Tag: APS

  • آئندہ پروٹوکول کے بغیر سفر کروں گا ، عمران خان

    آئندہ پروٹوکول کے بغیر سفر کروں گا ، عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ بغیر پروٹوکول کے سفر کرنےکااعلان کردیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این اے 122 سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ ویب سائٹ پر ڈال دی ہے اور اس میں سب کچھ واضح ہو گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق 34 ہزار ووٹوں پر مہر نہیں لگی جبکہ این اے 122 میں سے این اے 124 کے ووٹ بھی ملے۔

     ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو خط اس لئے لکھا تاکہ ہمیں سڑکوں پر نکلنا نہ پڑے تاہم 18 جنوری کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پرویز رشید عجیب و غریب باتیں کر رہے ہیں، ان کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہوتا۔

    عمران خان نے کہا کہ ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے، سانحہ پشاور کے بعد جو تعاون ہوسکتا تھا حکومت سے کیا، جن نکات پر اتفاق ہوا تھا، اس پر مفاہمت کیلئے تیار ہیں، اسحاق ڈار نے 3 نکات پر اتفاق کرلیا تھا لیکن 30 دسمبر کے بعد واپس آنے کا کہہ کر پھر نہیں پلٹے، مذاکرات کے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے خط لکھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 18 جنوری کو اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنا ہے، حکومت عوام کی آنکھوں ميں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے، کمیشن نے مانا 34 ہزار ووٹ غیرمستند ہیں، 284 میں سے 128 تھیلوں میں فارم 14، 15 نہیں، کپتان نے ایک بار پھر بااختیار جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کردیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کہتے ہیں کہ آرمی پبلک اسکول صوبائی حکومت کے نہیں، فوج کے تحت ہیں، والدین کی جگہ میں ہوتا تو اسی طرح احتجاج کرتا، اگر والدین کی بھڑاس نکلتی ہے تو میں پھر جانے کو تیار ہوں، میرے ساتھ پروٹوکول کی 6 گاڑیاں تھیں، آج کے بعد میرے ساتھ کوئی پروٹوکول نہیں ہوگا۔

  • ہمارے بچے خوفزدہ نہیں ہیں، عمران خان

    ہمارے بچے خوفزدہ نہیں ہیں، عمران خان

    پشاور: عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں کا حوصلہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہم یہی پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے خوفزدہ نہیں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کر سربراہ عمرامن خان نے پشاور میں پریس کانفرنس سے کترتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے آیا تھا لیکن بچوں نے میری  حوصلہ افزائی کردی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی دن آنا چاہتے تھے لیکن آرمی چیف جنرل راحیل شریف  کی آمد کی وجہ سے انہیں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حملہ ایک بزدلانہ کارروائی تھی کہ بچے اسکول جانا چھوڑ دیں لیکن بچوں کے عزم نے دہشت گردوں کو منہ توڑجواب دیا۔

    انہوں نے اسکول کے باہر پیش آنے والے واقعے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ اسکول کے باہر بد مزگی ہوئی، جن کے گھروں میں سانحہ ہوا انہیں  احتجاج  کا حق حاصل ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ بغیر تعلیم کے دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، جو میرے ہاتھ میں تھا کیا اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 126 دن کا احتجاج چار حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب کمیشن کی رپورٹ نے 34 ہزار ووٹ جعلی قرار دے دیئے تو پھر ایاز صادق کو استعفیٰ  دے دینا چاہیے کیونکہ ان کی بحیثیت اسپیکر قومی اسمبلی میں موجودگی پاکستان کے لئے سبکی کا باعث ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ 18 جنوری کو آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ، تحریکِ انصاف کی حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے تیار بیٹھی ہے لیکن افسوس کہ الیکشن کمیشن کی تیاری مکمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے مسائل سندھ اور پنجاب میں تھے خیبر پختونخواہ میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز دو طرح کے ہیں ایک افغانی اور دوسرے شمالی علاقہ جات سے آئے ہوئے ہیں جن کا پورا بوجھ صوبائی حکومت کو اٹھانا پڑرہا ہے۔

  • عمران خان کا آرمی پبلک اسکول کا دورہ، شہداء کے والدین مشتعل

    عمران خان کا آرمی پبلک اسکول کا دورہ، شہداء کے والدین مشتعل

    پشاور: عمران خان کے آرمی پبلک اسکول پہنچنے پرشہید بچوں کے مشتعل والدین کا احتجاجی مظاہرہ، عمران خان کا گھیراؤکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج اپنی رہائش گاہ بنی گالہ اسلام آباد سے  آرمی پبلک اسکول کے شہید طلباء سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے توانہیں شہید بچوں کے والدین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    عمران خان جب بچوں کیلئے دعائے مغفرت کررہے تھے تو اسی اثناء میں ایک شہید بچے اسفند کی والدہ سیکورٹی حصار کوتوڑتے ہوئے عمران خان کے قریب پہنچ گئیں اوران کا گریبان پکڑکرکہا کہ ہمیں ہمارے بچوں کے خون کا حساب دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’’تم یہاں ہمارے لئے نہیں آئے تم میڈیا کیلئے، اخبارات کیلئے اوراپنی نئی دلہن کو سیرکرانے کے لئےلے کرآئے ہو ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہم نے آپ کو ووٹ دے کرغلطی کی‘‘۔

    اس موقع پرایک بچے کے والد نے کہا کہ اپنے بچوں کی لاشوں پران سیاست دانوں کو سیاست نہیں کرنے دیں گےان کے لوگوں کوعوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

    ایک شہید بچے احسان کی والدہ نے روتے ہوئے کہا کہ خدارا پاکستان سے افغان باشندوں کو باہر نکالا جائے، ملک کی خارجہ پالیسی کو درست کیا جائے ۔

    صورت حال کی نزاکت بھانپتے ہوئے سیکیورٹی حکام نے عمران خان اورریحام خان کو اسکول کے عقبی دروازے سے روانہ کردیا۔

  • کے پی کے اسمبلی کا کانفرنس روم شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے نام

    کے پی کے اسمبلی کا کانفرنس روم شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے نام

    پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کا کانفرنس روم آرمی پبلک اسکول کی پرنسپل شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

    بچوں کے مستقبل کو روشن کرنے والی آرمی پبلک اسکول کی پرنسپل کی شجاعت وبہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کے پی کے اسمبلی کا کانفرنس ہال ان کے نام سے منسوب کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    اسپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پرنسپل شہید طاہرہ قاضی کو اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے۔مدارس تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    انہیں اعتماد میں لینا چاہئیے۔صوبائی اسمبلی کے رکن مشتاق احمد غنی کا کہنا تھاکہ بہادر قوم کے بہادر بچے بلند حوصلوں کے ساتھ بارہ جنوری کو دوبارہ اسکول میں قدم رکھیں گے۔

    دہشت گردی کے واقعات سے حوصلے پست نہیں ہونگے۔اسکول دوبارہ جلد آباد ہونگے۔ واضح رہے کہ سولہ دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانیوالے حملے میں اسکول پرنسپل میڈم طاہرہ قاضی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

  • سانحہ پشاورمیں زیراستعمال گاڑی تھانے منتقل

    سانحہ پشاورمیں زیراستعمال گاڑی تھانے منتقل

    پشاور: دہشت گردوں کی زیراستعمال گاڑی تھانے منتقل کردی گئی، سفید رنگ کی سوزوکی کیری کا مالک بشیرعنایت نامی شخص ہے، انسداد دہشت گردی ٹیم نےآرمی پبلک اسکول میں تفتیش کاآغازکردیا،غیرملکی ایئرلائنز نےپشاورمیں فلائٹ آپریشن بند کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور واقعے میں دہشت گردوں کے زیراستعمال گاڑی تھانے منتقل کر دی گئی، انسداد دہشت گردی کی ٹیم نےجائے وقوعہ پر تفتیش بھی شروع کر دی، پشاور واقعے میں دہشت گردوں کے زیراستعمال کیری ڈبہ متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق گاڑی نمبر ون ایٹ سیون ،چیچس اور انجن نمبر بھی حاصل ہوگیا ہے،گاڑی کی تصدیق کےلیے مختلف اداروں کو چیچس نمبر ارسال کردیئے گئے ہیں۔.

    سوزوکی کیری کا رنگ سفید اور بشیر عنایت نامی شخص کی ملکیت ہے،انسداد دہشت گردی نے ٹیم جائے وقوعہ پر تفتیش شروع کر دی ہے۔تحقیقاتی ٹیم اسکول کے مختلف اطراف کی فوٹو گرافی بھی کرے گی۔