لاہور: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ 2025 میں جاپان میں ہونے والے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کروں گا، جبکہ لاس اینجلس اولمپکس 2028 کیلئے بھی تیاری جاری رہے گی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ آنے والے ایونٹس کیلئے اگلے ماہ سے ٹریننگ کا آغاز کروں گا، مجھ پر پرفارمنس دکھانے کا دباؤ ہوگا۔
گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کھیلوں کیلئے ملکر کام کرنا چاہیے، سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں، جیولن کرنی ہے، فوکس ہے کہ ورلڈ ریکارڈ توڑ دوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ کو ہلال امتیاز سے نواز ا تھا۔
ایوان صدر میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ کو ہلال امتیاز عطا کرنے کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے فخر پاکستان ارشد ندیم کو ہلال امتیاز عطا کیا تھا۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سر بلند کرنے والے جیولن ہیرو ارشد ندیم پر انعامات کی برسات کا سلسلہ جاری ہے، گولڈ میڈلسٹ نے لاہور کے سفاری پارک کا دورہ کیا اور پارک میں پودا بھی لگایا۔
فخر پاکستان گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محنت اور لگن سے کوئی بھی کام کریں، اللّٰہ صلہ دیتا ہے، ہم ایک پیج پر رہیں تو بڑے سے بڑے چیلنج سے بھی نمٹ لیں گے۔
گولڈ میڈلسٹ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بڑی حوصلہ افزائی کی، ان کا شکر گزار ہوں۔
اس موقع پر ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب مدثر ریاض نے گولڈ میڈلسٹ کو 20 لاکھ روپے کا چیک دیا۔جس پر انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، جنہیں سپورٹ کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل اولمپک گولڈ میڈلسٹ فخر پاکستان کا کہنا تھا کہ میرے سسر نے بھینس دی ہے وہ تو اتنے امیر ہیں کہ پانچ چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے۔
جیولن ہیرو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا میری اہلیہ نے انٹرویو دیکھا اور مجھے بتایا کہ ابا جی نے بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر گولڈ میڈلسٹ نے ہنستے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ میں نے اتنا بڑا کارنامہ کیا اور سسر صاحب نے صرف بھینس پکڑا دی۔ میں نے اپنی بیگم سے کہا کہ صرف بھینس دی ہے، وہ تو ماشا اللہ اتنے امیر ہیں۔ ڈیڑھ دو مربع زمین ہے، پانچ یا چھ ایکڑ زمین ہی دے دیتے، لیکن بھینس دی یہ بھی اچھا کیا۔
پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ اور فخر پاکستان ارشد ندیم نے 2032ء اولمپکس کھیلنے سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران فخر پاکستان ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اگلا ہدف جیولن تھرو کا ورلڈ ریکارڈ توڑنا ہے، اگلا اولمپکس چار سال بعد ہے، اس سے قبل اور ایونٹس میں بھی حصہ لینا ہے۔
گولڈ میڈلسٹ نے بتایا کہ میں اولمپکس سے قبل انجری میں مبتلا تھا، 2012ء سے صرف محنت کی جس کا پھل مجھے ملا ہے، جیولن کے ایونٹ کے لیے آپ کو مکمل فٹ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔
گولڈ میڈلسٹ نے بتایا کہ میرے کوچ سلمان اقبال بٹ نے مجھ سے بہت محنت کرائی ہے، اس گولڈ میڈل اور ریکارڈ تھرو کے پیچھے ہماری مشترکہ محنت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ دو ماہ آرام کے بعد پھر ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاری شروع کروں گا، اگر فٹ رہا تو 2032ء اولمپکس کھیلوں گا اور اس میں بھی میڈل ہدف ہو گا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم میں مدعو کرلیا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈ کاسٹ پر گفتگو کے دوران جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور انہیں قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم کے دورے کی دعوت دی۔
ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو ارشد ندیم کو ڈریسنگ روم میں مدعو کرنا پسند کریں گے، میں نے اولمپکس کے دوران تمام کھلاڑیوں کو ان کی حوصلہ افزائی کرتے دیکھا۔ان کا دورہ کرنا اور ٹیم کے ساتھ اپنا گولڈ میڈل شیئر کرنا شاندار لمحہ ہوگا۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا اس موقع پر کہنا تھا کہ فخر پاکستان ارشد ندیم کی کامیابی پاکستان میں ٹیلنٹ کو ظاہر کرتی ہے، ارشد ندیم نے ہم سب کو جذباتی کر دیا ہے، وہ اس تمام پہچان کے مستحق ہیں جو انہیں مل رہی ہے وہ ہمارے قومی ہیرو ہیں۔
واضح رہے کہ جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ وزیراعظم سمیت اعلیٰ شخصیات نے اولمپئین کو مبارکباد اور انعامی رقم پیش کی۔
پیرس اولمپکس 2024ء میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین کھلاڑی ارشد ندیم کے اعزاز میں پاکستان کے معروف اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل نے عشائیے کا اہتمام کیا۔
معروف اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ارشد ندیم کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔
شیئر کی گئی تصاویر کے کیپشن میں تحریر کیا گیا ہے کہ ’ارشد ندیم بھائی کو آج مولانا صاحب کے گھر پر عشائیے کی دعوت دی گئی، مولانا صاحب نے ارشد ندیم بھائی کو انعام سے بھی نوازا۔‘
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لئے ملک کا نام روشن کرنے پر ملک بھر سے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم قومی ہیرو ارشد ندیم کو مولانا نے کتنی رقم سے نوازا ہے، اس سے متعلق تصدیق نہیں ہوسکی۔
شان شاہد کی بیٹی کے ہمراہ ارشد ندیم سے ملاقات کی تصویر کھیل کے کسی گراؤنڈ کی ہے، پوسٹ میں اداکار نے ارشد ندیم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بھائی! ہم سب کو آپ پر فخر ہے، میری بیٹی بہشت اور میں ہمارے چیمپئین کے ساتھ۔
پیرس اولمپکس میں ریکارڈ بنانے اور پاکستان کو پہلا انفرادی گولڈ میڈل جتوانے والے جیولن ہیرو ارشد ندیم کی ہر جگہ ستائش کی جا رہی ہے۔ ان کی وطن آمد پر ان کا شایان شان استقبال کیا گیا۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے نیزہ بازی مقابلے میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کرکے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ارشد ندیم نے نہ صرف اولمپک کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا بلکہ انفرادی حیثیت میں میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوایا جب کہ اس میڈل کے ساتھ ہی پاکستان کا 32 سالہ میڈل کا قحط بھی ختم ہوا۔
اس سے قبل 1992 اولمپکس میں ہاکی میں پاکستان نے آخری بار کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ 1984 کے اولمپکس میں پاکستان نے ہاکی میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔
پاکستان کا فخر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ بھارتی جیولن تھروور نیرج چوپڑا کی والدہ بھی میری ماں جیسی ہی ہیں۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا پرچم سربلند کرنے والے جیولن تھروور ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ چکے ہیں اور ان کا لاہور ایئرپورٹ سے رہائشگاہ تک درجنوں مقامات پر شایان شان استقبال کیا گیا۔
اس دوران مقامی میڈیا نے ان کی توجہ ان کے بھارتی حریف نیرج چوپڑا کی والدہ کے اس بیان کی جانب مبذول کرائی جس میں انہوں نے ارشد ندیم کو بھی اپنا بیٹا قرار دیا تھا اور ان کے تاثرات دریافت کیے۔
اس سوال کے جواب میں ارشد ندیم مسکرائے اور کہا کہ نیرج چوپڑا میرے دوست اور بھائی جیسے ہیں، جنوبی ایشیا سے ہم دونوں ہی فائنل میں پہنچنے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مائیں تو سب کی ایک جیسی ہوتی ہیں۔ میں نیرج چوپڑا کی والدہ کا شکر گزار ہوں انہوں نے میرے لیے دعا کی اور میں نے گولڈ میڈل جیتا، وہ بھی میری ماں ہی ہیں۔
واضح رہے کہ نیرچ چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھی ہمارا ہی لڑکا ہے، اس کے گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی ہے۔ میں نے اس کے لیے بھی دعائیں کی تھیں۔
گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی نیرج چوپڑا سے گفتگو میں اُن کی والدہ کی طرف سے ارشد ندیم کو بیٹا کہنے کو سراہا تھا۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ فخر پاکستان ارشد ندیم میاں چنوں کے گاؤں چک نمبر ایک میں اپنی رہائشگاہ پر پہنچ گئے اس موقع پر وہ اپنی والدہ سے مل کر آبدیدہ ہوگئے۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنے والے ارشد ندیم جو گزشتہ شب وطن واپس پہنچے تھے ایک پرہجوم قافلے کے ساتھ میاں چنوں کے گاؤں چک نمبر ایک میں اپنی رہائشگاہ پر پہنچ گئے جہاں وہ والدہ سے گلے مل کر آبدیدہ ہوگئے۔ اس موقع پر ان کی ماں بھی بیٹے کا ماتھا چومتی اور دعائیں دیتی رہیں۔
ارشد ندیم کا لاہور سے میاں چنوں تک درجنوں مقامات پر شاندار استقبال کیا گیا اور پوری قوم ان کے لیے دیدہ ودل فراش کیے رہی۔
مختلف مقامات پر استقبال اور گھر پہنچنے کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں شاندار استقبال پر حکومت، پوری قوم اور میاں چنوں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اتنا پیار دینے پر سب کا شکریہ۔ اس اعزاز کے ساتھ اپنے شہر اور گھر پہنچ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔
ارشد ندیم نے آئندہ بھی ملک کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے ایونٹس میں مزید محنت کروں گا اور مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کروں گا۔
قومی ہیرو نے کہا کہ نیرج چوپڑا دوست اور بھائیوں کی طرح ہے، جس نے جتنی محنت کی، اللہ تعالیٰ نے اسے اس کا پھل دیا۔ اللہ تعالیٰ مجھے فٹ رکھے اور آگے بھی ورلڈ ریکارڈ بناؤں۔
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے فخر پاکستان ارشد ندیم نے لیے سرکاری ونجی سطح پر کئی اعزازات اور انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
پیرس اولمپکس میں جیولن تھروور ہیرو ارشد ندیم نے نہ صرف اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا بلکہ انفرادی حیثیت میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل بھی دلایا۔ ان کی اس شاندار کارکردگی پر حکومتی سطح پر تو اعزازات اور انعامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ نجی سطح پر بھی ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کے لیے سول ایوارڈ ہلال امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ 14 اگست جشن آزادی کی مناسب سے ان کی خصوصی تصویر والا ’’عزم استحکام‘‘ ڈاکٹ ٹکٹ جاری کیا جا چکا ہے۔
حکومت پنجاب نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں کا نام گورنمنٹ ٹی ایچ کیو ارشد ندیم رکھ دیا گیا ہے جب کہ ان کے نام سے میاں چنوں میں اسپورٹس سٹی بھی قائم کیا جائے گا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کیلیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ قومی ہیرو کو گورنر ہاؤس مدعو بھی کیا۔
سندھ حکومت نے قومی ہیرو کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 10 لاکھ روپے انعام جب کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا۔
اے آر وائی میڈیا گروپ کے سی ای او سلمان اقبال کی جانب سے ارشد ندیم کو اے آر وائی لگونا میں لگژری فلیٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے 50 ہزار امریکی ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ میئر سکھر ارسلان شیخ نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے اور شہر میں قائم ہونے والے اسپورٹس اسٹیڈیم کا نام ’ارشد ندیم اسپورٹس اسٹیڈیم‘ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کے علاوہ نجی بینک یو بی ایل نے 50 لاکھ روپے نقد، کراچی الیکٹرک نے 20 لاکھ روپے، کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ، پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور سماجی شخصیت علی شیخانی نے ابتدائی طور پر اولمپیئن کو ایک نئی آلٹو کار کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان گیس اینڈ آئل نے زندگی بھر کیلئے مفت پیٹرول دینے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ کراچی پریس کلب کی جانب سے ارشد ندیم کو تاحیات ممبر شپ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔
لاہور : پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے قومی ہیرو جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، ایئر پورٹ پر عوام کی بہت بڑی تعداد نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کاطیارہ پیرس سے براستہ استنبول رات ایک بج کر 25 منٹ پر پنجاب کے دارالحکومت لاہور پہنچا، علامہ اقبال ایئرپورٹ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
قومی ہیرو کے فقید المثال استقبال کے لیے تیاریاں کل سے کی جارہی تھیں، وفاقی وزراء ،دیگر اعلیٰ شخصیات اور پاکستانی عوام کی بڑی تعداد بھی ارشد ندیم کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی، ارشد ندیم کو ان کی لاہور ایئرپورٹ آمد پر آفیشلز کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔
ارشد ندیم کے جہاز کو لاہور ایئر پورٹ پہنچنے پر خوبصورت انداز میں ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے روایتی واٹرکینن سلیوٹ پیش کرکے خوش آمدید کہا گیا۔ خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، شزا فاطمہ، عظمیٰ بخاری اور دیگر شخصیات قومی ہیرو ارشد ندیم کے استقبال کیلئے موجود تھیں۔
ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، ان کے والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے۔
گولڈ بوائے کے استقبال کیلئے پنجاب پولیس کا بینڈ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھا۔ ارشد ندیم کے4بھائیوں، والد اور ایک دوست کو اسٹیٹ لاؤنج تک جانے کی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔ لاہور ایئرپورٹ پر عوام کی بڑی تعداد ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتی رہی۔
لاہور ایئر پورٹ سے باہر نکلتے ہی ان کے انتظار میں کھڑے ہزاروں افراد نے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا اور پرجوش انداز میں نعرے بازی کرتے ہوئے ارشد ندیم کو کندھوں پر اٹھالیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، اس موقع پر ارشد ندیم پر پھولوں کی برسات کی گئی۔
بعد ازاں ارشد ندیم کا قافلہ لاہور ایئرپورٹ سے باہر آگیا، قومی ہیرو ایئرپورٹ کے باہر کھڑی ڈبل ڈیکر پر سوار ہوئے، انہوں نے ہاتھ ہلا کر لوگوں کے نعروں کا جواب دیا۔
جگہ جگہ استقبال کرنے والے اپنے قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بےتاب تھے، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے قافلے کی صورت میں لاہور کا ایک چکر لگایا۔
کارواں کے ساتھ شہریوں کا جم غفیر رواں دواں تھا، پاکستان اور ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
شہر لاہور میں کچھ دیر گشت کے بعد ارشد ندیم ڈبل ڈیکر بس سے اترکر کار میں سوار ہوگئے اور اپنے آبائی شہرمیاں چنوں روانہ ہوگئے، ارشد ندیم کو پنجاب پولیس کے سیکیورٹی پروٹوکول میں روانہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا، جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔
8اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔