Tag: arrested

  • کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: افغانستان سے تربیت یافتہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا، دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد عثمان غنی عرف عرفان گرفتار کرلیا گیا، ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق باجوڑی گروپ سے ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ ہے، دہشت گرد سنہ 2019 میں افغانستان گیا تھا۔ دہشت گرد نے طالبان کمانڈر قاری عبید اللہ عرف قاری ثاقب سے ملاقات کی تھی۔

    ملزم نے جدید اقسام کےاسلحے اور بارود چلانے کی تربیت افغانستان سے حاصل کی۔

    انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نے چارمنگ باجوڑ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، حملے میں ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق دہشت گرد کا ہجرت اللہ عرف مجلس عرف جٹ کو کراچی میں بھاری رقوم دینے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ عثمان غنی اپنے ساتھیوں کے ساتھ فیس بک کے ذریعے رابطے میں رہتا تھا، دہشت گرد باجوڑ سے افغانستان کےخفیہ راستوں کی معلومات رکھتا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم سے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں، دہشت گرد سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

  • کسی شخص کو محض مقدمے میں نامزد ہونے پر گرفتار نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ کا حکمنامہ جاری

    کسی شخص کو محض مقدمے میں نامزد ہونے پر گرفتار نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ کا حکمنامہ جاری

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ کسی کو محض نامزد ہونے پر گرفتار نہیں کیا جاسکتا، گرفتاری سے قبل ٹھوس وجوہات ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے گرفتاری کے حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ، جسٹس منصورعلی شاہ نے تفصیلی فیصلہ تحریرکیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسی کومحض مقدمےمیں نامزدہونےپرگرفتارنہیں کیا جاسکتا، کسی شخص کی گرفتاری سے قبل ٹھوس وجوہات ہوناضروری ہیں۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ پولیس کو قابل تعزیرجرم پرکسی شخص کوگرفتارکرنےکااختیارہے، پولیس کے پاس کسی شخص کی گرفتاری پر معقول وضاحت ہونی چاہیے۔

    فیصلے کے مطابق پولیس کوہرشخص کی گرفتاری کاصوابدیدی اختیارنہیں، پولیس گرفتاری کا اختیار رکھنے پر ہر نامزد ملزم کو گرفتارنہیں کرسکتی۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتیں گرفتاری سےقبل ضمانت درخواست پرفیصلےکیلئےشفاف ٹرائل مدنظر رکھیں، گرفتاری سےقبل ضمانت کاعدالتی اختیارپولیس پرچیک کی حیثیت رکھتاہے، پولیس کی بدنیتی، بے قصور ہونے پر نامزد شخص قبل ازگرفتاری ضمانت کا حقدار ہے۔

  • منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    امریکا میں ایک شخص نے پولیس کو فون کر کے جعلی ڈکیتی رپورٹ کی تاہم پولیس نے اس کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی۔

    امریکی ریاست ایریزونا میں 42 سال جون ہربسن نے پولیس کو کال کی اور کہا کہ ان کے گھر کی کھڑکی ٹوٹی ہوئی ہے اور کسی نے ان کے گھر میں نقب لگائی ہے۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو جون نے دروازہ کھول دیا اور انہیں اندر داخل ہونے کی دعوت دی۔ تاہم پولیس نے دیکھا کہ وہاں نقب زنی کے کوئی آثار موجود نہیں تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی، رقم کی مالیت 4 ہزار ڈالرز سے زائد تھی۔

    پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔

  • بی جے پی خاتون رہنما کے پرس سے کیا نکلا؟ پولیس نے گرفتارکرلیا

    بی جے پی خاتون رہنما کے پرس سے کیا نکلا؟ پولیس نے گرفتارکرلیا

    کولکتہ : بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون رہنما منشیات سمیت پکڑی گئی، پولیس نے دوران تلاشی خاتون کے پرس اور گاڑی میں چھپائی گئی کوکین برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نوجوان خاتون  رہنما پامیلا گوسوامی کو منشیات لے جانے اور استعمال کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں گزشتہ شام پولیس نے دوران چیکنگ ڈرامائی انداز میں بی جے پی کی ایک نوجوان رہنما پامیلا گوسوامی کو اپنے پرس اور کار میں سیٹ کے نیچے کوکین رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا۔

    ملزمہ کے ساتھ اس کے دوست اور ایک سیکیورٹی گارڈ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام نیو علی پور علاقے میں اس وقت پیش آیا جب گوسوامی اور ان کا ساتھی این آر ایوینیو کے ایک کیفے کی طرف جارہے تھے، اچانک پولیس نے مصدقہ ثبوت پر اپنی گرفت میں لے لیا۔

    پولیس نے تلاشی کے دوران مبینہ طور پر ملزمہ کے پرس اور کار میں سیٹ کے نیچے سے 100 گرام کوکین برآمد کی۔ اس کے فوری بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ جیسے ہی پولیس نے اسے گرفتار کیا تو وہ چلانے لگی کہ پولیس مجھے پھنسا رہی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق پامیلا گوسوامی اور اس کے ساتھی پربیر کو بار بار ایک خاص کیفے میں جانے، کھڑی گاڑی میں کافی دیر تک بیٹھے رہنے اور موٹرسائیکل سے اتر کر کار تک جانے والے ایک نوجوان کے ساتھ مشکوک لین دین کرنے کے بعد پولیس کی نظروں میں آئے تھے۔

    منشیات کے سودے کے شبے میں پولیس جمعہ کے روز بی جے پی خاتون رہنما کے آنے کا انتظار کررہی تھی اور پھر  ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

  • خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے کویتی شہری کو سزا

    کویت سٹی: کویت میں ایک 51 سالہ شخص نے ایک خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر ان سے 7 لاکھ دینار کی رقم بٹور لی، عدالت نے مذکورہ شخص کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویتی شہری نے شادی کا جھانسہ دے کر ایک خاتون سے 7 لاکھ دینار اینٹھ لیے، مذکورہ شخص خاتون کو 6 برس سے شادی کے جھانسے دے رہا تھا۔

    خاتون نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ شخص 6 برس تک انہیں بیوقوف بنا کر ان سے مالی فوائد حاصل کرتا رہا۔ شہری نے صرف ایک معاملے میں ان سے 2 لاکھ 66 ہزار دینار اینٹھے تھے۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ 51 سالہ شخص ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہا تھا، خاتون نے اس کی کمپنی سے اپنا گھر بنوانے کے لیے سنہ 2012 میں اس سے رابطہ کیا تھا۔

    اس دوران دونوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگئی، ٹھیکے دار نے خاتون سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔

    سنہ 2017 میں اس نے خاتون کو واٹس ایپ پیغام بھیجا کہ اس کی کمپنی کے بعض ملازم ان دونوں کی آڈیوز اور ویڈیوز ریکارڈ منظر عام پر لانے کی دھمکی دے رہے ہیں، انہیں روکنے کا جواز بنا کر ٹھیکے دار نے خاتون سے 2 لاکھ کویتی دینار اینٹھے۔

    اب خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ اب تک اس شخص کو 7 لاکھ دینار کی رقم دے چکی ہیں۔

    ہائیکورٹ نے ٹھیکے دار کو خاتون کو دھمکانے اور ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کا مجرم قرار دیا ہے اور 2 برس قید اور 5 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق یہ ملکی تاریخ میں دھوکہ دہی کا سب سے بڑا واقعہ ہے، سپریم کورٹ نے بھی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل مسترد کردی ہے۔

  • سعودی عرب: کرونا کے علاج کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے کا عبرت ناک انجام

    سعودی عرب: کرونا کے علاج کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے کا عبرت ناک انجام

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کے علاج کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے کا عبرت ناک انجام سامنے آگیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق قصیم ریجن میں پولیس نے کرونا وائرس کا علاج کرنے کے دعوے دار کو گرفتار کرلیا، ملزم نے سوشل میڈیا پر کرونا وائرس کا کامیاب علاج کرنے کے لیے اشتہاری مہم شروع کی تھی۔

    قصیم ریجن کے پولیس ترجمان کرنل بدر السحیبانی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک سعودی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے پاس کرونا وائرس کا شافی علاج ہے، کرونا وائرس کے علاج کے لیے ملزم نے فیس بھی مقرر کر رکھی تھی۔

    ریجنل ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے ملزم کی جانب سے جاری کیے گئے اشتہار کی مدد سے اس کی شناخت کر کے حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جس کی عمر 30 برس کے قریب ہے، کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تحقیقات کے بعد کیس عدالت میں بھیجا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے علاج کے لیے فائزر ویکسین کی منظوری دی گئی ہے جو ہر شخص مفت حاصل کر سکتا ہے، کرونا ویکسین لگانے کے لیے صحتی ایپ پر رجسٹر کروانے کے بعد متعلقہ سینٹر جا کر ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔

  • دوعورتوں کی بھرے بازار میں پٹائی

    دوعورتوں کی بھرے بازار میں پٹائی

    جالندھر : بھارت میں مشتعل ہجوم نے دو چور خواتین کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر ان کی درگت بنادی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو گرفتار کرلیا۔

    بھارت کے شہر جالندھر میں خواتین چوروں کا گروہ پولیس کے کردار پر سوالیہ نشان بن گیا تھا لیکن عوام نے ان کی مشکل آسان کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جالندھر کے بازار میں خریداری کیلئے ماں کے ساتھ آنے والی لڑکی کا پرس ایک عورت نے چوری کرلیا، عین موقع پر لڑکی کی والدہ کی نظر اس پر پڑگئی، جس کو فوراً پکڑ کر پرس برآمد کرلیا گیا۔

    اتنے میں اس چور عورت کی ساتھی کو بھی فون کرکے بلوایا گیا اس دوران جائے واردات پر لوگوں کا ہجوم لگ گیا اور دونوں ماں بیٹی نے چور عورتوں کی خوب پٹائی کی اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دو خواتین نے پرس چوری کیا تھا، ان دونوں کو تھانہ لے جایا گیا ہے اور خریداری کیلیے آنے والی ماں بیٹی کو بھی ساتھ لے کر معاملہ کی تفتیش کی جارہی ہے۔

  • سعودی عرب: ڈیڑھ لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: ڈیڑھ لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں پونے 2 لاکھ ریال کی چوریاں کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان میں سے 5 افراد کا تعلق یمن سے ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ پولیس نے ایک غیر ملکی کارکن کو لوٹنے اور 5 تجارتی مراکز میں چوری کی وارداتیں کرنے والے 6 افراد کو گرفتارکیا ہے۔

    گرفتار افراد میں سے ایک سعودی شہری اور 5 یمنی تارکین وطن ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں کرنے والے گروہ میں شامل افراد نے اقبال جرم کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے 1 لاکھ 80 ہزار ریال مالیت سے زیادہ کا سامان چوری کیا، دوران حراست انہوں نے مسروقہ سامان چھپانے کے مقام کی بھی نشاندہی کی۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پبلک پراسیکیوشن کو تمام معلومات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

  • ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

    ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ٹک ٹاک اسٹار دوست کے گھر چوری کرنے کے بعد پکڑا گیا، پولیس کے مطابق 9 لاکھ فالوورز رکھنے والا ٹک ٹاکر عادی مجرم ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ابھی منیو گپتا نامی ٹک ٹاک اسٹار بے گھر تھا اور اس نے اپنی دوست خوشبو سے، جو خود بھی ماڈل ہے، اس کے گھر پر رہنے کی درخواست کی۔

    خوشبو کے مطابق اس نے زور دیا کہ جب تک وہ اپنا فلیٹ نہیں ڈھونڈ لیتا، وہ خوشبو کے ساتھ رہے گا، خوشبو نے اسے اپنے گھر رہنے کی اجازت دے دی۔

    پولیس کو درج رپورٹ میں خوشبو نے بتایا کہ وہ کچھ دن کے لیے شہر سے باہر گئی تھی، واپس آنے کے کچھ روز بعد اس نے تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیوارت اور نقد رقم غائب پائی۔

    گپتا نے اسے پولیس میں شکایت درج کروانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسے اور اس کے دیگر دوستوں کو تنگ کرے گی۔

    دوسری جانب مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گپتا پر ایک عرصے سے نظر رکھے ہوئے تھے، گزشتہ کچھ عرصے سے برقع پہنے ہوئے ایک چور کی وارداتیں سامنے آرہی تھیں، اس کے لیدر کے جوتے اور جسمانی حرکات ٹک ٹاک اسٹار گپتا سے ملتی جلتی تھیں۔

    خوشبو کے گھر چوری کے بعد پولیس نے گپتا کی بائیک کی سیٹ کے نیچے سے سامان برآمد کیا جس کے بعد ٹک ٹاکر نے بھی اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اسے پیسوں کی ضرورت تھی۔

    پولیس کے مطابق اس سے قبل سنہ 2018 میں بھی گپتا نے ایک معمر جوڑے کے گھر سے 4 لاکھ سے زائد مالیت کے موبائل فون اور زیوارت چرائے تھے جبکہ اس کے علاوہ بھی چوری و ڈکیتی کی کئی وارداتوں میں ملوث رہا تھا۔

  • خواتین کے پرس چرانے والی بھارتی گلوکارہ گرفتار

    خواتین کے پرس چرانے والی بھارتی گلوکارہ گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں شاپنگ مالز اور بیوٹی پارلرز میں خواتین کے پرس چرانے والی ایک گلوکارہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، گلوکارہ اب تک لاکھوں روپے مالیت کی اشیا چرا چکی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ارچنا بروا نامی آرکسٹرا گلوکارہ مختلف شہروں میں سفر کرتی تھی اور وہاں بیوٹی سیلونز اور شاپنگ مالز میں خواتین کے پرس اور ہینڈ بیگز چرا لیتی تھی۔

    گزشتہ برس اپریل میں ارچنا نے ایک مال میں مبینہ طور پر ایک خاتون کا پرس چرایا تھا جس میں لگ بھگ 15 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور نقد رقم موجود تھی۔

    اس کے بعد پولیس کو شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے مال کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا۔

    بعد ازاں گلوکارہ کی ایک اور واردات سامنے آئی، ممبئی کے ایک بیوٹی سیلون میں اس نے ایک خاتون کا پرس چرایا جس میں 4 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور رقم موجود تھی۔

    ممبئی پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اسی نوعیت کے 3 کیسز ممبئی پولیس کو درج کروائے گئے تھے۔

    پولیس نے تینوں کیسز میں جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کیں جس کے بعد ارچنا کی تلاش شروع کی گئی، بعد ازاں اسے بنگلورو سے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اپنی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔