Tag: arrest

  • نیب نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا

    نیب نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا

    خیرپور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور قیصرامین بٹ کی پچھلے پندرہ سال سے پیرا گون میں شراکت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب) نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا، قیصر امین بٹ سندھ کے علاقہ خیر پور میں رو پوش تھے ، آج صبح نیب نے انہیں وہاں سے گرفتار کیا۔

    پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کرپشن اسکنیڈل کی تحقیقات نیب نے شروع کر رکھی ہیں اور اس کرپشن اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق ، خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیاء کے نام بھی قابل ذکر ہیں ، لیکن خواجہ برادران نے عدالت عالیہ سے گرفتاری کے خوف سے حفاظتی ضمانت کرا چکے ہیں۔

    خیال رہے قیصر امین بٹ پرویز مشرف کے دور حکومت میں ایم پی اے اور راوی ٹاون کے ناظم رہ چکے ہیں۔

    دوسری جانب نیب لاہورمیں زیر تفتیش پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی اور نیب کے بلاوے پر گواہ نے اپنے تمام تر دستاویزی شواہد کے ساتھ تفتیشی آفسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا، پیراگون سوسائٹی کے اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کر لیا۔

    نیب لاہور کو بیان ریکارڈ کرانے والے شخص کا تعلق لاہور کے علاقے گلبرگ سے ہے، بیان ریکارڈ کرانے والا گواہ بیرون ملک مقیم بھی رہا ہے۔ بیان ریکارڈ کروانے والے گواہ کو سات نومبر کو خط لکھ کر طلب کیا تھا۔

    نیب ذرائع کے مطابق نیب کے گواہ نے ڈپٹی ڈائریکٹرعہدہ کے تفتیشی آفسر کواپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے، گواہ کو خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، ندیم ضیاء، قیصرامین بٹ اور دیگر کے خلاف پیراگون ڈویلپرز کی مبینہ کرپشن پر جاری تحقیقات کے سلسلے طلب کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

  • شہباز شریف کی گرفتاری کو تماشا بنا دیا گیا ہے،حمزہ شہباز

    شہباز شریف کی گرفتاری کو تماشا بنا دیا گیا ہے،حمزہ شہباز

    لاہور : مسلم لیگ نواز کے رہنما نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کے بغض کو جان چکے ہیں، قوم کی خدمت اور 2300 ارب بچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

    ان کا خیالات کا اظہار حمزہ شہباز نے جاتی امرا لاہور میں مریم نواز اور نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا، ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کو تماشا بنا دیا گیا ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ صاف پانی کیس میں بلاکر آشیانہ کیس میں قوم کی خدمت اور 2300 ارب بچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

    حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف قومی لیڈر ہیں اور قومی لیڈر کی گرفتاری کا مذاق زیادہ دیر نہیں چلنے دیں گے۔

    رہنما پاکستان مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار سے 10 گنا پلی بارگین کرکے جان چھڑا لی گئی، وہ شخص اینٹی کرپشن کا مفرور تھا۔

    حمزہ شہباز نے میڈیا کو بتایا کہ عوام وزیر اعظم عمران خان کے بغض کو جان چکے ہیں، جب تک دودھ کا دودھ پانی کا پانی نہیں ہوگا جان نہیں چھوڑیں گے۔

    حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے مقابلے کے لیے جوابی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت کل سینٹر ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس کی صدارت نواز شریف کریں گے

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کی سی ای سی کا اجلاس کل صبح 11 بجے لاہور میں منعقد ہوگا، اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، خواجہ سعد رفیق

    گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، حکومت کو ضمنی انتخابات میں شکست نظرآ رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہبازشریف کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر آج خوشیاں منانے والے وزراء کل روتے نظر آئیں گے، چند نشستیں حاصل کرنے کے لیے ہم پر گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔

    ن لیگ ملک کا دفاع کرنے والی جماعت ہے، ہم نےملک کی بےلوث خدمت کی ہے، تخریبی سوچ رکھنے والوں کو ضمنی الیکشن میں شکست برداشت نہیں ہورہی، یہ انتقام زیادہ دیر نہیں چلے گا اور بہت جلد مکافات عمل کا شکار ہوگا۔

    انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو احتساب کے نام پر انتقام بہت مہنگا پڑے گا، افسوس ہے سیاست کو پھرانتقام کے راستےپر ڈال دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں حکومت کو شکست واضح طور پر نظرآ رہی ہے، ان کو ووٹ ملتے نہیں اور نوٹوں سے جیتا نہیں جارہا، لوٹوں کو کوئی ووٹ دینے کو تیار نہیں ہے۔

    خواجہ سعدرفیق کا مزید کہنا تھا کہ سنا ہے نوٹس بھیجے جارہے ہیں، ہمیں کاٹ کھانے کی تیاری کی جارہی ہے، ایسا پہلی بارنہیں ہوا،ایسے ادوار ہم بہت دیکھے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان افسوس آپ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے ندامت ہو، ہم ملک بنانے والوں کی اولاد ہیں، ملکی دفاع کرنے والی جماعت ہیں، الزامات لگانے والوں کو ضمنی الیکشن میں شکست برداشت نہیں ہو رہی۔

    سابق وزیر ریلوے نے کہا کہ انصاف فراہم کرنے والے صورتحال کا جائزہ لیں، نفرت وتلخی کی جنگ کو روکنےکی کوشش کریں، ایسانہ کیا گیا تو نفرت کی آگ پورے گھر کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، انتقام کا جواب ہم نے ووٹ کی طاقت سے دینا ہے۔

    مزید پڑھیں : ایک کروڑ نوکریاں، 50لاکھ گھر اور اربوں درخت کہاں ہیں؟ سعد رفیق

    جس شخص کی عزت چین سے لے کرترکی تک کی جاتی ہےاسے گرفتارکیا گیا، ملک کی خدمت کرنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنانا ملک میں نیا نہیں۔

  • فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کا الزام میں پشتو گلوکارہ گرفتار

    فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کا الزام میں پشتو گلوکارہ گرفتار

    پشاور : ایف آئی اے نے فیس بک پر جعلی آئی ڈی بنا کر شہری کو بلیک میل کرنے کے الزام میں پشتو گلوکارہ منیبہ شاہ کو گرفتار کرکے سائبر کرائم کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) سائبر کرائم سرکل نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے شہری کو بلیک میل کرنے والی پشتو گلوکارہ اور ڈانسر منیبہ شاہ کو گھر سے گرفتار کیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گلوکارہ منیبہ شاہ کے خلاف بلیک میلنگ کی شکایات پر کارروائی کی گئی، ملزمہ نے فیس بک کی جعلی آئی ڈی بنائی ہوئی تھی جس سے لڑکیوں کی تصویریں شیئر کرتی تھی۔

    منیبہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

  • ننھے عمر کے بازو ضائع ہونے کا معاملہ،کے الیکٹرک کے 7ملازمین گرفتار

    ننھے عمر کے بازو ضائع ہونے کا معاملہ،کے الیکٹرک کے 7ملازمین گرفتار

    کراچی : کےالیکٹرک کی غفلت سےبچےکی معذوری کے واقعے پر گڈاپ ٹاؤن پولیس نے کے الیکٹرک کے دفتر پر چھاپہ مار کر سات ملازمین کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی غفلت سے معصوم عمر کے بازو ضائع ہونے کے واقعے پر پولیس ایکشن میں آگئی، گڈاپ ٹاؤن پولیس نے کےالیکٹرک کے دفترپر چھاپہ مار کر سات ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ساتوں افرادکےالیکٹرک احسن آبادکاٹیکنیکل اسٹاف ہے، ملازمین سے عمر کے معاملے پر تفتیش کی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق کے الیکٹرک کے افسران کل سے دفتر سے فرار ہیں اور چھاپہ پڑتے ہی دیگر بالا افسران بھی فرار ہوگئے جبکہ کےالیکٹرک کےڈی جی ایم سمیت افسران کیلئےچھاپے جاری ہیں۔

    اس سے قبل مجرمانہ غفلت سے بچے کی ہاتھوں سے محرومی پر کے الیکٹرک مینجمنٹ کیخلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ متاثرہ بچے کے والد محمد عارف نے درج کرایا۔

    مزید پڑھیں : ننھا عمر دونوں بازؤں سےمحروم، غفلت پر کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج

    مقدمہ نمبر 323 ، 18 دفعہ 337 ایچ 1 کے تحت مجرمانہ غفلت سے نقصان پہنچانے کے زمرے میں درج کیا گیا، مقدمہ میں کے الیکٹر کے گڈاپ ٹاؤن کی منیجمنٹ کو نامز د کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آرکے مطابق بچہ چیز لینے دکان پر گیا، دکان سے ملحقہ پول سے گیارہ ہزار وولٹ کی تاریں بیٹے پر گریں، بچے کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے بازو کاٹنے کا مشورہ دیا ۔ کے الیکٹرک کے مجرمانہ غفلت سے بچے کے ہاتھ ضائع ہوگئے، غفلت کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے سزا دی جائے۔

    یاد رہے گٓذشتہ روز کراچی کے علاقے احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث 8 سالہ بچے عمر پر بجلی کے تار گرگئے تھے ، جس کے باعث بچے کے دونوں بازو ضائع ہوگئے تھے۔

    متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کی تھی۔

  • ملعون ڈچ سیاست داں‌ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص‌ گرفتار

    ملعون ڈچ سیاست داں‌ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص‌ گرفتار

    ایمسٹرڈیم : پولیس نے حضرت محمد ﷺ کے توہین آمیز خاکوں کا مقابلہ منعقد کرنے والے  ملعون ڈچ سیاست دان گیرٹ وولڈرز پر حملے کی منصوبہ بندی کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ پولیس کی جانب سے 26 سالہ مشتبہ شخص کو اسلام مخالف سیاست دان گیرٹ وولڈرز پر ممکنہ حملہ کرنے کی منصوبہ کرنے پر ہالینڈ کے شہر دی ہیگ کے مین ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔

    خیال رہے کہ ہالینڈ کا قدامت پسند  ملعون سیاست دان گیرٹ وولڈرز  نے حضرت محمد  ﷺکے توہین آمیز خاکوں کے متنازعہ مقابلوں کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث امت مسلمہ کی جانب سے شدید غم و غصّے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ہالینڈ پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے 26 سالہ شخص کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے  ملعون گیئرٹ ولڈرز کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو  پیغام میں اسلام مخالف سیاست دان اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ 25 اگست کو ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’نہ ہی توہین آمیز مقابلوں کا فیصلہ ہالینڈ کی حکومت کا ہے اور نہ ہی  گیرٹ وولڈرز (ملعون )حکومت کا حصّہ ہے۔

    ہالینڈ کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ توہین آمیز خاکوں کے قبیح مقابلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس کا مقصد اسلام مخالف بحث کو ہوا دینے کے بجائے اسلام خلاف جذبات ابھارنا ہے‘۔

    خیال رہے کہ فریڈم پارٹی کا ملعون  رہنما گیرٹ وولڈرز وہی شخص ہے جس نے پارلیمنٹ ہاوس میں ایک متنازع بل پیش کیا تھا جس میں قرآن مجید کی ترسیل پر پابندی کی درخواست کی گئی تھی ساتھ ساتھ وولڈرز ہالینڈ میں خواتین پر پردے کی پابندی کا بل بھی پیش کرچکا ہے۔

    واضح رہے کہ مغربی ممالک میں اس سے قبل بھی امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے کے لیے متنازع مقابلوں کا انعقاد ہوتا رہا ہے۔

  • 5 سال میں دہشت گردی کے الزامات میں 16 ہزار سے زائد افراد گرفتار

    5 سال میں دہشت گردی کے الزامات میں 16 ہزار سے زائد افراد گرفتار

    اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 5 سال میں دہشت گردی کے الزامات پر 16 ہزار 6 سو 22 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 3 سو 76 کو سزائے موت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ نے اپنا تحریری جواب جمع کروایا۔

    جواب میں پانچ سال کے دوران اسلام آباد میں زیادتی کا شکار بچوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق 79 بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے مقدمات درج ہوئے۔ کل 100 ملزمان گرفتار کیے گئے جن میں سے صرف 4 کو سزا سنائی گئی۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے جمع کروائے گئے ایک اور تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 5 سال میں دہشت گردی کے الزامات پر 16 ہزار 6 سو 22 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    پنجاب سے 10 ہزار 993، سندھ سے 2 ہزار 728، پختونخواہ سے1967، بلوچستان سے 147، گلگت بلتستان سے 126 اور اسلام آباد سے 61 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    وزارت داخلہ کے مطابق فاٹا اور آزاد کشمیر سے گرفتار افراد کی رپورٹ تا حال موصول نہیں ہوئی۔ 5 سال میں دہشت گردی پر 376 مجرمان کو سزائے موت سنائی گئی۔

    پنجاب میں 330، سندھ میں 19، بلوچستان میں 15، پختونخواہ میں 7 اور گلگت بلتستان میں 5 دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پانچ سال میں 2 ہزار 525 افراد کو دہشت گردی ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔ اسلام آباد میں بھی 2 افراد کو دہشت گردی کے مقدمات میں سزا ہوئی۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 میں دہشت گردی کے الزام میں 4 ہزار 439 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا

    نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے ایبٹ آباد میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ نیب کی ٹیم کو چکمہ دے کر راولپنڈی پہنچے اور ن لیگ کی ریلی کی قیادت کرنے لگے جہاں سے نیب نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

    کیپٹن (ر) صفدر تین گھنٹے تک راولپنڈی کی سڑٖکوں پر جلوس نکالتے رہے اور تقاریر کرتے رہے، اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ن لیگ کے کارکنوں نے مزاحمت کرکے پولیس کو گرفتار کرنے سے روک دیا شام پانچ بجے نیب کی ٹیم نے حتمی کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔

    واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو جمعہ کے روز احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے وہ روپوش ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب نیب ٹیم سے مزاحمت پر مقدمہ درج کیا جائے گا، نیب ذرائع کے مطابق ن لیگ رہنماؤں سمیت 100 افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، پولیس کی مزاحمت کرنے والے افراد سے متعلق تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

    کیپٹن (ر) صفدر نے آج صبح آڈیو بیان جاری کرتے ہوئے باضابطہ کرنے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مانسہرہ شہر سے گرفتاری دینے کا سوچا تھا لیکن پارٹی فیصلے کے نتیجے میں کسی اور شہر سے گرفتاری دے دوں گا، گرفتاری دینا غیرت کا تقاضا ہے اور اس حوالے سے پارٹی فیصلے کا احترام کروں گا۔

    خیال رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو اس سے پہلے 9 اکتوبر 2017 کو بھی نیب مقدمے میں احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نواب شاہ : رینجرز کی کارروائی، مراد علی شاہ کےسابق معاون خصوصی اسمعیل ڈاہری گرفتار

    نواب شاہ : رینجرز کی کارروائی، مراد علی شاہ کےسابق معاون خصوصی اسمعیل ڈاہری گرفتار

    نواب شاہ: رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ مقدمات میں مطلوب مراد علی شاہ کے سابق معاون خصوصی اسماعیل ڈاہری کو گرفتارکرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقدام قتل، غیرقانونی اسلحہ ،اراضی پر قبضوں سمیت پانچ سنگین مقدمات میں مطلوب مرادعلی شاہ کےسابق معاون خصوصی اسمعیل ڈاہری قانون کے شکنجے میں آگئے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر نوابشاہ کےعلاقے دولت پورمیں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکےانتہائی مطلوب ملزم اسماعیل ڈاھری کو حراست میں لےکر بڑی تعدادمیں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اسمٰعیل ڈاہری کو حراست میں لے کر پانچ ایس ایم جیز، بارہ میگزین، پسٹل، دو گرنیڈ لانچر، چالیس راؤنڈ اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    ملزم اسماعیل ڈاھری کے کیخلاف پانچ ایف آئی آر درج ہیں، ملزم اقدام قتل،غیرقانونی اسلحہ رکھنے ، اراضی پر قبضوں سمیت دیگرسنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

    رینجرز حکام کے مطابق کارروائی میں اسماعیل ڈاھری کا کوئی ساتھی گرفتار نہیں کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ثنا چیمہ قتل کیس ، مزید  2 ملزمان ایئرپورٹ سے گرفتار

    ثنا چیمہ قتل کیس ، مزید 2 ملزمان ایئرپورٹ سے گرفتار

    راولپنڈی: پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کے قتل کیس میں مزید دو ملزمان نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کی پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثنا چیمہ قتل کیس کی تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی اور فرار ہونے والے دو ملزمان ائیر پورٹ سےقانون کی گرفت میں آگئے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملزمان اعجاز خضر اور فراز خضر استنبول فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جنہیں ایف آئی اے نے حراست میں لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے ایف آئی اے نے متعلقہ پولیس سے ملزمان کی حوالگی کے لیے رابطہ کیا ہے۔

    یاد رہے 9 مئی کو پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثنا چیمہ کے قتل کی تصدیق ہوئی تھی اور فرانزک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ثنا کو گلا دبا کر قتل کیا گیا، اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹی ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 18 اپریل کو گجرات میں  پسند کی شادی کی خواہش پر اہلخانہ نے غیرت کےنام پر اپنی اطالوی بیٹی کو قتل کردیا تھا جبکہ اس کی موت کو  اتفاقیہ قرار دے کر دفنا دیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں : گجرات: غیرت کے نام پر پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کا قتل


    ثناء چیمہ کے مبینہ قتل کی خبر جب انٹرنیشنل میڈیا اور سوشل میڈیا پر نشر ہوئی تو کنجاہ پولیس نے ثناء چیمہ کے باپ غلام مصطفےٰ چیمہ بھائی اور چچا کو حراست میں لے کر قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ثنا چیمہ ،راجہ کامران سے شادی کرنا چاہتی تھی، راجہ کامران ثناچیمہ کی موت سے چندروز قبل اٹلی واپس گیا تھا، مبینہ قتل کی خبر راجہ کامران نےہی اٹلی کے اخبارات کو دی۔

    گزشتہ ماہ 25 اپریل کو عدالت کے حکم  پر  ثناء چیمہ کی قبر کشائی کی گئی تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ کیا ثناء چیمہ کو قتل کیا گیا تھا یا اس کی موت اتفاقیہ ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ ثناء چیمہ نے انیس اپریل کو کامران نامی پاکستانی نژاد سے شادی کرنے کے لئے اٹلی جانا تھا اور اٹلی روانگی سے ایک روز قبل ہی اسے قتل کر دیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔