Tag: appointment

  • سندھ میں اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر و بدعنوانی، صوبائی وزیر کا نوٹس

    سندھ میں اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر و بدعنوانی، صوبائی وزیر کا نوٹس

    کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے ساتھ بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گا، نئے بھرتی اساتذہ کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں رشوت طلب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر اور بدعنوانی کی شکایات پر نوٹس لے لیا۔

    صوبائی وزیر نے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنے اور نوکری سے برخاست کرنے کی وارننگ دی ہے۔

    سردار شاہ کا کہنا تھا کہ نئے بھرتی کیے جانے والے اساتذہ کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں رشوت طلب کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلقہ ایجوکیشن آفس ہدایات دے کہ مجرمانہ عمل سے اجتناب برتا جائے، میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • بیرون ملک نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری

    بیرون ملک نئے سفیروں کی تعیناتی کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت میں تعینات ناظم الامور سمیت بیرون ملک نئے سفرا کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بیرون ملک نئے سفرا کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی، منظوری وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سفارشات پر دی گئیں۔

    فیصل نیاز ترمذی کو متحدہ عرب امارات میں سفیر تعینات کیا گیا ہے، رضا بشیر تارڑ جاپان میں، عاصم افتخار احمد فرانس میں اور عائشہ فاروقی کو آئر لینڈ میں سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

    علی جاوید اٹلی میں، آصف میمن ہنگری میں، جنید یوسف ترکی میں اور عامر آفتاب قریشی یونان میں سفیر تعینات کیے گئے ہیں۔

    آفتاب حسن کو ہائی کمشنر برائے جنوبی افریقہ تعینات کیا گیا ہے، آفتاب خان اس وقت بھارت میں پاکستانی ناظم الامور ہیں۔ ان کی جگہ سلمان شریف دہلی میں ناظم الامور کے فرائض سر انجام دیں گے۔

    فواد شیر جدہ میں او آئی سی میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب ہوں گے۔

  • صدر نیشنل بینک کی تعیناتی تاخیر کا شکار

    صدر نیشنل بینک کی تعیناتی تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: گورنر اسٹیٹ بینک کی طرح صدر نیشنل بینک کی تعیناتی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی، آج ہونے والے انٹرویو بھی منسوخ کردیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کی طرح صدر نیشنل بینک کی تعیناتی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی، صدر نیشنل بینک کی تعیناتی پر اتحادی حکومت میں اختلافات سامنے آگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر نیشنل بینک کی تعیناتی کے لیے انٹرویو میٹنگ بھی منسوخ ہوگئی۔ خورشید ظفر کو صدر نیشنل بینک مقرر کیے جانے کے زیادہ امکانات ہیں جبکہ جاوید قریشی، سلطانہ ناہید، طارق حسن قریشی، حسن رضا، طاہر یعقو اور فرخ اقبال خان کا نام بھی امیدواروں میں شامل ہے۔

    صدر نیشنل بینک کے لیے 10 امیدواروں کے آج انٹرویو کیے جانے تھے تاہم وزیر خزانہ کی مصروفیات کے باعث آج انٹرویو نہیں کیے جا سکیں گے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صدر نیشنل بینک کی تعیناتی کے لیے جلد انٹرویو ہوں گے۔

  • "حکومت  نیک، ایماندار اور قابل شخص کو چیئرمین نیب لگائے”

    "حکومت نیک، ایماندار اور قابل شخص کو چیئرمین نیب لگائے”

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ای سی ایل ترامیم کو قانونی دائرہ میں لانے کیلئے حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ہائی پروفائل مقدمات میں حکومتی مداخلت پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

    دورانِ سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ ہائی پروفائل کیسز میں تفتیشی افسران تبدیل نہ کرنے کا عدالت کا حکم بر قرار ہے، چیئرمین نیب کے تقرر کے لیے نظام سے باہر کسی کی رائے سے متاثر نہ ہوں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ چیئرمین نیب کی تقرری سے متعلق احتیاط سے سوچ سمجھ کر اقدام کریں، نیب کسی پر بے بنیاد مقدمہ بنانے سے متعلق دباؤ قبول نہ کرے، اگرنیب پر دباؤ ڈالا جائے تو ہمیں چِٹھی لکھیں، اٹارنی جنرل کو مشورہ دیا کہ چیئرمین نیب قابل اور دیانتدار شخص کو ہونا چاہیے۔

    چیف جسٹس عمرعطا بندیال کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ ایسے پرانے مقدمات جن میں سزا نہیں ہوسکتی نیب خود جائزہ لے کر فیصلہ کرے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ جس کیس کو چاہیں اٹھا کر پھینک دیں، ایک منشیات کا کیس تھا جس کی ہیڈ لائن لگی تھی، تفتیشی افسر سے پوچھا تو اس نے کہا یہ بوگس کیس تھا۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ڈی جی ایف آئی اے اور پراسیکیوٹر نیب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائی پروفائل مقدمات کی نقول سربمہر کر کے ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ یہ اس لیے ہے کہ اگر اداروں سے ریکارڈ غائب ہو تو سپریم کورٹ سے مل جائے۔

    دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کو تشویش آزادانہ تفتیش اور ٹرائل کے حوالے سے ہے، نظام انصاف کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، یہ کہنا درست نہیں کہ پاکستان کی عدلیہ 128 ویں نمبر پر ہے، پاکستان کی رینکنگ ڈیٹا نہیں بلکہ تاثر کی بنیاد پر کی گئی۔

    بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے از خود نوٹس کی مزید سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔

  • مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ

    مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے، بھارت میں معین الحق کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم سے مشاورت کے بعد مختلف ممالک میں18اہم تعیناتیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر اپنی مدت پوری کر چکے ہیں جس کے بعد سینئر سفارت کار نغمانہ ہاشمی کو بیجنگ میں سفیر تعینات کیا جا رہا ہے اور نئی دہلی کے لئے معین الحق کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔

    وزیرخارجہ نے مزید بتایا کہ جاپان کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری امتیاز احمد کو سفیر اور بیلجیم میں ظہیر جنجوعہ کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ ملائشیا میں ایڈیشنل سیکریٹری آمنہ بلوچ کو سفیر لگایا جا رہا ہے، کینیا نیروبی میں ثقلین سیدہ کو سفیر لگایا جا رہا ہے۔

    اس کے علاوہ سنگاپور کے لئے رخسانہ افضل کو سفیر لگایا جا رہا ہے، چیک ریپبلک کیلئے خالد جمالی کو سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی کے مطابق عطا المنعم شاہد الجیریا میں پاکستان کے سفیر ہونگے جبکہ سوڈان میں سرفراز احمد سپرا کو اور تاجکستان میں عمران حیدر کو سفیر لگایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ برونائی کیلئے عبد العزیز طارق کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ محمد خالد راؤ بوسنیا میں سفیر تعینات ہونگے، خالد مجید کو جدہ میں قونصل جنرل لگایا جا رہا ہے۔

    اس کے علاوہ عائشہ عباس کو کونسل جنرل نیویارک تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابو ظہبی میں معظم صاحب کو بطور اسپشل سیکریٹری خارجہ لگایا جا رہا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کویت میں ہمارے سفیر غلام دستگیر ہوںگے جبکہ ماسکو میں قاضی خلیل اللہ کو مزید چھ ماہ کی توسیع دی جا رہی ہے، جاوید خٹک پرتگال میں سفیر تعینات ہونگے۔

  • چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی عدالت میں چیلنج

    چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی تعیناتی عدالت میں چیلنج

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین شبر زیدی کی تعیناتی کو عدالت میں چیلنج کردیا گیا، درخواست میں کہا گیا کہ ایف بی آر کے ریگولر افسران کے ساتھ امتیازی سلوک نہ برتا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نئے چیئرمین شبر زیدی کی تعیناتی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ ایف بی آر کے انیسویں گریڈ کے افسر علی محمد نے شبر زیدی کی تعیناتی چیلنج کی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ شبر زیدی کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا جائے، شبر زیدی کو بطور چیئرمین ایف بی آر کام کرنے سے روکا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ پرائیوٹ سیکٹر سے ایف بی آر میں تعیناتیاں روکی جائیں، ایف بی آر کے ریگولر افسران کے ساتھ امتیازی سلوک نہ برتا جائے۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کے لیے قابل افسران کی تعیناتی پر غور کیا جائے۔ درخواست میں چیئرمین ایف بی آر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ شبر زیدی کو رواں ماہ اعزازی چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا گیا تھا۔ شبر زیدی بطور چیئرمین تنخواہ نہیں لے رہے لیکن چیئرمین کے تمام اختیارات ان کے پاس ہیں۔

  • جرمن افواج کے مسلمان فوجیوں کا حکومت سے علماء کی بھرتی مطالبہ

    جرمن افواج کے مسلمان فوجیوں کا حکومت سے علماء کی بھرتی مطالبہ

    برلن : جرمنی کے وفاقی فوج میں موجود ڈیڑھ ہزار سے  مسلمان اہلکاروں نے وفاقی حکومت نے مسلم فوجیوں کی مذہبی رہنمائی کیلئے علماء بھرتی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام جرمنی کا دوسرا بڑا مذہب ہے اور جرمنی کی طرح اس کی فوج میں بھی میسحی برادری کے بعد دوسری بعد تعداد مسلمان اہلکاروں کی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمن میں موجود ڈیڑھ ہزار مسلمان اہلکار کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے ان کی روحانی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے امام (علماء دین) کو بھرتی کیا جائے۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمن فوج میں موجود مسیحی اہلکاروں کے لیے کیتھولک اور پروٹسٹنٹ فرقوں سے تعلق رکھنے والے مذہبی پیشواؤں کو بھرتی کیا جاتا ہے تاکہ فوجیوں کی مذہبی روحانی و مذہبی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

    جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ مسلمان اہلکاروں کی روحانی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے فوج میں کسی عالم دین کو بھرتی کرنے سے قبل کچھ معاملات طے پانا ضروری ہیں۔

    وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وفاقی افواج میں مسلمان اہلکاروں کےلیے علماء کی تقرری کے سلسلے میں ’جرمن اسلام کانفرنس‘ سے مشاورت جاری ہے جبکہ جرمن اسلام کانفرنس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت فوج میں عالم دین کی بھرتی سے متعلق عملی فیصلہ کرنے سے کترا رہی ہے۔

    جرمن سولجر نامہ فوجی ادارے کی ڈپٹی چیئرمین مسلم خاتون آفیسر ناریمان رائنکے کا کہنا ہے کہ فوج میں مسیحی اہلکاروں کےلیے مذہبی پیشوا موجود ہیں لیکن مسلمانوں کو پیش آنے والے مذہبی معاملات کی رہنمائی کے لیے علماء موجود نہیں ہے۔

    ناریمان رائنکے کا کہنا تھا کہ میں نے وفاقی فوج میں موجود مسلمان اہلکاروں کےلیے عالم دین کی بھرتی کے سلسلے میں وزیر دفاع سے بات چیت ہوئی تھی تاہم ابھی تک وزیر دفاع کی جانب سے مذکورہ معاملے پر کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مراکشی نژاد مسلم خاتون افسر نے سنہ 2005 میں جرمن فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ دو مرتبہ افغانستان میں بھی ذمہ انجام دے چکی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت کی جانب سے عالم دین کی تلاش جاری ہے لیکن جرمنی میں آباد لاکھوں مسلمانوں کا تعلق مختلف فرقوں اور قومیتوں سے ہے جس کے باعث ملکی سلامتی کے نگران ادارے کو فیصلے میں مشکل کا سامنا ہے۔

    ملکی سلامتی کے نگران ادارے کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا جس کی بنیاد پر بعد میں مذہبی اختلافات پیدا ہوں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمنی میں کئی ملین مسلمانوں کی آبادی کے باوجود مسلمانوں کی کوئی مشترکا اور غیر متنازعہ نمائندہ جماعت نہیں ہے جو تمام مسلمانوں کی نمائندگی کرسکے۔

  • سپریم کورٹ کی نئے آئی جی اسلام آباد کی تقرری کیلئے حکومتی درخواست مسترد

    سپریم کورٹ کی نئے آئی جی اسلام آباد کی تقرری کیلئے حکومتی درخواست مسترد

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے نئے آئی جی اسلام آباد کی تقرری کیلئے حکومت کی درخواست مسترد کردی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں صورتحال نازک ہے، وفاق کوعبوری آئی جی کی تعیناتی کی اجازت دیتے ہیں لیکن مستقل آئی جی اسلام آباد جان محمد ہی ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب ںثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے نئےآئی جی اسلام آباد کی تقرری کیلئے حکومت کی درخواست پر سماعت کی۔

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ اسلام آبادکی صورتحال کشیدہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا آئی جی ملک سے باہر ہوتا تو کسی اور بندے کو ایڈیشنل چارج دے دیں، عدالت اپنے فیصلے کو بدل نہیں سکتی۔

    عدالت نے نئے آئی جی کی تعیناتی کی اٹارنی جنرل کی استدعا مسترد کر دی اور کہا امن وامان کےلئے عبوری آئی جی تعینات کرسکتے ہیں۔

    سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا ہم نے آئی جی کے تبادلے کو معطل نہ کیا ہوتا تو پھر آپ کیا کرتے، ہم وضاحت کر دیتے ہیں کسی کو اضافی چارج دے دیں۔

    اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ آپ اضافی چارج دینے کا ہی حکم کر دیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا ملک کےحالات کودیکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم نے رات کو اس بارے میں اعلان بھی کیا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں آئی جی اسلام آبادملک میں موجودنہیں، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں صورتحال نازک ہے، ہم وفاقی حکومت کوعبوری آئی جی کی تعیناتی کی اجازت دیتے ہیں لیکن مستقل آئی جی جان محمد ہی ہوں گے۔

    دوسری جانب آئی جی اسلام آباد جان محمد وطن واپس پہنچ گئے اور انہوں نے چارج سنبھال کر کام بھی شروع کردیا، حکومت نے ملائیشیا میں کورس پر گئے ہوئے آئی جی جان محمد کو واپس آنے کی ہدایت کی تھی۔

    خیال رہے نئے آئی جی اسلام آباد کے تقرر کیلئے حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور اٹارنی جنرل کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کی گئی تھی۔

    مزید پڑھیں : سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے حکومتی احکامات معطل کردیے

    یاد رہے گذشتہ روز آئی جی اسلام آباد تبادلہ ازخودنوٹس پر چیف جسٹس نے سینیٹر اعظم سواتی سے کل اپنی اوربچوں کی جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد اور متاثرہ خاندان کو طلب کرلیا تھا۔

    چیف جسٹس کےطلب کرنے پر فوادچوہدری سپریم کورٹ میں پیش ہوئے ، فوادچوہدری کا کہنا تھا عدالت کی کبھی توہین کی نہ کبھی ایسا سوچاہے، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا بیوروکریسی نے حکمرانی نہیں کرنی آپ نے ہی کرنی ہے۔

    واضح رہے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کے زبانی حکم پر ہونے والا آئی جی اسلام آباد کےتبادلےکا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا اور غیرقانونی تبادلے سے متعلق جواب طلب کیا تھا۔

  • پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان نے پی آئی اے کے سی ای اومشرف رسول کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا سی ای اوکی تعلیمی قابلیت ایم بی بی ایس ہے، مشرف رسول چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے قابل ہی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں پی آئی اے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں چیف جسٹس نے کہا کہ سردار مہتاب عباسی کا بطور سیاستدان احترام ہے، اتنے بڑے ادارے کو چلانے کے لئے مہتاب عباسی کو لگا دیا گیا، گورنر کے عہدے سے ہٹا کر عباسی کو سی اے اے میں تعینات کیا گیا جبکہ مہتاب عباسی کا ہوا بازی سے متعلق کوئی تجربہ نہیں ہے۔

    وکیل نعیم بخاری نے دلائل میں کہا سی ای او کے لیے تقرری کا اشتہار 2016 میں دیا گیا، جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے سی ای او کی تعلیمی قابلیت ایم بی بی ایس ہے، نعیم بخاری صاحب آپ نے منا بھائی ایم بی بی ایس فلم دیکھی ہے۔

    نعیم بخاری نے جواب میں کہا جی اس فلم میں ایک شخص ڈاکٹر کی طرح اداکاری کرتا ہے۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا تقرری کے عمل میں سردارمہتاب عباسی کدھر سے آگئے جبکہ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سردار مہتاب عباسی کا تقرری کے عمل سے کیا تعلق تھا، تقرری کے لئے کمیٹی طریقہ کار کے مطابق تشکیل نہیں دی گئی۔

    وکیل نعیم بخاری نے بتایا مشرف رسول20 سال سے مہتاب عباسی کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے جب بنیاد ہی غلط ہو تو پوری عمارت گر جاتی ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا مشرف رسول کی تعیناتی قانون اوررولز کے خلاف ہے، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا،اب اچھے اچھے لوگ آئیں چیزیں ٹھیک کریں۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے دلائل سننے کے بعد پی آئی اے کے سی ای اومشرف رسول کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا اور کہا مشرف رسول چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے قابل ہی نہیں ہیں۔

  • صوبائی سطح پرسینئرافراد کوالیکشن کمیشن میں تعینات کیا جائے‘ خورشید شاہ

    صوبائی سطح پرسینئرافراد کوالیکشن کمیشن میں تعینات کیا جائے‘ خورشید شاہ

    سکھر: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء سید خورشید احمد شاہ نے صوبائی سطح ہر الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اٹھارویں ترمیم کے بعد سے الیکشن کمیشن آف پاکستان زیادہ خود مختار ادارہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن میں فوری طور پر سیئنر افراد کو تعینات کیا جائے۔

    قائد حزبِ اختلاف خورشید کا کہنا تھا کہ اگر صوبائی الیکشن کمیشن میں سینئر ترین افراد کی تعیناتی نہیں کی گئی تو شکوک اور شبہات جنم لیں گے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نےانتخابات سے پہلے جو پابندی عائد کی غلط ہے، کسی نے چیف الیکشن کمیشن کو غلط گائیڈ کردیا ہے۔

    قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ ماضی میں ایسی بھرتیوں اورترقیاتی اسکیموں پرپابندی نہیں تھی، آر اوز پر نظر رکھنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    پاکستان میں ہونے والے آئندہ انتخابات الیکشن کمیشن کے لیے ایک امتحان ہے، ملک میں اٹھارویں ترمیم کے بعد سے الیکشن کمیشن آف پاکستان زیادہ خود مختار ہے اگر الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کروانے میں اب بھی ناکام ہوا تو اللہ ہی حافظ ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روزخورشید شاہ نے کہا تھا کہ ’پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کرنے پر حیرانگی ہے‘۔

    ان نے کہنا تھا کہ میری تحریک انصاف کے رہنماؤں سے مشاورت جاری تھی، اب ملاقات کا کیا فائدہ ہے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے ناموں کا اعلان کرنا وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈرکی ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت 15مئی تک نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرلے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔