Tag: arrest warrant

  • بشار الاسد کی گرفتاری کا وارنٹ جاری

    بشار الاسد کی گرفتاری کا وارنٹ جاری

    پیرس: دو فرانسیسی تحقیقاتی مجسٹریٹس نے شام کے معزول صدر بشار الاسد کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا، فرانس کے عدالتی حکام کی جانب سے کیا جانے والا یہ دوسرا اقدام ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شام کے معزول صدر بشار الاسد کو گزشتہ برس کے اواخر میں اپنے اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑ گیا تھا۔

    شام کے معزول صدر کی گرفتاری کا وارنٹ شامی شہری اور سابق فرانسیسی ٹیچرکے معاملے کی تحقیقات کے حصے کے طور پر جاری کیا گیا ہے، جو 7 جون 2017 کو شامی فوج کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گھر پر بمباری کے نتیجے میں مارے گئے تھے۔

    فرانسیسی عدلیہ کا خیال ہے کہ اس حملے کے لیے شام کے معزول صدر نے حکم دیا تھا اور اس کے لیے ذرائع فراہم کیے تھے۔

    دوسری جانب شام میں کامیاب بغاوت کے تقریباً ایک ماہ بعد مفرور صدر کے محل سے سے جڑا ایک اور خوفناک راز ظاہر ہو گیا ہے۔

    شام کے دارالحکومت دمشق میں صدارتی محل سے منسلک سرنگوں کا پتہ چلا ہے۔ سرنگوں کا یہ جال کوہ قاسیون کی ڈھلوان پر بچھا ہے جو صدارتی محل کو ایک فوجی احاطے سے منسلک کرتا ہے اور بشار دور میں اس احاطے کو شامی دارالحکومت کا دفاع کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔

    رپورٹ میں ان سرنگوں کو سابق صدر بشار کی حکمرانی کے رازوں میں سے ایک راز قرار دیا ہے جو ان کے خاندان کے 50 سالہ دور حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد افشا ہو رہے ہیں۔

    شام پر اس وقت حاکم ھیءۃ تحریر الشام کو ان خفیہ سرنگوں کا اسوقت پتہ چلا جب اس کی فوج کے اہلکار ریپبلکن گارڈ کی ان بڑی بیرکوں میں داخل ہوئے تو وہاں سرنکوں کا ایک وسیع نیٹ ورک دیکھا جس کا آخری سرا صدارتی محل سے ملتا تھا۔

    جب فوجی ان سرنگوں کے ذریعے ایک کمرے میں داخل ہوئے تو اس کمرے میں ٹیلی کمیونیکیشن گیئر، بجلی، ایک ہواداری نظام اور ہتھیاروں کا ذخیرہ موجود تھا۔

    حماس کا اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے اگلے مرحلے سے متعلق اہم بیان

    واضح رہے کہ اسد خاندان کی ملک شام پر حکومت نصف صدی تک رہی۔ بشار الاسد گزشتہ ماہ دسمبر میں باغیوں کی پیش قدمی اور اہم شہروں سمیت دارالحکومت دمشق میں قبضے کے بعد روس فرار ہو گئے تھے۔

  • نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری اسی ماہ جاری ہونے کا امکان

    نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری اسی ماہ جاری ہونے کا امکان

    جنگی جرائم میں ملوث اور ہزاروں فلسطینیوں کے قاتل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ اسی ماہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی عدالتِ جرائم کے پراسیکیوٹر کریم خان نے نیتن یاہو اور وزیرِ دفاع گیلینٹ کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کی درخواست دائر کی ہے۔

    پراسیکیوٹر کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم، وزیرِ دفاع کے ساتھ ساتھ حماس کے رہنماؤں یحییٰ سنوار اور محمد دیف کے بھی فوری وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

    عالمی عدالتِ جرائم کے پراسیکیوٹر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کی گرفتاری کے وارنٹ کا فوری اجراء اس لیے ضروری ہے تاکہ مبینہ جنگی جرائم جاری رکھتے ہوئے وہ تفتیش یا عدالتی کارروائی میں رکاوٹ یا اسے خطرے میں نہ ڈالیں۔

    واضح رہے کہ کریم خان کی جانب سے رواں سال مئی میں بھی اعلان سامنے آیا تھا کہ عالمی عدالت جرائم جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری طلب کر رہی ہے۔

    6 مغویو ں کی لاشیں، اسرائیلی فوج نے سرنگ کی ویڈیو جاری کردی

    اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کے وارنٹ اسی ماہ جاری ہوسکتے ہیں۔

  • وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہے، علی امین گنڈاپور نے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا

    وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہے، علی امین گنڈاپور نے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا

    اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وارنٹ گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ کے پی نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری پر ایک نظرثانی درخواست دائر کی ہے۔

    نظرثانی درخواست وکیل ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ذریعے گزشتہ روز کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے آرڈر کے خلاف دائر کی گئی ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی مقدمے سے بریت کی درخواست زیر التوا ہے، اور عدالت نے خلاف قانون وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حکم نامے کے خلاف نظر ثانی منظور کی جائے۔

    علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے آج سیشن کورٹ میں پیش کرنے کا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول جج شائستہ خان کنڈی نے علی امین گنڈاپور کی طبی بنیاد پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے وزیر اعلیٰ کے پی کی آج عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج بھی پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود علی امین 342 کا بیان ریکارڈ نہیں کروا رہے، ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو وزیر اعلیٰ کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔

  • عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

    عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کی سول جج شائستہ خان کنڈی نے وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی، عدالت نے علی امین گنڈاپور کی طبعی بنیادوں پر کیس میں عدالت حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی، اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    عدالت نے ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو کو کل علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا، کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے میڈیا نمائندگان کو بھی کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا، بعد ازاں کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

    علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن راجہ عدالت میں پیش ہوئے، جج شائستہ کنڈی نے استفسار کیا ملزم کہاں ہے صبح سے 3 بار کیس کال ہوا وہ پیش نہیں ہوئے، معاون وکیل فتح اللہ برکی نے بتایا کہ پشاور میں سیلاب کی صورت حال ہے۔ خاتون جج نے کہا کیا آپ کو پتا ہے گزشتہ تاریخ پر وکیل صاحب کو کہا تھا کہ کیا آپ کے یہی معاملات چلتے رہیں گے، وکیل ظہور الحسن سے استفسار کرتے ہوئے انھوں نے کہا آپ کا انڈر ٹیکنگ کیا تھا؟ یاد ہے نا آپ کو۔

    گورنرکے پی نے وزیر اعلیٰ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا

    وکیل ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے کہا علی امین گنڈاپور کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائیں گے، ان کی طبیعت ناساز ہے، جج شائستہ کنڈی نے کہا آپ کے وکیل نے کہا کہ سیلاب کا مسئلہ ہے اور آپ کہہ رہیں ہیں طبیعت ناساز ہے، آپ کو میں نے پچھلی بار بھی ریلیف دیا آپ نے کہا لمبی تاریخ دیں میں نے دی۔

    ایڈووکیٹ نے کہا 5 کیسز تھے ابھی فری ہو کر عدالت میں پیش ہوا ہوں، ہماری بریت کی درخواست التوا میں ہے، جج نے کہا سپریم کورٹ ججمنٹ ہے کیس آخری مراحل میں ہو تو میرٹ پر فیصلہ کیا جائے، 8 ویں بار 342 کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا پھر کہتے ہیں فئیر ٹرائل کا حق نہیں ملتا۔

    وکیل نے کہا یہ زیادتی ہے ملزم ایک صوبے کے چیف منسٹر ہیں، میں موجود ہوں آپ اس کے باوجود سخت آرڈر کر رہی ہیں، جج نے کہا اگر کیس میں کچھ نہیں تو بہادر بنیں عدالت کا سامنا کریں۔

  • ارشد شریف کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری پر صحافی برادری کا شدید ردعمل

    ارشد شریف کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری پر صحافی برادری کا شدید ردعمل

    اسلام آباد : مقتول صحافی شہید ارشد شریف کی اہلیہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے معاملے پر صحافتی تنظیم آر آئی یو جے نے شہید کے اہل خانہ سے رابطہ کیا ہے۔

    آرآئی یو جے کے عہدیداران نے وارنٹ گرفتاری پر کہا ہے کہ سماعت کے سمن موصول ہوئے بغیر وارنٹ کے اجراء پر تشویش ہے۔

    آر آئی یو جے کے رہنما عابد عباسی کا کہنا تھا کہ شہید کی فیملی کو انصاف کی فراہمی کے بجائے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا تشویشناک عمل ہے۔

    طارق علی ورک کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ ارشد شریف کی فیملی کے ساتھ ہے، شہید کی اہلیہ کے مطابق سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جاری ہے۔

    آرآئی یو جے عہدیداران نے کہا کہ سپریم کورٹ کی سماعت میں لواحقین باقاعدگی سے پیش ہورہے ہیں، ارشدشریف فیملی کو وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کاعلم میڈیا سے ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری کا مقصد ارشد شریف شہید کی فیملی کو ہراساں کرنا محسوس ہوتا ہے، حکومت اور ٹرائل کورٹ سے اپیل ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔

    آر آئی یو جے کے رہنماؤں نے اپیل کہ چیف جسٹس سے ہماری استدعا ہے کہ ارشد شریف کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے، شہید کے قاتلوں کی گرفتاری تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

  • نیب میں پیش نہ ہونے پر عثمان بزدار کے وارنٹ گرفتاری کا امکان

    نیب میں پیش نہ ہونے پر عثمان بزدار کے وارنٹ گرفتاری کا امکان

    لاہور: آج نیب میں پیش نہ ہونے پر عثمان بزدار کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے آج نیب میں پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عثمان بزدارآج نیب میں پیش ہوں گے، نیب نے عثمان بزدار کو آج دن 11 بجے طلب کر رکھا ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو آج تیرہویں مرتبہ طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار صرف 2 مرتبہ نیب میں پیش ہوئے تھے، اس لیے اگر آج وہ نیب میں پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت قرار دے دیا

    وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے کے بعد نیب ٹیم عثمان بزدار کو گرفتار کر لے گی، ذرائع کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ نیب کسی ملزم کو طلبی کے 13 نوٹس جاری کر چکا ہے۔

  • عدالت نے عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

    عدالت نے عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

    لاہور: ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں توہین الیکشن کمیشن میں وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا، تاہم عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔

    عدالت نے عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستیں زائد المیعاد قرار دے کر خارج کر دیں، عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کارروائی جاری رکھے اور میرٹ پر فیصلہ کرے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو فریقین میں سے کوئی بھی چیلنج کر سکتا ہے۔

    اس کیس کی سماعت کرنے والا لارجر بینچ جسٹس صداقت علی خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل تھا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ انکوائری چیلنج کرنے کی صورت میں درخواست گزار کو عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا، درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کے اختیارات کو چیلنج کر رکھا ہے تو الیکشن کمیشن کیسے کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار کے پٹیشن واپس لینے کی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن جاری کر سکتی ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد درخواست گزار عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

  • ایل این جی ریفرنس : شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

    ایل این جی ریفرنس : شاہد خاقان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے قطر ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد منسوخ کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

    عدالت نے بیرسٹر ظفر کی درخواست منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور عظمیٰ عادل کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ملزمان کی عدم حاضری اور استثنیٰ کی درخواست دائر نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی 2019 کو قومی احتساب بیورو نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا تھا اور انہیں فروری 2020 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

    ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر کے ایل این جی کا ٹھیکہ ایک کمپنی کو معمول سے زیادہ ریٹ پر دیا جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

  • رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر تعمیل نہیں ہو سکی

    رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر تعمیل نہیں ہو سکی

    اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری پر تعمیل نہیں ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف دھوکا دہی کے مقدمے میں اینٹی کرپشن ٹیم رانا ثنا کو گرفتار نہ کر سکی۔

    رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم وزیر داخلہ کی گرفتاری کے لیے تھانہ سیکریٹریٹ آئی اور ایس ایچ او سے ملاقات کی، عدالتی حکم نامہ اور وارنٹ گرفتاری بھی ایس ایچ او کے حوالے کیے گئے۔

    تاہم وارنٹ گرفتاری پر تعمیل نہ ہونے کے سبب اینٹی کرپشن ٹیم واپس روانہ ہو گئی، اینٹی کرپشن ٹیم کی آمد کی انٹری بھی رجسٹر میں نہیں کی گئی۔

    عدالت کا وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

    اینٹی کرپشن ٹیم کا کہنا تھا کہ ہم عدالتی حکم پر آئے تھے، لیکن ہماری گاڑیاں بھی تھانے سے نکلوا دی گئیں، دوسری طرف ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ نے مؤقف پیش کیا کہ وارنٹ کے حوالے سے فائل لے لی گئی ہے، اس سلسلے میں بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

  • وارنٹ گرفتاری پر حیرانی ہوئی جلد حکمت عملی کا اعلان کریں گے، شاہ محمود

    وارنٹ گرفتاری پر حیرانی ہوئی جلد حکمت عملی کا اعلان کریں گے، شاہ محمود

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی گنجائش نہیں تھی لیکن جاری ہوئے توحیرانی ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیرانی ہورہی ہے کیونکہ میں عدالتی کارروائی میں شامل بھی رہا ہوں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے جواب میں واضح مؤقف بھی اپنایا تھا، انہوں نے روسٹرم پرجاکر اپنے بیان پر معذرت بھی کردی تھی، عمران خان نے عدالت جاکرجج صاحبہ سے بھی معذرت کرلی،

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیان پر معذرت کی، وارنٹ گرفتاری کی گنجائش نہیں تھی لیکن جاری ہوئے تو حیرانی ہوئی، وکلاسے مشورہ کرکے جلد اپنی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔

    مریم نواز نے تسلیم کرلیا کہ مراسلہ ایک حقیقت تھی، شاہ محمود قریشی

    قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز سمیت لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر اپنا شدید ردعمل دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے مریم نواز کہتی تھیں کہ مراسلہ من گھڑت ہے، آج اپنے منہ سےاعتراف کررہی ہیں کہ یہ درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی ہم پر ہونی چاہیے یا ان کی غلط بیانی پر ہونی چاہیے، یہ مراسلہ ایک حقیقت تھی اور اس کو باقاعدہ تسلیم کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے سفیر نے سفارش کی کہ ڈی مارش ہونا چاہیے، نیشنل سیکورٹی کمیٹی نے اس کی تصدیق کی، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن میں ڈی مارش کیا جائے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ22اپریل کو شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، اس اجلاس میں مراسلہ زیر بحث آیا اور اس کو تسلیم کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ کارروائی توان پرہونی چاہیے کہ وزیراعظم ہاؤس میں دستاویز محفوظ نہیں، حقائق سامنے آگئے ہیں، ہم تمام ممالک کےساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ان کی ایک غلامانہ ذہنیت ہے۔