Tag: Article 6

  • متحدہ کی رجسٹریشن منسوخی ، درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

    متحدہ کی رجسٹریشن منسوخی ، درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

    لاہور: ہائی کورٹ کے فل بنچ نے ایم کیو ایم پر پابندی اور متحدہ کے قائد سمیت رہنماوں کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانے کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئیں ، جس کی سماعت 24 نومبر کو ہو گی ۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخی کےلیے دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں میں درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ’’قائد متحدہ نے پاکستان کے خلاف تقاریر کیں جن کی دیگر رہنماوں نے توثیق بھی کی۔ قائد متحدہ کی تقاریر سے ثابت ہو چکا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی سالمیت کے خلاف کام کر رہی ہے‘‘۔


    پڑھیں: ’’ قائد ایم کیو ایم کی متنازعہ تقریر، مختلف تھانوں میں 3 مقدمات درج ‘‘


    درخواست گزار نے مزید کہا ہے کہ قانون کے مطابق ملک مخالف کسی جماعت کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی لہذا عدالت ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کرے اور قائد متحدہ سمیت دیگر رہنماوں کے خلاف آرٹیکل چھ کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

    عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ سے سماعت پر پاکستان مخالف تقاریر پر قائد متحدہ کے خلاف اب تک کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • متحدہ کی پرویز خٹک کے خلاف قرارداد جمع، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

    متحدہ کی پرویز خٹک کے خلاف قرارداد جمع، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے بیان کو ملکی سالمیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کروادی جس میں پرویز خٹک کے خلاف آرٹیکل سکس کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دیے گئے حالیہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے ایوان میں قرارداد جمع کروادی ہے۔

    متحدہ اراکین نے اسمبلی میں دی گئی قرارداد میں موقف اختیار کیا ہے کہ ’’پرویز خٹک نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات دیے، جس میں انہوں نے صوبائیت کو ابھارنے، پاکستانیوں کو دست و گریباں کرنے اور ملک کا حشر نشر کرنے کی دھمکیاں دیں‘‘۔

    قرارداد میں ایم کیو ایم اراکین نے اس قسم کے بیانات پر اظہار مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے منتخب کردہ اراکین کی رائے کو وفاقی حکومت تک پہنچائیں اور وطن عزیز کے خلاف گستاخانہ کلمات ادا کرنے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کریں۔

    resoulation-1

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی جانب سے پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے اسلام آباد لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا، اس ضمن میں پرویز خٹک نے وفاقی حکومت اور نوازشریف کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ہمیں باغی بننے پر مجبور نہ کیا جائے اگر ہم نے یہ قدم اٹھایا تو ملک کا حشر نشر ہوجائے گا۔

  • پاکستان کے خلاف متنازعہ بیان، مودی اور براہمداغ کے خلاف درخواست دائر

    پاکستان کے خلاف متنازعہ بیان، مودی اور براہمداغ کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: جسٹس پارٹی نے پاکستان سے متعلق شرانگیز تقریر کرنے پر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور براہمداغ بگٹی کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس پارٹی نے گزشتہ دنوں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی  کی جانب سے بلوچستان اور گلگت  بلتستان کے حوالے سے متنازعہ بیان کے خلاف لاہور تھانہ انار کلی میں درخواست جمع کروادی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی نے ٹیلی ویژن پر بلوچستان کے متعلق شرانگیز تقریر کی جبکہ براہمداغ بگٹی نے اس بیان کی تائید کی جس پر انہوں نے غداری کا ارتکاب کیا ہے‘‘۔

    پڑھیں:     مودی کے یاروں کوبِلوں سے گھسیٹ کرنکالیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

    جسٹس پارٹی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ’’پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش کرنے پر براہمداغ بگٹی اور بھارتی وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے‘‘۔

    دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان ورکر پارٹی کی جانب سے بلوچستان تھانہ سٹی پولیس میں براہمداغ بگٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے ’’براہمداغ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں: براہمداغ بگٹی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست

    یاد رہے نوابزادہ براہمداغ بگٹی نے 17 اگست کو بھارتی وزیر اعظم کے بلوچستان کے حوالے سے متنازعہ بیان کا خیر مقدم کیا تھا، اس عمل کے خلاف بلوچستان کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے جس میں مظاہرین نے براہمداغ بگٹی اور نریندر موودی کے پتلے بھی نذر آتش کیے تھے۔

  • پاکستان کےعوام تبدیلی چاہتےہیں، پرویزمشرف

    پاکستان کےعوام تبدیلی چاہتےہیں، پرویزمشرف

    اسلام آباد: سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نیٹوافواج کی واپسی کے بعد افغانستان میں پاکستان اوربھارت کی پراکسی جنگ ہوسکتی ہے۔

    غیرملکی خبرایجنسی کوانٹرویومیں سابق صدرپرویز مشرف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بھارت کا اثررسوخ پاکستان اورپورے خطے کے لئے خطرہ ہے، بھارت کی خواہش ہے کہ افغانستان میں پاکستان کی مخالفت میں اضافہ ہو،اگربھارت نےافغانستان میں بعض گروپوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی تو پاکستان بھی اپنے حامی گروپوں کی حمایت کرے گا۔ افغانستان میں پراکسی جنگ سے گریز کیا جانا چاہئیے۔

    مشرف نے کہا کہ بھارت جنوبی افغانستان میں تربیتی کیمپوں کے ذریعے بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کو مدد فراہم کررہا ہے۔نائن الیون کے بعد امریکا کا ساتھ دینے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا وہ اپنے فیصلے پرقائم ہیں۔عمران خان اورطاہر القادری کا احتجاج عوام کے دل کی آواز ہے، اس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔

  • پرویزمشرف کی والدہ،اہلیہ اوربیٹی کراچی پہنچ گئیں

    پرویزمشرف کی والدہ،اہلیہ اوربیٹی کراچی پہنچ گئیں

    کراچی: سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ زرین مشرف اہلیہ صہبامشرف اورصاحبزادی کےہمراہ کراچی پہنچ گئیں۔

    سابق صدر مشرف کی والدہ صحت یابی کے بعد دبئی سے پاکستان کیلئے روانہ ہوئی تھیں، زریں مشرف کچھ عرصہ قبل شدید علیل تھیں اور اسپتال میں زیر علاج تھیں، تاہم صحت یابی کے بعد وہ اپنے بیٹے اور سابق آرمی چیف اور صدر مملکت پرویز مشرف سے ملاقات کیلئے دبئی ایئرپورٹ سے کراچی پہنچ گئیں۔

    ذرائع کے مطابق پرویز مشرف کی والدہ کا پاکستان میں مستقل قیام کا امکان ہے، سابق صدر کی والدہ کے ہمراہ پرویز مشرف کی اہلیہ صبا مشرف، بیٹی عالیہ بھی طیارے میں ان کے ہمراہ کراچی پہنچیں ہیں۔

    واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے بارہا اپنی والدہ سے ملاقات کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگی لیکن ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔

  • نریندرمودی پاکستان اور مسلمانوں کے دشمن ہیں، سابق صدر پرویزمشرف

    نریندرمودی پاکستان اور مسلمانوں کے دشمن ہیں، سابق صدر پرویزمشرف

    نئی دہلی/کراچی:  سابق صدرجنرل (ر) پرویز مشرف نے کہاہے کہ اگر ضرورت پڑی تو پاکستان بھارت کیخلاف ایٹم بم استعمال کرنے سے نہیں ہچکچائے گا ۔

    بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک اںٹرویومیں سابق صدرجنرل (ر) پرویز مشرف نے کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ہرقسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، یہ پاک فوج ہے جس نے اُنہیں روکا ہوا ہے ۔

     اُنہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو پاکستان اور مسلمان دشمن قرار دیا، اُنہوں نے مودی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سوچ میں تبدیلی لائیں ۔

    پرویزمشرف کا کہناتھا کہ بھارت پروکسی وار کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرناچاہتا ہے،اُنہوں نے دعوی کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں بلوچستان میں پاکستان کیلئے مُشکلات پیدا کررہی ہیں اور اس بارے میں ثبوت موجود ہیں ۔

     سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کبھی اپنی مشرقی سرحدوں کی حفاظت کے متعلق غفلت نہیں کرے گا، اُنہوں نے کنڑول لائن پر حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار بھارت کو ٹھرایا ۔

    پرویز مشرف کا کہناتھا کہ پاکستان بھارتی جارحیت سےنمٹنے کیلئے کیلئے ہمیشہ تیار ہے،اُنہوں نے بھارت کی جانب سے انڈیا میں دہشت گردی پھیلانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا بھارت کے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔

  • اگرتبدیلی نہیں آئی توملک کامستقبل تاریک ہوگا، پرویزمشرف

    اگرتبدیلی نہیں آئی توملک کامستقبل تاریک ہوگا، پرویزمشرف

    کراچی: سابق صدر پاکستان جنرل (ر) مشرف نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نظریہ میں تبدیلی لانا ہوگی، وسائل کے باوجود ملک میں تبدیلی نہ ہونا بد قسمتی ہے۔

    کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے یومِ تاسیس کے موقع پرپارٹی کےسربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حالت تشویش ناک تھی اس لئے وطن واپس آیا، مجھے معلوم تھا کہ مجھے دہشتگردوں سے خطرہ ہے اور مجھے سیاسی معملات میں اُلجھادیا جائے گا۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی لانے کے لئے سیاسی جماعت بنائی کہ تبدیلی ہوگی تو ملک میں خوشحالی آئے گی، مجھے کسی قسم کا لالچ نہیں ہے، میں نے اپنی ذات سے بالا ترہوکر صرف ملک کے لئے کام کیا، پاکستان کے سیاسی نظریہ میں تبدیلی لانا ہوگی، وسائل کے باوجود ملک میں تبدیلی نہ ہونا بد قسمتی ہے ۔

    پرویز مشرف نے کہا کہ میں نے دنیا میں پاکستان کی پہچان بنائی گئی، میں نے اس ملک کے لئےجنگ لڑی اور پاکستان کی خاطر اپنا خون اور جان دینے کے لئے ہروقت تیار ہوں، مجھ پرغداری کا مقدمہ چلا یا گیا،آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلنے پرافسوس ہے، 2013  کے الیکشن کے بارے میں میرے خدشات درست نکلے، انتخابات میں مجھے نااہل قرار دینا افسوس ناک اورغیر آئینی تھا ۔

    انہوں نے واضع کیا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں ڈاکٹرطاہرالقادری کے ساتھ ہوں یہ ان کی بچکانہ سوچ ہے جو شخص بھی پاکستان کی عوام کے لئے بات کرے گا میں اس کے ساتھ ہوں، اگرنواز شریف بھی ملک میں خوشحالی لائیں گے تو میں اُن کا بھی ساتھ دوں گا، دھرنے والوں کی باتوں میں سچائی ہے، پاکستان میں تبدیلی آتی ہوئی نظرآرہی ہے، حکومت میں تبدیلی آرہی ہے۔

    خطاب کے اختتام پرسابق صدرپرویزمشرف کا کہنا تھا کہ مجھے الیکشن ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے بلکہ قومی حکومت یا ٹیکنوکریٹ کی حکومت بنتی نظرآرہی ہے، پہلے الیکشن ریفارمزہوں پھر الیکشن کا انعقاد ہونا چاہئے، وفاق کا صوبوں پر کنٹرول نہیں صوبے خود مختار ہوچکے ہیں، اگر اب بھی تبدیلی نہ آسکی تو پاکستان کا مستقبل تاریک ہے۔