Tag: arrested

  • متعدد اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر گرفتار

    متعدد اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد اداروں کو مطلوب لیاری گینگ وار کے کمانڈر ملا نثار کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

    کارروائی میں پولیس کو انتہائی مطلوب لیاری گینگ وار کا کمانڈر ملا نثار گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزم کا نام محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ریڈ بک میں شامل ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپے انعام بھی مقرر ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشت گرد قتل، اقدام قتل، ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور بھتہ خوری میں ملوث رہا ہے، علاوہ ازیں ملزم اسلحے کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہے۔

    ملزم لیاری گینگ وار پیپلز امن کمیٹی کی سرگرمیوں میں شامل رہا، سنہ 2013 میں ملزم عذیر بلوچ گروپ میں شامل ہوگیا تھا۔

  • سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    سعودی عرب: سر عام لڑکی کو ہراساں اور حملہ کرنے والے 2 نوجوان گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں سر عام ایک لڑکی کو ہراساں اور اس پر حملہ کرنے والے 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں عوامی مقام پر لڑکی کو ہراساں کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو نوجوانوں نے ایک لڑکی پر حملہ کیا اور اسے زمین پر گرا دیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور صارفین کی تنقید کے بعد ریاض کی الفلج گورنری کی پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آوروں نے الفلج کی ایک گلی میں لڑکی کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گئی، اس کے بعد نوجوان اسے چھوڑ کر نوجوانوں کے ایک گروپ میں شامل ہوگئے جو اس سارے تماشے کو دیکھ رہے تھے۔

    ویڈیو سے واضح ہوگیا کہ دونوں نوجوان اور وہ لڑکی لوگوں کے ایک بڑے گروپ کا حصہ تھے۔ اس گروپ میں شامل افراد سارا معاملہ دیکھتے رہے مگر انہوں نے ان دو نوجوانوں کی کوئی سرزنش نہیں کی۔

    ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا پر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور دونوں نوجوانوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ حکام بھی فوری طور پر حرکت میں آئے اور نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

  • 2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    نئی دہلی: معروف بھارتی فلمی ناقد اور بالی وڈ اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو، سنہ 2020 میں کی گئی ٹویٹس پر ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کمال راشد کو آنجہانی اداکار رشی کپور اور مرحوم عرفان خان سے متعلق 2020 میں کی گئی متنازعہ ٹویٹس کی وجہ سے ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    کے آر کے کو 30 اگست یعنی آج ہی ممبئی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    کے آر کے، کے خلاف سیاسی جماعت شیو سینا کے رکن راہول کنال نے ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد اب پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ اداکار نے مرحوم اداکاروں کے خلاف ٹویٹس کیں اور نامناسب الفاظ استعمال کیے۔

    واضح رہے کہ کمال راشد فلمی ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں جو آئے دن بالی ووڈ کی معروف شخصیات پر الزام تراشی اور تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

  • شہباز گل کی گرفتاری پر پی ٹی آئی رہنماوں کا شدید ردعمل

    شہباز گل کی گرفتاری پر پی ٹی آئی رہنماوں کا شدید ردعمل

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گرفتاری پر دیگر رہنماوں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز گل کی گرفتاری فسطائیت، جبرکی اعلیٰ مثال ہے، امپورٹڈ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ایسے فاشسٹ اقدامات حکومتی بوکھلاہٹ کا اظہار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ شہباز گل کو فی الفور رہا کیا جائے، امپورٹڈ حکومت معیشت اور سیاست میں پی ٹی آئی سے شکست تسلیم کرچکی ہے۔

    نشریات کی بندش: اے آر وائی کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اس نے ایک بار پھر بزدلانہ اقدام کیا، شہبازگل کی گاڑی پر حملہ اور زدوکوب کیا گیا، مبینہ طور پربغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں اغوا کے انداز میں گرفتاری کی گئی۔

    عثمان ڈار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ یہ غریب شہبازگل کا ڈرائیور ہے جو چند ہزار روپے کی نوکری کرتا تھا، ظلم کی انتہا دیکھیں غریب کے کپڑے پھاڑ کر بے انتہا تشدد کیا گیا۔

    فرخ حبیب کا ٹوئٹرپیغام میں کہنا تھا کہ ظالموں اتنا ظلم کرو جتنا برداشت کرسکو، شہباز گل پر باقاعدہ حملہ کیا گیا، ساتھ میں موجود اسسٹنٹ کو بھی تشدد کانشانہ بنایا گیا۔

  • شہبازگل کو بنی گالہ جاتے ہوئے پولیس نے گرفتار کرلیا

    شہبازگل کو بنی گالہ جاتے ہوئے پولیس نے گرفتار کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہبازگل کو بنی گالہ جاتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا تاہم ابھی تک مقدمہ درج کیے جانے کئے جانے کے حوالے سے یا دیگر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہشہباز گل کو غداری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا، اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گل کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    ذرائع کے مطابق ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس اہلکاروں نے شہبازگل کو حراست میں لیا۔

    اس حوالے سے شہباز گل کے ڈرائیور نے بتایا کہ کلاشکوف کے بٹ مار کر گاڑی کے شیشے توڑے گئے، مجھے بھی مارا پیٹا گیا مگر میں نے گاڑی تیزی سے بھگالی۔

    شہباز گل کی گرفتاری کی خبر ملک بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور سوشل میڈیا پر پولیس کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی جارہی ہے۔

    نشریات کی بندش: اے آر وائی کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا کہ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کس کس کو گرفتار کروگے؟ کتنے صحافیوں پر پابندی لگاؤ گے؟

    مراد سعید نے کہا کہ شہباز گل کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے، کل رات کو ان کا ایک خوفناک پلان تھا، عمران خان کے جانثاروں نے واضح پیغام دیا کہ عمران خان ریڈ لائن ہے۔

    مرادسعید نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش کا حصہ بننے والو، ملکی خودداری کا سودا کرنے والو آپ ہار چکے ہو، آپ کو عوام مسترد کرچکی ہے ہر حربہ آپ کو مزید بے نقاب کر رہا ہے۔

  • کویت: کلینک میں صفائی کا ملازم، مریضوں کا علاج کرتے ہوئے گرفتار

    کویت: کلینک میں صفائی کا ملازم، مریضوں کا علاج کرتے ہوئے گرفتار

    کویت سٹی: کویت میں ایک نجی طبی مرکز میں کام کرنے والا خاکروب ڈاکٹر کی خدمات سرانجام دیتے ہوئے پکڑا گیا، حکام نے مرکز کو سیل کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کویتی وزارت صحت کی اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے پرائیوٹ میڈیکل سروسز امور ڈاکٹر فاطمہ النجر کا کہنا ہے کہ سالمیہ میں ایک نجی طبی مرکز نے متعدد خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہیلتھ لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ، وزارت صحت کے میڈیسن انسپکشن ڈپارٹمنٹ اور پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ارکان پر مشتمل کمیٹی نے کویت کے گنجان آباد علاقے سالمیہ میں کارروائی کی۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک صفائی کارکن جو بغیر لائسنس کے لیزر ڈیوائس چلاتے ہوئے پکڑا گیا تھا جس کی وجہ سے متعلقہ پرائیوٹ میڈیکل سینٹر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر النجر کا کہنا تھا کہ ایک ڈاکٹر اور کچھ کارکنوں کو بغیر لائسنس کے کام کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ میعاد ختم ہونے والی ادویات بھی ضبط کی گئی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن اور میڈیکل متعلقہ اتھارٹی کے پاس بھیجا جائے گا، انہوں نے وضاحت کی کہ چھاپہ خلاف ورزیوں کے بارے میں رپورٹ موصول ہونے کے بعد کیا گیا تھا۔

  • امریکا میں طویل عرصے سے مقیم میاں بیوی روسی جاسوس نکلے

    امریکا میں طویل عرصے سے مقیم میاں بیوی روسی جاسوس نکلے

    واشنگٹن: امریکا میں کئی سالوں سے جعلی ناموں سے مقیم ایک جوڑے کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ روسی خفیہ ایجنسی کے جی بی کا ملازم ہے، پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا میں کئی دہائیوں سے جعلی ناموں کے ساتھ رہنے والے ایک جوڑے کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    جمعے کو گرفتار ہونے والا یہ جوڑا فوت ہو جانے والے بچوں کے چوری کیے گئے ناموں کے ساتھ امریکہ میں مقیم تھا، اس جوڑے پر شناخت کی چوری اور حکومت کے خلاف سازش کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    والٹر پرائمروز اور ان کی اہلیہ گیوین موریسن دونوں 1955 میں پیدا ہوئے تھے، دستاویزات کے مطابق جوڑے کے گھر کی تلاشی کے دوران روس کی خفیہ ایجنسی کے بی جی کی وردی میں ملبوس جوڑے کی ایک پرانی تصویر سامنے آئی۔

    ایک فیڈرل جج نے جمعرات کو شوہر کے فرار ہو جانے کا خطرے کے پیش نظر اسے مسلسل حراست میں رکھنے کا حکم دیا جبکہ اہلیہ اگلے ہفتے جج کے سامنے پیش ہوں گی۔

    فرد جرم کے مطابق اس جوڑے نے 1970 کی دہائی میں ٹیکسس میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی اور 1980 میں وہیں شادی کی، نامعلوم وجوہات کی بنا پر 1987 میں انہوں نے بابی فورٹ اور جولی مونٹیگ کی شناخت اختیار کی۔

    یہ برسوں پہلے انتقال کر جانے والے بچوں کے نام تھے جو وہاں قریبی قبرستان میں دفن ہیں۔

    اس جوڑے نے 1988 میں فرضی شناخت کے تحت دوبارہ شادی کی، 1994 میں بابی فورٹ کوسٹ گارڈ میں شامل ہوا جہاں اس نے 20 سال تک خدمات انجام دیں، بعد ازاں اس نے محکمہ دفاع کے کنٹریکٹر کے طور پر کام شروع کر دیا۔

    ان برسوں کے دوران اس جوڑے نے اپنی غلط شناخت کے تحت متعدد سرکاری دستاویزات حاصل کیں جن میں ڈرائیونگ لائسنس اور کئی پاسپورٹ شامل ہیں۔

    اگرچہ فرد جرم میں ان پر جاسوسی کا الزام نہیں ہے لیکن ان کی ضمانت کی مخالفت میں دائر کی گئی دستاویز ایک پیچیدہ کیس کی نشاندہی کرتی ہے۔

    وفاقی پراسیکیوٹر کلیئر کونرز نے کہا کہ ایف بی آئی نے جوڑے کے نام خطوط ضبط کیے ہیں جو بوبی، جولی، والٹر یا گیوین کے علاوہ بھی کئی ناموں سے حوالہ دیتے ہیں، وہ متعدد عرفی نام استعمال کر رہے ہیں۔

    کونرز نے کہا کہ موریسن کے ایک رشتہ دار نے ایف بی آئی کے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ رومانیہ میں اس وقت مقیم تھی جب وہ کمیونسٹ بلاک کا حصہ تھا۔

    پراسیکیوٹر نے بتایا کہ والٹر پرائمروز کو اپنے تمام غیر ملکی سفروں کی اطلاع دینی تھی لیکن وہ کینیڈا کے اپنے کئی دوروں کے بارے میں بتانے میں ناکام رہا تھا۔

    موریسن کے وکیل میگن کاؤ کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل نے الزامات کی تردید کی ہے۔

  • شہباز گل کو گرفتار کرلیا گیا

    شہباز گل کو گرفتار کرلیا گیا

    مظفر گڑھ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کرلیا گیا، وزیر داخلہ پنجاب عطا اللہ تارڑ نے گرفتاری کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے ساتھ مسلح افراد موجود ہیں، پنجاب میں اسلحے پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے، اسلحہ رکھنے اور اسلحے کی نمائش پر دفعہ 144 کا نفاذ ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کمانڈنٹ ایف سی کا بیان آچکا ہے ایف سی کا کوئی اہلکار شہباز گل کے ساتھ موجود نہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر ان کے ساتھ ایف سی کی وردی میں ملبوس مسلح افراد کون ہیں۔

    عطا تارڑ نے مزید کہا کہ شہباز گل سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی حرکات پر اتر آئے ہیں، شہباز گل امن و امان خراب کرنے کے لیے اسلحہ بردار افراد ساتھ لائے ہیں۔

  • پنجاب میں درجنوں آپریشنز، 9 دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں درجنوں آپریشنز، 9 دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے درجنوں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشت گرد اور 70 مشتبہ افراد گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی نے صوبہ پنجاب میں 38 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے مبینہ 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مختلف اضلاع کی مقامی پولیس کی مدد سے 452 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، آپریشنز کے دوران 15 ہزار 55 افراد کو چیک کیا گیا اور 70 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ 40 مشتبہ افراد سے تفتیش کی گئی، 2 ملزمان کو دھماکہ خیز مواد کی چوری پر گرفتار کیا گیا، آپریشن میں ریکوریز کے 7 مقدمات درج کیے گئے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد، 40 ڈیٹو نیٹرز، 30 فیوز، 5 ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ، گولیاں، ممنوعہ مواد اور نقدی برآمد کی گئی۔

  • ایازموتی والا کیخلاف بھتہ خوری کا ایک اور مقدمہ درج

    ایازموتی والا کیخلاف بھتہ خوری کا ایک اور مقدمہ درج

    کراچی : رینجرز کے ہاتھوں گرفتارہونے والے مبینہ فراڈیے اور بھتہ خور ایاز موتی والا کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوگیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ بلیک میلر کے خلاف پریڈی تھانے میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ بھتہ خوری اور دہشت گردی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاز موتی والا کے خلاف تیسرا مقدمہ بلڈر ایوب کی مدعیت میں درج ہوا، مدعی کے مطابق وہ کھارادر میں تعمیراتی کام کروارہا تھا۔

    مدعی کا کہنا ہے کہ28جنوری کی رات12بجے ایاز موتی والا اپنے مسلح ساتھیوں سمیت میرے پاس آیا اور ویڈیو بنا کر گالم گلوچ اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کردیں۔

    بلڈر ایوب نے بتایا کہ ایازموتی والا نے مجھے رواں سال ماہ فروری میں بوہری بازار میں واقع دوہا جیولرز پر بلایا، ملزم ایازموتی والا نےآتے ہی گالیاں دیں اور پیسے مانگنے لگا۔

    مدعی کے مطابق ایاز موتی والا آئی جی سندھ اور سیکیورٹی ادارے کے اعلیٰ افسر کا حوالہ دینے لگا، اسی دوران سلیمان اورعلی میمن نے پستول نکال کر مجھ پرتان لی۔

    بلڈر ایوب نے بتایا کہ اس نے ہمیں تین گھنٹے تک اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر رکھا، ایک کروڑ روپے دینے کے وعدے پر چھوڑا اور اگلے روز70لاکھ روپے لیے۔؎

    مدعی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم سلیمان بقایا30لاکھ کے لیے روزانہ فون کرتا رہا، مدعی نے اپیل کی ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل حساس ادارے نے کراچی میں مبینہ طور پر بلڈروں کو بلیک میل کرنے والے سونے کے تاجر ایاز میمن موتی والا کو ساتھی سلیمان سمیت گرفتار کیا تھا،

    حساس ادارے نے ایاز میمن موتی والا کو اس کے گھر سے گرفتار کیا جبکہ مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاز موتی والا نے کراچی کے بلڈروں سے انہیں بلیک میل کرکے 40 سے زائد بلڈروں سے بھاری مالیت میں بھتہ وصول کیا بھتے کی رقم تقریباً بائیس 22کروڑ، 44چوالیس لاکھ روپے بنتی ہے۔