Tag: army attack

  • روسی حملے جاری : کرسون شہر میں دو سو افراد ہلاک، عمارتیں تباہ

    روسی حملے جاری : کرسون شہر میں دو سو افراد ہلاک، عمارتیں تباہ

    کیف : یوکرین پر روسی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، جنوبی شہر خرسون پر روسی فوج کے قبضے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے ذریعے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یوکرین میں روسی فوجی کارروائی کا آج ساتواں روز ہے، خرسون میں حملے کے دوران دو سو افراد ہلاک ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق شہرکی رہائشی عمارتوں میں آگ لگی ہوئی ہے، دارالحکومت کیف میں ٹی وی ٹاور پر حملہ کے نتیجے میں پانچ افراد جان سے گئے۔

    یوکرینی حکام کے مطابق ٹاور پر حملے کے باوجود سرکاری ٹی وی کی نشریات بحال ہیں، خارکیف میں بھی گھمسان کا رن پڑا ہوا ہے۔

    فریڈم اسکوئر اور اوپیرا ہاؤس تباہ ہوگیا، حملوں سے متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، تازہ ترین حملوں میں گیارہ شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسی فیصد روسی دستے یوکرین میں داخل ہوچکے ہیں۔

    روسی وزیرِ دفاع نے دو ٹوک بتا دیا کہ تمام اہداف کے حصول تک یوکرین میں کارروائی جاری رہے گی، یوکرین کو غیرعسکری بنائیں گے اور اسے نازیوں سے پاک کیا جائے گا۔

    یوکرینی وزارتِ دفاع نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کہہ دیا، روسی وزارتِ دفاع کے مطابق اب تک یوکرین کی ایک ہزار تین سو پچیس فوجی تنصیات تباہ کی گئیں۔

    دوسری جانب یوکرین نے بھی اب تک روسی فوج کیخلاف کارروائی میں پانچ ہزار سات سو دس روسی فوجیوں کی ہلاکت جبکہ دو سو روسی فوجیوں کو جنگی قیدی بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    انتیس لڑاکا طیارے اور انتیس ہیلی کاپٹر مار گرائے، ایک سو اٹھانوے ٹینک، آٹھ سو چھیالیس بکتر بند، ستتر توپیں اور دو جنگی بحری جہاز تباہ کیے ہیں، اقوامِ متحدہ کے مطابق اب تک چھ لاکھ اسی ہزار افراد یوکرین سے نکل چکے ہیں۔

    روس اپنی اسی فیصد فوج یوکرین میں اتارچکا ہے، نیٹو چیف کا کہنا کہ یوکرین کی عسکری اور مالی مدد کر رہے ہیں لیکن فوج نہیں بھیجیں گے، یوکرینی صدر کے دفتر کے مطابق یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کی درخواست قبول کرلی گئی ہے۔

  • بوکوحرام کا شبہ، نائجیرین فوج نے اپنے پچاس شہری مارڈالے

    بوکوحرام کا شبہ، نائجیرین فوج نے اپنے پچاس شہری مارڈالے

    ابُوجا : نائجیریا کی فوج نے جنگوؤں کے شبے میں اپنے ہی پچاس سے زائد معصوم شہری مار ڈالے، فضائی حملے میں ایک سو سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائجیریا کی فضائیہ نے ملک کے شمال مشرقی علاقے رن میں حادثاتی طور پر حملہ کرکے عام شہریوں کو ہلاک اور زخمی کردیا ہے۔

    بین الاقوامی امدادی ادارے کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 50 افراد مارے گئے ہیں جب کہ ایک سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ حملہ نائجیریا اور کیمرون کی سرحد کے قریب کیا گیا جہاں فوج بوکو حرام کے جنگجوؤں سے لڑ رہی ہے۔

    فوج کے ترجمان میجر جنرل لکی ارابور نے کہا کہ جیٹ طیارے کے ہواباز نے غلطی سے سمجھ لیا کہ وہ جنگجوؤں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ اس علاقے میں بوکو حرام کے جنگجو جمع ہو رہے ہیں۔ نائجیریا کے صدر محمد بخاری نے اس جانی نقصان پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے صبر کی درخواست کی ہے۔

    صدر کے ترجمان نے کہا کہ صدر بخاری کی انتظامیہ ریاست بونو کی حکومت کو اس ‘افسوس ناک غلطی سے نمٹنے’ میں مدد دے گی۔