Tag: Approve

  • پٹرول، ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت پر پابندی کا قانون منظور

    پٹرول، ڈیزل سے چلنے والی کاروں کی فروخت پر پابندی کا قانون منظور

    برسلز : یورپی یونین ممالک میں نئی ​​پٹرول اور ڈیزل کاروں کی فروخت پر پابندی کی منظوری دے دی گئی ہے مذکورہ پابندی 2035 سے نافذالعمل ہوگی۔

    یورپی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ تمام رکن ممالک میں فروخت ہونے والی تمام نئی کاریں اور ہلکی کمرشل گاڑیوں کے گیسوں کا اخراج صفر ہونا چاہیے۔

    نئے قانون کے مطابق کمپنیوں کو دھواں خارج کرنے والی گاڑیاں بنانا بند کرنا ہوگا، قانون کے مطابق سال 2035 سے 27ممالک میں ڈیزل اور پٹرول انجن گاڑیوں کی فروخت ممنوع ہوگی۔

    EU approves 2035 ban on new fossil fuel car sales

    ماہرین ماحولیات کی جانب سے پارلیمنٹ کے فیصلوں کو سراہا گیا ہے، برسلز میں قائم ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کے اتحاد نے کہا ہے کہ اس قانون نے مستقبل میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچنے کا ایک بہترین موقع پیش کیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں منعقدہ ای پی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اس قانون کے حق میں 340 اور خلاف 279 ووٹ ملے جبکہ اس قانون پر احتجاج کرنے والوں کی تعداد 21 تھی۔

    اس مرحلے کے بعد یہ قانون یورپی یونین کونسل کی طرف سے باضابطہ طور پر منظور ہونے اور یورپی یونین کے سرکاری جرنل میں شائع ہونے کے بعد نافذ ہوجائے گا۔

     

  • قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دے دی

    قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: سینیٹ و قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے آرمی ایکٹ کے ترمیمی بل کی منظوری دےدی، بل میں آرمی چیف کی تعیناتی کی مدت تین سال مقررکی گئی ہے ،آرمی چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے پر تین سال کی توسیع دی جا سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن (ر) جمیل اور سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں آرمی ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی برائے دفاع نے ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔

    اعظم سواتی نے کہا کسی جماعت نےآرمی ایکٹ ترمیمی بل کی مخالفت نہیں کی اور نہ ہی کوئی ترمیم پیش کی، فروغ نسیم نے اچھے طریقے سے چیزوں کو سب کے سامنے بیان کیا، اس بل کو اجلاس میں متفقہ طورپر قبول کیا گیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں نے بل کومتفقہ طور پر منظور کیا۔

    اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیرمملکت علی محمد خان کی وقفہ سوالات معطل کرنے کےلئے رولزمعطلی کی تحریک منظور کی گئی۔

    جس کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آرمی ترمیمی ایکٹ 2020 پیش کیا۔وزیر دفاع نے پاکستان ائیر فورس ترمیمی ایکٹ 2020 اورپاکستان بحریہ ترمیمی ایکٹ 2020 بھی پیش کیا، جس کے بعد تینوں بلوں کو قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھیج دیا۔

    مزید پڑھیں : آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020 قومی اسمبلی میں پیش

    گذشتہ روز حکومت نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کےلئے آرمی ایکٹ کی ترمیم کو اتفاق رائے سے پارلیمان سے منظور کرنے کےلئے مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطہ کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سلسلے میں وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں سینیٹ کے قائد ایوان شبلی فراز اور وزیر مملکت پارلیمانی امور اعظم سواتی پر مشتمل وفد نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔

    مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور رانا تنویر نے حکومتی وفد سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے پرویز خٹک نے بتایا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں ، امید ظاہر کی کہ مشاورت کا عمل مکمل کر کے جمعہ تک یہ معاملہ پارلیمان میں پیش کردیا جائے گا۔

    دوسری جانب رہنما مسلم لیگ (ن) مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ پارٹی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی مکمل حمایت کردی ہے، آرمی چیف کے عہدے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے، اس لیے پارٹی آرمی ایکٹ میں ترمیم کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔

    یاد رہے کہ یکم جنوری کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ ترمیم کی منظوری دی گئی تھی، ترمیمی مسودے میں آرمی چیف کی مدت ملازمت اور توسیع کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا۔

    بل میں آرمی چیف کی تعیناتی کی مدت تین سال مقررکی گئی ہے ،آرمی چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے پر تین سال کی توسیع دی جا سکے گی۔

  • آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی

    آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع، وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ ترمیم کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا،وزیراعظم اجلاس میں اہم سیاسی معاملات اور آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق ترمیمی بل پر مشاورت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دے دی ، ترمیم میں آرمی چیف کی مدت ملازمت ،توسیع کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں سروسز چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کےطریقہ کار کی منظوری دی گئی ہے، آرمی چیف، نیول اور ایئر چیف کی ریٹائرمنٹ کی حد عمر 64 سال کی گئی ہے جب کہ سروسز چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی تجویز دی گئی ہے۔

    مجوزہ بل کے مطابق وزیراعظم مدت ملازمت میں 3سال کی توسیع کی ایڈوائس کرسکتے ہیں، وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری دیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ آرمی ایکٹ1952 کےسیکشن172 میں ترمیم تجویزکی گئی ہے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹی فکیشن مشروط طور پر منظور کرلیا تھا اور کہا تھا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

    سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ کا پابند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے 6 ماہ میں آرٹیکل 243 کی وسعت کا تعین کیا جائے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ینگ پارلیمنٹیرین کااجلاس آج طلب کرلیا ہے ، نوجوان اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کووزیراعظم ہاؤس بلالیا گیا ، اجلاس میں وزیراعظم ملکی موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کریں گے اور دونوں ایوانوں میں قانون سازی کے لیے مؤثر کردارپر بھی بات چیت ہوگی۔

    مزید پڑھیں : رانا ثنااللہ کی ضمانت پر وفاقی وزرا ء کابینہ اجلاس میں برس پڑے

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں راناثنااللہ منشیات کیس زیربحث آیا، ڈی جی اے این ایف نےکابینہ کو راناثنااللہ کیس پربریف کیا جس پر وفاقی وزراء نے ڈی جی اے این ایف سے سخت سوالات کیے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ کے بعض اراکین نے کیس کو مس ہینڈل کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ راناثنااللہ کیس میں اےاین ایف کی نااہلی واضح ہے، تفتیش کے بنیادی پہلوؤں کو ملحوظ خاطر ہی نہیں رکھا گیا۔

  • آئی ایم ایف  پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری کا حتمی فیصلہ کل کرے گی

    آئی ایم ایف پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی منظوری کا حتمی فیصلہ کل کرے گی

    اسلام آباد : پاکستان کے قرض پروگرام کی منظوری کے لئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس کل ہوگا، جس میں 3سالہ قرضہ پروگرام سےمتعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس کل واشنگٹن میں ہوگا، جس میں پاکستان کو3سالہ قرضہ پروگرام سےمتعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے حکومت کو ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سےپروگرام کی منظوری کی قوی امید ہے ، پاکستان نے اسٹاف لیول مذاکرات میں طے پیشگی شرائط پوری کردی، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی آئی ایم ایف کی شرط بھی پوری کردی گئی ہے۔

    اخراجات میں کمی اور آمدنی بڑھانے پراقدامات کی طرف بھی پاکستان نے پیش رفت کی، ٹیکس رعایتیں ختم کرنے ٹیکس اصلاحات کےلیےاہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سےقبل اثاثہ ظاہر کرنے والی اسکیم کی مدت بھی ختم ہو جائے۔

    منظوری کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف سے چھ ارب ڈالر کا قرضہ ملنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف کا بورڈ پاکستان کو ایکسینڈیڈ فنڈ فیسیلیٹی کے تحت قرضہ فراہم کرےگا۔

    مزید پڑھیں : آئی ایم ایف کا ایمنسٹی اسکیم پر اعتراض، مزید توسیع کی مخالفت

    خیال رہے آئی ایم ایف نےایمنسٹی اسکیم پراعتراض کیا تھا اور اسکیم میں مزیدتوسیع کی بھی مخالفت کی تھی، آئی ایم ایف کی ترجمان ٹریسا ڈبن ساشیز کا کہنا ہے کہ توسیع سے پاکستان کے کیس پر اثر پڑےگا۔

    معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان نےآئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، اگلے مالی سال کے بجٹ میں حکومت نے آئی ایم ایف کے تین سوستاون ارب روپے بجٹ میں شامل کر رکھے ہیں۔

    امریکہ میں پاکستان کے سفیراسد مجیدخان کاکہناہےکہ امریکہ نے آئی ایم ایف پروگرام سےمتعلق کوئی شرط عائد نہیں کی ہے۔آئی ایم ایف معمول کی کارروائی کے بعد پاکستان کوقرضہ فراہم کرئےگا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اورآئی ایم ایف کےدرمیان کچھ عرصہ قبل معاہدہ طے پاگیا تھا ،تین سال میں چھ ارب ڈالرملیں گے، پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف ٹیم کے درمیان معاہدے پرعملدرآمد آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ کی توثیق کے بعد کیا جائےگا۔

    آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا تھا پاکستان کو 6 ارب ڈالر 39 ماہ میں قسطوں میں جاری کیے جائیں گے۔

  • خلیجی ملکوں نے اپنی سمندری حدود میں امریکی فوج تعیناتی کی منظوری دے دی

    خلیجی ملکوں نے اپنی سمندری حدود میں امریکی فوج تعیناتی کی منظوری دے دی

    واشنگٹن/ریاض : خلیج تعاون کونسل کا سمندری حدود میں امریکی فوج کی تعیناتی سے متعلق کہنا ہے کہ امریکی فوج کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں بلکہ دفاعی حکمت عملی کے لئے تعینات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور متعدد دوسرے خلیجی ممالک نے امریکا کی اس درخواست کو منظور کر لیا ہے جس میں امریکا نے ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی فوج خلیجی ملکوں اور ان کی سمندری حدود میں تعینات کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ خلیج تعاون کونسل، جس میں سعودی عرب بھی شامل ہے، نے امریکی فوج کی خلیجی پانیوں میں تعیناتی کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق خلیجی ملکوں کی طرف سے یہ اجازت امریکا کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر دی گئی ہے جس کا مقصد خطے کو ایران کی طرف سے درپیش خطرات اور عرب ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایرانی سازشوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات یقینی بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے پانیوں اور ملکوں میں امریکی فوج کی تعیناتی کا پہلا محرک ایران کی کسی بھی فوجی جارحیت کے جواب میں خلیجی حکومتوں کے ساتھ مل کر تہران کو جواب دینا اور خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوج کی خطے میں موجودگی ایران پر چڑھائی یا جنگ نہیں بلکہ دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ایران کی طرف سے خطرے کی صورت میں امریکا اور اس کے خلیجی اتحاد مل کر لائحہ عمل اختیار کریں گے۔

    عرب سفارتی ذرائع کے مطابق ماہ صیام کے آخری ایام میں مکہ معظمہ میں عرب سربراہ کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے عرب ملکوں کی حکومتوں کے درمیان رابطے مزید تیز ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مکہ معظمہ میں ہونے والی اسلامی سربراہ کانفرنس میں عرب اور مسلمان ممالک کی قیادت شرکت کرے گی۔ اس موقع پر عالمی اور علاقائی سطح پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے مسلمان ملکوں میں اتحاد اور ہم آہنگی مشترکہ ویڑن اختیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

  • سندھ اسمبلی : تمام اسپتال زخمی کو فوری طبی امداد دیں گے، امل عمر ایکٹ منظور

    سندھ اسمبلی : تمام اسپتال زخمی کو فوری طبی امداد دیں گے، امل عمر ایکٹ منظور

    کراچی : سندھ اسمبلی نے امل عمر ایکٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا، اب حادثات و سانحات میں زخمی ہونے والے شہریوں کا علاج کسی بھی اسپتال میں سرکاری خرچ پر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں امل عمر ایکٹ کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہے جو صوبہ سندھ میں لاگو کیا گیا ہے۔

    جس کے مطابق تمام صوبے کے تمام نجی اور سرکاری اسپتال حادثات اور سانحات میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

    حادثات میں زخمی ہونے والے شخص کو علاج کی فراہمی کیلئے ایم ایل او کی اجازت درکار نہیں ہوگی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتال کو پانچ لاکھ روپے تک کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

    قانون کے مطابق کسی بھی پرائیویٹ اور سرکاری اسپتال میں زخمی کے علاج پر ہونے والے اخراجات حکومت کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: حادثے کے زخمیوں کے فوری علاج کا قانون سندھ اسمبلی میں پیش

    سندھ حکومت نے طے کیا ہے کہ ہنگامی علاج کی سہولت نہ ہونے پر کسی ادارے کو اسپتال کا درجہ نہیں ملے گا اور ہر اسپتال میں دو ایمبولینس ہونا لازمی ہوگا۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ غریب صارفین پر کم از کم بوجھ ڈالا گیا ہے، امیر طبقے کے لیے گیس قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت تین نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ جس کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ غریب صارفین پر کم از کم بوجھ ڈالا گیا ہے، امیر طبقے کے لیے گیس قیمتوں میں زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس قیمتوں کے سلیب میں بھی اضافہ کر دیا گیا جبکہ ایل پی جی کی درآمد پر ٹیکس کم کرکے 10 فیصد کر دیا گیا، جس کے بعد درآمدات سے ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں چھیالیس فیصد اضافے کی منظوری دی تھی اور گیس چوری روکنے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گیس کی قیمت میں اضافے کو مؤخر کر دیا ہے: فواد چوہدری

    بعد ازاں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ کوشش ہے قیمتوں میں اضافے سے غریب لوگ متاثر نہ ہوں، گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، اضافے کو مؤخر کر دی ہے۔

    حکومت کی جانب سے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد سوئی گیس حکام کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے گیس کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ فی الحال نہیں ہوا، ابھی گیس کی قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں ملی۔

    حکام کے مطابق گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور آئی اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز تھی۔

    خیال رہے 30 اگست کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں گیس کی قیمت میں اضافے کی سمری مؤخر کردی تھی۔

    اوگرا نے گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت تین گنا اور کمر شل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں تیس فیصد اضافہ تجویز کیا تھا۔

  • عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے ‘رمضان ریلیف پیکج’ کی منظوری آج متوقع

    عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے ‘رمضان ریلیف پیکج’ کی منظوری آج متوقع

    اسلام آباد : رمضان المبارک میں عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے رمضان پیکج کی منظوری آج متوقع ہے، پیکج کے تحت چینی، آٹا،بیسن سیمت انیس اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان میں عوام کیلئے ریلیف کے لئے حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کے زریعے رمضان ریلیف پیکج دے گی، پیکج منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔

    زرائع کے مطابق پیکج کے تحت ایک ارب تہترکروڑ تیس لاکھ روپے سبسڈی دینےکی تجویزدی گئی ہے، پیکج کےتحت انیس اشیا پر چار سے پچاس روپے تک سبسڈی دی جائےگی جبکہ آٹے پر چار روپےاور چینی پر فی کلو پانچ روپے رعایت دیئے جانے کا امکان ہے۔

    رمضان پیکج کے تحت گھی پندرہ روپے اور آئل دس روپے فی لیٹر،دال چنا بیس روپے اور دال مونگ پندرہ روپے فی کلو سستی ہوجائے گی جبکہ دال ماش دس روپے اور دال مسور پر دس روپے فی کلو،سفید چنے پر پچیس روپے اور بیسن پر فی کلو بیس روپے سبسڈی دینے کا امکان ہے۔

    کھجور پرتیس روپےاور باسمتی چاول پر پندرہ روپے فی کلو سبسڈی دی جائےگی جبکہ شربت کی بڑی بوتل پر پندرہ روپے، چھوٹی بوتل پر دس روپے ڈسکاونٹ دیا جائےگا اور چائے پر پچاس روپے اور مسالحہ جات پر دس فیصد سبسڈی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

    پیکچ کی آگاہی مہم کیلئے بھی دس کروڑروپے مختص کئے جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا  گریڈ بائیس میں ترقیوں کے لئے دباؤ قبول کرنے سےانکار

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا گریڈ بائیس میں ترقیوں کے لئے دباؤ قبول کرنے سےانکار

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گریڈ بائیس میں ترقیوں کے لئے دبإؤ قبول کرنے سےانکار کر دیا جبکہ میرٹ پر آنے والے افسران کو گریڈ 22میں ترقی دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری افسران کی من پسند ترقیاں کھٹائی میں پڑگئیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےخلاف ضابطہ ترقیوں کیلئے دباؤ قبول کرنے سے صاف انکار کردیا اور اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کے اجلاس میں خودفائلزکاجائزہ لیتےرہے

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے زیر صدارت اجلاس میں میرٹ پر آنے والے افسران کو گریڈ 22میں ترقی دی، مختلف سروسز گروپ کے تیس افسران کو گریڈ بائیس میں ترقی کی منظوری دی گئی، جن میں ایڈمنسٹریٹو گروپ کے 11، پولیس گروپ کے 4 جبکہ سیکریٹریٹ گروپ کے4 افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دی گئی۔

    ترقی پانے والوں میں ایڈمنسٹریٹو ایڈمنسٹریٹوگروپ  معروف افضل، میاں مشتاق، شعیب میر، جہانذیب خان، جلال سکندر سلطان، شائستہ سہیل اور رضوان میمن ، سیکرٹریٹ گروپ کے عمر حامد، پرویز جونیجو، ہاشم پوپلزء، اصغر چوہدری  جبکہ پولیس سروسز کے بشیر میمن، خالق دار لک، عارف نواز، امجد سلیمی شامل ہیں۔

    آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس کے کرامت حسین بخاری کی گریڈ 22 میں ترقی کی منظوری دی گئی ہے۔

    انفارمیشن گروپ کے افسران کی ترقیاں مسترد کرتے ہوئے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کا ترقی کا خواب چکنا چور کردیا ، وزیر اعظم سیکریٹری فواد حسن فواد کی ترقی کر زیر غور ہی نہیں لائے جبکہ نئی فہرست بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    زرائع کے مطابق فواد حسن فواد اور ان کے منظورنظرافسران کا ترقی کا منصوبہ ناکام ہوا،فواد حسن فود کے منظور نظر جونیئر افسران پہلے ہی گریڈ بائیس کے عہدوں پر تعینات ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • الیکشن بل2017میں ترمیم اتفاق رائے سے منظور ، ختم نبوت ﷺ کا حلف نامہ بحال

    الیکشن بل2017میں ترمیم اتفاق رائے سے منظور ، ختم نبوت ﷺ کا حلف نامہ بحال

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں الیکشن بل2017میں ترمیم اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی، ترمیم کے ذریعے کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت کا حلف نامہ بحال کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا ، وزیر قانون زاہد حامد نے ترمیمی بل پیش کیا، جس کی شق وار منظوری دی گئی، بل میں اقرار نامہ اور حلف نامہ سے متعلق شقیں متفقہ طور پر منظورکی گئی ہیں ، بل میں ترمیم کے ذریعے کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت کا حلف نامہ بحال کردیا گیا۔

    وزیرقانون زاہدحامد نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ہم اس وقت سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ یہ نکتہ اٹھ سکتا ہے، سب نے اتفاق کیا حلف نامہ اصل شکل میں دوبارہ بحال کیا جائے۔

    وزیر قانون کا کہنا تھا گزشتہ روز تمام سیاسی رہنماؤں کی میٹنگ بلائی گئی، ہمارا موقف تھا جو بھی کاغذات نامزدگی میں ڈکلیئریشن تھا، اسے اصل حالت میں بحال کیا جائے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ بل تین سال کی محنت کے بعد ہم نے تاریخی بل پاس کیا تھا جس میں اب ترمیم کر رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : حکومت ختم نبوت ﷺ کے حلف نامے کو پہلے والی شکل میں لانے پر متفق


    گذشتہ روز حکومت نے جلد بازی میں منظور کیے گئے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 میں سنگین غلطی کو کلیریکل غلطی قرار دیا تھا، اسپیکر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حلف نامے کو پہلے والی شکل میں واپس لانے کے لیے ترمیمی بل لایا جائے گا۔

    اسلام آباد میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حلف نامے کی اصل شکل میں بحالی پر اتفاق ہوگیا ہے اس معاملے کو جلد حل کرلیں گے۔

    ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حلف نامے کے معاملے کو اصل حالت میں واپس لایا جائے گا، پارلیمانی رہنما اپنی اپنی جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل نااہل نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کا اہل بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی میں بھی منظور کرلیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔