Tag: AR Rahman

  • اے آر رحمان کے نام نیا اعزاز

    اے آر رحمان کے نام نیا اعزاز

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار اللہ رکھا رحمن المعروف اے آر رحمان نے 7ویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ جیت لیا۔

    عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار، میوزک ڈائریکٹر و گیت نگار اے آر رحمان نے ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ برائے موسیقی جیت لیا، اے آر رحمان کو یہ ایوارڈ منی رتنم کی تامل فلم ’پونیئن سیلوان پارٹ ون ‘ کے لیے بہترین میوزک ڈائریکٹ کرنے پر دیا گی۔

    یہ فلم سال 2022 میں سُپر ہٹ ثابت ہوئی تھی، نیشل فلم ایوارڈ جیتنے کے بعد اے آر رحمان بھارت میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے میوزک ڈائریکٹر بن گئے ہیں ۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایسگنانی الیاراجہ ہیں جنہوں نے موسیقی کے شعبے میں پانچ بار نیشنل ایوارڈز اپنے نام کیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روزسال 2022 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں کے لیے 70ویں نیشنل ایوارڈز کا اعلان ہوا، 70ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے فاتحین میں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی گلوکار اے آر رحمان کا نام بھی شامل تھا۔

    https://www.youtube.com/watch?v=hr0McVC_lCE

  • اے آر رحمان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر بھارتی ٹیم کیلئے خاص تحفہ

    اے آر رحمان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر بھارتی ٹیم کیلئے خاص تحفہ

    ممبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی جیت کے بعد معروف گلوکار اور موسیقار اے آر رحمان نے ٹیم انڈیا کے لئے خاص تحفے کا اعلان کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر 13 سال بعد ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی، ایسے میں معروف گلوکار اور موسیقار اے آر رحمان نے ایک گانا ٹیم انڈیا کو وقف کیا۔

    معروف موسیقار اے آر رحمان نے گزشتہ روز ٹیم انڈیا کو ایک خصوصی گانا وقف کیا اور سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی۔ ویڈیو میں تجربہ کار موسیقار کو بھارتی فٹ بال کوچ سید عبدالرحیم پر مبنی بالی ووڈ فلم ‘میدان’ کا گانا ‘ٹیم انڈیا ہے ہم’ گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    اے آر رحمان نے یہ گانا اپنی ٹیم کے ساتھ گا کر بھارتی ٹیم کی جیت کا جشن منایا۔ گلوکار کے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کو 1 لاکھ سے زیادہ ویوز مل چکے ہیں۔ ساتھ ہی 12 ہزار سے زیادہ لائکس بھی موصول ہوچکے ہیں۔

    ٹیم کی سرجری سے متعلق سوال پر شاہین آفریدی کا رد عمل سامنے آگیا

    واضح رہے کہ بھارت نے 10 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کی ٹرافی اپنے نام کی ہے، آخری بار انہوں نے 2014 میں فائنل ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جہاں ٹیم انڈیا کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

  • اے آر رحمان کی کامیابی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ گلوکار کا اہم انکشاف

    اے آر رحمان کی کامیابی کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟ گلوکار کا اہم انکشاف

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف موسیقار اللہ رکھا رحمن المعروف اے آر رحمان نے انکشاف کیا کہ ان کی کامیابی میں ان کی مرحومہ والدہ کا بنیادی کردار ہے۔

    اے آر رحمان نے ایک انٹرویو میں اپنے کیرئیر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بات کی جہاں انہوں نے اپنی مرحوم والدہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی میری والدہ کی مرہون منت ہے۔

    گلوکار نے بتایا کہ جب میں نے کام شروع کیا تو میرے پاس اسٹوڈیو بنانے کے لیے پیسے نہیں تھے، ایک خالی کمرے میں کارپٹ پر بیٹھ کر کام کرتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ میری والدہ نے مجھے آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے بہت سی قربانیاں دیں، انہوں نے اپنا زیور گروی رکھ کر مجھے پیسے  دئیے، والدہ کے دئیے گئے پیسوں سے اسٹوڈیو بنایا اور موسیقی کے آلات خریدے جس کے بعد متعدد دھنیں تخلیق کیں جو بہت مشہور ہوئیں۔

    بالی ووڈ موسیقار کا مزید کہنا تھا کہ میں بہت چھوٹا تھا جب والد کا انتقال ہوا جس کے بعد ہماری ماں نے ہمیں اکیلے پال کر اس مقام تک پہنچایا۔

    خیال رہے کہ اس عظیم موسیقار اے آر رحمان کو اب تک دو آسکر، دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے، انہوں نے سینکڑوں فلموں میں موسیقی دی ہیں۔

    آے آر رحمان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’سلم ڈاگ ملنیئر‘ کے ساتھ ’لگان‘ اور ’تال‘ جیسی فلمیں شامل ہیں، جبکہ انہوں نے دنیا بھر کے بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔

  • اے آر رحمان کس ہالی ووڈ گلوکارہ کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں؟

    اے آر رحمان کس ہالی ووڈ گلوکارہ کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں؟

    عالمی شہرت یافتہ بھارت کے ممتاز میوزک ڈائریکٹر اے آر رحمان نے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان نے کنیکٹ ایف ایم کینیڈا کے ساتھ انٹرویو میں ہالی ووڈ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی قابلیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کی تعریف کے پُل باندھ دیے۔

    میزبان نے اے آر رحمان سے سوال کیا کہ ’ کیا وہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ کام کرنے کے بارے میں سوچتے ہیں؟‘ جس پر انہوں نے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ پوری دنیا کے میوزیشنز کیلئے ایک متاثر کن شخصیت ہیں۔

    ہالی وڈ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑ دیا!

    اے آر رحمان نے کہا کہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ ضرور کولابریٹ کرنا چاہوں گا، وہ جو بھی چاہیں، اگر وہ کوئی ڈانس نمبر کی خواہش کریں گی تو ایسا ہی ہوگا اور اگر وہ کوئی رومانوی گیت چاہیں گی تو جیسی ان کی خواہش‘۔

    بھارتی گلوکار نے ہالی ووڈ گلوکارہ کی تعریف میں کہا کہ ’اگر لوگ موسیقی کی طاقت کو دنیا کی بھلائی کیلئے استعمال کرتے ہیں تو اس زیادہ بہترین اور کچھ نہیں ہوسکتا، یہی مائیکل جیکسن نے کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مائیکل جیکسن نے بے شمار چیئریٹی کنسرٹس کیے اور افریقہ کے لوگوں کی بے انتہا مدد کی اور ٹیلر سوئفٹ بھی اس طرح کا کام کررہی ہیں جسے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

    گلوکاراے آر رحمان نے مزید کہا کہ ’ٹیلر سوئفٹ اپنی زندگی میں بہت مشکل حالات دیکھ چکی ہیں، انہوں نے دھوکہ کھایا، وہ دنیا بھر کے تمام موسیقاروں کے لیے ایک اچھی کیس اسٹڈی اور انسپائریشن ہیں‘۔

  • اے آر رحمان کو غیر ملکی خاتون مداح نے اپنے انداز میں ’ماں تجھے سلام‘ سنادیا

    اے آر رحمان کو غیر ملکی خاتون مداح نے اپنے انداز میں ’ماں تجھے سلام‘ سنادیا

    دنیا بھر میں مقبول بالی وڈ گلوکار  اے آر رحمان کو غیر ملکی خاتون مداح نے اپنے انداز میں ’ماں تجھے سلام‘سناکر گلوکار کو حیران کردیا۔

    موسیقی کے ماہر اے آر رحمان حال ہی میں بیرون ملک ایک مداح خاتون سے ملے، خاتون نے انہیں اپنا آئیڈیل کہا اور گلوکار سے پوچھا کہ کیا وہ ان کے لیے کوئی گانا گا سکتی ہیں۔

    فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون مداح سڑک پر گٹار بجاتے ہوئے اے آر رحمان کا مقبول گانا ’’ماں تجھے سلام گا رہی ہیں‘‘۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اے آر رحمان نے خاتون کو پہلے حیرت سے دیکھا اور پھر اپنی گاڑی کی کھڑکی سے اپنے سیل فون پر ویڈیو ریکارڈ کی۔

    موسیقی کے ماہر اے آر رحمان نے اس ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر بھی شیئر کیا، اس ویڈیو پر انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ ’اس نے بہت اچھا گایا ہے، یہ ایک  حیرت انگیز کارکردگی ہے‘۔

    واضح رہے گلوکار اے آر رحمان کے مشہور گانوں میں ‘ماں تجھے سلام’، ‘رانجھنا’، ‘جشن بہارا’ سمیت دیگر گانے شامل ہیں، جبکہ انہوں نے حال ہی میں بالی وڈ فلم ‘پیپا’ کا مشہور ہونے والا گانا ‘میں پروانہ’ کی بھی کمپوزنگ کی ہے جسے گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے۔

  • اے آر رحمان نے ’کن فیکون‘ کی ریکارڈنگ سے پہلے وضو کرنے کو کہا: جاوید علی

    اے آر رحمان نے ’کن فیکون‘ کی ریکارڈنگ سے پہلے وضو کرنے کو کہا: جاوید علی

    ممبئی: بالی ووڈ کے گلوکار جاوید علی نے انکشاف کیا ہے کہ ‘کُن فیکون’ کی ریکارڈنگ سے پہلے معروف موسیقار اے آر رحمان نے وضو کرنے کا کہا تھا۔

    اے آر رحمان کی راک اسٹار کی کمپوزیشن ’کن فیکون‘ کو ان کی بہترین کمپوزیشن میں شمار کیا جاتا ہے ایک حالیہ انٹرویو میں گلوکار جاوید علی نے گانے کی ریکارڈنگ کے حوالے سے کھل کر بات کی اور اس گانے کی ریکارڈنگ کے تجربے کو شیئر کیا۔

    رنبیر کپور پر فلمایا گیا یہ قوالی ‘کُن فیکون’ ارشاد کامل نے لکھا تھا اور اس میں جاوید، رحمان، موہت چوہان اور نظامی برادران کی آواز تھی۔

    گلوکار جاوید علی نے بھارت کی دی میوزک پوڈ کاسٹ میں شیئر کیا کہ ’’میں ہمیشہ کی طرح کُن فیکون کی ریکارڈنگ کرنے کے لیے بھی تیار تھے اسی دوران رحمن سر  نے مجھے یہ محسوس کرایا کہ یہ گانا نہیں ایک دعا ہے‘‘۔

    جاوید علی نے کہا کہ جیسے ہی ‘کُن فیکون’ کی ریکارڈنگ شروع ہونے لگی تو اے آر رحمان نے مجھ سے پوچھا کہ وضو کیا ہے؟ میں نے جواب میں کہا کہ نہیں، تو میرا جواب سُن کر انہوں نے کہا پہلے وضو کرو اور پھر ٹوپی پہنو، اُس کے بعد ریکارڈنگ شروع کرنی ہے۔

    اے آر رحمان نے بیٹی کے ولیمے کی ویڈیو شیئر کردی

    جاوید علی نے کہا کہ میں نے اے آر رحمان سر کے کہنے پر پورے خلوص کے ساتھ وضو کیا پھر ریکارڈنگ شروع کی، ریکارڈنگ کے دوران پورے اسٹوڈیو میں اندھیرا تھا صرف موم بتی کی روشنی تھی اور اسٹوڈیو میں صرف تین لوگ تھے، میں، اے آر رحمان اور نغمہ نگار ارشاد کامل۔

    انہوں نے کہا کہ صرف ہم تیوں نے گانا ریکارڈ کیا، اس دروان ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ہم سب دعا کررہے ہیں، اور لوگ اسے محسوس کررہے ہیں، اب بھی جب میں اسٹیج پر کُن فیکون  پیش کرتا ہوں تو سر ڈھانپ لیتا ہوں۔

    جاوید علی نے اے آر رحمان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں موسیقار کا دل سے احترام کرتا ہوں، میں نے اُن سے بہت سی تکنیکیں سیکھی ہیں۔

    واضح رہے کہ گلوکار جاوید علی اور اے آر رحمان نے پہلی بار 2008 میں جودھا اکبر کے لیے کام کیا جہاں انہوں نے ‘جشن بہارہ’ گایا تھا، اس کے بعد انہوں نے فلم  ’رانجھنا‘ کے ’تم تک‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔

    جاوید علی نے کہا کہ اے آر رحمن کے ساتھ اس گانے کی ریکارڈ کرنے کے لیے میں نے اپنی چھٹیاں مختصر کی تھیں، یہ میرے بہترین گانوں میں سے ایک ہے اور میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اُن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔

  • جوانی میں خودکشی کا ارادہ کیا، مگراسلام نے جینے کی نوید دی، اے آر رحمان

    جوانی میں خودکشی کا ارادہ کیا، مگراسلام نے جینے کی نوید دی، اے آر رحمان

    ممبئی: آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے کہا ہے کہ میں جوانی کی عمر میں خودکشی کرنے کا سوچتا تھا مگر اسلام قبول کرنے کے بعد جینے کی نئی امنگ پیدا ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اے آر رحمان نے انکشاف کیا کہ والد کے دنیا سے گزر جانے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا کہ میرا ہر چیز سے دل بھر چکا تھا اور میں ہر چیز سے عاجز تھا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ میرے والد چونکہ میوزک کمپوزر تھے اور وہی گھر کا ذریعہ معاش چلاتے تھے اس لیے اُن کے انتقال کے بعد ہمیں بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

    آسکرایوارڈ یافتہ موسیقار کا کہنا تھا کہ ’12 سے 22 برس کے درمیان میں نے سب کچھ کرلیا تھا اُس کے بعد ہرچیز مجھے بری لگتی تھی، 25 سال کی عمر میں ایک وقت ایسا بھی آیا کہ مجھے اپنا آپ ناکام محسوس ہوا اور پھر مایوسی کی وجہ سے میں نے خودکشی کا ارادہ کیا‘۔

    مزید پڑھیں: میری کامیابی کی وجہ اسلام ہے، اے آر رحمان

    اُن کا کہنا تھا کہ ’حالات اتنے کٹھن ہوگئے تھے کہ ہر چیز حتیٰ کہ اپنے قریبی دوست بھی برے لگنے لگے تھے، مجھے موت سے بالکل خوف نہیں تھا کیونکہ ہر چیز کو ایک روز ختم ہونا ہے مگر زندگی میں کئی مراحل ایسے بھی آتے ہیں جو آپ کو پہلے سے زیادہ بہادر بنادیتے ہیں‘۔

    اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ ’میری زندگی کا اہم موڑ چنائی کے گھر میں اپنا میوزک اسٹوڈیو قائم کرنا تھا کیونکہ اس کے بعد کام بہت زیادہ تو نہیں ملا مگر معاشی حالات کچھ بہتر ضرور ہوئے، میں والد کی طرح مخصوص انداز میں کام کرنا چاہتا تھا اس لیے مجھے صرف 35 فلمیں ملیں جن میں سے صرف 2 کے لیے ہی میوزک دے سکا تھا‘۔

    معروف موسیقار کا کہنا تھا کہ 25 برس کی عمر میں میرا دماغ بالکل ماؤف ہوچکا تھا، روزمرہ کی زندگی سے مایوسی تھی اور میں یہ سب نہیں کرنا چاہتا تھا مگر پھراس دوران میری ملاقات پیرکریم شاہ قادری سے ہوئی جو روحانی شخصیت ہیں۔

    بھارتی میوزک کمپوزر کا کہنا تھا کہ ’صوفی بزرگ پیرکریم نے نہ صرف میرا روحانی علاج کیا بلکہ انہوں نے صوفی ازم کی تعلیمات سے روشناس بھی کرایا جس کے بعد میرے اندر اسے جاننے کا تجسس پیدا ہوا اور یہی میری زندگی کی نئی امنگ تھی‘۔

    یہ بھی پڑھیں: شہنشاہ قوال استاد نصرت فتح علی خان سے متاثر ہوں،اے آر رحمٰن

    اُن کا کہنا تھا کہ مجھے اپنا پیدائشی نام ویسے بھی بچپن سے پسند نہیں تھا اور جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی ہندو مذہب سے دل اچاٹ ہونے لگا تھا جس کے بعد مجھے اسلامی تعلیمات پڑھنے میں قلبی سکون ملتا تھا۔

    اے آر رحمان کا پیدائشی نام اے ایس دلیپ کمار تھا، اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے ’اللہ رکھا رحمان‘ رکھا جو انڈسٹری میں اُن کی پہچان بھی بنا۔

    اپنا نام رکھنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے بھارتی موسیقار کا کہنا تھا کہ چونکہ میرا خودکشی کا پکا ارادہ تھا مگر اسلام نے مجھے اس عمل سے محفوظ رکھا تو اس لیے یہ نام سوچا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ اسلام ایک سمندر ہے جس کے مختلف فرقے ہیں، میں صوفی فلسفہ فکر پر عمل کرتا ہوں جو کہ محبت پر مبنی ہے، میری موجودہ شخصیت اسی فلسفے کا نتیجہ ہے’۔

    واضح رہے کہ اسلام کی جانب راغب ہونے کے بعد 1989 میں خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اے آر رحمان نے اسلام قبول کیا جس کے بعد اُن کے معاشی حالات یکسر تبدیل بھی ہوئے۔

    اسے بھی پڑھیں: مسلمان بھارتی میوزک ڈائریکٹراے آررحمان نے بھی عامرخان کی حمایت کردی

    یاد رہے کہ اے آر رحمان نے بطور موسیقار 1992 میں فلم روجا سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ہر قدم پر کامیابی کا جھنڈا لہرایا آج اُن کا شمار دنیا کے بہترین موسیقاروں میں ہوتا ہے۔

    بھارتی موسیقار نے اپنے کیریئر میں اب تک متعدد کامیابیاں حاصل کیں جن میں 2 آسکر ایوارڈز، دو گریمی اور ایک گولڈن گلوب ایوارڈ شامل ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ اے آر رحمان کے والد آر کے شیکھر کا انتقال اُس وقت ہوا تھا جب بھارتی موسیقار کی عمر صرف 9 برس تھی۔