Tag: arif alvi

  • کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    مظفر آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گمنام قبریں تاریخ رقم کر رہی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان ہر اعتبار سے کشمیر کو سپورٹ کرتا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس دن بھی مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کی جاتی ہے انٹرنیٹ بند کیا جاتا ہے، کب تک چھپائیں گے ظلم کو مزید نہیں چھپا سکتے۔ بھارت میں جب الیکشن آتے ہیں، کشمیر اور مسلمانوں پر ظلم ڈھاتے ہیں۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوشش کی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقلیت میں بدلا جائے، جتنی کوشش کر لے بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی رہے گی۔ جب بھی نئی حکومت آتی ہے ہاتھ بڑھانے کا اچھا موقع ہوتا ہے، عمران خان نے بھی ہاتھ بڑھایا مگر جس طرح انکار کیا گیا دنیا نے دیکھا۔

    خیال رہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ آج کے دن لائن آف کنٹرول پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔

    یوم کشمیر کے موقع پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے، یقین ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب ہے، پیلیٹ گنز سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیریوں کا جذبہ حریت بڑھ رہا ہے، بھارت کے خلاف 70 سال سے کشمیری جدوجہد آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کاش لوگ سنگینوں کے نیچے آزادی کے نعرے نہ لگا رہے ہوتے، کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا، یہ واضح ہوچکا ہے کشمیریوں کی تحریک کامیاب ہو کر رہے گی۔

  • اسمگلنگ کی روک تھام میں کسٹم کا بہت اہم کردار ہے‘ عارف علوی

    اسمگلنگ کی روک تھام میں کسٹم کا بہت اہم کردار ہے‘ عارف علوی

    کراچی : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ منشیات اسمگلنگ روکنے کے لیے کسٹم کو سیسہ پلائی دیوارکا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کسٹم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم ہاؤس میوزیم کا دورہ کرنے پر تاریخ سے روشناس ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام میں کسٹم کا بہت اہم کردار ہے، منشیات کی اسمگلنگ کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ روکنے کے لیےکسٹم کو سیسہ پلائی دیوارکا کردار ادا کرنا ہوگا، معاملات بہترکرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ضروری ہے۔

    کراچی: کسٹم حکام کی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 10 ویلر ٹرک میں 65 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل کوئٹہ سے کراچی اسمگل کیا جا رہا تھا کہ کسٹم حکام نے انڈس ہائی وے جیکب آباد چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کی جس کے دوران ملزمان فرار ہوگئے تھے جبکہ حکام نے ایرانی ڈیزل اورٹرک تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 6 دسمبر2018 کو کراچی میں کسٹم حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

  • ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے‘ عارف علوی

    ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے‘ عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، قاتلوں کوقرار واقعی سزا دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرصدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جن بچوں کے سامنے والدین کوشہید کیا گیا ان کے ذہن پرکتنے مضراثرات ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم بچوں کے ذہنوں کی صورت حال کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتے، حکومت بچوں کا خیال رکھے گی تاہم والدین کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ ساہیوال کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، قاتلوں کوقرارواقعی سزا دی جائے۔

    ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں‘ وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ ساہیوال واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پریشان ہوں، بچوں کی آنکھوں کے سامنے والدین کوگولیاں ماری گئیں، صورت حال انتہائی تکلیف دہ ہے۔

    ساہیوال: مبینہ جعلی مقابلے میں دوخواتین سمیت 4 افراد ہلاک، بچہ زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔

  • پاکستان نےعالمی امن کے قیام میں خاطرخواہ کردار ادا کیا ہے‘ عارف علوی

    پاکستان نےعالمی امن کے قیام میں خاطرخواہ کردار ادا کیا ہے‘ عارف علوی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا قومی ایجنڈا اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے عین مطابق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ ماریہ فرنینڈا ایسپی نوزا نے صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات کی۔

    صدرمملکت نے ملاقات کے دوران صدر جنرل اسمبلی کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے جاری مظالم کی جانب مبذول کرائی۔

    انہوں نے کہا کہ تنازعات کی روک تھام اور جموں کشمیرسمیت تمام اہم دیرینہ تصفیہ طلب معاملات کے حل میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

    ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور اس کے منشور کی حمایت کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کا قومی ایجنڈا اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے عین مطابق ہے۔

    کشمیر میں بھارتی مظالم پر اقوام متحدہ میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے، وزیراعظم

    صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے عالمی امن کے قیام میں خاطرخواہ کردار ادا کیا ہے۔

    انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پربات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مجوزہ اصلاحات کا یہ عمل اتفاق رائے کے ساتھ شروع کیا جائے جو تمام ممالک کی امنگوں کا عکاس ہو۔

    صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی موجودہ صدر کی قیادت میں ادارہ مزید مستحکم ہوگا۔

    تنازعات کی روک تھام اور جموں کشمیر سمیت تمام اہم اوردیرینہ تصفیہ طلب معاملات کے حل میں اپنافعال کرداراداکرے گا۔

  • کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنائیں گے: صدر مملکت

    کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنائیں گے: صدر مملکت

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے، اس حوالے سے میئر کو بریفنگ دینے کا کہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے ڈاکٹرز اپنے عہد پر عمل پیرا رہیں گے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں ابتدائی 15 سے 20 سال اہم ہوتے ہیں، طلبا کی کامیابی پر اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے شعبے میں جدت آرہی ہے۔ کانووکیشن تعلیم مکمل کرنے والوں کے لیے ایک خوبصورت احساس ہے

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے، اس حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر کو بریفنگ دینے کا کہا ہے۔ ’میئر کے پاس وسائل کم ہیں اور ہمیں اس کا احساس ہمیشہ سے ہے‘۔

  • صدرمملکت عارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے

    صدرمملکت عارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے

    کراچی : صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے، دورے کے دوران وہ مصروف ترین دن گزاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی آج 3 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے اور گیارہویں ٹرافی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    صدر پاکستان ہفتے کے دن کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانوکیشن میں بھی شرکت کریں گے، انہیں گورنر ہاؤس میں میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سے متعلق صدر کوبریفنگ دی جائی گی۔

    ڈاکٹرعارف علوی تین روزہ دورے کے دوران موہنجودڑو سے متعلق تصاویری نمائش میں بھی شرکت کریں گے اس کے علاوہ وہ بینکنک محتسب کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

    صدر عارف علوی نے کراچی میں لوکل ٹرین سروس کا افتتاح کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صدر عارف علوی نے کراچی سٹی اسٹیشن تا دھابیجی لوکل ٹرین سروس کا افتتاح کیا تھا۔

    صدر مملکت نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

  • انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

    انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔ انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول قومی المیہ ہونے کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔ معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو بیدار اور متحد کیا۔

    صدر عارف علوی نے شہدائے آرمی پبلک اسکول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا اور ان کے لواحقین کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف کامیاب لڑائی پر سیکیورٹی فورسز کی معترف ہے، انتہا پسندی کا راستہ روکنے کے لیے قوم ہر قربانی کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے۔ 4 سال قبل آج ہی کے روز سفاک دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدلانہ حملہ کیا اور 147 طلبا و اساتذہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    بدترین دہشت گردانہ کارروائی کے بعد پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا اور پہلے سے زیادہ قوت سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

  • صدر مملکت سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے

    صدر مملکت سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے

    ریاض: صدر مملکت عارف علوی سعودی عرب کے دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    تفیصلات کے مطابق صدر مملکت مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، ایئرپورٹ پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر شہزادہ سعودبن خالدبن فیصل نے شاندار استقبال کیا۔

    اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل، قونصلیٹ افسران اور سعودی حکام بھی موجود تھے، ایئرپورٹ پر خوشگوار انداز میں سعودی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی گئیں۔

    صدر عارف علوی روضہ رسولؐ پر حاضری اور عمرہ ادا کریں گے۔

    خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی رجب طیب اردگان کی دعوت پر ترکی کے تین روزہ دورے پر استنبول پہنچے تھے۔

    اپنے دورہ کے دوران صدر مملکت ترک ہم منصب طیب اردگان سمیت دیگر ممالک کی قیادتوں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔

    خیال رہے کہ اپنے پہلے غیرملکی دورے میں ترکی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو انہوں نے کہا تھا کہ ترکی میں جمہوریت کے دیپ ایردوآن نے روشن کیے۔

  • پاکستان میں صرف دس سے گیارہ فی صد لوگ ڈیجیٹل آشنا ہیں: صدر مملکت

    پاکستان میں صرف دس سے گیارہ فی صد لوگ ڈیجیٹل آشنا ہیں: صدر مملکت

    کراچی: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کے لیے بھی تعلیم ضروری ہے، پاکستان میں صرف دس سے گیارہ فی صد لوگ ڈیجیٹل اوئیر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ کمپیوٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے صرف دس گیارہ فی صد لوگ ہی ڈیجیٹل آشنا ہیں۔

    [bs-quote quote=”چوتھا صنعتی انقلاب آ رہا ہے، انسان اور مشین کے درمیان تعلق پیدا ہو رہا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”عارف علوی” author_job=”صدر پاکستان”][/bs-quote]

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سائنس اور فزکس کے مضامین کا مجھے ہمیشہ سے شوق تھا، پہلے مشینیں صرف کام کرتی تھیں اب فیصلہ سازی بھی کر سکتی ہیں۔

    صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پہلا صنعتی انقلات اسٹیم انجن کے ساتھ آیا، دوسرا بجلی کی مدد سے آیا، تیسرا صنعتی انقلاب آئی ٹی اور کمپیوٹر کے ساتھ آیا، اور اب چوتھا صنعتی انقلاب آ رہا ہے، جس میں انسان اور مشین کے درمیان ایک نیا تعلق پیدا ہو رہا ہے، ہم قوم کو اس راستے پر دیکھنا چاہتے ہیں جو انسانیت سے مالا مال ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ چوتھے صنعتی انقلاب میں مشین خود فیصلہ کرے گی کہ اس نے کیا کرنا ہے، گاڑیاں خود ہی خود کو پارک کریں گی۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں امیگریشن قوانین سخت تر ہوتے جا رہے ہیں، وہاں انٹیلیکچوئل پراپرٹی کے شعبے میں لوگ اپنے ملک میں بیٹھ کر ساری دنیا میں کاروبار کرتے ہیں اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کی ترقی میں‌ بدعنوانی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، صدر مملکت


    خیال رہے کہ آج دن میں اسلام آباد میں انسدادِ بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  صدرِ مملکت نے کہا تھا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بد عنوانی ہے۔

  • پختونخواہ نے تعلیم کے میدان میں ترقی کی: صدر عارف علوی

    پختونخواہ نے تعلیم کے میدان میں ترقی کی: صدر عارف علوی

    پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ نے تعلیم کے میدان میں 10، 15 سال میں ترقی کی ہے۔ پختونخواہ میں تعلیم کے میدان میں اہم کام کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ذمہ داری کے بعد پشاور کا دورہ کر رہا ہوں، تمام صوبوں کے درمیان تعلقات پیدا کرنا میری ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کے لیے کردار ادا کیا، فاٹا کو ضم کرنا کوئی آسان کام نہیں اس میں کچھ وقت لگتا ہے۔ خیبر پختونخواہ نے تعلیم کے میدان میں 10، 15 سال میں ترقی کی ہے۔ پختونخواہ میں تعلیم کے میدان میں اہم کام کیے گئے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ فاٹا کا انضمام قانونی اعتبار سے ہوگیا لیکن مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔ فاٹا کے لوگوں نے بھی بڑی قربانیاں دی ہیں۔ فاٹا میں مزید 30 ہزار لوگوں کو روزگار دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پختونخواہ کا قانون سابق فاٹا میں پہنچانا فوری کام ہے، دہشت گردی کے خلاف پختونخواہ نے بہت نقصان برداشت کیا ہے۔ فاٹا میں لوگوں کو دوبارہ آباد کرنا بہت بڑا کام تھا۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس دہشت گردی کے خلاف وسیع تر تجربہ موجود ہے۔ مسائل کا سامنا ہے لیکن مشکلات جلد حل ہوجائیں گی، این ایف سی کے تحت فاٹا کے لیے 3 فیصد اور پختونخواہ کی گرانٹ بڑھائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام آسان نہیں لیکن اس پر کام ضرور ہوگا، کراچی میں انفرا اسٹرکچر نہیں لیکن عمارتیں بنتی گئیں۔ سابق فاٹا میں لیویز اور خاصہ دار فورس کا کوئی اہلکار بے روزگار نہیں ہوگا، پختونخواہ سیاحت کے لحاظ سے بہترین ہے۔

    صدر کا کہنا تھا کہ بغیر پلاننگ تعمیرات کی اجازت دی تو سیاحت تباہ ہوجائے گی، ورلڈ بینک سے مل کر ٹورازم پالیسی بنالی ہے۔ پختونخواہ میں سیاحت کے لیے وسائل فراہم کرنا ہوں گے۔ بلین ٹری سونامی گلوبل وارمنگ کے لحاظ سے بہترین پروجیکٹ ہے۔