Tag: arrests

  • دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، ناروے میں مذہبی پیشوا گرفتار

    دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام، ناروے میں مذہبی پیشوا گرفتار

    اوسلو: ملا کریکارپر کردستان میں حکومت گرانے میں ملوث یورپی نیٹ ورک رہوتی شاخ سے منسلک ہونے کا الزام ہے،جن کی گرفتاری کے وارنٹ اٹلی نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے کےالزام میں جاری کیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ناروے میں گرفتار مذہبی پیشوا سے متلق ناروے کی مقامی سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا منصوبے بنانے کے الزام میں اٹلی کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر انہوں نے مذہبی پیشوا کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا تھا کہ عراقی نژاد نجم الدین فرج احمد عرف ملا کریکار کو گرفتار کیا گیاتاہم یہ بات ابھی واضح نہیں کہ اسے واپس اپنے ملک بھیجا جائے گا یا نہیں۔

    اطالوی عدالت میں مذہبی پیشوا کو شمالی عراق میں کرد حکومت کا تختہ پلٹ کر خلافت کے نفاذ کی کوشش کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 12 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    اطالوی استغاثہ نے ناروے میں قیام پذیر کریکار پر الزام لگایا کہ کردستان میں پرتشدد طریقہ کار اپناتے ہوئے حکومت گرانے میں ملوث یورپی نیٹ ورک رہوتی شاخ سے منسلک ہے۔

    دوسری جانب کریکار نے خود پر لگے الزامات کی تردید کی اور اپنے اطالوی وکیل مارکو ورنیلو کو بتایا کہ وہ فیصلے پر اپیل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 2015 میں یورپی حکام نے 15 عراقی کرد شہریوں کو دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔

    اطالوی استغاثہ کے مطابق رہوتی شاخ نے عراق اور شام میں سامان اور مالی امداد پہنچانے کے لیے غیر ملکی دہشت گردوں کی معاونت حاصل کی تھی، انہوں نے کریکار پر اس کی قیادت کرنے کا بھی الزام لگایا تھا۔

    مارکو ورنیلو کے مطابق کریکار سمیت صرف 5 افراد کو سزا سنائی گئی ہے۔کریکار نے اٹلی جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ٹرائل کے بعد عراق بھیج دیا جائے گا۔

  • کویتی پولیس نے اخوان المسلمون کا ’دہشت گرد گروہ‘ گرفتار کرلیا

    کویتی پولیس نے اخوان المسلمون کا ’دہشت گرد گروہ‘ گرفتار کرلیا

    کویت سٹی : کویتی پولیس نے اخوان المسلمون سے وابستہ دہشت گروہ کو گرفتارکرلیا، زیر حراست تمام افراد مصری عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست کویت کی وزارت داخلہ نے کہاہے کہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اخوان المسلمون سے وابستہ دہشت گرد نیٹ ورک کا پتا چلایا ہے۔ اب تک اس نیٹ ورک سے وابستہ آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے افراد مصری عدالتوں کی طرف سے اشتہاری قرار دیے گئے تھے اور ان میں سے بعض کو 15 سال قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویتی وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ گرفتار عناصر مصری حکام سے فرار کے بعد کویت آ گئے تھے، جہاں وہ خفیہ طور پر اخوان کی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ کویتی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے ان پر نظر رکھی ہوئی تھی۔

    خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کویت میں اخوان عناصر پر مشتمل اس سیل کے خلاف بروقت کارروائی کرکے ملک کو انارکی سے بچا لیا گیا۔کویت کے متعلقہ اداروں نے دوران تفتیش ملزمان سے دوسرے ساتھیوں کے مختلف جگہوں پر بنائے ٹھکانوں کی بابت معلوم کیا اور پھر وہاں پیشگی چھاپہ مار کارروائی کر کے گرفتاریاں کیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزموں نے اعتراف کیا کہ وہ دہشت گرد کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ نیز مصری سرزمین پر وہ مختلف مقامات پر دہشت گرد کارروائیوں کا ارتکاب کر چکے ہیں،انہیں کس نے اتنی دیر پناہ دی اور کون کون ان لوگوں کے رابطے میں تھے اور کون انہیں تعاون فراہم کر رہے تھے، سب کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔

    کویتی وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کے اس نیٹ ورک سے معاملات کرنے والوں کے کسی کوئی رو رعایت نہیں کی جائے گی۔ کویت کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • داعش کی مالی معاونت کرنے والے شخص کو ہسپانوی پولیس نے گرفتار کرلیا

    میڈرڈ : ہسپانوی پولیس نے داعشیوں کی یورپ واپسی کے لیے مالی امداد کرنے والے شامی کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں پولیس نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے شامی شہری کو گرفتار کیا ہے کہ جس پر داعش کے دہشت گردوں کی یورپ کےلیے مالی امداد کرنے کا الزام ہے۔

    پولیس کا خیال رہے کہ گرفتار شخص خود بھی دہشت گرد تنظیم داعش کا رکن ہے، جو ہوالہ کے لیے ذریعے داعش میں شامل ہونے والے یورپی شہریوں کو رقم منتقل کرتا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مغربی یورپ سے تعلق رکھنے والے 6ہزار شہریوں نے داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ 43 سالہ شخص نے سیکیورٹی مسائل سے بچنے کےلیے اپنے شناخت چھپائی ہوئی تھی جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا بھی استعمال نہیں کرتا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق 7 ہزار داعشی دہشت گرد اب تک اپنے گھروں کو واپس آچکے ہیں، جبکہ ریاستی ادارے اپنے ملک واپس لوٹنے والے شہریوں کے ساتھ سخت سے پیش آرہی ہے۔

    امارات میں داعش کے ’کی بورڈ جہادی‘ کو پانچ سال قید، دس لاکھ درہم جرمانہ

    یاد رہے کہ پانچ اپریل کو متحدہ عرب عمارات کی عدالت نے سوشل میڈیا پر شدت پسندی کی ترغیب دینے والے دو افراد کو سائبر کرائم کے قوانین کے تحت قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

  • مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث ضمانت پر رہا

    مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنرعدنان غیث ضمانت پر رہا

    یروشلم : قابض اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینی گورنر عدنان غیث کو اتوار کے روز گرفتار کرنے کے کچھ دیر بعد ضمانت پر رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عدنان غیث کو اسرائیلی پولیس نے نومبر 2018 کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف فوجی احکامات کے تحت عدالتی کارروائی شروع کی تھی۔

    عدنان غیث کی یہ پہلی گرفتاری اور رہائی نہیں بلکہ حالیہ عرصے میں وہ متعدد بار اراضی کی فروخت کے الزامات میں گرفتار کیے جاتے رہے ہیں، انہیں تین مرتبہ تو صرف گزشتہ برس نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    ان کے وکیل محمد محمود نے بتایا کہ صہیونی حکام نے ان کے موکل کو مشروط طور پر رہا کیا ہے، وکیل نے بتایا کہ انہوں نے ایک تنظیم کے ساتھ ملکر کانفرنس منعقد کی تھی جسے ناجائز اسرائیل نے اپنی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا تھا ۔

    اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنلفیڈ نے عدنان غیث کی گرفتاری ان سے تفتیش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس نومبر میں انہیں اسرائیلی پولیس کی طرف سے انہیں چھ ماہ تک غرب اردن داخل نہ ہونے اور مخصوص افراد کے ساتھ رابطے کے علاوہ کسی سے رابطہ نہ کرنے کا حکم دیا تھا تاہم انہوں احکامات کی خلاف ورزی کی۔

    فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق عدنان غیث یو 1000 شیکل ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • آپریشن ردالفساد، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد گرفتار

    آپریشن ردالفساد، بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، ایک دہشت گرد گرفتار

    کوئٹہ : آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی، کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے  بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا ردالفساد آپریشن کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کوگرفتار کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے تیار خودکش جیکٹ، بم بنانے کا سامان اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیا گیا،گرفتار ملزم افغان شہری ہے جوغیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھا۔

    یاد رہے 11 جنوری کو بھی آپریشن رد الفساد کےتحت ایف سی بلوچستان نے قلات،خاران اورمائی وند میں مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائی کی تھی ، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : آپریشن ردالفساد ، بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی ، 2 دہشت گرد ہلاک

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمدہوا، ہتھیاروں میں سب مشین گنیں،گرنیڈ،مائنز،آر پی جی سیون راکٹ شامل ہیں جبکہ مواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے۔

    یاد رہے چند روز قبل سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، جس میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 4 اہل کار شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں صوبیدار میجر منور، حولدار اقبال، حولدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔

    اس سے قبل ستمبر میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔

  • شارجہ: ایشیائی شہریوں کو پنجرے میں بند کرنے والے ملزمان  گرفتار

    شارجہ: ایشیائی شہریوں کو پنجرے میں بند کرنے والے ملزمان گرفتار

    شارجہ : پولیس نے ایشیائی شہریوں کو پنجرے میں بند کرکے زبردستی اماراتی فٹبال ٹیم کی حمایت کروانے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو فٹبال کے مداحوں کی ناقابل بردادشت جنونیت کی واضح تصویر تھی۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے ویڈیو کے معاملے پر کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے جو متاثرہ افراد کو پنجرے میں بند کرکے اے ایف سی ایشین کپ کے دوران بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں اماراتی فٹبال ٹیم کی حمایت کرنے کا کہہ رہے تھے۔

    متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ یو اے ای فٹبال ٹیم کے حامیوں کی جانب سے ایسے اقدامات ناقابل معافی اور امارات کی اقدار کے خلاف ہیں، ایشیائی شہریوں کو پنجرے میں بند کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے کتنے افراد گرفتار کیے گئے ہیں ان کی تعداد واضح نہیں کی گئی۔

    شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ داروں کو مزید تفتیش اور کارروائی کےلیے پبلک پراسیکیوشن کے پاس بھیجا جائے گا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو متحدہ عرب امارات کے رسم و رواج کے برعکس ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہےکہ پنجرے میں قید کیے گئے افراد بھارتی فٹبال ٹیم کے سپوٹرز تھے جن سے زبردستی یو اے ای فٹبال ٹیم کی حمایت کروائی جارہی تھی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو چھ ماہ سے 10 برس قید اور 50 ہزار سے 20 لاکھ درہم جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال نہ کریں اور مذاق میں بھی ایسی ویڈیو یا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں جو یو اے ای قوانین کے خلاف ہوں۔

  • روس میں‌ امریکی شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    روس میں‌ امریکی شہری جاسوسی کے الزام میں گرفتار

    ماسکو : روس کی سیکیورٹی ایجنسی نے دارالحکومت سے جاسوسی کے الزام میں امریکی شہری کو حراست میں لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں سیکیورٹی ادارے ایف ایس بی نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے پا ویہلن نامی امریکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایف ایس بی روس میں غیر ملکی جاسوسوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مجاز ہے، مذکورہ ادارے نے امریکی شہری کو 28 دسمبر کو گرفتار کیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پال ویہلن کو ماسکو میں گرفتار کیے جانے کے بعد سے اب تک امریکی حکام کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر امریکی شہری پر روس کی جاسوسی کا الزام ثابت ہوگیا اسے کم از کم 10 سے 20 برس قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    امریکی انتخابات میں مداخلت‘ 12 روسی جاسوسوں پر فرد جرم عائد

    خیال رہے کہ روس اور امریکا کے درمیان تعلقات میں گذشتہ کئی برس سے کشیدگی ہے، اور گذشتہ برس دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر جاسوسی کے الزامات عائد کیے گئے تھے جبکہ امریکا کی جانب سے روس پر جاسوسی اور امریکی صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : امریکا: روس کےلیےجاسوسی کرنےکےالزام میں خاتون گرفتار

    یاد رہے کہ گذشتہ برس امریکا میں 29 سالہ روسی خاتون ماریا بوتینا کو روسی حکومت کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، بعد ازاں روسی خاتون نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تصدیق کی تھی۔

    روسی خاتون پرعائد الزام کے مطابق وہ ٹویٹر کے ڈائریکٹ میسج کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کی اطلاع روسی حکومت کو دیا کرتی تھی۔

  • آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار شہبازشریف پل تعمیر کیس میں بھی گرفتار

    آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار شہبازشریف پل تعمیر کیس میں بھی گرفتار

    لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب ) نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی لی شہبازشریف کو پل تعمیر کیس میں بھی گرفتارکرلیا، نیب کا کہنا ہے کہ رمضان شوگرملزکو فائدہ دینےکے لیے پل تعمیرکرایا گیا اور ذاتی مفادکے لیے قومی خزانے کا استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کو رمضان شوگرمل پل تعمیر کیس میں بھی گرفتار کرلیا گیا، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان شوگرملز کو فائدہ دینے کے لیے مبینہ طورپر سرکاری خزانےسے پل تعمیر کرایا گیا، چنیوٹ میں پل کی تعمیرپر مبینہ طورپر23کروڑ کی لاگت آئی اور ذاتی مفاد کے لیے قومی خزانے کا استعمال کیا گیا۔

    نیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے پل کی تعمیر کے لیے غیرقانونی طور پر احکامات جاری کیے، پل کے معاملے پر بھی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    اس سے قبل آشیانہ کیس میں گرفتار ملزم شہبازشریف کو لاہورکی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اور نئے کیس میں گرفتاری سے آگاہ کیا گیا، تفتیشی افسر نے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف نے انھیں دھمکی دی، گزشتہ ریمانڈ میں اسمبلی اجلاس کی وجہ سے تفتیش نہ ہوسکی۔

    جس پر شہباز شریف نے جواب دیا میں نے کوئی دھمکی نہیں دی الزام غلط ہے، حلفا کہتا ہوں کہ پروڈکشن آڈر کے دوران بھی یہ مجھ سے تفیش کرتے رہے ہیں، اس موقع پر وکیل صفائی نے شہبازشریف کوخاموش رہنے کا اشارہ کیا۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی، ڈی جی نیب لاہور

    یاد رہے2 روز قبل اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے انکشافات کرتے ہوئے کہا تھا ’میرا خیال ہے شہباز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ شریف برادرز کے خلاف ایک اسکینڈل رمضان شوگر ملز میں فضلہ ٹھکانے لگانے کا ہے، گاؤں کے سیوریج کی آڑ میں رمضان شوگر مل کو فائدہ پہنچایا گیا، سرکاری خزانے سے رمضان شوگر ملز کا سیوریج سسٹم بنایا گیا، قانونی وضاحت دی گئی تو ٹھیک ورنہ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، رمضان شوگر ملز کے لیے گنا پہنچانے کے لیے بھی سرکاری خزانے سے پل بنایا گیا، کئی چیزیں ایسی ہیں جو میڈیا پر نہیں بتا سکتے۔

    خیال رہے رمضان شوگر ملز کے آلودہ پانی کی نکاسی کے لیے نالے کی تعمیر پر قومی خزانے سے رقم خرچ کرنے کا انکشاف ہوا تھا، نیب ٹیم نے بلدیہ چنیوٹ سے ریکارڈ تحویل میں لے لیا تھا جبکہ نیب ٹیم نے نالے کی تعمیر پر خزانے سے رقم خرچ کے انکشاف پر سابق رکن اسمبلی سے بھی سوالات کیے تھے۔

    رمضان شوگر مل کیس میں حکومتی خزانے سے ادائیگیوں کے معاملے پر نیب ملز کے ڈائریکٹرز حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو طلب کر چکی ہے۔

    واضح رہے نیب لاہور نے5 اکتوبر کو شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    اگلے روز شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    جس کے بعد 16 اکتوبر کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا تو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع کردی تھی۔

    ریمانڈ ختم ہونے پر شہبازشریف کو 29 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تو (نیب) نے آشیانہ اسکینڈل کیس کے ملزم اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مزید 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ، جس پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 7 نومبر تک توسیع کردی تھی۔

  • امریکا: چرچ میں منشیات فروشی کے الزام میں دو خواتین گرفتار

    امریکا: چرچ میں منشیات فروشی کے الزام میں دو خواتین گرفتار

    واشنگٹن : امریکی پولیس نے چرچ میں دوران تقریب میٹھائیوں میں منیشات ملا کر فروخت کرنے والی دو خواتین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک چرچ سے دو خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے جو چرچ میں جاری تقریب کے دوران منشیات ملی ہوئی مٹھائیاں فروخت کررہی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مارجوانا (بھنگ) بیچنے والی خواتین کی شناخت ایبونی چاپر اور لیہ پریسلی کے نام سے ہوئی ہے جو عوام کو براؤنیز، پوڈنگ اور دیگر میٹھائیاں بھی بیچ رہی تھیں۔

    امریکی پولیس کے مطابق منشیات فروش خواتین سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد خواتین کو دوران تقریب رنگے ہاتھوں چرچ سے ہی گرفتار کرلیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف مٹھائیوں میں منشیات ملا کر فروخت کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    جارجیا پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چاپر نامی خاتون چرچ کے اندر میز پر منشیات رکھ کر  سرعام فروخت کررہی تاہم چرچ انتظامیہ کو معلوم نہیں تھا وہ تقریب کے دوران غیر قانونی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خواتین سوشل میڈیا کی مدد سے بھی ماریجوانا کی اسمگلنگ میں ملوث تھیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ واشنگٹن سمیت امریکا کی نو ریاستوں میں ماریجوانا پر پابندی نہیں ہے لیکن ریاست جارجیا میں ماریجوانا کو سرعام فروخت کرنا جرم اور غیر قانونی ہے۔


    مزید پڑھیں : بلیک بیری موبائل فون کا منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے کا انکشاف


    یاد رہے کہ تین ماہ قبل امریکی اٹارنی اور ایف بی آئی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والا فینٹم سکیور نامی ادارہ معروف کمپنی بلیک بیری کے موبائل فون ڈیوائس میں تبدیلی کر کے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے فروخت کررہا ہے۔

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل ، نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری  فواد حسن فواد گرفتار

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل ، نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد گرفتار

    لاہور: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو نیب نے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے بڑے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کرلیا۔

    ڈی جی نیب نے بتایا کہ فواد حسن فواد کو کرپشن کے 3 الزامات پر پکڑا گیا، جن میں آشیانہ اقبال ہاوسنگ اسکینڈل اور نجی بینک میں غیرقانونی نوکری شامل ہے، فواد حسن فواد نے بطور سیکریٹری وزیراعلیٰ اختیارات کا غلط استعمال کیا اور پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی چیف ایگزیکٹو کو غیرقانونی احکامات دیئے۔

    نیب لاہور کا کہنا تھا کہ سرکاری طور پر کنٹریکٹ چوہدری لطیف اینڈسنز کو دیا گیا تھا، معطل کرایا گیا اور انکوائری کمیٹی کی کنٹریکٹ رپورٹ کوحکام سےمخفی رکھا، انکوائری کمیٹی سیکرٹری فنانس طارق باجوہ کی زیر نگرانی کام کررہی تھی۔

    نیب کے مطابق ملزم نے چوہدری لطیف کا کنٹریکٹ ایوارڈنگ کے 8 ماہ بعد معطل کرایا، کمپنی کو 70 ملین بطور موبلائزیشن ایڈوانس ادا کیے گئے تھے، ملزم کی کی وجہ سے حکومت کو 5.9 ملین بطور جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

    نیب لاہور کا کہنا تھا فواد حسن فواد کے اقدام سے پروجیکٹ کی قیمت میں اربوں کا اضافہ ہوا، نیب کی جانب سے ملزم کو متعدد مرتبہ طلب کیا جبکہ وہ 2بار پیش ہوئے، ملزم پر بطور سیکرٹری ہیلتھ مہنگے داموں 6 موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کا الزام ہے۔

    نیب نے کہا کہ ملزم نے 2010 میں 55ملین مالیت پر ایک موبائل ہیلتھ یونٹ خریدا اور غیرقانونی طور پر نجی بینک میں ملازمت کرتارہا جبکہ ایک گروپ کے ماتحت ادارہ سپرنٹ انرجی میں تعینات رہا، فواد حسن پر 9 سی این جی اسٹیشنزکی غیرقانونی منتقلی کا الزام بھی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے تفتیش میں سوالات کےدوران نیب افسران سے بدتمیزی کی۔

    نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں فواد حسن فواد کو آج گیارہویں مرتبہ طلب کیا تھا اور وہ  آج چوتھی بار نیب لاہور میں پیش ہوئے، وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف  اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیب نے اسی کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بھی گرفتار کررکھا ہے جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

    یاد رہے کہ سال 2012 میں میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

    پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں