Tag: Arshad Nadim

  • ارشد ندیم کو کامیابی کیسے ملی ؟ ان کے خصوصی معالج نے راز کی بات بتادی

    ارشد ندیم کو کامیابی کیسے ملی ؟ ان کے خصوصی معالج نے راز کی بات بتادی

    پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل کا اعزاز دلوانے والے ارشد ندیم کی جدوجہد کئی نشیب و فراز پر مشتمل ہے، ان کی انتھک محنت اور لگن کی وجہ سے ہی یہ کامیابی ان کے حصے میں آئی۔

    قارئین میں سے شاید سب لوگ یہ بات نہیں جانتے کہ اولمپکس کے مقابلوں سے قبل وہ اپنی سرجری بھی کراچکے ہیں، اس حوالے سے ان کا علاج کرنے والے سرجن ڈاکٹر علی باجوہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی جدوجہد کے بارے میں ناظرین کو بتایا۔

    پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم نے لندن میں میرے گھر میں بھی کچھ دن قیام کیا۔

    ڈاکٹر علی باجوہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی انجریز ہونا تو کھیلوں کا حصہ ہے کیونکہ جب آپ محنت یا ورزش کرتے ہوئے اپنے جسم کو اس کی حد سے زیادہ لے جائیں گے تو اس کے اثرات بھی پڑتے ہیں یہ کوئی انوکھی بات نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بڑی بات یہ ہے کہ ارشد نے علاج کے دوران کبھی ہمت نہں ہاری، جس طرح انہوں نے مستقل مزاجی ڈسپلن اور یکسوئی کے ساتھ اپنے مقصد کو حاصل کیا وہ انتہائی قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنا ارشد کا مقصد نہیں تھا ہم سب لوگ مل کر جب ساتھ بیٹھتے تھے تو یہی بات ہوتی تھی کی کوئی نیا ریکارڈ بنانا ہے۔

    ڈاکٹر علی باجوہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے مضبوط جسم کا ہونا بہت بعد کی بات ہے پہلی بات یہ ہے کہ آپ کا دماغ مضبوط، مقصد سچا اور ارادہ پکا ہو جیسا کہ ہم نے ارشد میں دیکھا۔

  • ارشد ندیم نے نماز فجر رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں ادا کی

    ارشد ندیم نے نماز فجر رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں ادا کی

    رائے ونڈ : اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چُنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو ارشد ندیم پاکستان آمد کے بعد لاہور سے اپنے گاؤں میاں چنوں کیلئے روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بھی تھا۔

    راستے میں نماز فجر کا وقت ہونے پر انہوں نے تبلیغی مرکز میں نماز ادا کی، اس حوالے سے ان کے بڑے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ رائیونڈ مرکز رکنے کا ہم نے کہا تھا ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ یہاں کچھ دیر قیام بعد میاں چنوں کیلئے روانہ ہوں گے۔

    یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچے تو لاہور ایئر پورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

    مختلف شہروں سے ان کے استقبال کیلیے آنے والے ہزاروں شہریوں نے ان کو دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جس کا انہوں نے ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پوری قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ والدین، قوم اور میڈیا نے عزت دی، ان ہی کی دعاؤں سے میڈل جیتا سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

  • دعائیں کرنے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ارشد ندیم

    دعائیں کرنے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ارشد ندیم

    پیرس اولمپکس 2024میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم  نے کہا ہے کہ میرے لیے دعائیں کرنے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    لاہور ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  گولڈن بوائے کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کے پیچھے کوچ کی محنت تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بورڈ اور اپنے کوچ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پوری پاکستانی قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے عزت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوشی ہوئی، اسے حاصل کرنے کیلئے دن رات محنت کی۔

    ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعظم کا بھی شکریہ، ان کا لگایا گیا پودا ہوں، یوتھ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی تھی، پنجاب اسپورٹس بورڈ، فیڈریشن اور دیگر سب کا شکرگزار ہوں، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوشی ہے، آنے والے ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔

    واضح رہے کہ جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے، ارشد ندیم اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔

  • ارشد ندیم کرکٹ کھیلتے تو شعیب اختر کی طرح ہوتے، بھائی

    ارشد ندیم کرکٹ کھیلتے تو شعیب اختر کی طرح ہوتے، بھائی

    پاکستان کے لیے پیرس اولمپکس میں طلائی کا تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے بھائی کا کہنا ہے کہ اگر ارشد کرکٹ کھیلتے تو شعیب اختر کی طرح ہوتے۔

    پاکستان کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اپنی کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اولمپکس کی تاریخ میں نئی تاریخ رقم کردی اور ساتھ ہی 40 سال بعد پاکستانیوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ارشد کے بڑے بھائی شاہد اور چھوٹے بھائی علیم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ارشد کی ٹریننگ اور اس شعبے میں آنے کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔

    بڑے بھائی شاہد ندیم نے بتایا کہ ارشد کو کرکٹ کھیلنے کا جنون کی حد تک شوق تھا اگر وہ آج کرکٹر ہوتے تو شعیب اختر کی طرح ہوتے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے گاؤں میں جیولن تھرو کیلئے کسی قسم کی کوئی سہولت میسر نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہد ندیم نے بتایا کہ میں اور میرے بڑے بھائی بھی جیولن تھرو کرتے تھے لیکن ارشد کو کرکٹ کا بہت شوق تھا، لیکن وسائل اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے اسے اس جانب راغب کیا کیونکہ اس کی جسمانی ساخت بہت مضبوط ہے وہ ہم سے اچھی تھرو کرتا تھا۔

  • ارشد ندیم کی شاندار فتح : ہربھجن سنگھ بھی بول پڑے

    ارشد ندیم کی شاندار فتح : ہربھجن سنگھ بھی بول پڑے

    سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ جو اکثر اپنے پاکستان مخالف بیانات کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنتے رہتے ہیں، ارشد ندیم کی فتح پر بدلے ہوئے نظر آئے۔

    پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی نے دیگر بھارتیوں کی طرح انہیں بھی اپنا گرویدہ بنالیا، سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے ارشد ندیم کو دل کھول کر مبارکباد دی۔

    اولمپکس ایونٹ میں جیولین تھرو کے مقابلے کی بات کی جائے تو گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کے ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑہ کو ساتھ ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے۔

    پاکستان کے ارشد ندیم کی ریکارڈ توڑ کامیابی سے پاکستان کے عوام تو خوشی سے جھوم اٹھے ہیں تو دوسری جانب بھارت سے کچھ ایسی ہی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ بھارت کے سوشل میڈیا صارفین نے ارشد کے بنائے ہوئے اولپمک ریکارڈ پر ان کے لیے تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

    ان ہی بھارتیوں میں سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی شامل ہیں جو اکثر پاکستانی کرکٹرز پر تنقید یا سوشل میڈیا پر پاکستانیوں سے الجھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں لیکن ارشد ندیم کی اس کامیابی پر وہ بھی تعریف کیے بغیر رہ نہ سکے۔

    ہربھجن سنگھ

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ارشد ندیم کو پوسٹ کو کوٹ کرتے ہوئے ہربھجن نے لکھا کہ ’مبارک ہو ارشد، بہترین تصویر، اسپورٹس سب کو متحد کرتا ہے‘۔

    ایکس پر ارشد ندیم کی شیئر کردہ تصویر میں وہ بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑہ کے ساتھ اپنے اپنے ملک کے جھنڈے لپیٹے سر جوڑ کھڑے نظر آئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ شب پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے۔

  • ’’قوم کو قابل فخر بنا دیا‘‘بابر اعظم کا ارشد ندیم کو خراج تحسین

    ’’قوم کو قابل فخر بنا دیا‘‘بابر اعظم کا ارشد ندیم کو خراج تحسین

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے والے قابل فخرایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پوری قوم کی طرح پاکستانی کرکٹرز بھی کامن ویلتھ گیمز میں کافی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بابر اعظم نے پاکستان کے نامور ایتھلیٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جسم ٹوٹا ہوا تھا لیکن ہمت ہمالیہ سے بھی بلند تھی، ارشد ندیم نے قوم کو قابل فخر بنادیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیزہ بازی کے مقابلے کا نتیجہ آنے کے کچھ ہی دیر بعد اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کو پاکستان کے لئے میڈل لانے پر سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ فائنل کے پانچویں راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 90.18 میٹر تھرو کرکے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

    یہ تھرو نہ صرف کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے بلکہ ارشد کے کیریئر کی بھی بہترین تھرو ہے۔ ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 86.81 میٹر کی تھرو کی تھی۔

  • ٹوکیو اولمپکس : ارشد ندیم فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

    ٹوکیو اولمپکس : ارشد ندیم فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

    ٹوکیو : پاکستان کا آخری کھلاڑی ٹوکیو اولمپکس میں میڈل کی امید بن گیا، نیزہ بازی میں ایتھلیٹ ارشد ندیم فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، یہ تھی کھڈمنڈو کی وہ تھرو جو ارشد ندیم کو ٹوکیو اولمپکس میں براہ راست پہنچا گئی۔

    ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کرکے ارشد اب ٹوکیو میں تاریخ بنانے سے ایک قدم دور ہیں، میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے ٹوکیو میں بھی ایسا نیزہ پھینکا کہ اچھے اچھوں کی چھٹی ہوگئی۔

    جولین تھرو کے کوالی فیکشن راؤنڈ کی دوسری باری میں پچیاسی اعشاریہ ایک چھ کی تھرو کرکے وہ ایتھلیٹکس کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستان بن گئے، گروپ بی میں ارشد ٹاپ پر رہے۔

    ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کے نو ایتھلیٹس ناکام ہوچکے ہیں۔ ارشداب میڈل کیلئے آخری امید ہیں، میڈل کیلئےجنگ ہفتے کو ہوگی۔