اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ بل کی دفاعی کمیٹی سے متفقہ منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملکی مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور ملکی مفاد کا تحفظ ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔
امید ہے اسی جذبے کا مظاہرہ آج پارلیمان میں بھی دکھائی دے گا، آرمی ایکٹ بل کی دفاعی کمیٹی سے متفقہ منظوری اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے مفادات کیلئے ہم سب ایک ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خطے کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر باہمی ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے، پاکستانی قوم ہمیشہ اتحاد اور یکجہتی سے ہر چیلنج سے نبرد آزما ہوئی ہے، اہم قومی معاملے پر سیاسی قوتوں کا یکساں مؤقف جمہوریت کی فتح ہے۔
مزید پڑھیں : آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل آج منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیردفاع پرویزخٹک آرمی چیف اور دیگرسروسز چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ بل منظوری کے لئے ایوان میں پیش کریں گے، آرمی ایکٹ بل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد ایوان بالا بھیجا جائے گا۔