Tag: Appointments

  • امریکا جانے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کیلیے اہم خبر

    امریکا جانے کے خواہشمند غیر ملکی طلبہ کیلیے اہم خبر

    واشنگٹن : ٹرمپ حکومت نے تمام نئے غیر ملکی طلبہ و طالبات کو ویزوں کی فراہمی کا سلسلہ روکنے کا حکم جاری کردیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بیرونِ ملک تمام امریکی سفارت خانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے غیر ملکی طلبہ اور تبادلہ پروگرام (ایکسچینج وزیٹر) ویزا درخواست دہندگان کے لیے اپائنٹمنٹس کا شیڈول بنانا بند کردیں۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ محکمہ خارجہ غیر ملکی طلبہ اور تبادلہ پروگرام ویزا درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا جانچ پڑتال کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کرے گا جس کے بعد یہ اپائنٹمنٹس دوبارہ شروع کی جا سکتی ہیں۔ اس وقت تک تمام قونصل خانے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نئی اپائنٹمنٹس نہ لیں۔

    یہ بات منگل کو رائٹرز کو موصول ہونے والی ایک اندرونی ذرائع سرکاری ٹیلیگرام سے سامنے آئی۔
    انہوں نے مزید کہا کہ جو اپائنٹمنٹس پہلے سے شیڈول ہو چکی ہیں، وہ موجودہ پالیسی کے تحت جاری رکھی جا سکتی ہیں لیکن جو سلاٹس خالی ہیں انہیں واپس لے لیا جائے۔

    محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ٹیلیگرام پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں داخلے کی خواہش رکھنے والے ہر شخص کی جانچ پڑتال کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہر اُس ذریعے کو بروئے کار لائیں گے جس سے ہم یہ معلوم کر سکیں کہ یہاں آنے والا شخص کون ہے، چاہے وہ طالب علم ہو یا کوئی اور۔”

    اس حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی طالب علم فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے یا اسرائیل کے اقدامات پر تنقید کرتا ہے تو اسے امریکی خارجہ پالیسی کے لیے خطرہ سمجھا جا سکتا ہے، اور اس بنیاد پر اس کا ویزا منسوخ یا ملک بدری کی جا سکتی ہے۔

    ناقدین کے مطابق غیر ملکی طلبہ سے متعلق حکومت کا یہ اقدام امریکی آئین کی پہلی ترمیم میں دی گئی آزادی اظہار کے حق پر حملہ کے مترادف ہے۔

  • وزارت خارجہ میں خلاف ضابطہ تقرریاں عدالت میں چیلنج

    وزارت خارجہ میں خلاف ضابطہ تقرریاں عدالت میں چیلنج

    کراچی: وزارت خارجہ میں خلاف ضابطہ کی جانے والی تقرریوں اور تبادلوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عدالت نے فریقین کو وضاحت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے دفتر میں خلاف ضابطہ تقرریوں اور تبادلوں کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزارت خارجہ میں صوبوں سے ملازمین کو لا کر ضم کیا جا رہا ہے، ملازمین کو مستقل کر کے دنیا بھر کے دفاتر میں پوسٹنگ دی جا رہی ہے۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے دوسرے ڈپارٹمنٹس سے ملازمین کو ضم کرنے سے روک رکھا ہے، صوبوں سے لا کر مستقل ملازمت دینا سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔

    عدالت نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزارت خارجہ اور دیگر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فریقین کو 17 فروری کو وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • محکمہ صحت: اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص تعینات

    محکمہ صحت: اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص تعینات

    اسلام آباد: وزارت صحت میں من پسند افسر کو نوازنے کے لیے قواعد بالائے طاق رکھ دیے گئے، سالانہ اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ والے یونٹ میں منظور نظر شخص کو تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے 20 گریڈ کی سیٹ پر گریڈ 22 کا افسر تعینات کر دیا، اسپیشل سیکریٹری وزارت صحت افتخار شلوانی کو سربراہ کامن مینجمنٹ یونٹ مقرر کر دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کوآرڈینیٹر کامن مینجمنٹ یونٹ کا عہدہ گریڈ 20 کا ہے، سربراہ سی ایم یو بشیر کھیتران کو گزشتہ روز عہدے سے ہٹایا گیا تھا، افتخار شلوانی کی سربراہ کامن مینجمنٹ یونٹ تعیناتی خلاف قواعد ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ سی ایم یو کے لیے امیدوار کی پبلک ہیتھ میں گریجویشن لازم ہے، گریڈ 22 کے افتخار شلوانی کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ سے ہے، افتخار شلوانی کو جلد مزید اداروں کا چارج بھی دیا جائے گا۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ افتخار شلوانی کو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ایمونائزیشن کا چارج ملے گا، ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کو بھی گزشتہ روز تبدیل کیا گیا تھا۔

    افتخار شلوانی کو بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا چارج دیا جائے گا، ڈی جی ایف ڈی آئی، بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی گریڈ 20 کے عہدے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کامن مینجمنٹ یونٹ کو سالانہ اربوں روپے کی غیر ملکی فنڈنگ ہوتی ہے، قومی انسداد ٹی بی، ایڈز اور ملیریا پروگرام کامن مینجمنٹ یونٹ کا حصہ ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گریڈ 22 کے افتخار شلوانی کمشنر کراچی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ رہ چکے ہیں، افتخار شلوانی کا تعلق حیدر آباد سے ہے اور انہیں پیپلز پارٹی کے قریب سمجھا جاتا ہے۔

  • بے نظیر میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف

    بے نظیر میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ کی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں خلاف قانون بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جبری رخصت پر بھیجی جانے والی وائس چانسلر نے جامعہ ملازمین کے رشتے داروں کو بھرتی کیا۔

    تفصلات کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں کی جانے والی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، سندھ حکومت کی منظوری کے بغیر اہم عہدوں پر 27 افراد بھرتی کیے گئے۔

    بھرتیاں جبری چھٹی پر بھیجی گئی وائس چانسلر انیلا عطا الرحمٰن کی منظوری سے کی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق 20 گریڈ کے سید قرار شاہ کو 21 گریڈ میں پروفیسر کمیونٹی میڈیسن بھرتی کیا گیا، ڈاکٹر قرار شاہ کو اسسٹنٹ یا ایسوسی ایٹ پروفیسر کا کوئی تجربہ نہیں۔

    ڈپٹی رجسٹرار فہد جبران سیال کو ایسوسی ایٹ پروفیسر فارماکالوجی اور فارمیسی، ڈپٹی رجسٹرار کی بہن ڈاکٹر دعا رابیل کو فارماکالوجی میں لیکچرار، اور دو بہن بھائیوں انعم اور نوید کو فزیالوجی میں بطور لیکچرار تعینات کیا گیا۔

    بھرتی کیے گئے متعدد افراد یونیورسٹی ملازمین کے قریبی رشتے دار ہیں، تمام بھرتیاں یونیورسٹی کی سینیٹ کی منظوری کے بغیر کی گئیں، سنڈیکیٹ اجلاس میں بھی بورڈز کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بھرتیوں کی مخالفت کی تھی۔

    دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے غیر قانونی بھرتیوں کی خبروں کی تردید کی ہے، ترجمان یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ تمام بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر سیکشن بورڈ نے کیں۔

    ترجمان کے مطابق کسی بھی ڈاکٹر کو تاحال آفر لیٹر جاری نہیں کیا گیا، یونیورسٹی کے سینیٹ کی منظوری کے بعد آفر لیٹر جاری کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں دو طالبات کی پراسرار موت کے بعد وائس چانسلر کو جبری چھٹیوں پربھیج کر ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    جبری رخصت پر بھیجی جانے والی انیلا عطا الرحمٰن کی جگہ وائس چانسلر کا عارضی چارج ڈاکٹر حاکم ابڑو کے حوالے کیا گیا ہے۔

  • طالبان کی افغانستان میں اہم تقرریاں

    طالبان کی افغانستان میں اہم تقرریاں

    قطر : طالبان کی جانب سے افغانستان میں اہم تقرریاں کردی گئیں ، جس میں انٹیلی جنس چیف، وزیرداخلہ ، وزیرخزانہ، ہائیرایجوکیشن کےسربراہ سمیت مرکزی بینک کے سربراہ کا تقرر شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان کی جانب سے تقرریوں کا عمل شروع کردیا گیا ، جس کے پیش نظر طالبان نے انٹیلی جنس چیف، وزیرداخلہ ، وزیرخزانہ، ہائیرایجوکیشن کےسربراہ سمیت مرکزی بینک کے سربراہ کا تقرر کردیا۔

    ترجمان طالبان سہیل شاہین نے اپنے بیان میں کہا کہ نجیب اللہ کا انٹیلی جنس چیف تعینات کیا گیا جبکہ صدرابراہیم کو وزیرداخلہ اور گل آغا کو وزیرخزانہ اور سخاواللہ کو سربراہ محکمہ تعلیم مقرر کردیا گیا ہے۔

    سہیل شاہین نے بتایا کہ عبدالباقی کو ہائیرایجوکیشن کا سربراہ ، حمداللہ نعمانی کو میئرکابل اور ملاشیریں کو گورنر کابل تعینات کردیا گیا ہے۔

    طالبان نے حاجی محمد ادریس المعروف ملا عبدالقہار کو افغانستان کے مرکزی بینک کا قائم مقام سربراہ مقرر کیا ہے نئے سربراہ نے عملے کو فوری طور ملازمتوں پر واپسی کی ہدایت کردی ہے۔

    خیال رہے طالبان کی جانب سے مرکزی بینک کے سربراہ کی تقرری ایسے وقت کی گئی ہے جب امارت اسلامی افغانستان کےاعلان کے باوجود بینک نہیں کھل سکے ، بینکوں کے سامنے عوام کا رش ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    افغان شہری کا کہنا ہے کہ اشیائےخوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، پیسے ختم ہوگئے ہیں گھر کے لیےسودا سلف نہیں خرید سکتے۔

  • اہم سعودی مالی ادارے میں نئی تقرریاں

    اہم سعودی مالی ادارے میں نئی تقرریاں

    ریاض: سعودی عرب کے اہم مالی ادارے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) میں سینیئر عہدوں پر متعدد نئی تقرریوں کا اعلان کیا گیا ہے، سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے دسمبر 2020 میں اعلان کیا تھا کہ اس کے مجموعی ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے اتوار کو سینیئر عہدوں پر متعدد نئی تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔

    سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ میں یہ تقرریاں اس فنڈ کی توسیع میں مدد دینے کے لیے نائب گورنر کے 2 عہدے تشکیل دینے کے چند دن بعد سامنے آئی ہیں۔

    پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مینا انویسٹمنٹ ڈویژن میں سینیئر ڈائریکٹر کے طور پر ایاس الدوسری اور عمر الماضی، اور عالمی کیپیٹل فنانس ڈویژن میں بطور سینیئر ڈائریکٹر عبداللہ شاکر کے تقرر کا اعلان کیا ہے۔

    ایاس الدوسری پی آئی ایف میں گولڈ مین سعودی عرب کے لیے مینیجنگ ڈائریکٹر فار انویسٹمنٹ بینکنگ کے سربراہ کی حیثیت سے شامل ہوئے جہاں انہوں نے 2017 سے خدمات انجام دیں۔

    عمر الماضی اس سے قبل عبدالطیف جمیل انویسٹمنٹ، ووکس ویگن گروپ، مکینسی اینڈ کمپنی اور سعودی آرامکو میں سینئیر عہدوں پر فائز تھے۔

    عبد اللہ شاکر سعودی البرکہ بینکنگ گروپ سے پی آئی ایف میں شامل ہوئے ہیں۔ انہیں بینکاری اور مالی خدمات میں تقریباً 25 سال کا تجربہ ہے۔ انہوں نے ڈیلوئٹ، ایچ ایس بی سی سعودی عرب اور سعودی عرب کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے لیے کام کیا ہے۔

    ترکی النویصر جو بین الاقوامی سرمایہ کاری ڈویژن کے سربراہ ہیں اور یزید الحمید جو مینا انویسٹمنٹ ڈویژن کی قیادت کرتے ہیں اپنی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ پی آئی ایف میں نائب گورنر کے فرائض بھی نبھائیں گے۔

    سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے دسمبر 2020 میں اعلان کیا تھا کہ اس کے مجموعی ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو 2020 کے آغاز میں تقریباً 700 اور پانچ سال پہلے 40 تھی۔

    ادارے کے مطابق اس کے ملازمین میں سے تقریباً 84 فیصد سعودی شہری اور 26 فیصد خواتین ہیں۔

  • کراچی : ایئر پورٹ سیکورٹی فورس میں 11 افسران کے  تبادلے و تقرریاں

    کراچی : ایئر پورٹ سیکورٹی فورس میں 11 افسران کے تبادلے و تقرریاں

    کراچی : ایئر پورٹ سیکورٹی فورس میں گیارہ افسران کی تقرریاں اور تبادلے کئے گئے ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس میں افسران کے تبادلے و تقرریاں کی گئیں ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق محمد اسلم تبادلے کے بعد چیف سیکیورٹی افسر کراچی ایئرپورٹ جبکہ سی ایس او کراچی ایئرپورٹ قدرت اللہ سی ایس او لاہور ائیرپورٹ تعینات کیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ علی ٹیپو خان کو بطور اے سی ایس او اسلام آباد ائیرپورٹ جبکہ اے سی ایس او جہانگیرخان سی ایس او کوئٹہ ایئر پورٹ تعینات کردیئے گئے۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز کراچی شیر محمد سی ایس او نیوگوادر ایئرپورٹ، لیاقت علی خان سی ایس او ساؤتھ آفس، سی ایس او کوئٹہ ائیرپورٹ مقبول احمد کو اے سی ایس او لاہور ایئرپورٹ اور اے سی ایس او فیصل آباد آصف ٹوانہ کو ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز لاہور تعینات کیا گیا ہے۔

    عمران انور ہیڈکوارٹرز بطورایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز پشاور، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنزفیصل آباد وان خان تبادلے کےبعد ڈپٹی کمانڈ نٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹرایف ایس ہیڈکوارٹرز شفیق الرحمان فورس سیکرٹری تعینات کردیئے گئے ہیں۔

  • پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں کا اعلان

    پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں کا اعلان

    اسلام آباد: پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈر سدرن کمانڈ تعینات کیا گیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کو کور کمانڈر راولپنڈی اور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کو انسپکٹرجنرل آرمز اور کیا گیا ہے۔

    اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل چراغ حیدر کو ڈائریکٹر جنرل جے ایس (جوائنٹ اسٹاف) ہیڈ کوارٹر اور لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیئرمین پاکستان آرڈیننس فیکٹری تعینات کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی گئی تھی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ملک کی مشرقی سرحد کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق جنرل قمر باجوہ کی توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیوں کو بھی مدنظر رکھا گیا۔