Tag: appointed

  • سعودی عرب نے خالد بن بندر کو جرمنی میں سفیر تعینات کردیا

    سعودی عرب نے خالد بن بندر کو جرمنی میں سفیر تعینات کردیا

    برلن/ریاض : سعودی عرب کی حکومت اور جرمنی سے سفارتی تعطل ختم کرتے ہوئے خالد بن بندر بن سلطان کو برلن میں سعودی سفیر تعینات کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل سعودی عرب اور جرمنی کے وزراء خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سعودی حکام نے خالد بن بندر کو برلن میں سفیر مقرر کر دیا، جنہوں نے ایک مرتبہ پھر جرمنی میں سعودی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی تھی کہ خالد بن بندر نے برلن میں واقع سعودی سفارت خانے میں سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی شروع کردی ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے بتایا سعودی سعودی سفیر خالد بن بندر نے برلن میں وزیر خارجہ ھایکو ماس سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب اور جرمنی کے وزراء خارجہ کے مابین ملاقات ہوئی تھی، جس میں دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبدلہ خیال اور باہمی تعلقات کی اہمیت کا اعتراف کیا تھا۔

    سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے امریکا میں پریس کانفرنس سے جرمن وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں ہے، سعودی عرب بہت جلد اپنا سفیر جرمنی بھیجے گا۔

    دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی محض غلط فہمی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس جرمن وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری کی مرضی کے بغیر روکا تھا جس پر سعودی عرب نے برلن میں تعینات اپنے سفیر واپس بلالیا تھا۔

  • ارشد داد پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل مقرر

    ارشد داد پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل مقرر

    اسلام آباد : ارشد داد نے جہانگیر ترین کی جگہ لے لی، پاکستان تحریک انصاف نے ارشد داد کو جماعت کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر خان ترین کی ریو پٹیشن پر نااہلی کا فیصلہ برقرار رہنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ارشد داد کو جماعت کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا ہے۔

    اس سلسلہ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

    ارشد داد اس سے قبل ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

    خیال رہے 15 دسمبر 2017 کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد وہ کوئی عوامی عہدہ یا پھر اسمبلی رکنیت رکھنے کے مجاز نہیں رہے مگر پارٹی نے کسی کو بھی ان کی جگہ سیکرٹری جنرل مقرر نہیں کیا تھا۔

    تاہم پارٹی کے روز مرہ کے امور کی انجام دہی کے لیے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے مارچ میں ارشد داد کو ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا۔

    یاد رہے 27 ستمبر کو سپریم کورٹ نے جہانگیر خان ترین کی نااہلی  کی نظر ثانی اپیل  مسترد کرتے ہوئے نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا تھا ، جس  کے بعد سیکرٹری جنرل  کا عہدہ خالی ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں : جہانگیرترین کی نظرثانی کی درخواست مسترد، نااہلی برقرار

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا تھا کہ جو دستاویز آپ سے پہلے مانگ رہے تھے، وہ بعد میں ملی تو کیا نظرثانی کا جوازہے؟

    چیف جسٹس نے واضح کیا تھا کہ یادرکھیں ہم مقدمہ ازسرنو نہیں سن رہے، نئے دستاویزات نظرثانی میں دائر نہیں کیے جاسکتے، اب آپ جھانسہ دے رہے ہیں، کمپنی جہانگیرترین نے بنائی، کیا لندن فلیٹس کی آف شور کمپنی فرشتے بنا کر چلے گئے، ہم نے دستاویزات دینے کے لیے کئی مواقع فراہم کیے۔

    خیال رہے ارشد داد کا شمار عمران خان کے دیرینہ، بااعتماد اور قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے ،انھوں نے انیس سوچھیانوے میں تحریک انصاف کے قیام کے کچھ ہی ہفتوں بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور انیس سوستانوے میں گجرات سے انتخابات میں حصہ لیا۔

    ارشد داد کے والد بریگیڈئیر صاحب داد ذوالفقار علی بھٹو کے دورمیں صوبائی وزیررہے، وہ پیشے کے اعتبار سے الیکٹریکل انجینئر ہیں وہ بطورانجینئر نو سال تک قومی ٹیلی ویژن سے وابستہ رہے۔

    ارشد داد اس سے قبل مرکزی انضباطی کمیٹی کے منتظم کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

  • ریاض: فیصل بن عبدالرحمٰن مشیر برائے مذہبی امور اقوام متحدہ تعینات

    ریاض: فیصل بن عبدالرحمٰن مشیر برائے مذہبی امور اقوام متحدہ تعینات

    ریاض : سعودی عرب کے شاہ عبداللہ مذہبی ہم آہنگی  سینٹرکے سیکریٹری فیصل بن عبدالرحمٰن کو اقوام متحدہ نے مشیر برائے مذہبی ہم آہنگی تعینات کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی مشاورتی کونسل کی جانب سے سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز بین المذاہب ڈائیلاگ سینٹر کے جنرل سیکریٹری فیصل بن عبدالرحمٰن بن معمر کو اقوام متحدہ میں مشیر برائے مذہبی امور تعینات کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے منعقدہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی مذہبی امور کی کمیٹی نے فیصل بن عبدالرحمٰن کو مشیر مقرر کیا ہے۔

    نو منتخب مشیر برائے مذہبی امور اقوام متحدہ فیصل بن عبد الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں مذہبی امور کی ذمہ داری ملنے پر خوشی ہے۔

    مشیر برائے مذہبی ہم آہنگی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مجھے یو این کا مشیر منتخب کرنا ’شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز بین المذاہب ڈائیلاگ سینٹر‘ میں میری خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

    فیصل بن عبدالرحمٰن نے اقوام متحدہ کا شریہ ادا کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز بین المذاہب ڈائیلاگ سینٹر کے زیر اہتمام مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے سرانجام دئیے جانے والے امور کو سراہا بھی تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ عبداللہ مذہبی ہم آہنگی مرکز نے دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو اسلام کے قریب کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں اور مشیر برائے اقوام متحدہ کی حیثیت سے بھی اسلام پر اٹھائے جانے والے خدشات کو دور کرنے کے لیے کوششیں کرتے رہے گے۔

  • زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی مقرر

    زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی مقرر

    اسلام آباد : زلفی بخاری کو وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا، زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم کی معاونت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے زلفی بخاری کو معاون خصوصی بنانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد زلفی بخاری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

     

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زلفی بخاری اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق وزیراعظم کی معاونت کریں گے جبکہ وزارت اوورسیز پاکستان کے معاملات بھی دیکھیں گے۔

    خیال رہے زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ہے اور ان کی این اے 53انتخابی مہم کے انچارج بھی رہ چکے ہیں، زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس پاکستان کے علاوہ برطانوی شہریت ہے۔

    یاد رہے اگست میں زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈال گیا تھا۔

    نیب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کررہا ہے، اس کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    اس سے قبل برطانیہ میں مقیم عمران خان کے قریبی دوست ان کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے جارہے تھے کہ ائیرپورٹ پر انہیں روک دیا گیا تھا اور کچھ دیر بعد زلفی بخاری کو وزارتِ داخلہ نے مراسلہ جاری کر کے بیرونِ ملک سفر کی مشروط اجازت دی تھی، جس کے تحت وہ چار روز کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے۔

    عمران خان کے قریبی دوست کا نام بلیک لسٹ تھا، جس کی بنیاد پر انہیں سول ایوی ایشن کے حکام نے ائیرپورٹ پر روک لیا تھا مگر وزارتِ داخلے کا حکم نامہ سامنے آتے ہی قانون کے تحت انہیں اجازت دے دی گئی تھی۔

    یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

  • عون چوہدری وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر مقرر

    عون چوہدری وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر مقرر

    اسلام آباد : حکومت نے پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری کو وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر مقرر کردیا، عون چوہدری کا کہنا ہے اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور پارٹی کا مشکور ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مشیر مقرر کردیا گیا، عون چوہدری وزیراعلیٰ کے سیاسی معاملات دیکھیں گے۔

    پنجاب حکومت نے عون چوہدری کی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    مشیر مقرر کئے جانے کے بعد پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اعتماد کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور پارٹی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا میری زندگی اور خدمات پاکستان کیلئے وقف ہیں۔

    عون چوہدری نے نئی ذمہ داری نیک نیتی اوردیانت داری سے سرانجام دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ ذرائع کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے عون چوہدری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کرلیا، شمالی اور وسطی پنجاب کے پی ٹی آئی ارکان کو کابینہ میں زیادہ نمائندگی ملے گی۔+

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا عون چوہدری کو پنجاب میں اہم ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ

    اس سلسے میں عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما عون چوہدری کی ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں سیاسی صورتحال اور حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس، سیشن جج راؤ عبدالجبار خان خصوصی عدالت کے رجسٹرار مقرر

    پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس، سیشن جج راؤ عبدالجبار خان خصوصی عدالت کے رجسٹرار مقرر

    لاہور : سیشن جج راؤ عبدالجبار خان کو سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے لیے قائم خصوصی عدالت کا رجسٹرار مقرر کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کے لیے سیشن جج راو عبدالجبار خان کو خصوصی عدالت کا رجسٹرار مقرر کر دیا گیا ہے۔

    وفاقی وزارت قانون و انصاف نے وزیر اعظم پاکستان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    سیشن جج راو عبدالجبار خان لاہور ہائیکورٹ میں ڈی جی ڈائریکٹوریٹ ڈسٹرکٹ جوڈیشری تعینات ہیں۔

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کیلئے قائم خصوصی عدالت کے سربراہ ہیں۔

    سیشن جج راو عبدالجبار خان خصوصی عدالت کی کارروائی کے دوران رجسٹرار کے فرائض سرانجام دیں گے۔

     


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سلیمان ایس مہدی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے نئے چیئرمین تعینات

    سلیمان ایس مہدی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے نئے چیئرمین تعینات

    کراچی : سلیمان ایس مہدی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نیا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے، چیئرمین کا عہدہ حیسن لوائی کو ہٹھائے جانے کے بعد خالی ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں سلیمان ایس مہدی کی تعیناتی کا فیصلہ کرکے منظوری دی گئی۔

    سلیمان ایس مہدی فنانشل سیکٹر کا 12سالہ تجربہ رکھتے ہیں اور اپنے سترہ سالہ کریئر میں مختلف مالیاتی اداروں میں انوسٹمنٹ، مارکیٹنگ اور لیگل ڈیپارٹمنٹس سے وابستہ رہے ہیں جبکہ پاکستان انسٹیٹویٹ آف کاپوریٹ گورننس سے سرٹیفائڈ ڈائریکٹر بھی ہیں۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایکس میں ایس ای سی پی کو پہلے معین فدا اور مسعود نقوی کے نام بطور چیئرمین کے بھیجے گئے تھے۔


    مزید پڑھیں : حسین لوائی کو چیئرمین اسٹاک ایکسچینج کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایت


    یاد رہے کہ سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار حسین لوائی کو اسٹاک ایکسچینج کے عہدے سے
    برطرف کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس کے بعد عہدہ خالی ہوا تھا۔

    حسین لوائی کو رواں برس مئی میں ایس ای سی پی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی تھی، اس سے قبل وہ انڈپینڈنٹ ڈائریکٹر بھی نامزد ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جسٹس (ر) ناصر الملک کو نگراں وزیر اعظم نامزد ہونے پر مختلف سیاسی شخصیات کی مبارکباد

    جسٹس (ر) ناصر الملک کو نگراں وزیر اعظم نامزد ہونے پر مختلف سیاسی شخصیات کی مبارکباد

    اسلام آباد : سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو ملک کا نگراں وزیر اعظم نامزد ہونے پر بلاول بھٹو سمیت دیگر سیاست دانوں نے مبارک باد پیش کی ہے، بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اتفاق رائے جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس (ر) ناصر الملک کے پاکستان کے نگراں وزیر اعظم منتخب ہونے پر تمام سیاست دانوں کی جانب سے انہیں مبارکبادیں پیش کی جارہی ہیں۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جسٹس ناصر الملک کو نگراں وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتفاق رائے جمہوری عمل کی مضبوطی کے لیے خوش آئند ہے، ملک میں جمہوریت مضبوط کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی نگراں وزیر اعظم کی تقرری پر جسٹس (ر) ناصر الملک کو مبارکباد پیش کی، ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ناصر الملک کا شمار کے نامور قانون دانوں میں ہوتا ہے، جسٹس ناصر الملک کی شخصیت بے داغ ماضی کی حامل ہے، متفقہ طور پر نامزد کیا جانا جسٹس (ر) ناصر الملک پر اعتماد کا اظہار ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد تفصیلی بات چیت کروں گا، جسٹس ناصر الملک پاکستان کے اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں، وہ اچھے انسان ہیں اور عوامی مسلم لیگ سمھجتی ہے کہ ناصر الملک بہتر ہیں۔

    وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نگراں وزیر اعظم کے انتخاب پر کہا ہے کہ نگراں وزیر اعظم پر اتفاق آئین و جمہور کی حکمرانی کی جانب قدم ہے۔ اللہ ناصر الملک کو بر وقت غیر جانبدارنہ الیکشن کی توفیق عطا فرمائے۔

    پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف نے جسٹس (ر) ناصر الملک کے نگراں وزیر اعظم نامزد ہونے پر پرویز مشرف نے بھی مبارک باد دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک شفاف انتخابات کے لیے کردار ادا کریں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر جسٹس ناصر الملک کے نگراں وزیر اعظم نامزد ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) ناصر الملک کے نگراں وزیر اعظم تقرر کا خیر مقدم کرتے ہیں، ناصر الملک ملک کا ایک معتبر نام ہیں، نگراں وزیر اعظم کیلئے ان کی شخصیت موزوں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ناصرالملک نے دھاندلی کی تحقیقات والے کمیشن کی سربراہی کی ہے، انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری اقدامات اٹھانا باقی ہیں، امید ہے جسٹس(ر) ناصرالملک یہ اقدامات اٹھا پائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • شوکت حسین  چئیرمین ایس ای سی پی تعینات

    شوکت حسین چئیرمین ایس ای سی پی تعینات

    کراچی: مسلم لیگ نون کی حکومت نے جاتے جاتے شوکت حسین کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا مستقل چیئرمین تعینات کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کی حکومت کی اہم اداروں میں ایک کے بعد ایک تقرری جاری ہے، حکومت نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور رجسٹرار کمپنیز شوکت حسین کو ادارے کا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے، ان کی تقرری ایس ای سی پی ایکٹ انیس سو ستانوے کے سیکشن چھے کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

    شوکت حسین  کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، جس کے مطابق شوکت حسین کی تعیناتی پر فوری عمل درآمد ہوگا۔

     

    مارچ میں شوکت حسین ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سے کمشنر ایس ای سی پی بنائے گئے تھے، شوکت حسین کو70روز میں کمشنر سے چیئرمین ایس ای سی پی بنادیا گیا۔

    شوکت حسین انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پاکستان سے سند یافتہ ایس ای سی پی اور سکیورٹیز مارکیٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عبوری حکومت ملک میں عام انتخابات منعقد کروائے گی ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بجٹ سے چند گھنٹے پہلے مشیرمفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیرخزانہ بنادیا

    بجٹ سے چند گھنٹے پہلے مشیرمفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیرخزانہ بنادیا

    اسلام آباد : مفتاح اسماعیل نے وفاقی وزیرکے عہدے کا حلف اٹھالیا، مفتاح اسماعیل بطور وفاقی وزیرخزانہ آج بجٹ پیش کریں گے ۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ نےبجٹ سےچند گھنٹےپہلے مشیرمفتاح اسماعیل کووفاقی وزیرخزانہ بنادیا، وفاقی وزیر کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، صدر مملکت ممنون حسین نے مفتاح اسماعیل سے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا اور باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    حلف برداری کی تقریب میں کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام اور سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔

    مفتاح اسماعیل آج مسلم لیگ حکومت کا چھٹا اور آخری بجٹ پیش کریں گے۔

    گذشتہ سال حکومت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر اعظم کا مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ مفتاح اسماعیل سے قبل اسحاق ڈار وزیر خزانہ تھے،  آمدن سےزائد اثاثہ جات ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور وہ اکتوبر 2017 سے لندن میں زیر علاج ہے۔

    واضح رہے کہ  سحاق ڈار کے طویل رخصت پر جانے کے باعث وزارتِ خزانہ اور اقتصادی امور کا اضافی چارج وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کے پاس تھا۔

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آج اپنا آخری بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، بجٹ کا حجم 56 کھرب اور ٹیکس وصولیوں کا ہدف 4435 ارب روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ دو سو سے زائد اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں