Tag: arrest warant

  • توشہ خانہ کیس : عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے

    توشہ خانہ کیس : عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے

    اسلام آباد : عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ناقابل وارنٹ گرفتاری کیخلاف دی گئی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے گئے ہیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئےعمران خان کو 13 مارچ کو سیشن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

    عدالت میں عمران خان کے وکلاء نے پیشی کیلئے 4 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کی تھی، توشہ خانہ کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کیلئے رجوع کیا گیا تھا۔

    توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو 13 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    ایڈیشنل سیشن جج نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فرد جرم عائد ہونے کے لیے 13 مارچ کو عدالت کے روبرو پیش ہوں

     

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    عمران خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا، اسی دن عمران خان کو 3 دیگر عدالتوں میں پیش ہونا تھا، عمران خان مقررہ وقت میں وہاں پیش نہیں ہوسکے۔ جس پر وارنٹ جاری کردیئے گئے۔ ان وارنٹس کی بنیاد پر پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے گئی۔

    جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ میں وارنٹس منسوخ بھی کردوں تو کیا ہو گا؟ عدالت تو آپ کو صرف فرد جرم کے لیے بلارہی ہے، قانون کو تو اپنا راستہ لینا ہی ہوتا ہے عدالت اورکس طرح بلائے؟ آپ پیش ہوجائیں فرد جرم کے بعد جو استثنیٰ لینا ہو لیتے رہیں۔

    قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔

    الیکشن کمیشن میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا گیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بار بار طلب کیے جانے کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہو رہے، عمران خان کو 14 مارچ کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں طلب کرلیا گیا۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے بیٹے اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے بیٹے اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    لاہور : احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بیٹے سلمان شہباز اور داماد ہارون یوسف عزیز کے وارنٹ جاری کر دیے جب کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹیوں رابعہ اور جویریہ کے سمن جاری کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ایڈمن جج جوادالحسن نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کی عدالت سے روانگی کے بعد حمزہ شہباز کو عدالت لایا گیا اور حاضری مکمل کروائی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، میرے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے، عدالت نے قرار دیا کہ آپ کے ساتھ مکمل انصاف ہو گا، اگر آپ بے گناہ ہوئے تو بری ہو جائیں گے۔

    پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کررہی ہے حکومت نے ہی نواز شریف کو اجازت دیکر باہر بھیجا تھا۔

    بعد ازاں عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ڈی جی نیب کو حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

    عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف عزیز کے بھی وارنٹ گرفتاری جبکہ نصرت شہباز، رابعہ شہباز اور جویریہ شہباز کو سمن جاری کر دیئے اور شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی۔

  • نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد : ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد ملزمان حسن نواز اورحسین نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے، نیب نے اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نامزد ملزمان حسن اور حسین نواز کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا۔

    احتساب عدالت نے دونوں بھائیوں کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، مذکورہ وارنٹ گرفتاری حسن اور حسین نواز  کو اشتہاری قرار دینے کے بعد جاری کیے گئے۔

    دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے، حسن اور حسین کے دائمی وارنٹ نیب لاہور کو موصول ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مکمل

    دوسری جانب اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی انٹر پول کی مدد سے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے نیب نے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: اشتہاری قراردینے سے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے، اسحاق ڈار کا عدالت میں جواب


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔