Tag: arif alvi

  • انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

    انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، صدر مملکت کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ ’’انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔‘‘

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سربراہ کو ایک اہم خط لکھا گیا ہے جس میں انھیں انتخابات کے فوری اعلان کی ہدایت کی گئی ہے۔

    صدر مملکت نے لکھا کہ الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، اور الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق کے پی اور پنجاب کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرے۔

    انھوں نے لکھا کہ انتخابات کا اعلان کریں تاکہ قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جا سکے۔

    صدر مملکت نے خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر انتخابات پر زور دیتا ہے، اس لیے آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد ای سی پی کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا خط میں کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف انتخابات یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے، اگر الیکشن کمیشن فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو آئینی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، میں نے سربراہ مملکت ہونے کی حیثیت سے آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے۔

    صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آئین کے تحت حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہوئے لکھا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں آئین کی تمہید اور قرارداد مقاصد کا بھی حوالہ دیا، تمہید میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی، جب کہ قرارداد مقاصد قوم کے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ آئین میں جمہوری اصولوں اور اقدار کی پابندی اور پیروی کے بارے میں کوئی ابہام نہیں، دنیا کی پرانی جمہوریتوں نے جنگوں کے دوران بھی انتخابات میں تاخیر نہیں کی، امریکا نے 1812 میں برطانیہ کے ساتھ جنگ کے باوجود انتخابات کرائے، اور امریکی صدر ابراہم لنکن نے 1864 میں خانہ جنگی کے دوران بھی انتخابات معطل کرنے کا نہیں سوچا۔

    صدر نے لکھا کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر کے مناسب آئینی قدم اٹھایا، پختہ خیال ہے کہ انتخابات ملتوی یا تاخیر کا جواز فراہم کرنے والے حالات ملک میں نہیں ہیں، اور حالیہ عالمی تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات کے التوا نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، اس لیے الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔

  • وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان سے ملاقات

    وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان سے ملاقات

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے، استعفوں کے معاملے اور عام انتخابات پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی و اقتصادی معاملات پر بات چیت ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے، استعفوں کے معاملے اور عام انتخابات پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات کے دوران ملک میں درآمدی بل کم کرنے کے لیے پنجاب اور پختونخواہ سے تعاون پر گفتگو ہوئی، آئی ایم ایف معاہدے پر عمل درآمد کے لیے بھی اپوزیشن سے تعاون مانگا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اور وزیر خزانہ کے درمیان ملاقات میں سیاسی استحکام لانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے تعاون پر بھی بات چیت ہوئی، صدر پاکستان نے پارٹی قیادت سے بات چیت کرنے کا وعدہ کیا۔

    گفتگو میں ملک بھر میں بازار شام 6 بجے بند کرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

  • صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انگلینڈ کو مبارکباد

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی انگلینڈ کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کم اسکور کے باوجود بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارکباد دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ نے تمام شعبوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ جیتا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھی اچھا کھیل کھیلا، کم اسکور کے باوجود ٹیم نے بھرپور کوشش کی اور اچھی باؤلنگ کی۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انگلینڈ پاکستان کو شکست دے کر چیمپیئن بن گیا۔

    میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے مطلوبہ 138 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    فائنل میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور اپنے سیمی فائنلز کے فاتح اسکواڈز کو برقرار رکھا تھا۔

  • صدر مملکت نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کردی

    صدر مملکت نے عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی مدد کی اپیل کردی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل کردی۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم، سمندر پار پاکستانی اور عالمی برادری متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے، سیلاب متاثرین کو ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کر دیا ہے، سڑکوں، پلوں اور مواصلاتی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

    صدر مملکت نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا، ایک بار پھر قوم امدادی کوششوں میں دل کھول کر اپنا حصہ ڈالے۔

  • کاروباری گھرانے اپنی بیوی، بیٹیوں اور بہوؤں کو آگے کیوں نہیں لاتے؟ صدر مملکت

    کاروباری گھرانے اپنی بیوی، بیٹیوں اور بہوؤں کو آگے کیوں نہیں لاتے؟ صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ تمام کاروباری گھرانے اپنے بیٹوں کو آگے لے کر آتے ہیں، ان کی بیوی، بیٹیاں اور بہوئیں کہاں ہیں؟ عورت سے بیزاری اور صنفی تعصب کا کلچر اسلامی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صنفی مساوات میں پاکستان کا نمبر بہت نیچے ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تمام کاروباری گھرانے اپنے بیٹوں کو آگے لے کر آتے ہیں، ان کی بیوی، بیٹیاں اور بہوئیں کہاں ہیں۔ ان کے اپنے اداروں میں انہیں محفوظ ماحول مل سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بی بی خدیجہ بھی ایک کاروباری خاتون تھیں، عورت سے بیزاری اور صنفی تعصب کا کلچر اسلامی نہیں ہے۔

  • صدر مملکت کا شہباز شریف کو خط، صحافیوں کو ہراساں کیے جانے پر اظہار تشویش

    صدر مملکت کا شہباز شریف کو خط، صحافیوں کو ہراساں کیے جانے پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر صحافیوں کو ہراساں کیے جانے کے واقعات پر اظہار تشویش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیرا عظم شہباز شریف کو ایک خط لکھا ہے، جس میں انھوں نے ملک میں صحافیوں پر مقدمات بنائے جانے اور تشدد کے واقعات پر اظہار تشویش کیا۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ صحافیوں پر تشدد کے حالیہ واقعات عدم برداشت کی ذہنیت کے عکاس ہیں، اظہار رائے کی آزادی سب کو حاصل ہے، ایسے واقعات ملک میں خوف پھیلاتے ہیں، اور ملک کا تشخص بھی داغدار کرتے ہیں۔

    عارف علوی نے مزید لکھا کہ صحافیوں کو ایک کیس میں ریلیف ملتا ہے تو ہراساں کرنے کے لیے ان کے خلاف دوسرا کیس بنا دیا جاتا ہے۔

    صدر مملکت نے صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آزاد رائے رکھنے والے میڈیا پرسنز کے خلاف دہشت کا راج چھا گیا ہے۔

    سی پی این ای کا عمران ریاض کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ

    انھوں نے لکھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیاست دانوں کو صحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ صحافی عمران ریاض کے خلاف کئی شہروں میں متعدد بے بنیاد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، انھیں ایک جگہ کی عدالت سے ریلیف ملتا ہے تو فوراً دوسرے شہر کی پولیس انھیں حراست میں لے لیتی ہے۔

  • حکومت کو صدر کی جانب سے نیب قوانین اور الیکشن ایکٹ منظور نہ ہونے کا خدشہ

    حکومت کو صدر کی جانب سے نیب قوانین اور الیکشن ایکٹ منظور نہ ہونے کا خدشہ

    اسلام آباد: شہباز حکومت کو صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے نیب قوانین اور الیکشن ایکٹ منظور نہ ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب قوانین اور الیکشن ایکٹ منظوری کا بل صدر مملکت کو ارسال کیا جا چکا ہے، تاہم حکومت کو صدر کی جانب سے دونوں بل کی منظوری نہ ہونے کا خدشہ لاحق ہے۔

    اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے حکومت نے دونوں بل مشترکہ اجلاس میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں بلوں کی منظوری سے صدر کی منظوری کی ضرورت نہیں رہے گی۔

    واضح رہے کہ حکومت نے معاشی صورت حال پر بحث کے لیے مشترکہ اجلاس کی سمری صدر کو بھیجی تھی، تاہم یہ اجلاس بلوں کی منظوری کے لیے 7 جون تک ملتوی کیا گیا تھا۔

    اگر مشترکہ اجلاس کی جانب سے بلوں کو منظوری ملتی ہے تو اس کے بعد صدر مملکت کی منظوری کی ضرورت نہیں رہے گی۔

  • تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد اپوزیشن اب کیا کرنے جارہی ہے؟

    تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد اپوزیشن اب کیا کرنے جارہی ہے؟

    اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے وفاقی حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کے لئے انتہائی اہم قدم اٹھالیا ہے۔

    ملکی سیاسی صورت حال میں بے چینی کی فضا قائم ہوچکی، عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی میں کیا جمع ہوئی؟ حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے سیاسی حربے استعمال کرنا شروع کردئیے۔

    حکومت کی جانب سے ناراض رہنماؤں اور اپوزیشن کے کچھ ارکان سے پس پردہ مذاکرات کئے جارہے ہیں جبکہ اپوزیشن کی نظریں پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے فیصلہ کن کردار پر جمی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: میرا پلان تیارہے، اب انہیں بتاؤں گا کہ سیاست کیسے کرتے ہیں، وزیراعظم

    ان تمام سیاسی صورت حال کے بعد متحدہ اپوزیشن نے اپنا ٹارگٹ صدر عارف علوی کو بھی بنالیا ہے اور ان کے خلاف مواخذے کی تحریک لانےکا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی جائے گی، نئےصدر کے امیدوار کیلئےآصف زرداری اور فضل الرحمان پر مشتمل2 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا صدر پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا یا جے یو آئی (ف) سے۔

  • صدر مملکت نے مرحوم قرض دار کے حق میں‌ بڑا حکم جاری کر دیا

    صدر مملکت نے مرحوم قرض دار کے حق میں‌ بڑا حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے بینک آف پنجاب کو ایک مرحوم قرض دار کے خاندان کو 4 لاکھ 23 ہزار روپے کی واپسی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان نے وفاقی بینکنگ محتسب کا رقم واپسی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بینک آف پنجاب کی اپیل مسترد کر دی، صدر مملکت نے کہا کہ بینک نے مرحوم قرض دار کے خاندان سے غیر منصفانہ طور پر زائد مارک اپ لیا ہے۔

    صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں کہا بینک نے ضابطوں کے خلاف غیر ضروری طور پر روزمرہ کے معاملے کو الجھایا، بینک کی اپیل میرٹ پر نہیں، بینک قانونی ذمہ داری میں ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ شہری میاں اللہ وسایا نے بینک آف پنجاب سے 2015 میں 30 لاکھ روپے قرض لیا تھا، شہری نے 35 لاکھ روپے کے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ بطور سیکیورٹی بینک کو جمع کرائے۔

    جنوری 2017 میں شہری کی وفات ہوئی مگر بینک نے اکتوبر 2018 تک مارک اپ لیا، بینک نے سرٹیفکیٹ کیش کرائے، 57،294 روپے کی بجائے 480،489 روپے مارک اپ لیا۔

    اللہ وسایا کی بیوہ نے بینک سے مارک اپ لینے اور زائد رقم معاف کرنے کی درخواست کی، تاہم بینک نے درخواست منظوری سے انکار کیا، جس پر شکایت کنندہ نے بینکنگ محتسب سے رجوع کر لیا۔

    بینکنگ محتسب کے مطابق بینک نے اصل رقم پر زائد مارک اپ وصول کیا، اور معاملہ لٹکا کر ناانصافی کی، کوئی قانون یا ضابطہ بینک کو پرانے معاملات دوبارہ کھولنے سے نہیں روکتا۔

  • مدر ٹریسا ادارے کے اکاؤنٹس منجمد ہونے پر صدر پاکستان کا ٹوئٹ

    مدر ٹریسا ادارے کے اکاؤنٹس منجمد ہونے پر صدر پاکستان کا ٹوئٹ

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ اور نوبل انعام حاصل کرنے والی خاتون مدر ٹریسا کے خیراتی ادارے کے اکاؤنٹس منجمد کرنے پر صدر پاکستان نے ٹوئٹ میں ردِ عمل کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت میں مدر ٹریسا کے فلاحی ادارے کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی خبر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ ہندوتوا بھارت کا اصل چہرہ ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔

    صدر مملکت نے ٹوئٹ میں کہا کہ فاشسٹ بھارت میں آج مشتعل گروپس متعدد بھارتی علاقوں میں کرسمس تقریبات میں خلل ڈال رہے ہیں، انتہا پسند سانتاکلاز کا پتلا جلا رہے ہیں اور کرسمس تقریبات اور مذہب بدلنے کے خلاف نعرے لگائے جا رہے ہیں۔

    صدر عارف علوی نے دنیا کو خبردار کیا کہ بھارت میں شدت پسندی بڑھتی جا رہی ہے، اسے خبردار ہونا ہوگا، اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے۔

    بھارت نے مدر ٹریسا کے فلاحی ادارے کی غیر ملکی فنڈنگ پر پابندی لگا دی

    واضح رہے کہ بھارت نے مدر ٹریسا کے خیراتی ادارے کے لیے غیر ملکی فنڈنگ کو روک دیا ہے، مشنریز آف چیریٹی کے غیر ملکی فنڈز کو روکنے کا یہ اقدام ہندو انتہا پسند گروپس کی جانب سے کرسمس کی تقریبات میں خلل ڈالنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

    مودی حکومت نے خیراتی ادارے کے لیے غیر ملکی فنڈنگ ​​لائسنس کی تجدید کرنے سے انکار کر دیا ہے۔