Tag: Arif Habib

  • پی آئی اے خریدار کو کن مسائل کا سامنا ہوگا؟ عارف حبیب نے پریشان کن حقائق بتا دیے

    پی آئی اے خریدار کو کن مسائل کا سامنا ہوگا؟ عارف حبیب نے پریشان کن حقائق بتا دیے

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے سلسلے میں ملک کے معروف بزنس مین محمد عارف حبیب نے پریشان کن حقائق بتائے ہیں۔

    عارف حبیب گروپ کے بانی محمد عارف حبیب کا کہنا ہے کہ پی آئی اے خریدنے والا اگلے 3 سال تک ادارہ فروخت نہیں کر سکتا، اور نئے خریدار کو پی آئی اے کے بیڑے میں 20 طیارے بھی شامل کرنے ہوں گے۔

    انھوں نے کہا خریداری میں دل چسپی رکھنے والے بیش تر خریداروں کی خواہش ہے کہ وہ 75 فی صد شیئر خریدیں، یہ عملی طور پر ایک فائدہ مند ادارہ ہے، لیکن عارف حبیب نے بتایا کہ ماضی کی طرح آج بھی اس کا سب سے بڑا مسئلہ قرضوں اور سود کا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا ادارے پر مجموعی قرضہ 800 ارب روپے ہو گیا ہے، جس میں 600 ارب روپے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی جب کہ 200 ارب روپے خریدار کو ادا کرنا ہوں گے، ان قرضوں میں زیادہ حصہ ایف بی آر اور سول ایوی ایشن کا ہے۔

    عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کے خریدار کو قرض واپسی کا ٹائم فریم ملنا چاہیے، قرضوں کی واپسی پر غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے پرائیوٹ سیکٹر کو ہمیشہ ڈر رہے گا کہ کہیں سوئچ آف نہ ہو جائے، اگر قرضوں کی واپسی فوری مانگی گئی تو اس کی قیمت پر بہت برا اثر پڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ٹیک اوور کرنے کے بعد اگر ملازمین اور قرضوں کا مسئلہ حل ہو جائے تو جلد اس کو ٹرن اراؤنڈ کیا جا سکتا ہے۔

  • کے الیکٹرک کی فروخت: شنگھائی الیکٹرک کو دی گئی مہلت خاتمے کے قریب

    کے الیکٹرک کی فروخت: شنگھائی الیکٹرک کو دی گئی مہلت خاتمے کے قریب

    کراچی :کے الیکٹرک خریدنے کے لیے شنگھائی الیکٹرک کو دی گئی قانونی مدت پوری ہونے میں محض 18 دن رہ گئے، شنگھائی الیکٹرک نے ابھی تک کے الیکٹرک کو نہیں خریدا۔

    تفصیلات کے مطابق شنگھائی الیکٹرک کو کراچی میں بجلی سپلائی کرنے والے کمپنی کے الیکٹرک خریدنے کے لیے دی گئی قانونی مدت ختم ہونے والی ہے۔

    اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نوٹس کا اجرا کرکے شیئرزہولڈرز کو مطلع کردیا گیا ہے، قانون کے مطابق اظہار دلچسپی کے بعد 90 دن کی قانونی مدت میں ڈیل طے کرنا ہوتی ہے۔

    قبل ازیں شنگھائی الیکٹرک کو اظہار دلچسپی کی میعاد ختم ہونے پر 2 مرتبہ توسیع دی گئی اور اب یہ مدت 30 جون کو ختم ہورہی ہے۔

    شنگھائی الیکٹرک سودے پر قائم ہے، میعاد میں توسیع کی درخواست دے گی، عارف حبیب

    کے الیکٹرک اورشنگھائی الیکٹرک کے سودے میں شامل آفر منیجرعارف حبیب نے کہا ہے کہ شنگھائی الیکٹرک، کے الیکٹرک کو خریدنے کے سودے پر اب بھی قائم ہے، شنگھائی الیکٹرک میعاد ختم ہونے پر تیسری بار توسیع کی درخواست دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شنگھائی الیکٹرک، کے الیکٹرک کے 66 فیصد اکثریتی حصص خریدنا چاہتی ہے اور وہ اس بات پر قائم ہے۔

  • پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کرکے ائرلائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبرعارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھتی تھی اب اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام کرنا ہوگا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔

    سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کے لئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پرآسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے لئے اس کے انفراسٹرکچر، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کےلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔