Tag: Armed Men

  • کراچی میں نامعلوم افراد کی اسلحے سمیت گھر میں گھسنے کی کوشش

    کراچی میں نامعلوم افراد کی اسلحے سمیت گھر میں گھسنے کی کوشش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد نے اسلحے سمیت ایک گھر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم گارڈ نے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں چند نامعلوم افراد نے ایک گھر میں اسلحے سمیت گھسنے کی کوشش کی، اس موقع پر گھر میں موجود گارڈ نے نہایت ہمت کا مظاہرہ کیا۔

    گارڈ نے نامعلوم افراد کو الٹے پیر بھاگنے پر مجبور کردیا۔

    گھر کے اندر اور باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں تمام واقعہ ریکارڈ ہوگیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح افراد نہایت افراتفری میں گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی میں ہی ڈیفنس فیز 1 میں گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جہاں 4 مسلح ملزمان ایک کلو سونا اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان 7 موبائل فونز، ایک میک بک، ایک لیپ ٹاپ اور ایک قیمتی کیمرہ لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ گھر میں موجود 1 لاکھ 75 ہزار روپے بھی لے گئے۔

  • امریکا: گھر والوں کو باندھ کر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات

    امریکا: گھر والوں کو باندھ کر دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات

    امریکا میں ایک گھر میں دن دہاڑے ہونے والی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی گئی جس میں 3 ملزمان نے 5 افراد کو باندھ کر 40 ہزار ڈالر لوٹ لیے۔

    امریکی شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں پیش آنے والا یہ واقعہ گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 ملزمان گھر کے کھلے دروازے سے اندر داخل ہوگئے۔

    ملزمان نے پستول لہرا کر اندر موجود 5 افراد کو اوندھے منہ زمین پر لیٹنے کا حکم دیا اور اس کے بعد ان کے ہاتھ پیچھے کر کے زپ ٹائی سے باندھ دیا، بعد ازاں وہ ایک 43 سالہ شخص کو پستول کی نوک پر مکان کے اندر لے گئے۔

    ملزمان نے اسے دھمکا کر اس سے رقم کے بارے میں دریافت کیا اور گھر میں موجود 40 ہزار ڈالرز کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے گھر کے کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اہل خانہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے البتہ وہ صدمے کی حالت میں اور خوفزدہ ہیں، پولیس نے اہل علاقہ سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ اس حوالے سے کوئی معلومات رکھتے ہیں تو پولیس سے شیئر کریں۔