Tag: Arshad Malik

  • سی ای او پی آئی اے مزید دو پروازوں کے ساتھ کابل روانہ

    سی ای او پی آئی اے مزید دو پروازوں کے ساتھ کابل روانہ

    کراچی : پی آئی اے کی مزید دو خصوصی پروازیں کابل کے لئے روانہ ہوگئیں، مذکورہ پروازیں کابل میں پھنسے پاکستانیوں سمیت دیگر غیرملکیوں کو پاکستان لائیں گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او  پی آئی اے ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ روانہ ہوئے، سی ای او کابل ایئرپورٹ پر افغان سی اےاے اور نیٹو حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ سی ای او ارشد ملک پاکستانی سفیر منصور خان کے ہمراہ پی آئی اے کے انتظامی امور کاجائزہ لیں گے۔

    پی آئی اے کی پہلی پرواز ایئر بس320 جبکہ دوسری بوئنگ777 سے آپریٹ ہوگی، دونوں پروازوں کے بعد وزیر ہوا بازی غلام سرور مزید پروازوں کی اجازت دیں گے، وزیر ہوابازی کی ہدایات کے مطابق افغانستان کے دوسرے شہروں سے پروازیں چلانے کا کاجائزہ لیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمدخان کا کہنا ہے کہ کابل میں قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یہاں پھنسے پاکستانیوں کو نکال سکیں۔

     کابل ایئرپورٹ پر کشیدگی کے باعث پی آئی اے کی پروازیں عارضی طور پر معطل کردی گئی تھیں تاہم اب پھر سے سفری آپریشن کا آغاز ہورہا ہے، قومی ایئرلائن افغانستان میں غیرملکیوں اور پاکستانیوں کو وطن لائے گی۔

  • کرونا وائرس: احتساب عدالت کےسابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے

    کرونا وائرس: احتساب عدالت کےسابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے

    اسلام آباد: احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کرونا وائرس انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک انتقال کر گئے، وہ کرونا وائرس انفیکشن میں مبتلا تھے۔

    احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے، اور شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں زیر علاج تھے۔

    ارشد ملک کے اہل خانہ نے بھی ان کی وفات کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے سوگواران میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس 6 اگست کو لاہور ہائی کورٹ نے ارشد ملک کی ملازمت سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، انھوں نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج کی حیثیت سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نیب کے العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دے دیا تھا اور فلیگ شپ ریفرنس میں انھیں بری کر دیا تھا۔

    ویڈیو اسکینڈل کیس، جج ارشد ملک کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری

    واضح رہے کہ جج ارشد ملک کو 3 جولائی کو بر طرف کیا گیا تھا، ارشدملک کے خلاف ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے پر بر طرفی کا فیصلہ کیا گیا تھا، یہ فیصلہ چیف جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی نے سنایا تھا۔

    24 دسمبر 2018 کو نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے کے بعد جج ارشد ملک کا ویڈیو اسکینڈل منظر عام پر آیا، جس میں ارشد ملک نے نواز شریف اور حسین نواز سے ملاقاتوں کا اعتراف کیا تھا۔

  • طیارہ حادثہ: لواحقین کی ارشد ملک سے ملاقات، تحفطات دور کرنے کی یقین دہانی

    طیارہ حادثہ: لواحقین کی ارشد ملک سے ملاقات، تحفطات دور کرنے کی یقین دہانی

    کراچی: سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ‎بالمشافہ ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق طیارہ حادثہ کے لواحقین کے ساتھ ملاقات اور اجلاس پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں منعقد ہوا، ‎بالمشافہ اجلاس پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے کی ایک کڑی ہے، ‎اس سے قبل بھی کرونا کے باعث آن لائن اجلاس منعقد کیے جاتے رہے ہیں۔

    ‎اجلاس میں سی ای او پی آئی اے نے طیارے حادثے کے بعد سے اب تک کے اقدامات پر متفصل بریفنگ دی، اس کے علاوہ ملاقات میں جاں بحق افراد ‎کے بچے ہوئے سامان کی حوالگی، انشورنس کلیم کی رقم کو ایک کروڑ سے بڑھا کر پانچ کروڑ کرنے کے معاملے اور ماہانہ رقم پر سی ای او کے ساتھ میٹنگ پر بات چیت ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا ملازمین کے نام اہم پیغام

    اس موقع پر سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ ‎وفاقی حکومت اور وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر زمین پر ہونے والے نقصانات کی ادائیگی کردی گئی ہے، ‎لواحقین جلد از جلد جانشینی سرٹیفیکیٹ جمع کروائیں تاکہ انشورنس کی ادائیگی بھی کی جاسکے۔

    ملاقات میں ‎کچھ لواحقین کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کلیم کی رقم بڑھانے سے قبل جمع کروانے سے انکار کیا ، جس پر سی ای او ارشد ملک نے کہا کہ ،‎پی آئی اے انتظامیہ کلیم کی رقم میں اضافہ کیلئے انشورنس کمپنی سے دوبارہ بات کرے گی ، ‎پی آئی اے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے ہم آپکے مفادات کیلئے پوری کوشش کریں گے، ‎پی آئی اے تمام ملکی قوانین کا احترام کرے گی مگر دستاویزی ضابطے پورے کئے جائیں گے۔

  • پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا ملازمین کے نام اہم پیغام

    پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک کا ملازمین کے نام اہم پیغام

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے کہا ہے کہ کوئی جادو پی آئی اے کو نہیں بچاسکتا اس کا علاج ایک مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد ہے، ادارے کی بہتری کیلیے اقدامات کررہے ہیں۔

    پی آئی اے ملازمین کے نام اپنے پیغام میں سی ای او کا کہنا تھا کہ دوسال قبل میں نے پی آئی اے کی سربراہی سنبھالتے ہی اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ مایوسی گناہ ہے۔

    میں نے واضح کیا تھا کہ اللہ کے بھروسے اور آپ کی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاکر پی آئی اے کو قومی ائر لائن کو اس کے کھوئے ہوئے مقام پر لے کر جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سال2019میں پی آئی اے کے معاملات درستگی کی جانب گامزن ہوچکے تھے جس کا ثبوت آڈٹ فرم کی رپورٹ کی صورت میں موجود ہے۔

    ارشد ملک نے کہا کہ آج ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے ایوی ایشن انڈسٹری مخدوش صورتحال سے دوچار ہے۔

    ہوابازی کے بین الاقوامی تجزیات کے مطابق 2023 تک حالات کی بہتری کا امکان انتہائی کم ہے، دنیا کی ہر ایئر لائن کورونا کی موجودہ حالات میں اپنی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن ادارے کی ریسرچ کے مطابق وسط اپریل تک 14 ہزار طیارے جو عالمی بیڑے کا 65 فیصد ہیں انھیں اسٹوریج میں رکھ دیا گیا۔

    ایاٹا کے مطابق اس سال ائر لائنز کی کل آمدنی میں 419 بلین ڈالرز کی کمی واقع ہوگی، دنیا کی میجرز ائر لائن کووڈ 19 کی وجہ سے جزوی اور مکمل طور پر متاثر ہوکر دیوالیہ پن اور انہدام کا شکار ہوچکی ہیں۔

    ارشد ملک نے کہا کہ برطانوی، اماراتی، قطری اور جرمن ائر لائنز اپنے ملازمین کو ملازمتوں سے برخاست کرچکی ہے جن میں پائلٹس کی بھی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

    اس کے علاوہ دنیا کی بیشتر ائرلائنز اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 سے 50 فیصد کمی کرچکی ہیں، ان حالات میں میں اور میری ٹیم ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھی بلکہ ہم مسلسل اصلاحی اقدامات کرتے رہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جب میں نے پی آئی اے کی باگ دوڑ سنبھالی تو اس وقت ادارے میں سالہا سال کی نالائقی، نااہلی اور اقرباء پروری اس کے رگ وجان میں سرایت کرچکی تھی، بے جا مداخلت اور سیاسی پشت پناہی سے جرائم پیشہ عناصر نے ایک مافیا کی شکل میں ادارے کو جکڑ رکھا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ قابل احترام کورٹس اور مالیاتی اداروں کے مطابق پی آئی اے میں اضافی ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ اس کے دو ہی حل تھے کہ اول تو انتہائی غیر ذمہ داری سے ملازمین کو باہر کریں اور ادارے کو تالہ لگادیں

    دوسرا حل یہ کہ ملازمین کو مالی فوائد کے ساتھ باعزت طریقے سے ایک اچھا پیکیج دے کر رخصت کردیں۔ تاہم ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بہت جلد ایک وی ایس ایس اسکیم لے کر آئیں گے جس میں تمام مستقل ملازمین کو ایک رضاکارانہ پیکیج دے کر ادارے سے رخصت ہونے کا سنہری موقع دیں گے۔

    اس کے علاوہ وہ تمام شعبے جو ادارے کے لیے نقصان کا باعث اور ان کا کور بزنس سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کو آؤٹ سورس کرنے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ ان تمام اقدامات کا مقصد منافع کما کر ادارے کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہے۔

    سی ای او نے اپنے پیغام میں کہا کہ پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل جہاز کم ازکم 13 سال پرانے ہوچکے ہیں، وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر جدید ترین سہولیات سے آراستہ جہازوں کی فلیٹ میں شمولیت کے اقدامات کا آغازکرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی جادو پی آئی اے کو نہیں بچاسکتا اس کا علاج ایک مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد ہے، اس کے لیے حکومت پاکستان سے درخواست بھی کی ہے کہ مالی معاملات کی درستگی کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں جس میں وراثتی قرضہ جات اور دیگر اداروں کے واجبات کی ادائیگی کے طریقہ کار پر نظرثانی کی ضرورت ہے

    ان کا کہنا تھا کہ مالی حالات اور قرضہ جات کی ادائیگی کے بغیر اس ادارے کی بحالی ناممکنات میں شامل ہے، وہ محنت کش جو ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں انہیں فکرمند ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔

    ارشد ملک نے کہا کہ کوویڈ 19 کے سبب جہاں دیگر ائرلائنیں ملازمین کو برخاست کررہی تھیں تو اس دوران بھی پی آئی اے انتظامیہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کرتی رہی۔

    انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے لبادے میں چند افراد نے ایسے معاہدے کر رکھے ہیں جن میں عام مزدور کے مفادات کو نظر اندازکیا جاتا رہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے افسران کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی مگر مزوروں کی تنخواہ سے ایک روپے کی کٹوتی نہیں ہوئی، افسران کی تنخواہوں میں بحالت مجبوری کی جانے والی کٹوتی نومبر 2020 سے بند کردی گئی ہے۔

  • ایئر مارشل ارشد ملک کو بطور سی ای اوپی آئی اے کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

    ایئر مارشل ارشد ملک کو بطور سی ای اوپی آئی اے کام جاری رکھنے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے ایئرمارشل ارشدملک کو بطور سی ای اوپی آئی اے ایک ماہ تک کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے دیےگئے ٹھیکوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک تعیناتی کیس کی سماعت ہوئی۔

    سپریم کورٹ نے ایئرمارشل ارشدملک کوایک ماہ تک کام جاری رکھنےکی اجازت دے دی ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جوچیزپی آئی اے کو نیچے دھکیل رہی ہے وہ ہیومن ریسورس ہے، پی آئی اے میں جہازوں کے تناسب سےزیادہ لوگ کام کررہے ہیں، یہی وجہ ہے پی آئی اے منافع بخش ادارہ نہیں بن سکتا۔

    چیف جسٹس نے مزید کہا پی آئی اےمیں سفار ش اوراقرباپروری پربھرتی کی جاتی ہے، سفارش اور اقربا پروری بھی پی آئی اے کی زبوں حالی کی وجہ ہے، جس کوگلگت گھومنے کا شوق ہوتا ہے، وہ فیملی کو جہاز میں بیٹھا کر لے جاتا ہے، پی آئی اے سے کھلواڑ کرنے والے آج بھی پی آئی اے میں کام کررہے ہیں۔

    عدالت نے پی آئی اےکے تمام کنٹریکٹ ایوارڈ کی تفصیل طلب کرتے ہوئے کہا پی آئی اے بتائے کونسے کنٹریکٹ جاری اور کون سےمنسوخ کرے، ایک ماہ تک موجودہ انتظامیہ کام جاری رکھے اور ایک ماہ کے اندر تفصیلی رپورٹ جمع کرائے۔

    چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار نے کیس میں ریمارکس دئیے کروناوائرس بارڈر اور ایئرپورٹس کےذریعےملک میں آیا، اس وائرس کےتدارک کیلئےاداروں میں بیٹھےلوگوں نےکیاکیا؟کسی کو کوئی پرواہ ہی نہیں۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا ہر برا کام ایئر پورٹس پر جاری ہے، ایئر پورٹس پر کسٹم، ایف آئی اے سمیت تمام ادارے مافیا ہیں، یہ لوگ عوام کی تضحیک کےلئے بیٹھے ہیں،کوئی ایک اچھی چیز بتادیں جوعوام کےحق میں کی گئی ہو۔

    سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت میں ایئر مارشل ارشد ملک اور پی آئی اے یونین کو طلب کرلیا اور پی آئی اے سے ارشد ملک کے دیےگئے ٹھیکوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہ انتظامیہ آگاہ کرے کن ٹھیکوں کا جاری رہنا ضروری ہے۔

    عدالت نےسماعت کے تحریری حکم میں کہا اٹارنی جنرل نے بتایا ادارہ وینٹی لیٹر پر ہے ،ارشد ملک کو کام کرنے دیا جائے، ارشد ملک قابل آدمی ہیں، وہ نتائج دیں گے، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔

  • صدر اور وزیراعظم سمیت کسی بھی شخصیت کو فری ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، سی ای او پی آئی اے

    صدر اور وزیراعظم سمیت کسی بھی شخصیت کو فری ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، سی ای او پی آئی اے

    کراچی : سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ ماضی میں پی آئی اے کو نقصان پہنچایا گیا ہمارے دور میں صدر اور وزیراعظم سمیت کسی بھی اہم شخصیت کو فری ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ چار دسمبر سے کراچی سے مزید ملکی اور بیرون ملک فلائٹس شروع کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دسمبر تک دو طیارے بیڑے میں شامل ہوں گے اور اگلے سال تین سے پانچ طیارے بیڑے میں شامل کرنے کا پلان ہے۔ مجھے پی آئی اے کا کاروبار بڑھانا ہے اگر مجھے دھندا ملے گا تو میں ہر جگہ جاؤٴں گا، بزنس کمیونٹی کو کارگو کے لیے جو ریٹ ملے وہ دینے کو تیار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا ماہانہ نقصان تین ارب روپے تھا اب کم ہوکر 1.4ارب روپے تک لے آئے ہیں31 میں سے آج صرف دو جہاز گراؤنڈ ہیں اور باقی تمام طیارے پرواز کے قابل ہیں بزنس کمیونٹی کی مدد سے ہم اب80 فیصد کارگو ہنڈل کررہے ہیں۔

    ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ ایک سال کے اندر ایک فری ٹکٹ نہیں دیا مجھ سمیت نہ صدر ہاکستان اور کسی کو بھی فری ٹکٹ نہیں دیا گیا پہلے سفارشی بنیادوں ہر اضافی بیگج پر چھوڑ دیا جاتا تھا اب ہر کسی کو اضافی بیگج کی فیس وصول کی جارہی ہے۔

  • ویڈیو بلیک میلنگ اسکینڈل کا ایک اور اہم کردار سامنے آگیا

    ویڈیو بلیک میلنگ اسکینڈل کا ایک اور اہم کردار سامنے آگیا

    لاہور: جج ارشد ملک کی ایف آئی آر کے بعد ویڈیو بلیک میلنگ اسکینڈل میں میاں رضا نامی ایک اور اہم کردار سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق میاں رضابلیک میلنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار ہے، اسی شخص نے میاں طارق سے وہ متنازع ویڈیو خریدی۔جج ارشد ملک کی شکایت پر ایف آئی اےمیاں طارق کو پہلے ہی گرفتارکر چکی ہے۔

    ایف آئی آر میں جج ارشد ملک نے موقف اختیار کیا ہے کہ جب ملتان میں ڈسٹرکٹ جج تھاتومیاں طارق نےغیراخلاقی ویڈیوبنائی،پانچ ماہ پہلے میاں طارق نےویڈیون لیگی رہنمامیاں رضا کو بیچ دی۔

    بعد ازاں اسی ویڈیو کی مدد سے ناصر جنجوعہ، ناصربٹ، خرم یوسف، مہر گیلانی نے مجھے بلیک میل کیا،کہا جاتا تھا کہ نوازشریف کی مددکرو۔

    جج ارشد ملک کے مطابق بلیک میلرز مصر تھے کہ یہ کہہ دوں، نوازشریف کے خلاف فیصلہ دباؤ میں دیا،مریم نواز، لیگی رہنماؤں کو پریس کانفرنس کرتےدیکھ کرشدید جھٹکا لگا،پریس کانفرنس کامقصد میرے خاندان، عدلیہ کے خلاف گھناؤنا پروپیگنڈاشروع کرنا تھا۔

    مزید پڑھیں: جج ویڈیو اسکینڈل کیس، مرکزی ملزم 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق مریم نوازنےجو ویڈیو دکھائی، اس میں ہیر پھیرکی گئی تھی، ویڈیو کےذریعے بلیک میلنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، ایف آئی آرمیں درج تمام ملزمان کے خلاف کارروائی لازم ہے۔

    خیال رہے کہ  جج ارشد ملک بلیک میلنگ اسکینڈل میں ملوث مرکزی ملزم میاں طارق محمود کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ملزم طارق محمود کے 10 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ تفتیشی افسر ملزم کو 19 جولائی کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ پیش کریں، ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم میاں طارق محمود کے خلاف ایف آئی آر نمبر 24 درج کی گئی ہے۔

  • جج ارشد ملک بلیک میلنگ اسکینڈل: ایف آئی اے نے میاں طارق کو گرفتار کرلیا

    جج ارشد ملک بلیک میلنگ اسکینڈل: ایف آئی اے نے میاں طارق کو گرفتار کرلیا

    اسلام آباد:جج ارشدملک بلیک میلنگ اسکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنا نے والے میاں طارق کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلا ت کے مطابق جج ارشدملک بلیک میلنگ اسکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا ہے ، میاں طارق دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میاں طارق کی گرفتاری عین اس لمحے عمل میں آئی جب وہ ملک چھوڑ کرفرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، گرفتاری کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت پیش کیا گیا۔

    عدالت میں پیش کرنے کے لیے میاں طارق کو انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے سول کورٹ لایا گیا، جہاں عدالت نے ان کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے انہیں ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

    یاد رہے کہ میاں طارق محمود ملتان کا رہائشی ہیں، میاں طارق کی فوارہ چوک کے قریب طارق ٹی وی سینٹر کے نام سے دکان ہے، طارق محمود کو معاملات طے کرانے میں ماہر سمجھا جاتا ہے، اسی شخص نے جج کی ملتان میں تعیناتی کےدوران مبینہ ویڈیو حاصل کی، طارق محمود اسمگل شدہ ٹی وی، ایل ای ڈیز کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہیں۔

    ذرائع کے مطابق طارق محمود کا بڑا بھائی میاں ادریس اسمگلنگ کیس میں گرفتار رہ چکا ہے، میاں طارق کے پاس کئی اہم شخصیات کی مبینہ ویڈیوزبھی موجود ہیں، ویڈیو منظرعام پرآنے کے بعد جج ارشد ملک میاں طارق سے ملنے ملتان بھی آئے تھے۔

    خیال رہے کہ میاں طارق محمود ہر دور میں اعلیٰ افسران وسیاسی شخصیات سےرابطےمیں رہے ہیں، میاں طارق محمود کو تعلقات بنانے کا ماہر بھی سمجھا جاتا ہے۔

  • احتساب عدالت کے جج ارشد ملک  کو ہٹانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری

    احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : وزارت قانون نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سےمتعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا ، جسٹس عامر فاروق تین نام وزارت قانون کچھ دیر میں بھیجیں گے، جس کے بعد وزارت قانون ایک نام فائنل کر کے نوٹی فکیشن جاری کردےگی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، وزارت قانون نے نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کی کاپی رجسٹرارآفس کومل گئی ہے۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق ارشد ملک بطورجج احتساب عدالت کورٹ نمبر 2 کام نہیں کرسکتے۔

    جسٹس عامر فاورق نے رجسٹرارسے سیشن ججز کی فہرست منگوا لی ، جسٹس عامر فاروق تین سیشن ججز کے نام شارٹ لسٹ کر کے وزارت قانون کو بھجوائیں گے۔

    جس کے بعد وزارت قانون تینوں ناموں سے ایک نام فائنل کر کے نوٹی فکیشن جاری کردے گی۔

    یاد رہے مبینہ ویڈیو کے معاملے پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ کی جانب سےوزارت قانون کوخط لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ جج ارشدملک کےبیان کونوازشریف کیس سےمنسلک کیاجائے اور وزارت قانون جج ارشدملک کی خدمات واپس لے۔

    مزید پڑھیں : مبینہ ویڈیو کا معاملہ : جج ارشد ملک کوعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

    مبینہ ویڈیو کے معاملے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشدملک کو عہدے سے ہٹانےکا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل جج ارشدملک نے اسلام آبادہائی کورٹ کےرجسٹرارسے ملاقات کی اورمبینہ وڈیوپربیان حلفی کےساتھ جواب جمع کرایا تھا ، جس میں جج ارشدملک نے کہا تھا ان کےخلاف پروپیگنڈا کیاجا رہا ہے اور انھیں بلاوجہ بدنام کیا جارہا ہے، حلفیہ کہتا ہوں میرا اس ویڈیو سے کوئی تعلق نہیں، ویڈیو کوایڈٹ کرکےچلایا گیاہے۔

    واضح رہے مریم نواز پریس کانفرنس میں احتساب عدالت کے جج کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئیں تھیں ، جاری کردہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو میں کہا جارہا ہے کہ نوازشریف کےساتھ زیادتی اورناانصافی ہوئی۔

  • متنازع ویڈیو کے ایک اور کردار میاں طارق سے متعلق اہم انکشافات

    متنازع ویڈیو کے ایک اور کردار میاں طارق سے متعلق اہم انکشافات

    ملتان: جج ارشد ملک اسکینڈل میں متنازع ویڈیو کے ایک اور کردار  میاں طارق کا دفتر اے آر وائی نیوز نے ڈھونڈ نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق میاں طارق محمود ملتان کا رہائشی ہے، میاں طارق کی فوارہ چوک کے قریب طارق ٹی وی سینٹر کے نام سے دکان ہے.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق طارق محمود معاملات طے کرانے میں ماہر سمجھا جاتا ہے، اسی شخص نے جج کی ملتان میں تعیناتی کےدوران مبینہ ویڈیو حاصل کی، طارق محمود اسمگل شدہ ٹی وی، ایل ای ڈیز کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہے.

    ذرائع کے مطابق طارق محمود کا بڑا بھائی میاں ادریس اسمگلنگ کیس میں گرفتار رہ چکا ہے، میاں طارق کے پاس کئی اہم شخصیات کی مبینہ ویڈیوزبھی موجود ہیں، ویڈیو منظرعام پرآنے کے بعد جج ارشد ملک میاں طارق سے ملنے ملتان بھی آئے.

    مزید پڑھیں: جج ارشد ملک کے بیان حلفی میں تہلکہ خیزانکشافات

    اطلاعات کے مطابق جج ارشد ملک نے اپنےحلف نامےمیں میاں طارق اور اس کے بیٹے کا ذکرکیا ہے، جج نے کہا ہے کہ میاں طارق، اس کے بیٹے نے مجھےغیراخلاقی ویڈیو دکھائی، دونوں نے کہا کہ یہ ویڈیوان دنوں کی ہے، جب آپ ملتان میں تعینات تھے.

    ذرائع کے مطاقب میاں طارق کی فیملی کا کہنا ہے کہ 10 جولائی سے میاں طارق سے رابطہ نہیں ہوا، میاں طارق محمود کا موبائل فون بھی بند ہے، حیرت انگیزبات یہ ہے کہ اب تک پولیس رپورٹ بھی نہیں کرائی گئی۔

    خیال رہے کہ میاں طارق محمود ہر دور میں اعلیٰ افسران وسیاسی شخصیات سےرابطےمیں رہا، میاں طارق محمود کو تعلقات بنانے کا ماہر بھی سمجھا جاتا ہے.