Tag: Artificial Rain

  • مصنوعی بارش، کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے سیسنا جہاز کے ذریعے راکٹ فائر کیے جائیں گے

    مصنوعی بارش، کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے سیسنا جہاز کے ذریعے راکٹ فائر کیے جائیں گے

    لاہور: مصنوعی بارش کے لیے لاہور میں کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے سیسنا جہاز کے ذریعے راکٹ فائر کیے جائیں گے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اسموگ کی روک تھام کے لیے راکٹ فائر کے ذریعے کلاؤڈ سیڈنگ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے سیسنا جہاز کے ذریعے راکٹ فائر کیے جائیں گے۔

    اسموگ انڈکس بڑھنے سے بچوں کو اسکولوں میں چھٹیاں دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں مصنوعی بارش پر 35 کروڑ روپے تخمینہ آئے گا، بارش کے لیے ہوا میں 40 فی صد سے زائد نمی اور بادلوں کا ہونا ضروری ہے، 5 ہزار مربع فٹ بلندی پر بادلوں کے اوپر جہاز کے ذریعے سیڈ پھینکے جائیں گے۔

    مصنوعی بارش کے لیے محکمہ موسمیات اور محکمہ ماحولیات کا بڑا کردار ہے، دونوں محکموں کے احکامات پر کلاؤڈ سیڈنگ راکٹ فائر کیے جائیں گے، جب کہ کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے فنڈز کی منظوری وزارت خزانہ دے گی۔

  • کلاؤڈ سیڈنگ : غیرمعمولی بارشوں کا اصل سبب کیا ہے ؟

    کلاؤڈ سیڈنگ : غیرمعمولی بارشوں کا اصل سبب کیا ہے ؟

    گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی معمول سے زیادہ بارشوں کا عندیہ دیا جارہا ہے جس کی ایک جھلک صوبہ بلوچستان میں دیکھنے میں آرہی ہے۔

    دنیا بھر میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلی نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی بادل جم کر برسیں گے۔

    غیرمعمولی موسلادھار بارشیں کیوں ہوتی ہیں ایسے کون سے اقدامات ہیں جس کی اثرات کی وجہ سے موسمی حالات بدل جاتے ہیں۔ ،

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر ماحولیات ڈاکٹر حسن عباس نے مصنوعی بارشوں (کلاؤڈ سیڈنگ) سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ کلاؤڈ سیڈنگ ایک ایسی تکنیک ہے جس سے بادلوں کے بخارات کو بارش میں تبدیل کرنے کی رفتار بڑھائی جاتی ہے اور موسم میں یہ مصنوعی تبدیلی لانے کے لیے نمک کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے سیٹلائٹ ڈیٹا کی مدد سے ایسے بادلوں کی نشاندہی کی جاتی ہے جو ممکنہ طور پر شدید بارش کا باعث بن سکیں۔

    مصنوعی بارشوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے علاوہ کلاؤڈ سیڈنگ انرجی سسٹم میں تبدیلی سے بھی بارشیں بہت زیادہ ہورہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انرجی سسٹم میں تبدیلی سے ہائیڈرو لوجیکل سائیکل متاثر ہوتا ہے کیوں کہ یہ پورا نظام ہے کہ سمندری پانی آبی بخارات بن کر بادلوں کی صورت میں سفر کرتا ہے اور ایک وقت پر بادل برس جاتے ہیں۔

    لیکن کلاؤڈ سیڈنگ سے اس کی رفتار اور انرجی میں تیزی آجاتی ہے اور بادل بھی بڑے اور طاقتور بنتے ہیں اور اپنی جگہ پر برسنے کے بجائے اس مقام سے آگے نکل جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات کی معاونت سے کلاؤڈ سیڈنگ کے تحت لاہور میں مصنوعی بارش کا پہلا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔

    خصوصی جہاز کی پرواز وہاں کی جاتی ہے جہاں بادلوں سے ٹربیلنس پیدا ہوتی ہے، وہاں پہنچ کر ایسے کیمیائی مادے خارج کیے جاتے ہیں جن سے چین ری ایکشن ہو۔ اس عمل سے بادل غیر مستحکم ہوتا ہے اور جہاز کو فوراً وہاں سے باہر نکالنا پڑتا ہے۔

  • کیا مصنوعی بارش کے بعد لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی؟

    کیا مصنوعی بارش کے بعد لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی؟

    لاہور: مصنوعی بارش کے بعد لاہور شہر میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصنوعی بارش کے بعد لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی آ گئی، پنجاب کا صوبائی دارالحکومت فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں چھٹے نمبر پر چلا گیا۔

    ایئر کوالٹی انڈیکس 194 ریکارڈ کیا گیا، مصنوعی بارش کے لیے خصوصی جہازوں سے کیمیکل چھڑکا گیا، بادلوں میں 48 فلیئر چلائے گئے لیکن دوسری جانب شہر قائد کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

    کراچی کی ہوا میں آلودگی کی شرح 332 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، ایئر کوالٹی انڈکس کے مطابق 200 سے 300 درجے تک کی آلودگی انتہائی مضر صحت ہے۔

    ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسا دی گئی

    کراچی میں تین سو ایک سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے، طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کی تیاریاں مکمل

    پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کی تیاریاں مکمل

    لاہور : دھند سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے پنجاب میں مصنوعی بارش کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے پنجاب یونی ورسٹی کے پروفیسر منور صابر نے مصنوعی بارش برسانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

    تجرباتی طور پر شہر میں طیارے یا غباروں کے ذریعے بارش برسائی جائے گی، ڈرائی آئس میں نمک اور پانی ڈال کر مصنوعی بادل بنانے اور انہیں برسانے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر کام کررہے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مصنوعی بارش ایک مہنگا پراجیکٹ ہے اوریہ کام ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں  پورا سال بارش نہیں ہوتی ۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں پروفیسر منور صابر نے بتایا کہ 10 کروڑ روپے کے خرچے سے لاہور کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی کوسموگ جیسی آفت سے بچایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کے لئے جہاں شہر کے مختلف علاقوں میں جنگلات لگائے گئے ہیں وہیں مصنوعی بارش کا طریقہ بھی اس آفت سے نمٹنے کے لئے موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے اور نمی بڑھنے سے دھند اورآلودگی کے آمیزش سے ماحول خراب ہوجاتا ہے۔ رواں سیزن میں سموگ اوراس سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    یو اے ای میں نمک کے ذریعے مصنوعی بارش

    مصنوعی بارش کو (کلاؤڈ سیڈنگ) یا بادل بیجنا کہا جاتا ہے، مصنوعی بارش گرم موسم کی شدت کم کرنے، خشک سالی ختم کرنے اور اس کے علاوہ فضائی آلودگی، گرد و غبار کم کرنے کے لیے بھی مصنوعی بارش کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔

    مصنوعی بارش کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے 2 سے 4 ہزار فٹ کی بلندی سے بادلوں کے اوپر سوڈیم کلورائیڈ، سلور آئیوڈائیڈ اور دیگر کیمیکل چھڑکے جاتے ہیں جو بادلوں میں برفیلے کرسٹلز بناتے ہیں اور بادلوں کو بھاری کردیتے ہیں، جس کے بعد بارش ہونے لگتی ہے۔

    سعودی عرب پانی کی کمی کیسے پوری کرے گا؟ | Urdu News – اردو نیوز

    مصنوعی بارش کے لیے جہاز کے ذریعے بادلوں پر کیمیکل چھڑکنے کے علاوہ زمین سے بھی راکٹ فائر کر کے ان پر کیمیکل چھڑکا جاسکتا ہے۔ یہ طریقہ کار زیادہ تر چین میں استعمال کیا جاتا ہے یعنی مطلوبہ کیمیائی مادوں کے راکٹ تیار کر کے انہیں بادلوں پر فائر کیا جاتا ہے اور اس طریقے سے مصنوعی بارش برسائی جاتی ہے۔

  • کلاوڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش عرب خطے کے لیے کتنی اہم  ہے؟ جانئے

    کلاوڈ سیڈنگ کے ذریعے مصنوعی بارش عرب خطے کے لیے کتنی اہم ہے؟ جانئے

    ڈرون ٹیکنالوجی کا جہاں بہت سے منصوبوں میں استعمال ہو رہا ہے وہاں موسمیاتی تبدیلیوں میں بھی اس کے استعمال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    کلاوڈ سیڈنگ کیا ہے؟

    بادلوں میں برقی چارجز کا استعمال کرتے ہوئے مصنوعی بارش برسانے کے عمل کو کلاؤڈ سیڈنگ کہتے ہیں۔

    سائنسدان بارش برسانے کے کئی طریقے تلاش کر رہے ہیں، امارات کی آب و ہوا دیگر خلیجی ممالک کی طرح ہے اور یہاں کلاؤڈ سیڈنگ کا تجربہ ان کے لیے بہت مفید ثا بت ہو سکتا ہے، کلاؤڈ سیڈنگ تیزی سے بڑھتی ہوئی سائنس ہے جسے متحدہ عرب امارات میں بہتر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے۔

    امارات میں یہ کام اس سے قبل دو ہزار سترہ میں شروع ہوا تھا اور بارش میں اضافے کےنو منصوبوں میں پندرہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

    دیگر خلیجی ممالک کی طرح امارات کو بھی گرمی اور خشک سالی کا سامنا ہے جہاں دوہزار اکیس کے ابتدائی تین ماہ میں صرف 1.2ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور موسم گرما کا درجہ حرارت اکثر علاقوں میں پچاس سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، اس لئے سائنسدان گرمی کاحل تلاش کر رہے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے پاس میٹھے پانی کے اپنے قیمتی چند وسائل موجود ہیں، اس کے نتیجے میں اس کی معیشت درآمدات اور ڈی سیلینیشن یعنی سمندری پانی سے نمک نکال کر استعمال کے قابل بنانے کے عمل پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے تاکہ فصلوں اور بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

    سعودی عرب نے بھی گزشتہ سال کلاؤڈ سیڈنگ ٹیکنالوجی پروگرام کی منظوری دی تھی جس کا مقصد مملکت میں بارش میں تقریبا 20 فیصد اضافہ کرنا تھا۔

    اقوام متحدہ کے مطابق مشرق وسطی میں پانی کا تناسب باقی دنیاسے قدرے کم ہےاور اس خطے میں موجود 17 ممالک کو پانی کے لحاظ سے غربت کی لکیر سے نیچے سمجھا جاتا ہے۔

    ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق صرف مینا خطے کی زراعت کے لیے پانی کا استعمال تقریبا 80 فیصد ہے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے پانی کے ذخیرے کے لیے تقریبا 130 ڈیم تعمیر کیے ہیں جن میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش تقریبا 120 ملین مکعب میٹر ہے تا کہ پانی کو بخارات بننے یا صرف سمندر میں بہنے سے روکا جا سکے ۔

  • سعودی عرب میں مصنوعی بارش برسائی جائے گی

    سعودی عرب میں مصنوعی بارش برسائی جائے گی

    ریاض: سعودی عرب کی کابینہ کے اجلاس میں مصنوعی بارش برسانے کے پروگرام سمیت متعدد اصلاحات کی منظوری دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 6 قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔

    اجلاس میں کابینہ نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے اور اس کے سدباب کے لیے چین کے لیے طبی سامان بھیجنے کا فیصلہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات کو آگے بڑھانے اور بحرانوں سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب کے انسانیت نواز کردار کا حصہ ہے۔

    سعودی کابینہ نے اس بات پر اظہار مسرت کیا کہ ریاض کو سنہ 2020 کے لیے عرب خواتین کا دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لائے گا۔

    سعودی عرب نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ایٹمی دہشت گردی کے انسداد کے لیے تمام تدابیر بروئے کار لائے اور خطے میں نظر آنے والی کشیدگی نیز دہشت گرد تنظیموں کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے زیادہ مؤثر جدوجہد کرے۔

    کابینہ نے شمسی توانائی کے عالمی اتحاد کے قیام کے بنیادی معاہدے میں سعودی عرب کی شمولیت کی بھی منظوری دی جبکہ ملک میں مصنوعی بارش کے پروگرام کی منظوری بھی دے دی۔

    سعودی کابینہ نے افغانستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کے معاہدے کا اختیار وزیر داخلہ کو تفویض کیا، کوریا کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دی گئی۔

  • ملتان میں کاشتکاروں کیلئے مصنوعی بارش کا نیا سسٹم متعارف

    ملتان میں کاشتکاروں کیلئے مصنوعی بارش کا نیا سسٹم متعارف

    ملتان : پنجاب حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے والا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جدید مشینری کے ذریعے پہیوں پر چلنے والے شاورز جب پانی برساتے ہیں تو سچ میں بارش کا گمان ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اب پنجاب کے کسانوں کو بارش نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، پنجاب حکومت نے فصلوں پر مصنوعی بارش برسانے کیلئے نیا سسٹم متعارف کرایا ہے۔

    کاشتکاروں کو سبسڈی پر یہ سسٹم فراہم بھی کیا جارہا ہے، اے آر وائی نیوز کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح کماد کی ایک فصل کو مصنوعی طریقے سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر محکمہ زراعت کے ترجمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید عصمت کا  نمائندہ اے آر وائی نیوز رانا فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ہائی ایفی شینسی ایریگیشن سسٹم ہے اس سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ ناہموار زمین پر بھی بہتر طریقے سے کام کرتا ہے اور ہم جس وقت اور جتنا چاہیں اپنی فصلوں کو پانی دے سکتے ہیں۔


    مزید پڑھیں: پنجاب کے نواحی علاقوں میں سیلاب، تیار فصلیں زیر آب آگئیں


    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جدید زراعت کی جانب پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے اور آنے والے وقت میں کاشتکاروں کو اس کے مزید فوائد حاصل ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔