Tag: appointed

  • سعودی عرب میں پہلی بار خواتین نوٹری مقرر کی جائیں گی

    سعودی عرب میں پہلی بار خواتین نوٹری مقرر کی جائیں گی

    ریاض : سعودی عرب کی وزارت ِانصاف خواتین کو عدالتی خدمات میں سہولتیں مہیا کرنے کی غرض سے ان کا الگ سے محکمہ نوٹری شروع کرنے پر غور کررہی ہے، مختلف شہروں میں قائم کیے جانے والے اس محکمے کے دفاتر میں خواتین ہی کو نوٹری مقرر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر انصاف اور سپریم جوڈیشیل کونسل کے چئیر مین ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی نے اپنی وزارت کو ملک کے مختلف شہروں میں خواتین کے شعبہ نوٹری کے آغاز کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    وزارتِ انصاف نے پہلے ہی خواتین کو بہ طور قانونی مشیر ، محققین اور قانون ساز بھرتی کرنے کا عمل شروع کررکھا ہے،اس کا مقصد وزارت کے نئے تنظیمی ڈھانچے کے تحت خواتین کی اپنی انتظامیہ کی تشکیل عمل میں لانا ہے۔

    وزارت کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ کچھ عرصے کے دوران میں 70 خواتین کو نوٹری کے طور پر تصدیقی کام کے لیے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال خواتین کو 155 قانونی لائسنس جاری کیے گئے تھے ۔ان کے علاوہ وزارت انصاف کے تحت قانونی ، تکنیکی اور سماجی شعبوں میں 240 سعودی خواتین کو بھرتی کیا گیا تھا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی خواتین کو 2018ءمیں وزارت انصاف میں پرائیویٹ نوٹری کے طور پر لائسنسوں کے اجرا کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔وہ اب ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے تحت ہفتے میں سات دن صبح اور شام کے اوقات میں اپنی نجی دفاتر میں کام کررہی ہیں۔

    وزارت ِ انصاف کے مطابق نجی شعبے میں کام کرنے والے مرد وخواتین نوٹری وکالت نامے کے اختیار کو جاری اور منسوخ کرسکتے ہیں اور کارپوریٹ دستاویزات کی تصدیق کرسکتے ہیں۔

    سعودی عرب میں اس وقت کام کرنے والے لائسنس یافتہ پرائیوٹ نوٹریوں کی تعداد تیرہ ہزار سے زیادہ ہے، ان کی تصدیق شدہ دستاویزات کو تمام سرکاری محکموں اور عدلیہ کے ماتحت اداروں میں تسلیم کیا جاتا ہے۔

    وزارتِ انصاف کا کہناتھا کہ وہ نوٹری کے لائسنسوں کے اجرا کا سلسلہ جاری رکھے گی جبکہ ان کی جانب سے فراہم کردہ خدمات کے معیار پر بھی کڑی نظر رکھے گی، سعودی عرب میں پہلے مردوں کے لیے پبلک نوٹری خدمات کا اجرا کیا گیا تھا اور ان کا فروری 2017 سے آغاز ہوا تھا۔

    وزارت کے مطابق ”نوٹری خدمات کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا اقدام وزارتِ انصاف کے این ٹی پی 2020ءکا حصہ ہے، اس کا مقصد افراد اور کمپنیوں کے لیے نوٹری کی کارکردگی کو موثر بنانا ہے۔اس سے عدالتی خدمات کو نجی شعبے کے حوالے کرنے میں مدد ملے گی اور سعودی ویڑن 2030ءکے مطابق قومی معیشت کو ترقی ملے گی۔

  • ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر

    اسلام آباد : ڈاکٹرثانیہ نشتر کو  وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ وغربت مٹاؤمہم مقرر کردیا گیا ، ثانیہ نشتربینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن اور احساس پروگرام کی سربراہ بھی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو وزیراعظم کی معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا انھیں وفاقی وزیر کا درجہ دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر ثانیہ نشتر وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور غربت مٹاو پروگرام ہوں گی اور معاملات دیکھیں گی۔

    ثانیہ نشتر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن اور احساس پروگرام کی سربراہ بھی ہیں۔

    مزید پڑھیں :وزیر اعظم نے “غربت مٹاؤ پروگرام” کا افتتاح‌ کر دیا، 80 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

    یاد رہے 27 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ” غربت مٹاؤ پروگرام” کا افتتاح کیا تھا ، غربت مٹاؤ پروگرام کا نام “احساس اورکفالت” رکھا گیا، پروگرام کے تحت بیواؤں، یتیموں اور بزرگوں کو مالی مدد دی جائے گی۔

    خیال رہےوزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ملاقات میں پروگرام کی اصولی منظوری دی تھی، ابتدائی مرحلے میں ایک سو بیس ارب روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔

  • وزیراعظم نے اسدعمرکو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے اسدعمرکو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دیتے ہوئے پارٹی چیف عامر ڈوگر کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسدعمر کو نئی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم نے پارٹی چیف عامرڈوگرکوہدایات جاری کیں کہ اسدعمرکوچیئرمین قائمہ کمیٹی برائےخزانہ مقررکیاجائے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے اسد عمر کی اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں وفاقی کابینہ میں اسد عمر کی واپسی سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی تھی۔

    ذرایع نے بتایا تھا وزیر اعظم نے اسد عمر کو ایک بار پھر کابینہ کا حصہ بننے کی پیش کش کی تھی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم سے اسد عمرکی ملاقات، سابق وزیر خزانہ کو ایک بار پھر کابینہ میں شمولیت کی پیش کش

    اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے بھی اسد عمر سے ملاقات کی تھی ، جس میں کابینہ میں دوبارہ شمولیت کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا

    خیال رہے کہ وزارت چھوڑنے کے بعد سے شیخ رشید سے اسد عمر کی اب تک 3 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ اسد عمر نے 18 اپریل کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، اس سے تین دن قبل اے آر وائی نیوز نے ان کے قلم دان کی تبدیلی کی خبر دی تھی۔

    وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں اقرار کیا کہ انھیں کارکردگی کی بنیاد پر وزارت سے ہٹایا گیا جبکہ انھوں نے وزارت سے ہٹنے کے بعد وزیر اعظم کی خواہش کے باوجود کوئی اور وزارت لینے سے انکار کیا تھا۔

  • حسین اصغر کو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا

    حسین اصغر کو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا

    اسلام آباد : حسین اصغرکو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا، صدر مملکت عارف علوی نے چئیرمین نیب کی مشاورت سے تعیناتی کی منظوری دی۔

    تفصیلات کے مطابق حسین اصغرکو ڈپٹی چیئرمین نیب تعینات کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ، صدرعارف علوی نےچئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مشاورت سے حسین اصغرکی تعیناتی کی منظوری دی۔

    حسین اصغرکا تعلق پولیس گروپ سے ہے اور وہ گریڈ بائیس میں ریٹائرڈ ہوئے، حسین اصغر دوران ملازمت ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور آئی جی گلگت بلتستان کی حیثیت سے بھی کام کرچکےہیں۔

    حسین اصغر نےوفاقی تحقیقاتی ادارےایف آئی اے میں بھی خدمات انجام دیں اورپیپلز پارٹی کےدورحکومت میں حج کرپشن کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا، وہ اچھی شہرت کےحامل افسرسمجھےجاتے ہیں۔

    چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈپٹی چیئرمین کی سیٹ پر تقرری کرنے کی سفارش کی تھی۔

    مزید پڑھیں : چیئرمین نیب نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کراچی کو معطل کر دیا

    یاد رہے چند روز قبل قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے نیب کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم ساجد کو تین ماہ کے لیے معطل کر دیا تھا، انھیں فرائض سے غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔

    نیب چیئرمین جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب میرٹ، شواہد، احتساب سب کے لیے کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے، بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔

  • سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں تعینات

    سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں تعینات

    ریاض : سعودی عرب نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو سفیر مقرر کردیا، ریما بنت بندر بن سلطان امریکا میں پہلی سعودی خاتون سفیر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وژن 2030 کے تحت سعودی خواتین کو ڈرائیونگ اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں اپنے صلاحیتیں دکھانے کا موقع پر دیا جس کے بعد خواتین نے ہر شعبے میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے شاہی فرمان کے مطابق ریما بنت بندر بن سلطان امریکا میں بطور سعودی سفیر خدمات سر انجام دیں گے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان کو امریکا میں شہزادہ خالد بن سلمان کی جگہ سعودی عرب کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے شہزادی ریما بنت بند السعود کو پہلی خاتون ہیں جنہیں امریکا میں سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر تعینات ہونے کا اعزاز ملا ہے۔

    خیال رہے کہ شہزادی ریما بنت بندر سعودی عرب میں ماس پارٹیسپیشن فیڈریشن کی صدر اور ڈیولپمنٹ پلاننگ اسپورٹس اتھارٹی بطور نائب خدمات انجام دے رہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ شہزادی ریما بنت بندر امریکی پالیسیوں، سیاست اور ماحول سے باخوبی واقف ہیں کیونکہ وہ بندر بن سلطان کی بیٹی ہیں اور شہزادہ بندر بن سلطان سنہ 1983 سے 2005 تک امریکا میں سعودی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔

     شاہی فرمان جاری ہونے والے شہزادہ خالد بن سلمان بطور نائب وزیر دفاع نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

    واضح رہے کہ شہزادہ خالد بن سلمان اپریل 2017 سے 23 فروری 2019 تک امریکا میں بطور سعودی سفیر سفارتی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

    مزید پڑھیں : عدوا الدخیل سعودی عرب کی پہلی خاتون پائلٹ بن گئیں

    یاد رہے کہ گزشتہ برس تین جون کو ایک تاریخ سا ز فیصلے کے نتیجے میں سعودی خواتین کو گاڑی چلا نے کی اجازت ملی تھی جو کہ ایک قدامت پسند معاشرے میں بڑا اقدام تھا، جس کے بعد متعدد شعبوں میں خواتین اپنی صلاحتیوں کا لوہا منواتی رہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق رواں ماہ سعودی خاتون عدوا الدخیل نے بلندی سے گرنے کے خوف کو شکست دیتے ہوئے پہلی سعودی خاتون پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • ممتاز دفاعی تجزیہ کار اکرام سہگل کے الیکٹرک کے  نئے چیئرمین مقرر

    ممتاز دفاعی تجزیہ کار اکرام سہگل کے الیکٹرک کے نئے چیئرمین مقرر

    کراچی : ممتاز دفاعی تجزیہ کار اکرام سہگل کو کے الیکٹرک کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا گیا، ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین کی تقرری کے بارے میں اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا جاچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف دفاعی تجزیہ کار اکرام سہگل کو کراچی الیکٹرک کا نیا چیئرمین مقر کیاگیا، کے الیکٹرک کے بورڈ نے اکرام سہگل کی تقرری کی منظوری دی۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین کی تقرری کے بارے میں اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا جاچکا ہے۔

    اکرام سہگل نے اکتوبر انیس سو پینسٹھ میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے گریجویٹ کیا، انیس سو تہیتر میں بلوچستان میں گوریلا آپریشن کا حصہ رہے، انہوں نے کمرشل پائلٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

    اس وقت پاتھ فائنڈر گروپ پاکستان میں چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، اس کے علاوہ ورلڈ اکنامک فورم، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن سمیت کئی بین الاقوامی تنظیموں میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم جوڈیشل کونسل اورججز جوڈیشل کمیشن کے نئے سربراہ مقرر

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ سپریم جوڈیشل کونسل اورججز جوڈیشل کمیشن کے نئے سربراہ مقرر

    اسلام آباد : چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سپریم جوڈیشل کونسل اور  ججز جوڈیشل کمیشن کو نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ، جوڈیشل کمیشن میں جسٹس گلزار احمد،جسٹس عظمت سعید، جسٹس مشیر عالم اورجسٹس عمر عطابندیال شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ریٹائر منٹ کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل میں تبدیلی کردی گئی، اب نئے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ سپریم جوڈیشل کونسل اور ججز جوڈیشل کمیشن کے نئے سربراہ ہیں۔

    نئی ترتیب کے مطابق جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبر ہیں جبکہ ججزتقرری جوڈیشل کمیشن میں جسٹس عمر عطابندیال کوشامل کیا گیا ہے جبکہ جوڈیشل کمیشن میں جسٹس گلزاراحمد،جسٹس عظمت سعید اور جسٹس مشیر عالم بطورممبر شامل ہیں۔

    یاد رہے آج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

    مزید پڑھیں : جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

    گذشتہ روز فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس آصف سعید کھوسہ  نے کہا تھا کہ فوج اورحساس اداروں کاسویلین معاملات میں دخل نہیں ہوناچاہیئے، ملٹری کورٹس میں سویلین کاٹرائل ساری دنیامیں غلط سمجھا جاتاہے،کوشش کریں گےسول عدالتوں میں بھی جلدفیصلےہوں۔

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ بطورچیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تعطل دور کرنےکی کوشش کروں گا،جعلی مقدمات اور جھوٹےگواہوں کیخلاف ڈیم بناؤں گا۔

    خیال رہے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا جبکہ وہ کئی اہم کیسز کی سماعت کرنے والے بینچز کاحصہ رہے، انہوں نے چارکتابیں بھی تصنیف کیں، بطور جج اپنے 18 سالہ کیرئر میں انہوں نے 50 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے سنائے، نوازشریف کے خلاف پاناما کیس کا تفصیلی فیصلہ بھی انہی کے زورِ قلم کا نتیجہ تھا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس آصف سعید کھوسہ منصفِ اعلیٰ کے منصب پر347 دن فائز رہنے کے بعد رواں سال 20 دسمبر. کو ریٹائرہوجائیں گے۔

  • شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈ کا وزیر کیوں مقرر کیا گیا

    شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈ کا وزیر کیوں مقرر کیا گیا

    ریاض : شاہ سلمان نے مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو ریاست کی اہم ترین وزارت نیشنل گارڈز کا وزیر مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں سعودی کابینہ کی ازسر نو تشکیل عمل میں لائی گئی ہے، دو روز قبل ہونے والے اجلاس میں کئی وزراء کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے سعودی عرب کے نیشنل گارڈز کا قلمدان سعودی شہزادے عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کو سونپا گیا ہے۔

    شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز وزیر نیشنل گارڈ سے قبل بیک وقت مکہ مکرمہ کے ڈپٹی گورنر اور شاہ سلمان یوتھ سینٹر کے چیئرمین تھے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دو برس تک نائب گورنر کی حیثیت سے حج امور کی برائے راست نگرانی کرتے رہے ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان شہزادے کو اہم تقریبات میں کئی مرتبہ ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ دیکھا گیا ہے اور سعودی حکومت نوجوان شہزادے کی کارکردگی سے مطمئن ہے جس کے باعث انہیں نیشنل گارڈز کی اہم ترین وزارت کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزارت نیشنل گارڈز انتہائی اہم ہے جس کا کام سعودی عرب کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایک ماہ تک جاری رہنے والے الجنادریہ ثقافتی میلے کی سیکیورٹی ذمہ داری بھی نیشنل گارڈز کے ذمہ ہوتی ہے، الجنادریہ ثقافتی میلے کا انعقاد سعودی حکومت کی جانب سے کیا جاتا ہے جو ریاست کا اہم ترین ثقافتی میلہ ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب، وزارتی کونسل میں ردوبدل، وزیر خارجہ تبدیل

    عرب میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ، اطلاعات اور تعلیم، انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس اور اسپیس اتھارٹی کے سربراہ سمیت کئی سربراہوں کو تبدیل کیا گیا ہے۔

  • وزیراعظم  نے عثمان ڈارکومعاون خصوصی برائےیوتھ افیئرزمقررکر دیا

    وزیراعظم نے عثمان ڈارکومعاون خصوصی برائےیوتھ افیئرزمقررکر دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان  نے عثمان ڈارکومعاون خصوصی برائےیوتھ افیئرزمقررکر دیا جبکہ نوجوانوں کے لئے قومی پالیسی لانے کا فیصلہ بھی کیا ، پالیسی کی تیاری کا ٹاسک عثمان ڈار کو سونپ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیراعظم نے عثمان ڈارکومعاون خصوصی برائےیوتھ افیئرزمقررکر دیا، وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    وزیراعظم نے نوجوانوں کے لئے قومی پالیسی لانے کا بھی فیصلہ کیا اور پالیسی کی تیاری کا ٹاسک عثمان ڈار کو سونپتے ہوئے کہا عثمان ڈارنوجوانوں سےمتعلق پالیسی کے لئے بہترین انتخاب ہیں۔

    وزیراعظم نے چند روز میں نیا پاکستان یوتھ پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ کیا، عثمان ڈار نیا پاکستان یوتھ پروگرام اور یوتھ پلس پورٹل کی تیاری کریں گے۔

    نوجوان ساتھ نہ دیتے تو حکومت میں نہ ہوتے، وزیراعظم عمران خان


    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا نوجوانوں کاحکومت سازی میں کردارنہیں بھول سکتا ، نوجوانوں کوایسی سہولیات دیں گے جوآج سے پہلے نہیں ملیں، نوجوان ساتھ نہ دیتے تو حکومت میں نہ ہوتے۔

    عثمان ڈار کا بطورمعاون خصوصی تنخواہ وصول نہ کرنےکااعلان


    عثمان ڈارنے اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بطورمعاون خصوصی تنخواہ وصول نہ کرنےکااعلان کرتے ہوئے کہا قومی خزانے پر بوجھ نہیں بنوں گا، وزیراعظم کے ساتھ مل کرنوجوانوں کوبااختیاربنائیں گے، لیپ ٹاپ پرنہیں نوجوانوں پرپیسہ خرچ کریں گے۔

    یاد رہے اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات کیا تھا، عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جو اعتماد ظاہر کیا اس پر پورا اتروں گا۔

    بعد ازاں نومبر میں وفاقی حکومت نے ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے بڑا پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، وزیراعظم منصوبے کا باقاعدہ اعلان خود کریں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کےقیام میں نوجوانوں کاکردارفراموش نہیں کرسکتے۔

  • پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین تعینات

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین تعینات

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات کردیا گیا ، عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے جو اعتماد ظاہر کیا اس پر پورا اتروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ، جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی نمائندگی کے لیےعثمان ڈاربہترین انتخاب ہیں، یوتھ پروگرام کےذریعے نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں۔

    رہنما پی ٹی آئی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے جو اعتماد ظاہر کیا اس پرپورااتروں گا،انھوں نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔

    عثمان ڈار نے سابق دور حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ مہنگے داموں خرید کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا نوجوانوں کوحکومتی سرپرستی میں ترقی کے مواقع دیں گے، نوجوانوں کے لیے زبردست پالیسیاں اور اسکیم لائیں گے، نوجوانوں کو کامیاب روزگار اور بہترین تربیت مہیا کرنا ترجیح ہوگی۔

    خیال رہے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 73 سے ن لیگ کے خواجہ آصف 116975 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار دوسرے نمبر پر تھے۔

    جس کے بعد تحریک انصاف کےامیدوارعثمان ڈار نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی ، تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف اپنی جیت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تھے۔

    یاد رہے 22 ستمبر کو این اے 73 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں مسلم لیگ نون کے خواجہ محمد آصف کی کامیابی چیلنج کی تھی اور کہا تھا خواجہ آصف نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے۔