Tag: Army

  • آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر

    آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے فیصلے پر وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سپریم کورٹ سے لاجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

    حکومت نے نظرثانی درخواست کی ان کیمرہ سماعت کی بھی استدعاکر دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصلے میں اہم آئینی و قانونی نکات کاجائزہ نہیں لیا گیا۔ ایڈیشنل اور ایڈہاک ججز کو بھی سپریم کورٹ ماضی میں توسیع دیتی رہی۔

    درخواست کے مطابق عدالت نے ججز توسیع کیس کے فیصلوں کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔

    ترجمان وزارت قانون کے مطابق نظرثانی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصلے میں ایگزیکٹیو کے اختیارات کو کم کیا گیا، آرمی چیف کی مدت کا تعین وزیراعظم کا اختیار ہے، قانون میں آرمی چیف کی مدت کا تعین کرنا ضروری نہیں، آرمی چیف کی مدت کا تعین کرنا آئین کے  منافی ہے۔

    وفاقی حکومت کی درخواستِ نظرثانی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مدت نہ ہونے کا مقصد وزیر اعظم جب چاہیں رکھیں جب چاہیں ہٹا دیں، فوج سیکیورٹی کا ارادہ ہے، ملکی حالات سیکیورٹی سے منسلک ہیں، عدالت 28 نومبر کے مختصر اور 16 دسمبر کے تفصلی فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

    درخواست میں کہنا ہے کہ وفاق نے آرمی چیف کو دوسری ٹرم کے لیے بنانے کا فیصلہ ضمیر کے مطابق کیا، 28 نومبر کو اٹارنی جنرل نے آرمی چیف تقرری کا نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا، اور اسی دن سپریم کورٹ نے تعیناتی قانون سازی سے مشروط کرکے معاملہ نمٹایا۔

    درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ دائرہ اختیار سے باہر اور غیر قانونی ہے، فیصلے میں آئین کے کئی نکات سے صرف نظر کیا گیا، عدالت کے فیصلے میں کئی سقم موجود ہیں، آرٹیکل 243 کی ذیلی شقوں کو ایک ساتھ پڑھا جانا چاہیے، عدالت روایات کو قانون میں بدلنے کے لیے زور نہیں دے سکتی۔

    متن کے مطابق  پارلیمنٹ نے 7دہائیوں سے اس پہلو پر کبھی قانون سازی نہیں کی، پارلیمنٹ نے قانون نہ بنانے سے متعلق استحقاق کا استعمال کیا، آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا فیصلہ آیا تو پاکستان کے دشمن بہت خوش ہوئے، 28 نومبر 2019 کے فیصلے پر نظر ثانی کرکے کالعدم قرار دیا جائے۔

    خیال رہے کہ 26 نومبر کو سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کانوٹیفکیشن معطل کردیا تھا، بعد میں عدالت نے 43 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

    سپریم کورٹ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن معطل کردیا

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹیفکیشن مشروط طور پر منظور کرلیا اور کہا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

    یاد رہے کہ حکومتِ پاکستان نےآرمی چیف کی مدت ملازمت میں3سال کی توسیع کانوٹیفکیشن19اگست کوجاری کیاتھا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔

    آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع : سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

    بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ملک کی مشرقی سرحد کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کیا، فیصلہ کرتے ہوئے بدلتی ہوئی علاقائی صورت حال، خصوصاً افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظرمیں کیا گیا۔

  • جنرل ندیم رضا نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چارج سنبھال لیا

    جنرل ندیم رضا نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چارج سنبھال لیا

    اسلام آباد : لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا چارج سنبھال لیا، انہوں نے سال2018 سےجی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی ذمہ داریاں انجام دیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے بحیثیت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے چارج سنبھال لیا ہے، اس سلسلے میں ایک جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرزمیں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

    جنرل ندیم رضا نے1985میں انفنٹری کی دس سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہے جب کہ جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان کی۔

    جنرل ندیم رضا دسمبر دوہزارسولہ میں کور کمانڈر راولپنڈی کی اہم پوزیشن پر تعینات ہوئے، وہ اگست دوہزار اٹھارہ سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی اہم ترین ذمہ داری پر تعینات تھے۔

    گزشتہ سولہ سالوں کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی میں سے دس چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر کام کرچکے ہیں۔

    لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا گزشتہ سال اگست میں چیف آف جنرل اسٹاف بنے تھے جو آرمی چیف کے بعد دوسرا اہم ترین عہدہ ہے، انہوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ کام بھی کیا ہے۔

    واضح رہے کہ نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کے معاملے پر وزارت دفاع نے سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کی تھی، سمری میں چار نام تجویز کئے گئے تھے.

    لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار، لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا مضبوط امیدوار تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے تجویز کردہ ناموں پرغور کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا۔

  • 33ویں نیشنل گیمز میں دلچسپ مقابلے جاری، پاکستان آرمی کی برتری

    33ویں نیشنل گیمز میں دلچسپ مقابلے جاری، پاکستان آرمی کی برتری

    پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت میں قومی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں جہاں پاکستان آرمی کی پوائنٹس ٹیبل پر بدستور حکمرانی برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 33ویں نیشنل گیمز میں میڈلز کی دوڑ میں پاکستان آرمی سب سے آگے ہے، قومی کھیلوں میں پاک آرمی نے پوائنٹس ٹیبل پر 29 گولڈ میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    پشاور میں جاری قومی کھیلوں کے مقابلے میں پاکستان آرمی کے کھلاڑی حریف کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل ہے، واپڈا 13 گولڈ میڈل کے ساتھ دوسرے اور پاکستان نیوی اس وقت 8 میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

    قومی کھیلوں کے شیڈول کے مطابق آج مختلف کھیلوں میں مقابلے جاری ہیں جن میں ٹینس، ویٹ لفٹنگ، ای سپورٹس، تھروبال اور جوڈوکراٹے شامل ہیں، نیشنل گیمز سولہ نومبر تک جاری رہیں گے۔

    جبکہ آج کھیلے جانے والے ابتدائی میچ میں 49کلوگرام ویٹ لفٹنگ کیٹیگری کا مقابلہ ہوا جس میں واپڈا کی ورونیکا سہیل نے طلائی تمغہ جیت لیا، آرمی کی ندا فاطمہ نے چاندی اور ریلوے کی سویرافاروق نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

    55 کلوگرام ویٹ لفٹنگ میں واپڈا کی صائمہ شہزاد نے طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ آرمی کی رمشاسعید نے چاندی اور ریلوے کی صائقہ ریاست کانسی کا تمغہ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

    واضح رہے کہ 10 نومبر کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے 33ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کیا، ایونٹ میں مختلف کیٹگریز میں کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں، نیشنل گیمز کا میدان اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں سج چکا ہے، صوبے کے وزیراعلیٰ نے خصوصی طور پر شرکت کی اور گیمز کا افتتاح کیا، صوبائی حکومت کی جانب سے کھیل کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    نیشنل گیمز میں کوئی بھی جیتے فتح پاکستان کی ہوگی: شہریارآفریدی

    نیشنل گیمز میں ملک بھر سے دس ہزار سے زائد مردوخواتین کھلاڑی شریک ہو رہے ہیں، ایتھلیٹس نے قومی ریکارڈ توڑنے کا عزم ظاہر کیا، کھلاڑی تیس مختلف کھیلوں میں پنجہ آزمائی کریں گے۔

  • وادی میں کرفیو برقرار، بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید

    وادی میں کرفیو برقرار، بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، سخت کریک ڈاؤن اور کرفیو 87ویں روز میں داخل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکاری نے نظام زندگی درہم برہم کررکھا ہے، جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد میں کشمیری کو شہید کردیا، کشمیری نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

    بھارتی فوج کی جانب سے اس طرح کے نام نہاد آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں جس کا مقصد مظلوم کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کے جذبے کو نکالنا ہے۔

    بھارتی فوج کا پلوامہ میں نام نہاد آپریشن، 3کشمیری شہید

    مودی سرکاری کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 87ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بھی بند پڑے ہیں۔

    مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم وجبر کا آج 87واں روز ہے، ذرائع نقل وحمل اور ہر طرح کے مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، کشمیری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو اور لاک ڈاؤن کے باعث ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ تعلیمی ادارے بھی تاحال بند ہیں، بھارتی فوج نے گھروں سے نکلنے والے متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔

  • ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا: ملیحہ لودھی

    ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا: ملیحہ لودھی

    نیویارک: ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں یوم سیاہ کشمیر کی تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نیو یارک میں مشن کشمیر کے عوام کا بھی مشن ہے۔

    اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے تصویری نمائش اور کشمیر پر مذاکرے کا اہتمام کیا، تصاویر میں کشمیر پر تاریخی اجلاس اور مقبوضہ وادی میں حالیہ مظالم کی عکاسی کی گئی۔

    تقریب میں سعودی عرب کے مستقل مندوب اور او آئی سی کے سفیر نے شرکت کی، کشمیری رہنماؤں کا وفد بھی خصوصی دعوت پر تقریب میں شریک ہوا۔

    علاوہ ازیں او آئی سی کے انسانی حقوق کے اعلیٰ نمائندے بھی شریک ہوئے، تقریب میں عراق، ترکی، چین اور دیگر ممالک کے سفارت کا بھی خصوصی طور پر مدعو تھے۔

    اس موقع پر سعودی سفیر غلام نبی فائی کا کہنا تھا کہ سعودی عوام کشمیری بھائیوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر پر مؤثر سفارتکاری پر تمام کشمیری ملیحہ لودھی کے معترف ہیں۔

    27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، عارف علوی

    دریں اثنا کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مندوب کی کوششوں کو سراہتے ہیں، سید علی گیلانی نے بھی کئی مواقع پر ملیحہ لودھی کی کوششوں کو سراہا۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، رواں سال 5 اگست کو بھارت نے ایک اور مذموم قدم اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت کا حصہ بنایا اور اس کے بعد سے وادی میں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

    پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، یوم سیاہ کشمیر پر وزیر اعظم کا پیغام

    وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ رواں سال یوم سیاہ ماضی کی نسبت مختلف اور نمایاں ہے، 5 اگست کے اقدام نے آبادیاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان، کشمیریوں اور مسلم امہ نے قانون اور انصاف کے اس تمسخر کو مسترد کیا، دوسری طرف بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

  • بھارتی فوج کا پلوامہ میں نام نہاد آپریشن، 3کشمیری شہید

    بھارتی فوج کا پلوامہ میں نام نہاد آپریشن، 3کشمیری شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تھم نہ سکی، بھارتی فوج نے پلوامہ میں نام نہادآپریشن کرکے 3کشمیریوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کا80واں روز ہے، عالمی برادری کے دباؤ کے باوجود مودی اپنی ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، مقبوضہ وادی میں جارحیت تاحال برقرار ہے۔

    بھارتی فورسز نے پلوامہ میں نام نہادآپریشن کی آڑ میں تین کشمیریوں کو شہید کردیا جبکہ وادی میں غذائی بحران شدید ہوگیا ہے، کشمیری دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔

    خیال رہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 80 واں روز ہے، وادی میں اسکول کالج تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہے۔

    مقبوضہ کشمیرکی صورتحال، ملائیشین وزیراعظم میدان میں آگئے ، مودی پریشان

    مقبوضہ کشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند اور مواصلاتی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام اور ڈاکٹرز کو اسپتال جانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، طلبا اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹی میں نہیں پہنچ پا رہے۔

    مواصلاتی نظام کی بندش سے کشمیری شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں جبکہ گھروں میں ادویات اور کھانے کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث موت آہستہ آہستہ کشمیریوں کی طرف بڑھ رہی ہے۔

  • امریکا کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی بحال کرنے کا مطالبہ

    امریکا کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی بحال کرنے کا مطالبہ

    واشنگٹن: امریکا کی جنوبی وسطی ایشیا کے لیے معاون وزیر ایلس ویلز نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نظام زندگی بحال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خارجہ امور کی کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے ایلز ویلز نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مقبوضہ کشمیر میں جاری صورت حال کو قریب سے دیکھ رہی ہے، بھارتی انتظامیہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے۔

    ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ بھارتی انتظامیہ انٹرنیٹ اورموبائل سروس سمیت تمام سہولتیں بحال کرے، امریکا اسلام آباد اور نئی دہلی میں براہ راست مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

    بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 79واں روز ہے، وادی میں تاحال زندگی مفلوج ہے۔ مقبوضہ وادی میں کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بچےاور خواتین گھروں میں بند ہیں، امریکی رکن کانگریس

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کے مختلف تعلیمی اداروں کے 132 طلبا اور اساتذہ نے مودی سرکار کو مقبوضہ وادی سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔

    مودی سرکار کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تشدد کو بند اور سیاسی قیادت کو رہا کیا جائے جبکہ غیرانسانی کرفیو کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

  • امریکا میں ’ملٹری ٹریننگ‘ کے دوران حادثہ، 3 فوجی ہلاک، 3 زخمی

    امریکا میں ’ملٹری ٹریننگ‘ کے دوران حادثہ، 3 فوجی ہلاک، 3 زخمی

    جارجیا: امریکا میں ’ملٹری ٹریننگ‘ کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں 3 فوجی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں واقع فوجی علاقے فورٹ اسٹیورٹ کی تربیت گاہ میں اہلکاروں کو فوجی مشقوں کے تحت ضروری تربیت دی جارہی تھی کہ اس دوران جنگی ٹینک حادثے سے دوچار ہوگئی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے حادثے سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی میڈیا کو حادثے کی نوعیت، متاثرین کی شناخت اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا جاسکے گا۔

    زخمیوں کو ونارمی کمیونیٹی کے اسپتال میں علاج فراہم کیا جارہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں، جلد حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے۔

    چھوٹے طیارے کی سڑک پر کریش لینڈنگ، تین افراد ہلاک

    امریکی فوج کے تھرڈ انفینٹری ڈویڑن کے کمانڈر میجر جنرل ٹونی اگوٹو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکار ’فرسٹ آمورڈ بریگیڈ‘ کی جنگی ٹیم سے تعلق رکھتے تھے اور حادثے کے وقت بریڈلی فائٹنگ وہیکل میں موجود تھے۔

  • ایل او سی پر بھارتی جارحیت، پاکستان کا منہ توڑ جواب، 9 بھارتی فوجی ہلاک

    ایل او سی پر بھارتی جارحیت، پاکستان کا منہ توڑ جواب، 9 بھارتی فوجی ہلاک

    راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، 9 بھارتی فوجی مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے شاہ کوٹ، نوسیری اور جوڑا سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس پر پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 9 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک کردیے۔

    ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ اس جوابی کارروائی میں دو بھارتی بنکرز تباہ اور کئی بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ جبکہ بھارتی فائرنگ سے ایک جوان لانس نائیک زاہد اور 5شہری شہید گئے۔

    پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا، جوانوں نے ایل او سی پر بھارتی مورچوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے 2جوان اور 5 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں، بھارت مبینہ دہشت گرد کیمپس کا جواز بنا کر آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارتی فائرنگ سے زخمی شہریوں کو اسپتال منتقل کردیا۔

    میجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا کہ بھارتی فوج کو ہر سیز فائر خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل اوسی پر شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ ہراشتعال انگیزی پر بھارتی فوج کو کاری ضرب پہنچاتے رہیں گے، یواین مبصر فوجی گروپ کا کوئی بھی رکن آزاد کشمیر میں کہیں بھی جاسکتا ہے، مقامی وغیرملکی میڈیا بھی آزادکشمیر میں کہیں بھی جاسکتا ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں کسی کو جانے کی آزادی نہیں ہے۔

    بھارتی فوج نے سفیدجھنڈا لہرا دیا

    ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرانے کے بعد بھارتی فوج لاشیں اور زخمی اٹھانے میں مصروف ہیں، بھارتی فوج کو اشتعال انگیزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو فوجی آداب کا خیال رکھتے ہوئے آبادی کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے تھا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئی ہیں، اشتعال انگیزی پر بھارتی فوج کو کاری ضرب پہنچاتے رہیں گے، بھارت کے جھوٹے دعوؤں اور جھوٹے فلیگ آپریشنز کی قلعی ہرسطح پر کھولتے رہیں گے۔

    منہ کی کھانے کے بعد بھارتی میڈیا جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارتی میڈیا جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہوگیا، بھارتی میڈیا نے مبینہ کیمپس کو نشانہ بنانے کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے، بھارت اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرے اور پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نقصانات سامنے لائے۔

    آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں صورت حال تک رسائی دینے کی بھی جرات کرے، بھارت کے تمام جھوٹے دعوے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں، بھارت کا یہ جھوٹا دعویٰ بھی اپنے انجام تک پہنچے گا، بھارتی میڈیا پاکستانی میڈیا سے ذمہ دارانہ رپورٹنگ سیکھے۔

  • امریکی فوجی مورچے کے قریب گولہ باری کے بعد حکام کی نئی حکمت عملی

    امریکی فوجی مورچے کے قریب گولہ باری کے بعد حکام کی نئی حکمت عملی

    واشنگٹن: امریکی حکام نے شام میں جاری ترک فوج آپریشن کے تناظر میں ملکی فوج کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب شام میں جاری فوجی آپریشن کے دوران بارودی گولے امریکی فوجی مورچے کے قریب گرے جہاں درجنوں فوجی اہکار تعینات تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک فوج کی جانب سے امریکی فوجی مورچے کے قریب کی جانے والی گولہ باری ایک غلطی کا نتیجہ تھی جس کی حکام نے تصدیق بھی کی۔

    امریکی وزیردفاع مارک ایسپر کا کہنا ہے کہ شام میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں، اور ہماری فوج دو جنگ کرتی افواج کے درمیان موجود ہے، جن میں ایک ترک اور دوسری کرد فوج شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے شمالی شام سے امریکی فوج کو پیچھے ہٹنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شام سے مکمل طور پر امریکی فوجیوں کے انخلا کا اعلان بھی کرسکتے ہیں، تاہم اس سے متعلق کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔

    ایک اندازے کے مطابق شمالی شام میں امریکی فوجی اہلکاروں کی تعداد 1 ہزار ہے، جنہیں داعش کے خاتمے کے لیے شام بھیجا گیا ہے، ٹرمپ کے مطابق ہماری فوج اپنا مشن مکمل کرچکی ہے۔

    امریکا نے ترکی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔

    دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی دباؤ اور پابندی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے شام میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔