Tag: article

  • آرٹیکل 370 کی منسوخی، یورپ میں بھارت کے خلاف احتجاج کی تیاریاں

    آرٹیکل 370 کی منسوخی، یورپ میں بھارت کے خلاف احتجاج کی تیاریاں

    برسلز: بھارت کی جانب مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر یورپ میں احتجاجی کیمپوں کے انعقاد کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیرکونسل یورپ بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرکے اس کو بھارت میں شامل کرنے کے نئی دہلی کے غاصبانہ اقدام اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف برسلز میں مختلف مقامات پر تین دن تک احتجاجی کیمپوں کا انعقاد کررہی ہے۔

    چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید نے اس سلسلے میں برسلز میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ کیمپ ”پلس ڈی ایل البرٹینے“، ”پلس شومان“ اور ”پلس ڈی ایل یورپ“ کے مقام پر لگائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے خلاف ہم بھرپور آواز اٹھائیں گے، جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی آئین کی دفعہ 370 اور35A کو ختم کرنے کے لیے صدارتی حکم کا اجراء اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے جن میں جموں و کشمیر کو ایک متنازعہ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

    پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

    علی رضاسید نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، ریاست جموں و کشمیر ہرگز بھارت کا حصہ نہیں بلکہ بھارت نے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا ہوا ہے جس کے تحت کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں۔

    چیئرمین کشمیرکونسل نے عالمی طاقتوں بشمول امریکا، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروائیں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

  • آرٹیکل 370 کی منسوخی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

    آرٹیکل 370 کی منسوخی، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور کنٹرول لائن کی صورت حال پر غور کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بھارت کی جانب سے مبقوضہ کشمیر سے متعلق خصوصی آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں بھارت کی لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی پر بات ہوگی جبکہ ممنوع کلسٹر بم کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان تازہ ترین صورت حال سمیت اپنے دورہ امریکا پر اظہار خیال کریں گے، آج ہونے والے اجلاس میں کشمیر سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    اجلاس آج صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ خیال رہے بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔