Tag: aRIAL FIRING

  • کراچی : شادی میں ہوائی فائرنگ، میڈیکل کی طالبہ جان سے چلی گئی

    کراچی : شادی میں ہوائی فائرنگ، میڈیکل کی طالبہ جان سے چلی گئی

    کراچی : نیو کراچی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے دوران گھر کی چھت پر کھڑی لڑکی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر الیون ڈی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں فائرنگ کی زد میں آکر چھت پر کھڑی طالبہ گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 27 سالہ لائبہ کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش قانونی کاروائی کیلیے اسپتال پہنچا دی گئی۔

    جاں بحق ہونے والی خاتون کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ ہمارے پڑوس میں احمد رضا نامی نوجوان کی شادی تھی، تقریب میں موجود افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی تھی۔

    خاتون کے بھائی نے بتایا کہ لائبہ میڈیکل کی اسٹوڈنٹ اور گھر کی چھت پر امتحانات کی تیاری کر رہی تھی کہ اسے گولی لگ گئی۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ لائبہ کو سر پر ایک گولی لگی جو اس کی موت کی وجہ بنی، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے لیاری میں گھر کی چھت پر کھیلنے والی ننھی بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی۔

    مزید پڑھیں : چھت پر کھیلتی ڈھائی سالہ بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق، 

    متوفیہ بچی بلڈنگ کی ساتویں منزل پر رہائش پذیر اور چھت پر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچی کے سر میں لگی جس سے جاں بحق ہوئی۔

     

  • ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات : قانون میں اس کی سزا کیا ہے؟

    ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات : قانون میں اس کی سزا کیا ہے؟

    کراچی : نئے سال کا موقع ہو، شادی اور جشن آزادی ہو یا عید کا چاند نظر آئے، بد قسمتی سے اس کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنا ایک ٹرینڈ بن چکا ہے۔

    اس کی وجہ سے ملک بھر میں سالانہ سینکڑوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن ایسے قتل کا ملزم ہاتھ آنا کافی حد تک ناممکن ہوتا ہے، اس پر ستم یہ کہ قانون ہونے کے باوجود ہوائی فائرنگ کے سدباب کیلیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ممتاز قانون دان ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے ہوائی فائرنگ کی قانونی حیثیت اور اس کی سزا سے متعلق چند بنیادی باتیں بیان کیں۔

    انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ہتھیاروں کی نمائش اور اس کا غیر ضروری استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اسلحے کا لائنسنس اس لیے جاری نہیں کیا جاتا کہ وہ ہوائی فائرنگ کرتے پھریں، ان کو گولیاں اور کارتوس بھی گن کر فراہم کیے جاتے ہیں کیونکہ لائسنس یافتہ اسلحے سے بھی ہوائی فائرنگ کرنا ملکی قانون میں قابل سزا جرم ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

    ایک سوال کے جواب میں ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے بتایا کہ مجموعہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337-ایچ سب سیکشن 2 کے تحت یہ ایک قابل سزا جرم ہے اور مجرم پر جرمانہ عائد ہوگا یا قید کی سزا ہوگی یا پھر دونوں نافذ العمل ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : شادی میں ہوائی فائرنگ نے ایک اور جان لے لی

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 12سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، بچی کی شناخت 12 سالہ عزیلہ سبزعلی کے نام سے ہوئی۔

    شادی کی تقریب میں بچی عمارت کی چوتھی منزل پر موجود تھی جہاں اس کے سینے میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان مقتولہ کے رشتے دار جان زاد اور جمال شاہ بتائے جاتے ہیں۔

  • کراچی / لاہور: ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی شامت، 40 شہری گرفتار

    کراچی / لاہور: ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی شامت، 40 شہری گرفتار

    کراچی اور لاہور میں سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 40 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندوں کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا اور مجموعی طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے25ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سے3،منگھوپیر سے3،سرجانی ٹاؤن سے2ملزمان گرفتار کیا۔

    انہوں نے بتایاکہ گلشن معمار سے2،پاکستان بازار سے1،مومن آباد سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا، مذکورہ ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ ضلع کیماڑی کی پولیس نے کارروائی کرکے ہوائی فائرنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کےقبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔

    دوسری جانب لاہور میں سال نو کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کیخلاف پولیس فوری حرکت میں آئی اور قانون کی خلاف ورزی پر15ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری تھانہ کینٹ، ہنجروال اور شاہدرہ کے علاقوں میں عمل میں آئی، لاہور کے علاقے کاہنہ اور راوی روڈ میں ہوائی فائرنگ کرنے والاگروہ گرفتار کرلیا گیا۔

    اس کے علاوہ لاہور کے تھانہ شفیق آباد اور اچھرہ میں ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم اور ڈھولن وال قادری چوک سے ہوائی فائرنگ کرنے والےملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

  • شادی میں فائرنگ :پولیس اہلکار جاں بحق، دولہا گرفتار

    شادی میں فائرنگ :پولیس اہلکار جاں بحق، دولہا گرفتار

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب ماتم کدہ بن گئی، دولہا کا بھائی ہوائی فائرنگ میں جان سے گیا، ہال منیجر اور دولہا کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد پاکستان بازار پولیس نے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ہارون کے بھائی کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ہارون جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    پولیس کے مطابق متوفی و دیگر کی فائرنگ سے اہلکار زخمی ہوا جو بعد ازاں دم توڑ گیا واقعے کے بعد دولہا اور ہال منیجر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس اہلکار کس کی گولی سے جان سے گیا تفتیش جاری ہے، مقتول کے اہل خانہ کے مطابق ہارون اپنی گولی سے زخمی ہوا، مقتول ہارون اپنے بھائی کی شادی میں فائرنگ کررہا تھا۔

    پولیس کے مطابق اہلکار کے زیر استعمال اسلحہ تحویل میں لے کر فارنزک کیا جائے گا، مزید تفیش سے اصل حقائق سامنے آئیں گے۔

  • جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ : ایک شخص جاں بحق 27 افراد زخمی

    جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ : ایک شخص جاں بحق 27 افراد زخمی

    کراچی : جشن آزادی کے آغاز پر رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات ہوئے جس میں گولیاں لگنے سے ایک شخص جاں بحق27افراد زخمی ہوگئے۔

    شہرمیں رات بارہ بجتے ہی مختلف علاقوں میں جشن آزادی کی خوشی  میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا جو کافی دیر تک جاری رہا ،ہوائی فائرنگ کے باعث نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سےایک شخص جاں بحق  سمیت27  افراد زخمی ہو گئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے ہوائی فائرنگ کے واقعات، لیاری، لیاقت آباد، پاپوش، صدر، برنس روڈ اور دیگر علاقوں میں ہوئے۔ اس کے علاوہ ملیر، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، سپرہائی وے، بلدیہ میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی۔

    ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں اندھی گولی لگنے سے شاہ فیصل کالونی میں ایک شخص جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال لایا گیا۔

    زخمیوں میں 5خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں، پولیس کے مطابق طارق روڈ، کورنگی، اورنگی ٹاؤن ، نیوکراچی میں بھی ہوائی فائرنگ سے کئی شہری زخمی ہوئے۔