Tag: Artistic life

  • اداکار انور علی نے اپنی فنکارانہ زندگی کیسے گزاری؟

    اداکار انور علی نے اپنی فنکارانہ زندگی کیسے گزاری؟

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف سینیئر اداکار انور علی اس دار فانی سے کُوچ کرگئے، ان کی فنی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔

    اداکار انور علی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں اور شاندار مزاح کے ذریعے ہمیشہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے، یہ ہی ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت پہلو تھا۔

    انور علی کی اداکاری کی سب سے بڑی خوبی ان کی فطری صلاحیت تھی۔ ان کی ڈائیلاگ ڈلیوری، چہرے کے تاثرات مزاحیہ انداز اور ٹائمنگ بےمثال تھی۔

    hospital

    انور علی ایک عام متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے، ان کی زندگی کا آغاز ایک فنکارانہ ماحول میں ہوا، جہاں موسیقی، ادب اور تھیٹر کی محافل کا انعقاد ترغیب کیلیے ہوا کرتا تھا۔

    ان کو اسکول کے زمانے سے ہی اداکاری اور طنز و مزاح کا شوق تھا اور وہ اسکول کے ڈراموں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے تھے۔ ان کی سادہ طبیعت اور لوگوں سے جڑنے کی صلاحیت نے انہیں ہر دلعزیز بنایا۔

    انور علی نے اپنے کیریئر کی شروعات 1980 کی دہائی میں لاہور کے مشہور تھیٹر سے کی، جہاں ان کے طنزیہ اور مزاحیہ کرداروں نے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا، ان کا مخصوص انداز، جس میں وہ سماجی مسائل کو ہلکے پھلکے لہجے میں پیش کرتے تھے، ان کی پہچان بن گیا۔

    انہوں نے لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل اور دیگر تھیٹر گروپس کے ساتھ کام کیا، جہاں ان کے ڈراموں نے نہ صرف چہروں پر خوشیاں بکھیریں بلکہ معاشرتی تناظر میں گہری سوچ بھی دی۔

    1980کی دہائی کے آخر میں انور علی نے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا، جہاں ان کے کرداروں نے گھر گھر شہرت حاصل کی۔

    ان کے مشہور ڈراموں میں ’اندھیرا اجالا‘، ’ابابیل‘، ’ہوم سویٹ ہوم‘، اور ’بیکری‘ شامل ہیں۔ وہ اپنے کرداروں کے ذریعے معاشرتی ناہمواریوں پر تنقید کرتے اور ناظرین کو ایک آئینہ دکھاتے رہے ہیں۔

    اس کے علاوہ فلموں میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کیا، جیسے کہ ’چوروں کی بارات‘ اور ’مولا جٹ‘ جیسی فلموں میں ان کے سپورٹنگ رولز نے کہانیوں کو چار چاند لگائے۔

    اداکار انور علی نے اپنی شہرت کے عروج پر ایک غیر معمولی فیصلہ کیا، سال2000 کی دہائی کے وسط میں انہوں نے مذہبی رجحان کے باعث شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کی۔

    مزید پڑھیں : ماضی کے نامور اداکار انور علی انتقال کرگئے

    بعد ازاں ایک انٹرویو میں ان کاکہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنی زندگی میں اللہ کا خوف رکھا اور اسی لیے فیصلہ کیا کہ اب اپنی باقی زندگی عبادت اور سادگی میں گزاروں گا۔