Tag: Army

  • قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 2 فلسطینی شہید

    قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 2 فلسطینی شہید

    غزہ: فسلطین میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، آج بھی فائرنگ کرکے دو نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے بربریت کی انتہا کردی، مظاہرے کے دوران نہتے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے باعث دو فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں میں 25 سالہ اہد آبد اور 17 سالہ ایان عماد شامل ہیں۔

    ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں نے غزہ بارڈر پر قابض اسرائیلی فوج کے خلاف مظاہرہ کیا، اس دوران فورسز نے شہریوں پر آنسو گیس کا استعمال کیا اور اندھا دھن فائرنگ بھی کی، جس کے بعد کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    مظاہرین نے اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کی مدد کے لیے قطری امداد کے اعلان کے خلاف بھی مظاہرہ کیا، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اسرائیل امداد کی مد میں دی جانے والی رقم ان تک منتقل نہیں کرے گا۔

    اسرائیلی فورسز کی نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ، ایک خاتون شہید، 14 زخمی

    ایک ڈیل کے تحت قطر امداد کی مد میں ہر ماہ 15 ملین ڈالر اسرائیل کو دے گا جو رقم فلسطینیوں کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی تاہم حماس نے بھی اسرائیل کے ذریعے دی جانے والی رقم کی مخالفت کی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی فورسز کی نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون شہید جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ غیور فلسطینیوں نے 30 مارچ 2018 کو ’تحریک حق واپسی‘ کے تحت غزہ کی پٹی پر احتجاجی مظاہروں کا آغاز کیا تھا، فلسطینی شہری ہر جمعے اسرائیلی سرحد پر جمع ہوکر غزہ کی صیہونی مظالم اور غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی جنازے کے اجتماع پر فائرنگ، متعدد افراد زخمی

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی جنازے کے اجتماع پر فائرنگ، متعدد افراد زخمی

    سری نگر: مقضوبہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، جنازے کے اجتماع پر فائرنگ کرکے متعدد کشمیریوں کو زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کا بازار گرم ہے، شوپیاں میں قابض بھارتی فوج کی جنازے کے اجتماع پر فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی متوقع آمد پر مقبوضہ وادی چھاؤنی میں تبدیل کردی گئی، سرینگر سمیت شہر شہر ہزاروں قابض فوجی تعینات کریے گئے۔

    وادی میں مزیدنفری بھی بھجوادی گئی، مودی پندرہ فروری کو مقبوضہ کشمیر جائیں گے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 2 کشمیری شہید

    خیال رہے کہ گذشتہ روز قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کی انتہا، درجنوں نہتے کشمیری گرفتار

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کی انتہا، درجنوں نہتے کشمیری گرفتار

    ق

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہوگئی، سرچ آپریشن کے نام پر درجنوں کشمیریوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن میں متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

    کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر شوپیاں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب چیئرمین پاک ویلنسیا مہر جمشید کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، عالمی برادری حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی مدد کرے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 4 کشمیری شہید

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر کے اسیر شہریوں کے لیے سال 2018 بھی نامہرباں رہا، ایک سال میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

  • شام سے امریکی فوج کا انخلا، وائٹ ہاؤس کا اہم بیان سامنے آگیا

    شام سے امریکی فوج کا انخلا، وائٹ ہاؤس کا اہم بیان سامنے آگیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام سے امریکی فوج کے انخلا کے اعلان پر وائٹ ہاؤس کا بھی اہم بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا شام سے فوجیوں کے انخلا کا بیان حتمی ہے، اس موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگ زدہ ملک شام سے متعلق موقف تبدیل نہیں ہوا، فوج کی واپسی یقینی بنائیں گے۔

    امریکی محکمہ دفاع اس جنگ زدہ ملک سے امریکی فوجی دستوں کی محفوظ واپسی کا ایک منصوبہ تیار کررہا ہے، جلد عملی شکل تیار کرلی جائے گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر یکم جنوری کو ٹویٹ کیا تھا کہ ’ہم اپنے فوجیوں کو اپنے فوجیوں کو ان کے اہل خانہ کے پاس آہستہ آپستہ گھر بھیجیں گے۔

    شام سے امریکی افواج کی واپسی سے متعلق ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آگیا

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فوجی اہلکار انخلاء کے ساتھ ساتھ بیک وقت داعش نے لڑتے بھی رہیں گے۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم نے داعش کو شکست دے دی، اور آئندہ 30 دنوں میں امریکی فورسز شام سے نکل جائیں گی۔

    واضح رہے کہ 24 دسمبر کو امریکی حکام نے خانہ جنگی کا شکار ملک شام سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے حکم نامے پر مستعفی ہونے والے وزیر دفاع جیمز میٹس کے دستخط کرنے کی تصدیق کی تھی۔

  • بھارتی فوج کا ڈرون گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع

    بھارتی فوج کا ڈرون گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع

    لاہور: پاکستانی حدود میں بھارتی ڈرون گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابینہ طاہر نے بھارتی فوج کا ڈرون گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردار اسمبلی میں جمع کرائی۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون کو مار گرایا، باصلاحیت فوج کسی بھی جارحیت جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز بھارت کا جاسوسی ڈرون ناپاک عزائم لیے پاکستانی سرحد میں داخل ہوگیا تھا جسے پاک فوج کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے مار گرایا تھا۔

    لائن آف کنٹرول: پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ’انشااللہ کسی ایک بھارتی ڈرون کو بھی سرحدپار نہیں کرنےدیں گے‘۔

    واضح رہے کہ پاک فوج نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے ڈرون کو باغ سیکٹر کے قریب نشانہ بنایا تھا۔

    بعد ازاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی جس کا دفتر خارجہ نے بھرپور انداز میں جواب دیا اور پاک فوج نے سرحد پر بھارتی فوج کے عزائم کو خاک میں ملایا۔

  • امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اچانک دورے پر عراق پہنچ گئے

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اچانک دورے پر عراق پہنچ گئے

    بغداد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اچانک دورے پر عراق پہنچے اور وہاں تعینات فوجیوں سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ اچانک دورے پر عراق پہنچ گئے جہاں انہوں نے تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقاتیں کیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی بار عراق میں تعینات فوجیوں سے ملاقات کی، اس دوران وہ خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔

    امریکی صدر نے الاسد ایئربیس پر فوجیوں کے ساتھ کرسمس بھی منائی، اس دوران وہ فوجیوں سے گلے ملے، جبکہ فوجیوں نے صدر ٹرمپ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    اس موقع پر امریکی صدر نے عراق میں فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی کاشوں کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ فوجیوں کی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق اس وقت تقریباً پانچ ہزار امریکی فوجی عراق میں تعینات ہیں، جو عراقی فوج کے ساتھ مل کر عسکریت پسند گروپ داعش کا مقابلہ کررہے ہیں۔

    عراق نے شام میں اپنی فوج تعینات کرنے کا عندیہ دے دیا

    دوسری جانب امریکا نے افغانستان سے اپنی فوج کی واپسی کا اعلان کررکھا ہے، حکام کے مطابق سو دن کے اندر فوجیوں کی واپسی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

    اس اعلان کے تناظر میں دو روز قبل عراقی وزیر اعظم عادل عبدالامہدی نے کہا تھا کہ عراقی فوج کو ہمسایہ ملک شام میں تعینات کیا جا سکتا ہے، اس سے متعلق حکمت علمی پر غور کررہے ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ شام میں داعش سے خطرہ ہے، یہ جنگجو گروپ اپنی دہشت گرد کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرسکتے ہیں جس سے شامی تارکین وطن کا مسئلہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

  • جیمز میٹس کے مستعفی ہونے کے بعد امریکی صدر نے قائم مقام وزیردفاع مقرر کردیا

    جیمز میٹس کے مستعفی ہونے کے بعد امریکی صدر نے قائم مقام وزیردفاع مقرر کردیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیمزمیٹس کے مستعفی ہونے کے بعد پیٹرک شینن کو قائم مقام وزیردفاع مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں امریکی صدر سے اختلافات کے بعد جیمزمیٹس وزیردفاع کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، جس کے بعد پیٹرک شینن کو قائم مقام وزیردفاع مقرر کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیٹرک شینن بطور نائب وزیر دفاع ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے، جبکہ اب وہ قائم مقام وزیردفاع ہوں گے۔

    جیمزمیٹس یکم جنوری کو وزیردفاع کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی میڈیا نے کہا تھا کہ ٹرمپ میٹس تعلقات میں حالیہ کچھ مہینوں میں کشیدگی آئی، شام سے امریکی افواج کے انخلا کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوئے تھے۔

    اپنے استعفے سے متعلق جیمز میٹس نے کہا تھا کہ یقین ہے میرا عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ درست ہے، صدرٹرمپ کو خیالات سے ہم آہنگی رکھنے والا بہتر وزیر رکھنے کا اختیار ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، اور سو دن میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ داعش کو تاریخی شکست کے بعد شام سے فوج کی واپسی کا وقت آگیا ہے، شام میں داعش کو شکست دے کر مقصد حاصل کرلیا، دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ کھڑے رہے۔

  • شام سے امریکی فوج کا انخلا، فرانس کا مشن جاری رکھنے کا عزم

    شام سے امریکی فوج کا انخلا، فرانس کا مشن جاری رکھنے کا عزم

    پیرس: امریکا کا شام سے اپنی فوج بلانے کے اعلان کے ردعمل میں فرانس نے اپنا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل امریکا نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، یہ عمل سو دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسيسی وزير دفاع فلورنس پارلی نے کہا ہے کہ امريکی افواج کے انخلاء کے باوجود بين الاقوامی عسکری اتحاد شام میں اپنا مشن جاری رکھے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامک اسٹيٹ کو مکمل طور پر شکست دينی ہے، تاکہ دہشت گردی کو خطے سے ختم کیا جاسکے اور پرامن ملک کی فضا بحال ہو۔

    فلورنس پارلی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے شام سے داعش کے خاتمے کا اعلان کیا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، عسکریت پسند اب بھی منظم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر دولت اسلامیہ کو ختم نہ کيا گيا، تو يہ گروپ دوبارہ زور پکڑ سکتا ہے، شام سے دو ہزار امريکی فوجيوں کے انخلاء کے معاملے پر اتحادی ممالک کے مابين بات چيت ہونی چاہيے۔

    صدر ٹرمپ سے اختلافات، امریکی وزیر دفاع مستعفی ہوگئے

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ شام سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل شروع ہوچکا ہے، اور سو دن میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

    اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ داعش کو تاریخی شکست کے بعد شام سے فوج کی واپسی کا وقت آگیا ہے، شام میں داعش کو شکست دے کر مقصد حاصل کرلیا، دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ کھڑے رہے۔

  • غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، صحافی سمیت 25 افراد زخمی

    غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، صحافی سمیت 25 افراد زخمی

    غزہ: فسلطین میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، فورسز کی فائرنگ سے 16 سالہ نوجوان شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے 16 سالہ لڑکا شہید کردیا جبکہ بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں صحافی سمیت 25 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز کے ظلم وجارحیت کا سلسلہ تھم نہ سکا، غزہ کی سرحدی پٹی پر ایک بار پھر اسرائیلی فوج نے پرامن مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

    فائرنگ کی زد میں آکر سولہ سالہ محمد جواد شہید اور مقامی صحافی سمیت پچیس سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

    اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کا یہ ہفت روزہ احتجاج تیس مارچ سے جاری ہے، پرامن احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونیوالوں کی تعداد اب تک د و سو بیس تک پہنچ گئی ہے۔

    اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ذہنی معذور فلسطینی شہید

    خیال رہے کہ مقبوضہ فلسطین پر قابض غاصب صیہونی ریاست کے جابرانہ تسلط کے باعث بے گھر و بے سہارا ہونے والے فلسطینی شہریوں کی امداد کرنے والا عالمی ادارہ خوراک بھی اسرائیلی نقش قدم پر گامزن ہوگیا ہے۔

    گذشتہ روز اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک نے بے سہارا فلسطینیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی کام کرنے والے عالمی ادارہ خوراک تقریباً 2 لاکھ بے گھر و نادر فلسطینی شہریوں کو خوراک فراہم کرتا تھا جو بند کردی گئی ہے۔

  • پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی

    پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی

    اسلام آباد: پاک چین مشترکہ عالمی فضائی مشق شاہین سیون اختتام پذیر ہوگئی، اس دوران دونوں ممالک کی فضائیہ کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خوب سراہا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ دو ہفتے جاری رہنے والی فضائی مشق کے اختتام پر خصوصی تقریب سجائی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ تقریب میں ایئرمارشل محمد حسیب پراچہ اور ڈپٹی چیف ایئراسٹاف آپریشنز مہمان خصوصی تھے۔

    تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چن ونرانک، اعلی عہدیداران اور سفارت کار بھی شریک ہوئے۔

    اس دوران دونوں ملکوں کے اعلیٰ عہدیداران کو مشق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں، چینی دستہ پاکستان پہنچ گیا،آئی ایس پی آر

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر مارشل محمدحسیب پراچہ نے اس مشترکہ مشق کی اہمیت کو اجاگر کیا، ان کا کہنا تھا کہ دونوں فضائی افواج کے افراد کو مشق کے شاندار انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    دوسری جانب میجر جنرل چن ونرانگ نے اپنے خطاب میں بہترین روایتی میزبانی اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فضائیہ کی اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی معاشی ، دفاعی اور معاشرتی تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کی دفاعی افواج دفاع اور سیکیورٹی میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرتی ہیں ۔پاک چین اقتصادی راہداری اورمشترکہ فوجی مشقوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔