Tag: army public school

  • بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پرخاموش نہیں رہیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پرخاموش نہیں رہیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    لندن: ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل عاصم باجوہ کہتے ہیں دہشت گردی کیخلاف حکومت اورفوج مل کرکام کررہی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیلئے فوج نےبڑا کردار اداکیا، دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئےفوج اور حکومت مل کرکام کررہے ہیں۔

     میجرجنرل عاصم باجوہ نے مشرقی سرحدوں پر جارحیت کو خطرناک قرار دیتے ہوئےکہاکوئی ملک خطے میں تناؤ نہیں چاہتا۔

     ترجمان پاک فوج نے بتایابھارت میں انتہا پسندی بڑھ رہی ،پاکستان میں کسی ٹارگٹ کونشانہ بناناکوئی مذاق نہیں۔

     ڈی جی آئی ایس پی آرکاکہناتھامتفقہ طورپرتیارکئے گئےنیشنل ایکشن پلان پرصوبوں کی سطح پرعمل ہورہاہے۔

  • آئندہ پروٹوکول کے بغیر سفر کروں گا ، عمران خان

    آئندہ پروٹوکول کے بغیر سفر کروں گا ، عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آئندہ بغیر پروٹوکول کے سفر کرنےکااعلان کردیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این اے 122 سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ ویب سائٹ پر ڈال دی ہے اور اس میں سب کچھ واضح ہو گیا ہے۔ کمیشن کے مطابق 34 ہزار ووٹوں پر مہر نہیں لگی جبکہ این اے 122 میں سے این اے 124 کے ووٹ بھی ملے۔

     ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو خط اس لئے لکھا تاکہ ہمیں سڑکوں پر نکلنا نہ پڑے تاہم 18 جنوری کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پرویز رشید عجیب و غریب باتیں کر رہے ہیں، ان کا ذہنی توازن درست معلوم نہیں ہوتا۔

    عمران خان نے کہا کہ ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے، سانحہ پشاور کے بعد جو تعاون ہوسکتا تھا حکومت سے کیا، جن نکات پر اتفاق ہوا تھا، اس پر مفاہمت کیلئے تیار ہیں، اسحاق ڈار نے 3 نکات پر اتفاق کرلیا تھا لیکن 30 دسمبر کے بعد واپس آنے کا کہہ کر پھر نہیں پلٹے، مذاکرات کے ماحول کو برقرار رکھنے کیلئے خط لکھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 18 جنوری کو اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنا ہے، حکومت عوام کی آنکھوں ميں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے، کمیشن نے مانا 34 ہزار ووٹ غیرمستند ہیں، 284 میں سے 128 تھیلوں میں فارم 14، 15 نہیں، کپتان نے ایک بار پھر بااختیار جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کردیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کہتے ہیں کہ آرمی پبلک اسکول صوبائی حکومت کے نہیں، فوج کے تحت ہیں، والدین کی جگہ میں ہوتا تو اسی طرح احتجاج کرتا، اگر والدین کی بھڑاس نکلتی ہے تو میں پھر جانے کو تیار ہوں، میرے ساتھ پروٹوکول کی 6 گاڑیاں تھیں، آج کے بعد میرے ساتھ کوئی پروٹوکول نہیں ہوگا۔

  • عمران خان کا آرمی پبلک اسکول کا دورہ، شہداء کے والدین مشتعل

    عمران خان کا آرمی پبلک اسکول کا دورہ، شہداء کے والدین مشتعل

    پشاور: عمران خان کے آرمی پبلک اسکول پہنچنے پرشہید بچوں کے مشتعل والدین کا احتجاجی مظاہرہ، عمران خان کا گھیراؤکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آج اپنی رہائش گاہ بنی گالہ اسلام آباد سے  آرمی پبلک اسکول کے شہید طلباء سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے توانہیں شہید بچوں کے والدین کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

    عمران خان جب بچوں کیلئے دعائے مغفرت کررہے تھے تو اسی اثناء میں ایک شہید بچے اسفند کی والدہ سیکورٹی حصار کوتوڑتے ہوئے عمران خان کے قریب پہنچ گئیں اوران کا گریبان پکڑکرکہا کہ ہمیں ہمارے بچوں کے خون کا حساب دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’’تم یہاں ہمارے لئے نہیں آئے تم میڈیا کیلئے، اخبارات کیلئے اوراپنی نئی دلہن کو سیرکرانے کے لئےلے کرآئے ہو ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہم نے آپ کو ووٹ دے کرغلطی کی‘‘۔

    اس موقع پرایک بچے کے والد نے کہا کہ اپنے بچوں کی لاشوں پران سیاست دانوں کو سیاست نہیں کرنے دیں گےان کے لوگوں کوعوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

    ایک شہید بچے احسان کی والدہ نے روتے ہوئے کہا کہ خدارا پاکستان سے افغان باشندوں کو باہر نکالا جائے، ملک کی خارجہ پالیسی کو درست کیا جائے ۔

    صورت حال کی نزاکت بھانپتے ہوئے سیکیورٹی حکام نے عمران خان اورریحام خان کو اسکول کے عقبی دروازے سے روانہ کردیا۔

  • آئی جی خیبرپختونخواہ کا پشاورمیں اسکولوں کا خصوصی دورہ

    آئی جی خیبرپختونخواہ کا پشاورمیں اسکولوں کا خصوصی دورہ

    پشاور: آئی جی خیبر پختونخواہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہرحال میں جیتیں گے وہ پشاورمیں اسکولوں کی سیکیورٹی کی خاطر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبر پختونخواہ ناصردرانی نے موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد کھلنے والے اسکولوں میں کئے گئے سییکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

    انہوں نے اسکولوں کی چار دیواری اور اسکولوں کے قریب بنائی گئی چوکیوں کا خصوصی معائنہ کیا اوراس موقع پر طالب علموں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’کسی بھی مشکوک شے یا شخص کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پراپنے اساتذہ کو دیں‘۔

    اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 1200 اہلکار شہید ہوچکے ہیں اورمزید شہید ہونے کو تیارہیں۔

    آئی جی ناصردرانی نے مزید کہا کہ ہمارے جوان باہمت ہیں اوران کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہرحال میں جیتیں گے۔

    آرمی پبلک اسکول پشاوربھی مرمت اوربحالی کے عمل سے گزرنے کے بعد طلبہ وطالبات کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

  • کے پی کے اسمبلی کا کانفرنس روم شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے نام

    کے پی کے اسمبلی کا کانفرنس روم شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے نام

    پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کا کانفرنس روم آرمی پبلک اسکول کی پرنسپل شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

    بچوں کے مستقبل کو روشن کرنے والی آرمی پبلک اسکول کی پرنسپل کی شجاعت وبہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کے پی کے اسمبلی کا کانفرنس ہال ان کے نام سے منسوب کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

    اسپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پرنسپل شہید طاہرہ قاضی کو اعلیٰ سول ایوارڈ دیا جائے۔مدارس تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    انہیں اعتماد میں لینا چاہئیے۔صوبائی اسمبلی کے رکن مشتاق احمد غنی کا کہنا تھاکہ بہادر قوم کے بہادر بچے بلند حوصلوں کے ساتھ بارہ جنوری کو دوبارہ اسکول میں قدم رکھیں گے۔

    دہشت گردی کے واقعات سے حوصلے پست نہیں ہونگے۔اسکول دوبارہ جلد آباد ہونگے۔ واضح رہے کہ سولہ دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کی جانب سے کئے جانیوالے حملے میں اسکول پرنسپل میڈم طاہرہ قاضی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

  • یونس خان نے آرمی پبلک اسکول پشاورکا دورہ کیا

    یونس خان نے آرمی پبلک اسکول پشاورکا دورہ کیا

    پشاور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے پشاور میں آرمی پبلک اسکور کا دورہ کیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دیا گیا سامان انتظامیہ کے حوالے کیا۔

    پشاورمیں آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت کیوی کھلاڑی بھی بے حد غمزدہ دکھائی دیے۔ یونس خان نے کیو ی اور پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے دیا گیا سامان انتظامیہ کے حوالے کیا۔

    تجربہ کار بیٹسمین کیوی ٹیم منیجمنٹ کی جانب سے دیا گیا خط بھی پڑھ کر سنایا۔ جس میں کیوی کھلاڑی اور ٹیم انتظامیہ نے افسوس ناک واقع پر غم کا اظہا کیا۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کھلی بربریت ہے وہ اور تمام کھلاڑی شہدا کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ سانحہ پشاور پر بین الاقوامی برادری کی جانب شدید غم وغصہ اور مذمت کا اظہار کیا گیا،اور شہداء کے لئے غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی اور ان کی مغفرت کیلئےخصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

  • سانحہ پشاور: آرمی پبلک اسکول کی صفائی شروع

    سانحہ پشاور: آرمی پبلک اسکول کی صفائی شروع

    پشاور: پشاور میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد آج آرمی پبلک اسکول کی صفائی شروع کی جارہی ہے۔ تین دن میں آرمی کے انجینئر تباہ شدہ حصوں کی مرمت کریں گے۔ پانچ جنوری کو اسکول کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

    پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد اسکول کی صفائی اور مرمت کا کام آج سے شروع کیا جارہا ہے۔ آرمی کے انجینئرز تباہ شدہ مقامات کی مرمت کریں گے۔

    ماہر نفسیات ڈاکٹر مختار نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد اسکول کا خوف نکالنے کے لیے بچوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسکول میں گزارے حالات سے بچوں کو دور کرنا ہوگا اور والدین بھی اس سلسلے میں بھر پور کردار ادا کریں۔ انھوں نے کہا کہ والدین بچوں کا دھیان دوسری طرف مرکوز کرانے کی کوشش کریں۔

    پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشتگردوں کے حملے سے بچ جانے والے معصوم بچوں کے ذہنوں پر تلخ یادیں نقش ہوچکی ہیں جنہیں بھلانے میں وقت لگے گا۔

  • عمران خان نے دھرنا ختم کردیا

    عمران خان نے دھرنا ختم کردیا

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تحریکِ انصاف انتخابات 2013 میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف شاہراہِ دستور پر 126 دن سے دھرنا دیے بیٹھی تھی۔

    آزادی مارچ کے نام سے احتجاجی مارچ 14 اگست 2013 کو لاہور سے شروع ہوا تھا اور مارچ کے شرکاء اسلام آباد پہنچ کردھرنا دے کر بیٹھ گئے تھے۔

    تحریکِ انصاف کی جانب سے وزیرِ اعظم کی برطرفی، الیکشن 2013 میں دھاندلی کی تحقیقات، اورآیندہ شفاف الیکشن کاانعقاد یقینی بنانے کے مطالبات کئے گئے تھے۔

    31 اگست 2014 کو دھرنے کے شرکاء نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ کیا جس کو روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے بڑے پیمانے پرشیلنگ کی جس سے متعدد افرادزخمی ہوئے۔

    بعد ازاں تحریکِ انصاف وزیرِاعظم کے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئی۔

    16 دسمبر 2014 کو پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر تحریکِ طالبان کے حملے کے بعد قومی قیادت بشمول عمران خان ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال پر سرجوڑ کر بیٹھ گئی۔

    آج 17 دسمبر 2014 کو تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد میں ملکی صورتحال کے پیشِ نظر 126 دن سےجاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اس موقع پران کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔

  • سانحہ پشاور: جنرل عاصم باجوہ کا صحافیوں کے ساتھ متاثرہ اسکول کا دورہ

    سانحہ پشاور: جنرل عاصم باجوہ کا صحافیوں کے ساتھ متاثرہ اسکول کا دورہ

    پشاور: سانحہ پشاور میں سات دہشتگردوں کی جانب سے ایک منصوبے کے تحت آرمی پبلک اسکول میں داخل ہو کر فائرنگ اور بم دھماکوں سے ایک سو بتیس معصوم بچوں سمیت ایک سو اکتالیس افراد کو شہید کردیا گیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کے ساتھ پشاور مین قائم آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا اور صحافیوں کو گزشتہ روز پیش آنے والے واقعات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا اسکول پر حملہ ایک عالمی سانحہ ہے جس میں میں ایک سو بتیس بچے شہید کیئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ آرمی اور ایس ایس جی گروپ نے کامیاب کاروائی کرتے ہو ئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    انھوں نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی تعداد سات تھی اور وہ اسکول کی عقبی دیوار کو سیڑھی کی مدد سے پھلانگ کر آئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ دہشتگرد پہلے آڈیٹوریم ہال میں داخل ہوئے اور ہال میں موجود بچوں پر فائرنگ کی تھی جس سے ہال میں موجود بچے جاں بحق ہوگئے۔ جنرل عاصم نے بتایا کہ فوجی جوانوں نے صرف آڈیٹوریم ہال سے سو بچوں کی لاشیں اُٹھائیں ہے جبکہ کنٹین کے پاس بھی دہشت گردوں نے بم نصب کرکے کئی بچوں کو اڑایا دیا تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ دیگر بچوں اور اسکول کے عملے ہال کے باہر، گراونڈ اور ایڈمن آفس کے قریب شہید کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق اسکول میں موجود آڈیٹوریم ہال میں ہر جانب خون ہی خون پہلا ہوا ہے اوربچوں اساتذہ کا سامان بکھرا ہوا ہے۔ دیواروں پر فائرنگ کے نشانات بھی دیکھے گئے ہیں۔

    ادھر متاثرہ اسکول کے مناظر بھی انتہائی دل خراش ہیں۔ پشاور کا آرمی پبلک اسکول جو بچوں کی مقتل گاہ بن گیا، جگہ جگہ بکھرے خون نے تباہی کی داستان رقم کردی ہیں۔ لہو رنگ جوتے، خون آلود صفحے، پھٹی ہوئی کاپیاں اور کتابیں یہ ہے پشاورکے آرمی پبلک اسکول کا آڈیٹوریم، جو کہ سفاکیت کی انتہا کی کہانی رقم کررہا ہے۔ جابجا بکھرا لہو، گولیوں سے چھید سے بھری دیواریں، یہ اسکول نہیں معصوم بچوں کا مقتل گاہ ہے۔

    ڈیسک پر پھیلا خون اور یہاں رکھا ہے ایڈمٹ کارڈ، کس کو تھی خبر کہ یہ آخری امتحان ہوگا۔ آڈیٹوریم میں ہورہی تھی فرسٹ ایڈ ٹریننگ اور دوسروں کی جان بچانے کو ٹریننگ کرنے والے طلبا اپنی جان ملک پر نچھاور کر گئے۔ پرنسپل کے روم میں بھی تباہی کا عالم ہے۔ علم کا بانٹنا قصور ٹھہرا، پرنسپل جنہیں ریسکیو کرلیا گیا تھا لیکن وہ واپس آئیں کہ میرے اسکول کے بچے ابھی اندر ہیں تو اس جرم میں انہیں زندہ جلا دیا گیا۔

    اسمبلی ہال میں جہاں علم کے راہی جاتے تھے اب وہیں موجود ہیں گولیوں کے خول۔یہاں سے کی تھی بھاگنے کی کوشش مگر ظالموں نے دروازے کو ہی دھماکے سے اڑادیا۔

  • سانحہ پشاور: اے آر وائی نیوزکی نمائندہ مدیحہ سنبل کے دو کزن بھی شہید

    سانحہ پشاور: اے آر وائی نیوزکی نمائندہ مدیحہ سنبل کے دو کزن بھی شہید

     پشاور:  اے آر وائی نیوز پشاور کی رپورٹر مدیحہ سنبل نے اپنے خاندان پر غم کے پہاڑ ٹوٹنے کے باوجود اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھی،مدیحہ سنبل کے دو کزن محمد یاسین اور گل شیر پشاور اسکول حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔

    پشاور میں ٹوٹنےوالی قیامت سے اے آر وائی نیوز کی رپورٹر مدیحہ سنبل کا خاندان بھی نہ بچ سکا، صبح سویرے اسکول جانے والے دو کزن یاسین اور گل شیر دہشتگردوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے،مدیحہ سنبل پر یہ انکشاف اس وقت ہواجب وہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں رپورٹنگ میں مصروف تھیں، اپنے کزن کی میت دیکھ کرخود پر قابو نہ رکھ سکی۔

    مدیحہ سنبل نے اپنے بھائیوں کی موت باوجود قوم کے دکھ درد میں شریک ہو کر وہ کارنامہ سرانجام دیا ہے جو پاکستان کی صحافتی تاریخ میں ایک روشن سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اے آر وائی نیوز کی انتظامیہ اور تمام ٹیم مدیحہ سنبل کو فرائض کی بہادری سے ادائیگی پر سلام پیش کرتی ہے۔


    Two cousins of ARY News' reporter Madiha Sumbul… by arynews