Tag: approves

  • سرکاری ملازمین  کے لئے نئی اسکیم متعارف ، تنخواہوں میں شاندار اضافہ

    سرکاری ملازمین کے لئے نئی اسکیم متعارف ، تنخواہوں میں شاندار اضافہ

    دبئی : اماراتی حکومت نے دبئی کے سرکاری ملازمین کے لئے نئی اسکیم متعارف کرادی ، جس کے تحت سرکاری ملازمین کی اوسط تنخواہوں میں 10 فیصد جبکہ پیشہ ورانہ اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 9 سے 16 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے حکومت کی جانب سے دبئی کے تمام سرکاری ملازمین کے لئے نئی اسکیم کا اعلان کردیا۔

    نئی اسکیم کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا، اس اسکیم کا مقصد حکومت کی کارکردگی کا معیار بلند کرنا، سرکاری محکموں اور اداروں کے ملازمین کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں بہتری لانا ہے۔

    نئی اسکیم کے تحت سرکاری ملازمین کی اوسط تنخواہوں میں 10 فیصد ہوگا جبکہ پیشہ ورانہ اداروں کے ملازمین کے لیے 9 سے 16 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ حکومت نے ملازمین کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے لئے انہیں اوقات کار میں سہولت ، جزوقتی ڈیوٹی کی سہولت بھی دی ہے، جس کے بعد سرکاری ملازمین گھر بیٹھ کر بھی ڈیوٹی انجام دے سکیں گے۔

    دوسری جانب ولی عہد شہزادہ نے کیریئر گریڈ پلیسمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی، اس کمیٹی کی سربراہی دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبد اللہ الفالسی کریں گے۔

    کمیٹی میں دبئی کے محکمہ خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل اور دبئی کی سپریم قانون سازی کمیٹی کے سکریٹری جنرل بھی شامل ہیں۔ کمیٹی نئی اسکیم میں بیان کردہ گریڈ اور تنخواہوں پر مبنی کیریئر گریڈ پلیسمنٹ لسٹوں کی منظوری دے گی۔

    حکومت دبئی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور گریڈز کا چارٹ بھی جاری کیا، اس موقع پر دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ تنخواہوں میں یہ تازہ ترین اضافہ دُبئی کے فرمانروا اور وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم کے دُبئی کو ترقی دینے کے ویژن کے تحت کیا جا رہا ہے۔

  • وفاقی کابینہ نے الیکٹرک موٹروہیکل پالیسی کی منظوری  دے دی

    وفاقی کابینہ نے الیکٹرک موٹروہیکل پالیسی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرک موٹر وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی گئی، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا اراکین کابینہ اپنے زیر التوا منصوبے جلد از جلد مکمل کریں ، اپوزیشن کو اعتراض کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، وفاقی کابینہ نے الیکٹرک موٹر وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 8ایجنڈا آئٹم کی منظوری دی گئی اور سی ڈی اے ری اسٹرکچرنگ کیلئے ایکشن پلان اور ٹائم لائن تیارکرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس پر وزیر عظم نے کہا وزارت تجارت،صنعت وپیداواربھئی الیکٹرک موٹرپالیسی پر رہنمائی کرے۔

    وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا معاشی ترقی میں بہتری سےعوام کو فائدہ ہوگا، مشکلات کے باوجود معاشی اعشاریے مثبت ہیں، اراکین کابینہ اپنے زیر التوا منصوبے جلد از جلد مکمل کریں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں ، اپوزیشن کو اعتراض کا موقع نہیں ملناچاہیے۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے آج شام حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ، اجلاس آج شام 5 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا، جس میں سیاسی صورت حال پرترجمانوں کواعتماد میں لیاجائےگا اور اہم مشاورت ہو گی۔

    مرکزی اورصوبائی حکومت کے ترجمانوں کواجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ، اجلاس میں وزیراعظم حکومتی پالیسی اور بیانیےسے آگاہی اوراہم گائیڈ لائنز دیں گے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ملاقات کی تھی، جس میں  چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم کو مولانا سے ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم عمران خان کو مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سے متعلق آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے، استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں۔

  • امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی گونج

    امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی گونج

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نےصدرٹرمپ کے مواخذے سےمتعلق تحقیقات تیز کرنے کی منظوری دے دی، تحقیقات کی روشنی میں قانون ساز فیصلہ کرسکیں گے کہ صدرٹرمپ کے مواخذے کی سفارش کی جائے یا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے مواخذے کی گونج سنائی دی ، ڈیموکریٹک رکن جیرالڈ نیڈلر کی سربراہی میں ایوان نمائندگان کی اکتالیس رکنی عدالتی کمیٹی نے صدر ٹرمپ کےخلاف تحقیقات تیز کرنے کی منظوری دے دی۔

    کمیٹی نے سترہ کے مقابلے میں چوبیس ووٹوں سے قرارداد کی منظوری دی۔

    عدالتی کمیٹی نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے سے متعلق ایک نیا طریقہ کار طے کیا ہے، یہ پیشرفت ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب قانون ساز اسمبلی میں کارروائی کے چالیس سے کم دن رہ گئے ہیں۔

    جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ میں کمیٹی کے چیئرمین کو معلومات کے تجزیے، مواخذے اور گواہوں سے متعلق طریقہ کار طے کرنے کیلئے اجلاس بلانے کا اختیار دیا گیا، صدر ٹرمپ کی قانونی ٹیم سے پیش کردہ معلومات کا تحریری جواب بھی طلب کیا جائے گا۔

    خیال رہے ایوان نمائندگان کے ایک سو پینتیس ڈیموکریٹ ارکان صدرٹرمپ کے مواخذے کے حامی ہیں، مواخذے کو کامیاب بنانےکے لیے دوسو اٹھارہ ووٹوں کی ضرورت ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی سرکاری کالجوں میں ٹیچر انٹرنز کی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری

    وزیراعلیٰ پنجاب کی سرکاری کالجوں میں ٹیچر انٹرنز کی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری

    لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری کالجوں میں ساڑھے4ہزاکالج ٹیچر انٹرنزکی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ، رواں تعلیمی سال تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کوموقع دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری کالجوں میں ساڑھے4ہزاکالج ٹیچر انٹرنزکی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ، 400 خالی اسامیوں پراقلیتی اورخصوصی افراد کے کوٹے سے بھرتیاں ہوں گی۔

    رواں تعلیمی سال تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کوموقع دیا جائے گا ، سی ٹی آئیز کو دوبارہ موقع دینے کا مطلب مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکمے کو سی ٹی آئیز کی کارکردگی جانچنے کا طریقہ کاروضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بھرتیوں سے کالجوں میں اساتذہ کی کمی دورہوگی، بھرتی کا عمل ہر لحاظ سے شفاف اورمیرٹ پر مبنی ہوگا، سرکاری کالجوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنائیں گے۔

    مزید پڑھیں : پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں آئندہ سال سےذریعہ تعلیم اردوہوگا، عثمان بزدار

    یاد رہے وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے صوبے کے 22 اضلاع میں طلباء، والدین اور اساتذہ سے ذریعہ تعلیم سے متعلق سروے کیا ہے، جس میں 85 فیصد سے زائد رائے اردو کے حق میں آئی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مارچ 2020 سے پرائمری کی سطح تک ذریعہ تعلیم اردو کر دیا جائے گا، پرائمری سطح پر ذریعہ تعلیم انگریزی ہونے کی وجہ سے اساتذہ اور بچوں کا سارا وقت مضمون کو سمجھنے کی بجائے ترجمہ کرنے میں صرف ہو جاتا ہے اور بچے کچھ نیا نہیں سیکھ پاتے۔

  • ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مزید ڈھائی کروڑ ڈالر کا قرض دے گا

    ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مزید ڈھائی کروڑ ڈالر کا قرض دے گا

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مزید ڈھائی کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کرے گا ، قرضے کا مقصد پاکستانی خواتین کے چھوٹے کاروبار کے لئے سرمائے کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے مزید ڈھائی کروڑ ڈالر کی قرض کی منظوری دے دی گئی ، بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم ایس ایم ای سیکٹر کے لئے دی جائےگی، رقم کا مقصد پاکستانی خواتین کے چھوٹے کاروبار کے لئے سرمائے کی فراہمی ممکن بناناہے۔

    بینک کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کے لئے خواتین کی سرمائے تک رسائی بہت اہم ہے، پاکستانی معشیت کے لئے ایک مجموعی معاشی نظام انتہائی اہم ہے۔

    دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے پروگرام بیسڈ فنانسنگ کا آغاز کردیاہے، یہ عمل دوسال سےرکاہوا تھا۔

    مزید پڑھیں : ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول

    یاد رہے اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے50 کروڑڈالر قر ض کی منظوری دی تھی اور کہا تھا قرض سےتجارتی خسارے کوکم کرنےمیں مددملےگی۔

    بعد ازاں 17 اگست کو پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے تھے ، ایشیائی ترقیاتی بینک نے تجارت کے فروغ ،خسارے میں کمی اور معاشی اصلاحات کیلئے پچاس کروڑ ڈالر جبکہ ٹیکنیکل سپورٹ کے طور پر سات لاکھ پچاس ہزارڈالرز کا پیکج دیا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے فنڈز ملنے کے بعد مجموعی ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 57 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے تھے۔

  • آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کو قرضہ دے گا

    آئی ایم ایف کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کو قرضہ دے گا

    اسلام آباد : ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کا قرضہ دے گا ، قرض سےتجارتی خسارے کوکم کرنےمیں مددملےگی اور یہ رقم تجارت اور برآمدات کی بہتری کیلئےاستعمال کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے50 کروڑڈالر قر ض کی منظوری دے دی ، اعلامیہ میں کہا گیا رقم تجارت اور برآمدات کی بہتری کیلئےاستعمال کی جائے گی۔

    اعلامیہ کے مطابق تجارت اوربرآمدات میں بہتری سے پاکستان بیرونی مسائل سےبچ سکےگا اور قرض کی فراہمی سے تجارتی خسارے کوکم کرنے میں مدد ملےگی۔

    دوسری جانب وفاقی وزیربرائےاقتصادی امور ڈویژن حماداظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے لئے 50 کروڑ ڈالر سپورٹ دے گا، رقم اصلاحاتی پروگرام تجارت اوربرآمدات کیلئےاستعمال ہوگی اور زرمبادلہ ذخائرمیں بھی اضافہ ہوگا جبکہ یہ رقم بجٹ کوبھی سپورٹ کرے گی جس کی اشد ضرورت ہے۔

    حماداظہر کا مزید کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سپورٹ پروگرام دوبارہ شروع ہوا، بینک کی سپورٹ اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بھروسے کا شکریہ۔

  • ٹرمپ نے مزید فوج مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی

    ٹرمپ نے مزید فوج مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی

    واشنگٹن : جنگ کی تیاریوں کے تناظر میں ایران کی طرف سے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد واشنگٹن نے اپنی فوج مشرق اوسط ارسال کی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق اوسط میں اضافی فوج کی تعیناتی کی بھی منظوری دی ہے۔

    دوسری جانب جنگ کی تیاریوں کے تناظر میں ایران کی طرف سے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔ ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی کے لیے ثالثوں کے ذریعے کوششیں شروع کی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے خطرے کے پیش نظر خطے کے ممالک بھی حرکت میں آئے ہیں۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت عراق، سلطنت آف اومان، قطر، ایشیائی ممالک میںجاپان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے لیے لیے ثالثی کی کوششیں شروع کی ہیں مگر دونوںملکوں کے درمیان مذاکرات کی راہ میں امریکا کہ وہ 12 شرائط حائل ہیں جن کا اعلان ٹرمپ انتظامیہ کئی ماہ قبل کر چکی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھاکہ امریکا نے ان شرائط کے ذریعے ایران کو مذاکرات کی طرف لانے کی کوشش کی تھی مگر تہران کے غیر لچک دار رویے کے باعث واشنگٹن کو جوہری سمجھوتے سے علاحدگی اور ایران پر پہلے والی پابندیوں کی بحالی کا فیصلہ کرنا پڑا۔ایرانی قیادت بھی سفارتی کوششیں کر رہی ہے۔

    صدر حسن روحانی اور ان کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف خطے میں؟ جنگ کا خطرہ ٹالنے کے لیے مزید وقت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی برادری اور امریکا کی طرف سے ایران پر دباﺅ میں کمی لانے کی سفارتی کوشش کے باوجود ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب سے خطے میں جارحانہ کارروائیوں کی دھمکیاں جاری ہیں۔

    پاسداران انقلاب خطے میں موجود اپنی حامی ملیشیاﺅں کو متحرک کرنے اور انہیں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم کر رہا ہے۔

  • جرمنی میں‌ دوہری شہریت والوں کی شہریت منسوخ‌ کرنے کا قانون منظور

    جرمنی میں‌ دوہری شہریت والوں کی شہریت منسوخ‌ کرنے کا قانون منظور

    برلن : جرمن حکومت نے شہریوں کو انتہا پسندی کی جانب مائل ہونے سے روکنے کےلیے دوہری شہریت پر پابندی کا قانون منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع دارالعوام نے گزشتہ روز مذکورہ قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت بیرون ممالک دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد کی جرمن شہریت کو منسوخ کردیا جائے گا بشرطیکہ وہ دوہری شہریت کے حامل ہوں۔

    حکومتی ترجمان اسٹیفان زائبرٹ نے کہا کہ اس کا مقصد ان افراد کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، جو داعش سے وابستگی کے خواہاں ہیں، اس قانون کا اطلاق نا بالغوں پر نہیں ہو گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور برطانیہ میں پہلے ہی سے ایسے قوانین موجود ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ درجنوں جرمن شہری جنہوں نے داعش میں شمولیت اختیار کی تھی تاحال امریکی حمایت یافتہ شامی کرد ملیشیا کی گرفت میں ہیں اور عراقی حکومت انہیں اپنی شہریت سے محروم نہیں کرے گی۔

    جرمنی کی وزارت داخلہ کے مطابق سنہ 2013 میں عراق و شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا آغاز کرنے والی تنظیم میں تقریباً ایک ہزار جرمن شہریوں نے شمولیت اختیار کی تھی۔

    جرمن وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ان میں ایک چوتھائی افراد واپس جرمنی لوٹ چکے ہیں جن میں کچھ مقدمات کا سامنا کررہے ہیں اور کچھ بحالی مرکز میں مقیم ہیں۔

    واضح رہے کہ جرمنی سمیت بیشتر یورپی ممالک میں دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت کا رجحان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، جس کی روک تھام کے لیے یورپین حکومتیں نت نئے قوانین متعارف کروا رہی ہیں تو کہیں اسلام کو تشدد زدہ مذہب گردان کر مسلمانوں کے حجاب پر پابندی عائد کررہی ہیں۔

  • پنجاب حکومت کاشفافیت کے لیے ای ٹینڈرنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کاشفافیت کے لیے ای ٹینڈرنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے شفافیت کے لیے ای ٹینڈرنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ نظام مرحلہ وار پروگرام کےتحت نافذ کیا جائے گا، تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر شفافیت لا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سرکاری ٹھیکوں میں شفافیت کیلئے ‘ای ٹینڈرنگ’ نظام متعارف کرانے کا اعلان کر دیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سرکاری محکموں میں نظام جلد متعارف کرادیا جائے گا، نظام مرحلہ وار پروگرام کےتحت نافذ کیا جائے گا، نئے مالی سال سے محکمے نئے نظام کے تحت ٹھیکے دینے کے پابند ہوں گے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف کی حکومت ہر سطح پر شفافیت لا رہی ہے، ای ٹینڈرنگ سسٹم کے ذریعے سرکاری ٹھیکوں میں شفافیت آئے گی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں : قانون کی بالادستی، میرٹ اور شفافیت کا فروغ ہمارا ہدف ہے، عثمان بزدار

    یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا حکومت نے ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفادات کی سیاست کو اپنایا ہے، قانون کی بالادستی، میرٹ اور شفافیت کا فروغ ہمارا ہدف ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تبدیل ہورہا ہے، ہماری نیت اور سمت درست ہے، فیصلے سب کی مشاورت سے کیے جارہے ہیں، عوام کے حالات بدلنے کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں۔

  • وزیراعظم نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی ، بیوروکریٹس کی ترقی میں قانونی تقاضے، میرٹ کو ملحوظ خاطررکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیوروکریسی میں میرٹ پر تقرر و تبادلوں اور ترقیوں کا وعدہ پوراکردیا، اعلیٰ اختیاراتی بورڈ میں گریڈ 22 میں ترقی ملنے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم نے بیورو کریٹس کی ترقی میں قانونی تقاضے اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا جبکہ وزیر اعظم نے افسران کی ذاتی فائلوں اور رپورٹس کا خود جائزہ لیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے 2 بار اعلیٰ اختیاراتی بورڈ اجلاس میں میرٹ پرفیصلہ کیا، بورڈ میں مختلف گروپوں کے20 سے زائد افسران کو ترقی دی گئی، جس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ ڈی ایم جی کے 6 افسران کو ترقی دی ، ترقی پانے والوں میں عمران احمد،شفقت الرحمان رانجھا اور عامر احمد، محمدخان لچھی،ساجد یوسفائی اور طارق نجیب نجمی شامل ہیں۔

    پولیس گروپ کے 2افسران کو بھی ہائی پاور بورڈ نے ترقی دی، پولیس گروپ کےترقی پانے والوں میں حسین اصغر، نعیم خان شامل ہیں ، سیکرٹریٹ گروپ کے نعیم خان کو گریڈ22 میں ترقی دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹریٹ گروپ کی ایک سیٹ پر 14افسران ترقی کے منتظر تھے، انفارمیشن گروپ کی سیٹ پراسینئر افسر شفقت جلیل کو ترقی دی گئی جبکہ فارن سروسز و دیگر گروپ کے 8 افسران کو بھی گریڈ22 میں ترقی دی گئی۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں نظرانداز اہل افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے خود مختار اداروں اور افسران سے متعلق رپورٹ طلب کرلی تھی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم اداروں میں قابل افسران تعینات کرکے بہتری کے خواہشمند ہیں اور وزارتوں اورخودمختاراداروں میں میرٹ کی بنیادپرتعیناتیاں کی جائیں گی، عمران خان نے تعیناتیوں سے متعلق وزرا سے بھی تجاویز مانگ رکھی ہیں اور جلد وزارتوں اور خودمختار اداروں میں نئی تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے۔