Tag: artificial moon

  • چین مصنوعی چاند بنائے گا

    چین مصنوعی چاند بنائے گا

    بیجنگ: چین بہت جلد مصنوعی چاند کو متعارف کروا دے گا جس میں زمین کے سیٹلائیٹ جیسی کشش ثقل اور ماحول موجود ہوگا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین کی جانب سے شوژو نامی شہر میں ایک ایسا تحقیقی مرکز تعمیر کیا جارہا ہے جہاں چاند جیسا ماحول تشکیل دیا جائے گا، یہ اپنی طرز کا پہلا تحقیقی ادارہ ہوگا جہاں مقناطیس کو استعمال کر کے چاند جیسے ماحول کو بنایا جائے گا۔

    اس مرکز کے اندر ایک ویکیوم چیمبر ایک چھوٹے چاند کا گھر ہوگا جہاں چاند کی سطح جیسی چٹانیں وغیرہ موجود ہوں گی۔

    چائنا یونیورسٹی آف مائننگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنسدان لی ریولین نے بتایا کہ اس مرکز سے چین کے خلائی منصوبوں کو تقویت ملے گی اور ماہرین کو مختلف باتوں کی کھوج کرنے مین مدد مل سکے گی، جیسے چاند پر انفراسٹرکچر کی تعمیر وغیرہ۔

    چین کی جانب سے خلائی پروگرامز پر اربوں ڈالرز خرچ کیے جارہے ہیں اور متعدد مشنز روانہ کیے گئے ہیں جیسے چاند کے تاریک حصے پر دنیا کا پہلا مشن بھیجنا اور 2021 میں مریخ پر پہلے مشن کا کامیابی سے پہنچنا۔

    چین نے 2021 میں روس کے ساتھ مل کر چاند پر ایک مشترکہ تحقیقاتی مرکز کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان بھی کیا تھا جبکہ وہ 2030 تک چاند پر اپنے خلا بازوں کو بھیجنے کا بھی خواہش مند ہے۔

    چینی سائنس دانوں کو توقع ہے کہ مصنوعی چاند مستقبل میں چاند پر بھیجے جانے والے مشنز میں اہم کردار ادا کرسکے گا جبکہ خلا بازوں کو کم کشش ثقل کے لیے تیار ہونے کا موقع مل سکے گا۔

    لی ریولین نے بتایا کہ اس سے یہ تعین کرنے میں بھی مدد مل سکے گی کہ مہنگی اور بھاری مشینری کو وہاں پہنچانے سے قبل چاند کی سطح پر تھری ڈی پرنٹنگ ممکن ہے یا نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ چاند جیسے ماحول میں کچھ تجربات سے ہمیں چند اہم اشارے بھی مل سکیں گے جیسے چاند کی سطح کے اندر کہاں پھنسے ہوئے پانی کو دیکھنا چاہیئے وغیرہ۔

    مگر چاند جیسے ماحول کے لیے تیار ہونے والے کمرے میں مقناطیسی کشش کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے سائنسدانوں کو ابھی متعدد ٹیکنالوجیز تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

  • اسٹریٹ لائٹس نہیں، اب سڑکوں کو مصنوعی چاند روشن کرے گا

    اسٹریٹ لائٹس نہیں، اب سڑکوں کو مصنوعی چاند روشن کرے گا

    بیجنگ: چین نے اسٹریٹ لائٹس کے بجائے مصنوعی چاند بنا کر خلا میں بھیجنے کی تیاری کرلی، یہ چاند اصلی چاند سے آٹھ گنا زیادہ روشن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق چین میں گلیوں پر اسٹریٹ لائٹس کی بجائے اب چاند جگمگائے گا، چین نے مصنوعی چاند بنا کر خلا میں بھیجنے کی تیاری کرلی ہے، خلائی ریسرچ کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ چین اگلے دو سال میں مصنوعی چاند بنائے گا۔

    یہ چاند اصلی چاند سے آٹھ گنا زیادہ روشن ہوگا اور مصنوعی چاند کی روشنی چینی شہر شینگ دو میں اسٹریٹ لائٹ کی جگہ کام کرےگی۔اس پراجیکٹ کا اعلان بجلی کی بچت کے لئے کیا گیا ہے تاکہ رات کو اسٹریٹ لائٹس پہ صرف ہونے والی بجلی بچائی جاسکے، اندازہ ہے کہ شینگ دو شہر اس منصوبے سے 23 ارب روپے سالانہ بچت کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی ایک خاص تعداد بھی اپنی جانب کھینچے گا

    مصنوعی چاند بنانے کے لیے زمین سے 500 کلومیٹر کی اونچائی پہ دیوہیکل آئینے بھیجے جائیں گے جو سیٹلائٹ سے منسلک ہوں گے، ان آئینوں پہ کی کوٹنگ جائے گی تاکہ سورج کی زیادہ سے زیادہ روشنی کو منعکس کرسکیں، زمین سے انہیں کنٹرول بھی کیا جاسکے گا تاکہ مخصوص علاقوں پہ روشنی ڈالی جاسکے۔ یہ مصنوعی چاند پورے چین میں دکھائی دے گا لیکن روشنی صرف 80 کلومیٹر کے علاقے کو ہی فراہم کرسکے گا

    شینگ دو کے مصنوعی چاند کے منظرعام پر آنے سے پہلے ہی اس پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نظام شمسی کے ماہرین اور مقامی لوگوں کے مطابق اس سے ماحولیات اور جانوروں پر خطرناک اثرات مرتب ہوں گے، جبکہ اس شہر کے باشندے ستارے اور دیگر مظاہر فلکیات دیکھنے سے بھی محروم ہوجائیں گے۔

    کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھا پروجیکٹ ہوگا جو بجلی بجائے گا اور آلودگی کا خاتمہ کرے گا۔

    سیٹلائٹ کے آئینوں پر کام کرنے والے ادارے کے سربراہ کینگ وائماں نے کہا ہے کہ یہ روشنی بہت مدھم ہوگی اور رات کو دن میں نہیں بدلے گی البتہ ماہرین نے یہ ضرور کہا ہے کہ روشنی چودھویں کے چاند سے کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ 20 سال قبل روس نے بھی  خلا میں 25 میٹر قطر کا خلائی آئینہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا تاکہ سائبریا کے تاریک اور سرد علاقوں کو منور کیا جاسکے لیکن اس میں اسے  ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اوریہ خلائی آئینہ جل کر راکھ ہوگیا تھا۔