Tag: Arif Elvi

  • سانحہ ساہیوال: صدر مملکت سے ذیشان کے بھائی کی ملاقات آج ہوگی

    سانحہ ساہیوال: صدر مملکت سے ذیشان کے بھائی کی ملاقات آج ہوگی

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے ذیشان کے بھائی کی ملاقات آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج صدر ڈاکٹرعارف علوی سے ذیشان کے بھائی احتشام کی ملاقات ہوگی، سانحہ ساہیوال سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    صدر مملک سے ملاقات کے لیے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام صبح 6 بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔

    سانحہ ساہیوال کے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام کا گذشتہ دنوں کہنا تھا کہ مقتولین ذیشان اور خلیل کے دوستانہ تعلقات تھے، دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے والدہ ذیشان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا دہشت گرد نہیں ہے، وہ نیو اسکول ماڈل ٹاؤن سے پڑھا تھا۔

    والدہ ذیشان نے بتایا کہ میرا بیٹا ذیشان لائق تھا، دکان پر کمپیوٹر ٹھیک کرتا تھا، لیکن دکان میں آگ لگنے کے بعد سے گھر پر کمپیوٹر ٹھیک کرتا تھا۔

    سانحہ ساہیوال ، وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہنگامی طور پر اسلام آباد طلب کرلیا، وزیراعلیٰ ساہیوال واقعے پر ابتدائی جے آئی ٹی رپورٹ پر بریفنگ دیں گے اور پنجاب پولیس کے نظام میں اصلاحات سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی،جبکہ سی ٹی ڈی نے متضاد بیان دیا تھا۔

  • صدر مملکت کی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

    صدر مملکت کی عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے ماہ بابرکت ہمارے لیے باعث خیروبرکت ہو۔

    اپنے جاری کردہ خصوصی پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے نبیﷺ کو پوری انسانیت کے لیے کامل رہنما اور معلم بنا کر بھیجا ہے۔

    انہوں نے کہا سرکار دو عالمﷺ کی تعلیمات سے زندگی کے ہر گوشے میں انقلاب برپا ہوگیا، آپ ﷺ کی آمد سے زندگی کے ہر شعبے میں خوشگوار تبدیلی روہنما ہوئی۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ حضرت محمدﷺ کی حیات مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے، آپﷺ کی زندگی سادگی، انصاف، رحمت، سخاوت اور تواضع کا درس ہے۔

    ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول ﷺ کا امتی بنایا، وزیراعظم کا خصوصی پیغام

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے مدنظر ہمیں دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینی ہوگی، انسانیت کی فلاح کا دارومدار حضورﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ ﷺ کی جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لیے قابل تقلید ہے، آپ ﷺ نے اقوام عالم کو عدل و انصاف، مساوات، مذہبی رواداری کا پیغام دیا، آج وہ نظام دیکھنے کی نہ معلوم کتنی آنکھیں منتظر ہیں۔

    وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نبی کے امتی ہونے کے ناطے خود کو حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا ہوگا، آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز پر ڈھالنے کی کوشش کریں، ریاست مدینہ میں ہی ہم سب کی بقا اور سربلندی ہے۔