Tag: arif lohar

  • لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر عارف لوہار کی آواز کی دھوم

    لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر عارف لوہار کی آواز کی دھوم

     فیفا نے سوشل میڈیا پر عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر پاکستانی گلوکار عارف لوہار کے گانے کا استعمال کیا۔

    پاکستانی فنکار عارف لوہار کے گیت ’آ‘ کی دھوم فٹبال کے عالمی دنیا میں بھی مچنے لگی ہے، فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اس گیت کو لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by FIFA World Cup (@fifaworldcup)

    ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی سالگرہ کے موقع پر فیفا ورلڈ کپ کے انسٹاگرام پیج پر ایک ویڈیو شییئر کی گئی جس کا کیپشن اردو میں ’میسی کا جادو‘ درج تھا۔

    ویڈیو میں میسی کی ورلڈ کپ جھلکیاں دکھائی گئیں جس میں انہیں جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ بیک گراؤنڈ میوزک کے طور پر پاکستانی گلوکار عارف لوہار کا گانا ’آ‘ استعمال کیا گیا ہے۔

    عارف لوہار کا یہ گانا ریلیز کے بعد سے شہرت کی بلندیوں پر ہے۔ ماضی میں پی ایس ایل اور کرکٹ ورلڈکپ کے دوان بھی یہ گانا بجتا رہا، سوشل میڈیا پر اب تک کروڑوں صارفین اس گانے کی وڈیو دیکھ چکے ہیں۔

  • لوک گلوکار عارف لوہار کی اہلیہ انتقال کر گئیں

    لوک گلوکار عارف لوہار کی اہلیہ انتقال کر گئیں

    لاہور: معروف پاکستانی لوک گلوکار عارف لوہار کی اہلیہ انتقال کر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لوک فن کار عارف لوہار کی اہلیہ رضیہ عارف کا گزشتہ رات ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا، وہ کرونا کی مشتبہ مریضہ تھیں۔

    نجی اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عارف لوہار کی اہلیہ رضیہ عارف کو 2 گھنٹے قبل اسپتال لایا گیا تھا، وہ کرونا وائرس کی علامات میں مبتلا تھیں، ان کا کرونا ٹیسٹ کیا جا رہا تھا لیکن ٹیسٹ کرنے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہو گیا۔

    بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد انتقال کرگئيں

    یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سنبل شاہد بھی کرونا وائرس کے باعث دار فانی سے کوچ کرگئی تھیں، ان کا علاج لاہور کے سی ايم ايچ ميں جاری تھا لیکن وہ صحت یاب نہ ہو سکیں، سنبل شاہد اداکارہ بشریٰ انصاری اور اسما عباس کی بہن تھیں۔

    گزشتہ ماہ شہنشاہ غزل مرحوم مہدی حسن کے صاحب زادے عارف مہدی انتقال کر گئے تھے، خاندانی ذرائع کے مطابق عارف مہدی کا انتقال ہائی بلڈ پریشر کے باعث ہوا، وہ طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔

  • جگنی کے خالق عالم لوہار کی 38 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    جگنی کے خالق عالم لوہار کی 38 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

    چمٹے کی منفرد ھن پر مست کردینے والے ساز بکھیرنے والے معروف لوک گلوکار عالم لوہار کی آج 38 ویں برسی ہے ‘ وہ 3 جولائی 1979 کو اس جہانِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔

    بے مثل و بے بدل لوک فنکار عالم لوہار یکم مارچ 1928 کو گجرات کے ایک نواحی گاؤں آچھ گوچھ میں پیدا ہوئے، انہوں نے کم عمری سے گلوکاری کا آغازکردیا تھا۔

    عالم لوہار کو چمٹا بجانے اور آواز کا جادو جگانے میں کمال کا فن حاصل تھا، ان کے گائے ہوئے پنجابی گیت آج بھی سماعتوں پر وجد طاری کردینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ان کی خاص پہچان ان کا چمٹا تھا، انہوں نے چمٹے کو بطور میوزک انسٹرومنٹ استعمال کیا اور دنیا کو ایک نئے ساز سے متعارف کرایا۔ وہ اپنے مخصوص انداز اور آواز کی بدولت بہت جلد عوام میں مقبول ہوگئے، ان کی گائی ہوئی جُگنی آج بھی لوک موسیقی کا حصہ ہے۔

    جُگنی اس قدر مشہور ہوئی کہ ان کے بعد آنے والے متعدد فنکاروں نے اسے اپنے اپنے انداز سے پیش کیا لیکن جو کمال عالم لوہار نے اپنی آواز کی بدولت پیدا کیا وہ کسی دوسرے سے ممکن نہ ہوسکا۔

    جُگنی کی شہرت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس دور کی اردو اور پنجابی فلموں میں بھی جُگنی کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا جبکہ جُگنی کی پکچرائزیشن بھی انہی پر ہوئی۔

    جُگنی کے علاوہ عالم لوہار نے کئی اور منفرد نغمے تخلیق کئے جن میں اے دھرتی پنج دریاں دی، دل والا دکھڑا نئیں، جس دن میرا ویاہ ہو وے گا، قصّہ سوہنی ماہیوال کا گیت، وغیرہ بہت مقبول ہوئے۔

    عالم لوہار کی گائیکی کا انداز منفرد اور اچھوتا تھا جو اندرونِ ملک ہی نہیں بیرونِ ملک جہاں پنجابی اور اردو زبان نہیں سمجھی جاتیں وہاں بھی لوگ ان کی خوبصورت دُھنوں پر جھوم اٹھتے تھے، خصوصاً قصّہ ہیر رانجھا اور قصّہ سیف الملوک آج بھی زبان زدِ عام ہیں۔

    تین جولائی 1979 کو پنجاب کے ایک غیر معروف قصبے مانگا منڈی کے پاس ٹریفک حادثے میں ان کا انتقال ہوا، جس کے بعد انہیں لالہ موسیٰ میں سپردِ خاک کیا گیا۔

    چمٹا بجانے کے ساتھ ساتھ گلوکاری کا فن اگرچہ اب محدود ہوگیا ہے اور چمٹا بجانے والوں کی تعداد تقریباً ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن عالم لوہار کے بیٹے عارف لوہار نے چمٹے سے چھڑنے والی نئی سے نئی دُھنوں کے ذریعے نہ صرف اپنے والد کے فن کو زندہ رکھا ہوا ہے بلکہ وہ خود بھی اس فن میں دوسروں سے ممتاز ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔