Tag: Approval of new law

  • سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہونے والوں کیلئے نیا قانون

    سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہونے والوں کیلئے نیا قانون

    ریاض : سعودی عرب میں گزشتہ برس سے امیگریشن قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں سب سے اہم نکتہ ڈی پورٹ جسے عربی میں "ترحیل” کہا جاتا ہے کے حوالے سے ہیں۔

    ماضی میں ترحیل سے جانے والوں پرمعینہ مدت کے لیے مملکت میں آنے پر پابندی عائد کی جاتی تھی، نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس حوالے سے کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں جن کا جاننا سعودی عرب میں رہنے والے تارکین کے لیے اہم ہیں۔

    ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ 6 برس قبل ہروب کے کیس میں ڈی پورٹ ہونے کے بعد اب دوسرےویزے پرآسکتے ہیں؟

    سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ہروب کیس میں یا کسی اوروجہ سے ڈی پورٹ ہونے والے مملکت میں تاحیات بلیک لسٹ ہو جاتے ہیں، ایسے افراد سعودی عرب میں کسی بھی دوسرے ورک ویزے پر مملکت نہیں  آسکتے وہ صرف عمرہ یا حج کی ادائیگی کے لیے ہی مملکت آسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ برس سے مملکت میں امیگریشن کا نیا قانون جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق وہ افراد جنہیں مملکت سے شعبہ ترحیل کے ذریعے ڈی پورٹ کیا جاتا ہے کو ہمیشہ کے لیے مملکت میں بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔

    ایسے افراد تاحیات مملکت میں کسی بھی ورک ویزے پر نہیں آسکتے وہ صرف عمرہ یا حج کی ادائیگی کے لیے ہی سعودی عرب آسکتے ہیں۔

    گذشتہ برس سے نافذ ہونے والے امیگریشن قانون سے قبل شعبہ ترحیل کے ذریعے جانے والے افراد کو محدودمدت کے لیے بلیک لسٹ کیا جاتا تھا۔

  • سندھ حکومت نے جائیداد کے تنازعات کا بڑا مسئلہ حل کردیا

    سندھ حکومت نے جائیداد کے تنازعات کا بڑا مسئلہ حل کردیا

    کراچی : حکومت سندھ نے طویل مدت تک عدالتوں میں چلنے والے جائیداد کی جانشینی کے مقدمات سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے نئے قانون کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد قانونی ورثا کو عدالتوں کے چکر کاٹنا نہیں پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے جانشینی کے نئے قانون کی منظوری دے دی ہے، جس سے شہریوں کو  انصاف کے حصول میں آسانی میسر ہوگی۔

    مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کی جائیداد کی جانشینی کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، جنہیں باآسانی حل کرنے کیلئے قائمہ کمیٹی برائے قانون کی جانب سے قانون کی منظوری دی گئی جس کی بہت خوشی ہوئی۔

    ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ قانونی ورثا کو نادرا سے ہی سکسیشن سرٹیفکیٹ اور انتظامی خطوط ملیں گے، پہلے کی طرح قانونی ورثا کو اب عدالت نہیں جانا پڑے گا۔

    واضح رہے کہ اس بات میں اختلاف نہیں کہ عدالتوں میں لاکھوں مقدمات کی سماعت ہوتی ہے اور ان کی غیر ضروری طوالت سے بچنے کیلئے بڑے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کے کئی دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی  انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • سعودی عرب میں نئے قانون کے مسودے کی منظوری

    سعودی عرب میں نئے قانون کے مسودے کی منظوری

    ریاض : سعودی عرب کی مجلس شوریٰ میں سینٹرل بینک کے قانون کا مسودہ پیش کیا گیا جسے اراکین نے منظور کرلیا، شوریٰ اراکین نے کسٹم فیس کے قانون کی ایک شق میں ترمیم بھی کی ہے۔

    سعودی مجلس شوریٰ نے سعودی سینٹرل بینک کے مسودہ قانون کی منظوری دی ہے، سبق ویب کے مطابق پیر کو شوری کا آن لائن اجلاس ڈاکٹر عبدااللہ آل الشیخ کی زیر صدارت ہوا۔

    اس اجلاس میں شوری ارکان نے مقامی زرعی پیداوار و مصنوعات کی حوصلہ افزائی اور تحفظ کے لیے کسٹم فیس کے قانون کی ایک شق میں ترمیم بھی کی ہے۔

    سعود ی خبر رساں ادارے کے مطابق مجلس شوری نے نئے سیشن کے بعد ہونے والے پہلے اجلاس میں چودہ خصوصی کمیٹیاں بھی قائم کردیں۔ہر کمیٹی کی مدت ایک برس ہے، کمیٹی کے سربراہ اور نائب کی نامزدگی ایک بار سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔

    اسلامی و عدالتی امور، سیکیورٹی، تعلیم اور سائنس ریسرچ، حج، رہائش، خدمات، سماجی وخاندانی امور، خارجہ امور، ثقافت ابلاغ ، آثار قدیمہ، ٹرانسپورٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت پانی وماحولیات، انتظامیہ و افرادی قوت، معیشت وتوانائی، مالیاتی امور، انسانی حقوق اور نگراں اداروں کی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

    ہر کیمیٹی کے سربرارہ اور نائب کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مجلس شوریٰ کی خصوصی کمیٹیاں مطلوبہ امور پر بحث کرکے رپورٹ پیش کرتی ہیں۔