Tag: arrested

  • کراچی میں جعلی کرنل اور جعلی انسپکٹر گرفتار

    کراچی میں جعلی کرنل اور جعلی انسپکٹر گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خود کو حساس ادارے کا کرنل ظاہر کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کا ساتھی خود کو انسپکٹر ظاہر کرتا تھا اور دونوں متعدد غیر قانونی کاموں میں ملوث تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں حساس ادارے اور گارڈن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنل اور اس کے ساتھی جعلی انسپکٹر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

    ایس پی سٹی علی مردان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم امداد بلوچ عرف کرنل عمران اپنے آپ کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرتا تھا، ملزم کا ساتھی محمد سیفل بھی خود کو حساس ادارے کا انسپکٹر متعارف کرواتا تھا۔

    گرفتار ملزم پولیس کے سینئر افسران کو حساس ادارے کا کرنل متعارف کروا کر قبضہ مافیا اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کو سپورٹ کرتا تھا اور خود بھی غیر قانونی کاموں میں ملوث تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے اورنگی ٹاؤن کے رہائشی احتشام اور حمدان سے جعلی کارڈز بنوائے، گرفتار جعلی کرنل عمران نے سات شادیاں کر رکھی ہیں، ملزم نے تمام سسرالیوں سے بھی خود کو حساس ادارے کا افسر متعارف کروایا تھا۔

    گرفتار ملزم زمینوں پر قبضے، بھتہ خوری اور بلیک میلنگ میں ملوث ہے جبکہ جعلی انسپکٹر محمد سیفل سندھ اور بلوچستان میں ضلعی اور پولیس افسران کو فون کر کے غیر قانونی کام کروانے کی کوشش کرتا تھا۔

    گرفتار ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ اور حساس ادارے کے جعلی کارڈز بھی برآمد ہوئے۔

  • پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

    پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پولیس افسر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا، ملزم 22 مارچ کو ہونے والے پولیس افسر کے قتل میں ملوث ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے صدر میں انسپکٹر اور محکمہ تعلیم کے ملازم کو قتل کیا، ملزم ارشد پپو کا رشتے دار اور ساتھی ارشد پپو کی بہن کا بیٹا ہے۔

    رینجرز ذرائع کے مطابق ملزم اور اس کے ساتھی نے ریکی کے بعد انسپکٹر کو قتل کیا، ملزمان نے ماضی میں ارشد پپو کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے انسپکٹر کو ٹارگٹ کیا۔

  • ایئرپورٹ تھانے میں تعینات اہلکار منظم جرائم میں ملوث نکلا

    ایئرپورٹ تھانے میں تعینات اہلکار منظم جرائم میں ملوث نکلا

    کراچی : شاہ لطیف پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے سنگین جرائم میں ملوث پولیس اہلکار کو گرفتارکرلیا، ملزم رہزنوں کو اسلحہ کرائے پر بھی دیتا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ گرفتار ملزم حارث سے2غیرقانونی پستول برآمد ہوئے ہیں، دوران تفتیش ملزم حارث کے حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم جرائم کرنے والے ملزمان کو اسلحہ کرائے پر دیتا تھا، ملزمان واردات کے بعد اہلکار حارث کو اسلحہ واپس کردیا کرتے تھے۔

    لوگوں سے لوٹ مار کرنے کے بعد ملزمان لوٹی گئی رقم کا ایک طے شدہ حصہ حارث کو بطور کرایہ ادا کرتے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اہلکار مہلک ترین نشہ آئس بھی سپلائی کرتا تھا، گرفتار پولیس اہلکارحارث خود بھی نشے کا عادی ہے، گرفتار پولیس اہلکارحارث سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • ڈکیتی کے دوران قتل حافظ‌ قرآن نوجوان کے قاتل گرفتار

    ڈکیتی کے دوران قتل حافظ‌ قرآن نوجوان کے قاتل گرفتار

    گزشتہ دنوں ڈکیتی کی واردات میں قتل ہونے والے نوجوان حافظ قرآن اسامہ کے قاتل گزشتہ شب پولیس مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ شب سمن آباد تھانے کی حدود شفیق موڑ پر لکڑی کی ٹال کے نزدیک پولیس مقابلے میں دو زخمی ملزمان سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ زخمی ملزمان عبدالرحیم اور سمیع اللہ سمیت سلمان اور ہلال براہ راست اسامہ قتل کیس میں ملوث ہیں۔

    دوران تفتیش ملزمان نے بتایا ہے کہ ملزم عبدالرحیم نے ہی اپنے پستول سے اسامہ کو دورانِ ڈکیتی گولی ماری تھی اور دوسرا ملزم سمیع اللہ اس وقت موٹر سائیکل چلا رہا تھاجبکہ تیسرا ملزم سلمان موٹر سائیکل پر بیچ میں بیٹھا تھا۔

    ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات کے لئے اسلحہ گرفتار ملزم ہلال سے لیا گیا تھا جب کہ تمام گرفتار ملزمان رشیدآباد کے رہاشی ہیں۔

    پولیس نے بتایا کہ مقابلے میں ملزم عبدالرحیم سے برآمد ہونےوالا اسلحہ اسامہ کو دورانِ ڈکیتی قتل کر نے میں کی واردات میں بھی استعمال ہوا ہے، برآمد پستول فارنزک معائنے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزم عبدالرحیم نے انکشاف کیا دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر اس نے فائرنگ کی اور ایک نوجوان جاں بحق ہوا جس کا نام بعد میں اسامہ معلوم ہوا، ملزمان کی واردات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے جس کی مدد سے مزید تفتیش کی جائیگی۔

    واضح رہے کہ ملزمان نے گزشتہ دنوں نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر موبائل فون چھیننے کی واردات میں مزاحمت پر حافظ قرآن نوجوان اسامہ کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں موبائل فون چھیننے کے دوران نوجوان اسامہ کی ہلاکت، تحقیقات کیلیے ٹیم تشکیل

    اسامہ کے بھائی نے بتایا حافظ اسامہ 6 بھائیوں میں سب سے چھوٹا اورلاڈلا تھا، دن میں معذور والد کی خدمت اوررات کو نوکری کرتا تھا۔

  • اعلیٰ سرکاری افسر  ظاہر کرکے شادیاں رچانے والا جعلساز گرفتار

    اعلیٰ سرکاری افسر ظاہر کرکے شادیاں رچانے والا جعلساز گرفتار

    بھارتی ریاست اڑیسہ میں دھوکے باز شخص نے خود کو سرکاری افسر ظاپر کرکے 14 خواتین سے شادیاں کیں اور انہیں لاکھوں روپے کا چونا لگادیا۔

    بھارت میں کچھ عرصے کے دوران شادی کی ویب سائٹ کے ذریعے دھوکے باز نوجوانوں کی خواتین کو دھوکا دینے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں ایسا ہی ایک واقعہ اڈیشہ کے کیندرپارا ضلع میں سامنے آیا ہے جہاں ایک چون سالہ شخص کو ملک بھر سے متعدد خواتین سے شادی کرنے کے بعد دھوکا دیکر لاکھوں روپے لوٹنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت رمیش چند سوین عرف بدھو پرکاش سوین عرف رمانی رنجن سوین کے طویل نام سے ہوئی ہے۔

    مذکورہ شخص کو نئی دہلی کی ایک خاتون اسکول ٹیچر کی شکایت کے بعد گرفتار کیا گیا جس سے ملزم رمیش سوین نے 2018 میں مرکزی وزارت صحت میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بتاکر شادی کی، شادی کے بعد جب خاتون کو اس کی اصلیت کا پتہ چلا تو اس نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔

    تفتیش کے دوران پولیس کو ملزم کے طریقہ واردات کا پتہ چلا کہ سوین نے مذکورہ افسر بن کر کم از کم 14 خواتین سے شادی کی وہ شادی کی ویب سائٹ سے متاثرین سے رابطہ قائم کرتا تھا اور اس کا نشانہ خاص طور پر ادھیر عمر کی امیر خواتین ہوتی تھیں جنہیں کسی سہارے کی ضرورت ہوتی تھی۔

    پولیس کے مطابق سوین کے متاثرین میں وکلا، اساتذہ، ڈاکٹر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین شامل ہیں۔

    ملزم رمیش چند سوین نے بتایا کہ اسکی اتنی شادیوں کا مقصد صرف پیسہ اکھٹا کرنا تھا اور وہ ان خواتین سے شادی کے بعد ان کی جائیدادیں حاصل کیا کرتا تھا۔

    ملزم 5بچوں کا باپ ہے اور اس نے پہلی شادی 1982 میں کی تھی، دوسری شادی پہلی شادی کے 20 سال بعد 2002 میں کی۔

    تحقیقات میں پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سوین نے پنجاب میں سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی ایک خاتون اہلکار سے بھی شادی کی تھی اور اس سے 10 لاکھ روپے بٹورے تھے۔

    ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ ملزم نے اس گوردوارہ سے 11 لاکھ روپے کی دھوکا دہی کی جہاں سی اے پی ایف اہلکار کے ساتھ شادی کی تقریب منعقد کی گئی تھی، ملزم نے گوردوارہ انتظامیہ کو وہاں اسپتال بنانے کا جھانسا دیا تھا۔

    اس سے قبل سوین کو کیرالہ پولیس نے 2006 میں 13 بینکوں کو ایک کروڑ روپے کا چونا لگانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    پولیس  ملزم سوین کے دھوکے کا شکار 14 میں سے 9 خواتین سے رابطہ کرچکی ہے اور انہیں شبہ ہے کہ ان کے علاوہ بھی کئی دیگر خواتین اس کے دھوکے کا شکار ہوئی ہوں لیکن وہ اپنے سماجی وقار اور حیثیت کو نقصان پہنچنے کے ڈر سے اسے دنیا کے سامنے لانا نہ چاہتی ہوں۔

    پولی نے ملزم کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے اس سے تفتیش شروع کردی ہے جب کہ اس کے گھر کی تلاشی کے دوران پولیس کو وہاں سے 11 اے ٹی ایم کارڈ اور مختلف سرکاری شناخت والے کارڈ ملے ہیں۔

  • وزیراعظم کے خلاف نازیبا ٹرینڈ چلانےوالاملزم گرفتار

    وزیراعظم کے خلاف نازیبا ٹرینڈ چلانےوالاملزم گرفتار

    ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے وزیراعظم کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ملزم سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صابر ہاشمی کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے وزیراعظم کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے ملزم سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صابر ہاشمی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    کارروائی کے حوالے سے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کا کہنا ہے کہ ملزم نے چند روز قبل ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ٹرینڈ چلایا تھا جس پر ملزم کے خلاف کارروائی کی گئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم صابر ہاشمی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے موبائل فون اور ڈیجیٹل میڈیا تحویل میں لے لیا گیا اور مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم کو وزیراعظم کے خلاف نازیبا ٹرینڈ چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور ملزم سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ کچھ دنوں سے وزیراعظم کے خلاف پروپیگنڈہ مہم جاری ہے۔

     تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے  بھی پیر کے روز سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم اور  ان فیملی کے خلاف افواہیں پھیلانے والے گھٹیا لوگ ہیں۔

    ‘مزید پڑھیں:’خاتون اول بشریٰ بی بی ماں کے برابر ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ من گھڑت افواہیں پھیلانے والوں کو روکا جائے اور پروپیگنڈا، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

    پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والا شخص جیل پہنچ گیا، پولیس نے احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے شہری غلام حسین کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے مؤکل غلام حسین نے پہلی بیوی نیلم امتیاز کی اجازت کے بغیر کلثوم بی بی سے شادی کی، جس پر پہلی بیوی نے مقدمہ درج کروا دیا۔

    بعد ازاں سول کورٹ نے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا سنائی۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ سیشن کورٹ نے اپیل خارج کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا، ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت خارج کردی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ پرانی انار کلی منتقل کر دیا۔

  • کراچی: ڈکیت گینگ گرفتار، سافٹ ویئر ایکسپرٹس بھی گینگ میں شامل

    کراچی: ڈکیت گینگ گرفتار، سافٹ ویئر ایکسپرٹس بھی گینگ میں شامل

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 2 موبائل سافٹ ویئر ایکسپرٹس سمیت 6 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان چھینا جھپٹی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں خفیہ اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ 2 موبائل سافٹ ویئر ایکسپرٹس سمیت 6 رکنی ڈکیت گینگ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ڈیوائسز، 30 قیمتی موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں، 4 پستول، نقدی اور لیپ ٹاپ برآمد ہوئے ہیں۔

    ملک مرتضیٰ کے مطابق ملزمان چھینا جھپٹی کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان میں سافٹ ویئر ایکسپرٹ راحیل، عابد، جمال شاہ بلوچ، موسیٰ، شیر زمان ملنگی اور شاہ زمان کاکی شامل ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان بلاک موبائل کھولنے کے 1 ہزار روپے دیتے تھے جبکہ آئی ایم ای آئی تبدیلی کے 5 ہزار روپے دیے جاتے تھے۔

    مختلف دکاندار مذکورہ ملزمان سے 15 سے 20 ہزار میں موبائل خریدتے تھے۔

  • پنجاب میں درجنوں کارروائیاں، کئی مبینہ دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں درجنوں کارروائیاں، کئی مبینہ دہشت گرد گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجنوں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے، ملزمان کا تعلق مختلف کالعدم جماعتوں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں 29 کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو صوبے کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کا تعلق مختلف کالعدم جماعتوں سے ہے۔

  • نشے میں بدمست سڑک پر پڑا پولیس اہلکار گرفتار، ویڈیو وائرل

    نشے میں بدمست سڑک پر پڑا پولیس اہلکار گرفتار، ویڈیو وائرل

    کراچی : شراب کے نشے میں دھت پولیس اہلکار مٹی میں پڑا رہا، علاقہ پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، سوشل میڈیا پر ویڈیوائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس اہلکار کی نشے میں دھت سڑک پر لیٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکار شراب کی بوتل کے ساتھ مٹی میں بے سدھ لیٹا رہا، وہاں سے گزرنے والے شہری اپنے موبائل فون سے اس کی ویڈیوز بناتے رہے۔

    پولیس اہلکار نشے میں اتنا دھت تھا کہ اٹھنے کی سکت بھی نہ تھی، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گلشن اقبال پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اہلکار ذیشان بیگ کو گرفتار کرلیا۔

    ملزم کو اس کے پیٹی بھائیوں نے گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا، ملزم ذیشان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کی جارہی ہے، ذیشان بیگ گلشن چورنگی کے قریب سڑک پر پڑا ہواملا۔