد لغاری پاک فضائیہ کے نائب سربراہ مقرر

    ائیرمارشل احمر شہزاد لغاری پاک فضائیہ کے نائب سربراہ مقرر

    اسلام آباد : ائیر مارشل احمر شہزاد لغاری کو پاک فضائیہ کا نائب سر براہ مقرر کردیا گیا ، ایئرمارشل احمرشہزادلغاری کوپاک فضائیہ میں شاندارخدمات پرتمغہ امتیازملٹری سےنوازاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے ائیر مارشل احمر شہزاد لغاری کو پاک فضائیہ کا نائب سر براہ مقرر کر دیا، ائیر مارشل احمر شہزادلغاری نے نومبر1984 میں پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے کیرئیر کے دوران ایک لڑاکا اسکواڈرن اور آپریشنل ائیر بیس کی کمان کی۔

    ائیر مارشل احمر شہزاد لغاری ائیر ہیڈ کوارٹرز میں چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر (فالکن) اور ڈائریکٹر جنرل پراجیکٹس کے علاوہ امریکہ میں ائیراتاشی کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض ادا کر چکے ہیں۔

    انہوں نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز چکلالہ میں بحیثیت ڈائریکٹر جنرل لاجسٹکس اور پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ کے چئیر مین بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

    احمر شہزاد لغاری کمبیٹ کمانڈرا سکول، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور کمانڈ اینڈا سٹاف کالج برطا نیہ سے فارغ التحصیل ہیں، انھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر تمغہ امتیاز (ملٹری)،ستارۂ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ امتیاز (ملٹری)اور لجن آف میرٹ (امریکہ)سے نوازا گیا۔

  • پرویز مشرف غداری کیس،   جسٹس وقار احمد سیٹھ خصوصی عدالت کے نئے سربراہ مقرر

    پرویز مشرف غداری کیس، جسٹس وقار احمد سیٹھ خصوصی عدالت کے نئے سربراہ مقرر

    اسلام آباد : پرویز مشرف غداری کیس میں وفاقی حکومت نے جسٹس وقار احمد سیٹھ کو خصوصی عدالت کا نیا سربراہ مقرر کر دیا جبکہ عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل رضا بشیر کی بیماری کے باعث التواء کی درخواست منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے جسٹس وقار احمد سیٹھ کو خصوصی عدالت کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے، جسٹس وقار احمد سیٹھ جسٹس طاہرہ صفدر کی ریٹائرمنٹ پر سربراہ مقرر ہوئے ہیں۔

    جسٹس وقار احمد سیٹھ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ہیں۔ جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

    عدالت میں درخواست دائر کی گئی کہ پرویز مشرف کے وکیل رضا بشیر ڈینگی کا شکار ہوگئے اور وہ میو ہسپتال میں زیر علاج ہیں، لہذا کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔

    خصوصی عدالت نے بیماری کی بنیاد پر التواء کی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ 24 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت ہو گی۔

    عدالت نے فریقین کو تحریری دلائل آئندہ سماعت سے قبل جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا خصوصی عدالت ہفتے کے روز بھی سماعت کرے گی۔

    مزید پڑھیں : پرویز مشرف آئین شکنی کیس میں اب کوئی التوا نہیں ملے گا،عدالت کا دوٹوک مؤقف

    گذشتہ سماعت میں خصوصی عدالت نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا تھا کہ اب کوئی التوا نہیں ملے گا ، کسی فریق کے وکیل نے التوا مانگا تو اس پرجرمانہ ہوگا، کیس روزانہ کی بنیاد پر چلے گا۔

    سماعت میں رضا ربشیرکا کہنا تھا کہ اگر آپ مجھے موقع نہیں دیں گے تو میں کیس سے الگ ہو جاﺅں گا، آپ نے پہلے بھی وکلا کو مواقعے دیئے مجھے بھی ایک موقع دیں۔

    جسٹس شاہد کریم نے کہا تھا کہ ہمارے پاس آپ کی کوئی درخواست نہیں آئی، آتی بھی تو مسترد کرتے، آپ حتمی دلائل کا آغاز کریں اور وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ کا کنڈکٹ عدالت کے ساتھ بہتر نہیں، آپ دلائل نہیں دے رہے توہم آرڈرمیں لکھ دیں گے آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ عدالت موقع نہیں دے رہی، جس پر رضا بشیر نے کہا کورٹ میں درخواست دینے پر معافی مانگتا ہوں۔

  • سعودی عرب کے محکمہ تعلیم میں پہلی مرتبہ خاتون ترجمان مقرر

    سعودی عرب کے محکمہ تعلیم میں پہلی مرتبہ خاتون ترجمان مقرر

    ریاض :سعودی عرب کے وزیرتعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے مملکت میں پہلی بار ایک خاتون ابتسام الشھری کو وزارت تعلیم کی ترجمان مقرر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں طلباءاور اساتذہ کی تعداد تقریبا ساٹھ لاکھ کے قریب ہے۔ ابتسام الشھری وزارت تعلیم کی آواز اور ادارے کی ترجمان کے طور پرخدمات انجام دیتے ہوئے لاکھوں طلباٰ اور اساتذہ سمیت محکمہ تعلیم سے منسلک افراد کی ترجمانی کرے گی۔

    ابتسام الشھری اعلیٰ تعلیم یافتہ معلمہ ہیں جو مملکت میں انگریزی زبان وادب کی معلمہ رہ چکی ہیں اورتعلیم وتدریس میں ان کا 17 سالہ تجربہ ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیلنٹ ٹریننگ میں ایم اے کی ڈگری حاصل کررکھی ہے، اس کے علاوہ وہ اسکولوں میں تعلیم وتدریس کے حوالے سے وضع کردہ پروگرام بلڈنگ لیڈر برائے تبدیلی’ کے پہلے فارغ التحصیل ہونے والےایکسپرٹس کے گروپ میں شامل تھیں۔

    انہوں نے تدریس کے عملی شعبے کا آغاز ابتدائی اسکول کی کلاسوں سے کیا اور مرحلہ وار آگے بڑھتے ہوئے انہوں نے یونیورسٹی کی سطح پربھی تدریس کے فرائض انجام دیے۔

    مزید پڑھیں : 6 لاکھ سعودی خواتین عملی میدان میں سرگرم

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وہ تعلیم کے حوالے سے مختلف بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی شرکت کرچکی ہیں اور سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے انہیں امریکا میں سعودی عرب کے بیرونی اسکالرشپ کے لیے بھی منتخب کیا تھا۔

  • عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

    عامر خان چیئرمین ایس ای سی پی تعینات ، نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : عامرخان نے چیئرمین ایس ای سی پی کے عہدے کاچارج سنبھال لیا ، کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کوتعینات کرنےکی منظوری  دی تھی، عامرخان کا کارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ کا وسیع تجربہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عامرخان کو چیئرمین ایس ای سی پی تعینات کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، جس کے بعد عامرخان نےچیئرمین ایس ای سی پی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

    کابینہ نے گزشتہ اجلاس میں عامر خان کوتعینات کرنےکی منظوری دی تھی ، عامر خان کو نومبر 2018 میں ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔

    عامرخان کاکارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کپیٹل مارکیٹ کا وسیع تجربہ ہے جبکہ انھوں نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں مرابحہ متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

    عامر خان نے وئیر ہاوسز میں الیکٹرانک رسیدوں کے ذریعے اجناس کی ٹریڈنگ کے ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں کردار ادا کیا اور مائیکرو فنانس کمپنیوں کو ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں شامل کرنے کے لئے اصلاحات متعارف کیں۔

    عامر خان شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اصلاحات کا بھر پور عزم رکھتے ہیں۔

    یاد رہے حکومت نے چیئرمین ایس ای سی پی فرخ سبزواری کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ فرخ سبزواری کو ہٹانے کا فیصلہ اسٹاک ایکسچینج کے معاملات صحیح طرح نہ چلانے پر کیا گیا۔