Tag: Arvind Kejriwal

  • اروند کیجریوال کا دہلی کی وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان

    اروند کیجریوال کا دہلی کی وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے منصب سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد جیل سے رہا ہونے والے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے، وہ جلد وزارت اعلیٰ سے استعفیٰ دیکر کسی اور کو وزیراعلیٰ نامزد کریں گے اور دوبارہ الیکشن میں جائیں گے، اروند کیجریوال آئندہ 48 گھنٹوں میں باضابطہ طور پر عہدے سے مستعفی ہوسکتے ہیں۔

    اروند کیجریوال کا کہنا ہے جب تک میں مقدمات سے بری نہیں ہوجاتا تب تک وزیراعلیٰ کے عہدے پر نہیں بیٹھوں گا، عدالت سے انصاف ملا، اب عوام کی عدالت سے انصاف کا منتظرہوں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کے حکم کے بعد ہی وزارتِ اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھوں گا، اگر میں نے نئی دہلی میں کام کیا ہے تو عوام ووٹ دے کر فیصلہ سنائیں۔

    واضح رہے کہ نئی دہلی میں انتخابات آئندہ سال فروری میں شیڈول ہیں، اروند کیجریوال کو بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر دو دن پہلے تہاڑ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ اروند کجریوال کو 6 ماہ قبل شراب پالیسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کی ضمانت کی درخواست کئی بار مسترد کی گئی جس کے بعد 2 روز قبل بھارتی سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

  • دوبارہ جیل گیا تو مودی سرکار مفت بجلی و پانی بند کر دے گی: کیجریوال

    دوبارہ جیل گیا تو مودی سرکار مفت بجلی و پانی بند کر دے گی: کیجریوال

    نئی دہلی: جیل سے رہا ہوتے ہی عوامی پاور شو کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے کہا اگر وہ دوبارہ جیل گئے تو مودی سرکار دہلی والوں کی مفت بجلی و پانی بند کر دے گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کو ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ اگر وہ دوبارہ جیل گئے تو بی جے پی عوام کی مفت بجلی اور پانی بند کر دے گی اور سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کو تباہ کر دے گی۔

    کیجریوال نے کہا مجھے اس لیے جیل میں ڈالا گیا کیوں کہ عوام کے لیے 24 گھنٹے مفت بجلی اور علاج کا انتظام کیا، ہم نے دہلی میں 500 اسکول بنائے، اگر ووٹرز جھاڑو کا بٹن دبائیں گے تو ہمیں جیل جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی ملک بھر میں 5 ہزار اسکول بھی بناتے تو بہت اچھا ہوتا، لیکن وہ غلط سیاست کر رہے ہیں، یہ آمریت ہے، اور ہم سب کو اس آمریت کے خلاف لڑنا ہے۔

    اروند کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی والے 400 سیٹیں مانگتے پھر رہے ہیں لیکن جب ان سے پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم ملک سے ریزرویشن ختم کر دیں گے، اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں ریزرویشن اور جمہوریت کا خاتمہ نہ ہو تو ہر شخص کو ووٹ ڈالنے کے لیے جانا چاہیے اور جھاڑو کا بٹن دبانا چاہیے۔

    انھوں نے کہا جس طرح پیوٹن نے روس کا آئین تبدیل کیا اور اب وہاں انتخابات نہیں ہوتے، صرف پیوٹن کبھی وزیر اعظم اور کبھی صدر رہتے ہیں، اسی طرح بی جے پی حکومت ملک کا آئین بدلے گی اور الیکشن رکوائے گی۔

  • اروند کیجریوال کو عدالت نے رہا کر دیا

    اروند کیجریوال کو عدالت نے رہا کر دیا

    نئی دہلی: عدالت نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی عارضی ضمانت منظور کر لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے مبینہ ایکسائز پالیسی فراڈ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں کیجریوال کو یکم جون تک عبوری ضمانت دے دی، کیجریوال کو 2 جون کو واپس جیل جانا پڑے گا۔

    رہائی کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ نے اپنی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور پنجاب کے ہم منصب بھگونت مان کے ساتھ کناٹ پلیس کے مندر میں پوجا کی، وہ آج روڈ شو کرنے سے پہلے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    رپورٹس کے مطابق عدالت نے ملک میں جاری عام انتخابات کی مہم چلانے کے لیے عام آدمی پارٹی کے سربراہ کو عارضی ضمانت دی ہے، روئٹرز کے مطابق انڈین سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اروند کیجریوال کی عارضی ضمانت یکم جون تک مؤثر رہے گی، جو کہ 7 مراحل پر مشتمل انتخابات میں پولنگ کا آخری روز ہے۔

    اشتعال انگیز بیان پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا مشکل میں پڑ گئیں

    عدالتی فیصلے کے مطابق اروند کیجریوال دو جون کو خود کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوں گے۔ واضح رہے کہ مودی کے سخت ناقد اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو عام انتخابات سے ایک ماہ پہلے شراب کے لائسنس دینے پر مبینہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی انڈیا کی مرکزی فنانشل کرائم ایجنسی نے گزشتہ ایک دہائی میں 100 سے زائد ایسے سیاست دانوں سے تفتیش کی ہے جو اپوزیشن سے تعلق رکھتے ہیں، تاہم اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ کیجریوال مقدمہ من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔ اپوزیشن کے مطابق اپنے سیاسی مخالفین کو کچلنے اور منصفانہ انتخابات کے امکانات کو کم کرنے کے لیے بی جے پی کی حکومت نے تفتیشی ایجنسیوں اور ٹیکس حکام کو ہتھیار بنایا ہے۔

  • نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو تہاڑ جیل بھیج دیا گیا

    نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رہنما وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ریمانڈ میں 15 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔

    دہلی کے وزیر اعلیٰ اور اہم اپوزیشن رہنما اروند کیجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، مقامی عدالت نے کیجریوال کو پندرہ اپریل تک جوڈیشل ریمانڈ پر تہاڑ جیل بھیج دیا۔

    انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیجریوال کو شراب پالیسی کیس میں منی لانڈرنگ کے الزام میں 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔

    پیر کو مقامی عدالت نے فیصلہ دیا کہ اروند کیجریوال کو مزید دو ہفتوں کے لیے حراست میں رہنا چاہیے، اور انھیں دہلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل بھیج دیا۔ یہ تیسری توسیع ہے جو عدالتوں نے کیجریوال کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھنے کے لیے مرکزی حکومت کی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو دی ہے۔

    واضح رہے کہ ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں نے اس ماہ کے آخر میں ملک کے انتخابات سے قبل مودی حکومت پر ’’میچ فکسنگ‘‘ کا الزام لگایا ہے۔ کیجریوال کو دو ہفتے قبل ڈرامائی طور پر ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا، یہ پہلی بار تھا جب کسی موجودہ وزیر اعلیٰ کو حراست میں لیا گیا۔

  • ’’میں جلد باہر آؤں گا، اور وعدہ پورا کروں گا‘‘

    ’’میں جلد باہر آؤں گا، اور وعدہ پورا کروں گا‘‘

    نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ نے جیل سے عوام کے لیے پیغام بھیجا ہے کہ وہ جلد باہر آ جائیں گے اور اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک عدالت نے جمعہ کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو شراب پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں 28 مارچ تک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحویل میں دے دیا ہے۔

    اہلیہ سنیتا کیجریوال نے حراست میں ان سے ملاقات کے بعد ان کا پیغام لوگوں کو سنایا، وزیر اعلیٰ نے پیغام میں کہا ’’دہلی میں خواتین سوچ رہی ہوں گی کہ کیجریوال جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، پتا نہیں اب انھیں 1000 روپے ملیں گے یا نہیں۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’لیکن میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بھائی، اپنے بیٹے پر بھروسہ کریں، ایسی کوئی جیل نہیں جو مجھے زیادہ دیر تک سلاخوں کے پیچھے رکھ سکے، میں جلد باہر آؤں گا اور وعدہ پورا کروں گا۔‘‘

    اروند کیجریوال کا پیغام پڑھتے ہوئے سنیتا نے کہا کہ میری عام آدمی پارٹی کے کارکنوں سے اپیل ہے کہ عوامی خدمت کا کام نہ رکے اور اس وجہ سے بی جے پی والوں سے نفرت نہ کریں، بی جے پی والے بھی ہمارے بھائی بہن ہیں، میں جلد واپس آؤں گا۔

  • بھارت میں کرونا کا پھیلاؤ تیز، وزیراعلیٰ نئی دہلی بھی متاثر

    بھارت میں کرونا کا پھیلاؤ تیز، وزیراعلیٰ نئی دہلی بھی متاثر

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس نے ایک بار پھر سر اٹھالیا ہے، نئی دہلی کے وزیراعلیٰ سمیت کئی سیاسی رہنما کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے دہلی میں کرونا کے نئے ویرئنٹ ‘اومیکرون’ کا پھیلاؤ تیز ہوگیا ہے، وزیراعلیٰ نئی دہلی اروند کیجریوال بھی عالمی وبا کا شکار ہوگئے ہیں۔

    اروند کیجریوال نے آج صبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ میری کرونا رپورٹ مثبت آئی ہے، وائرس کی ہلکی علامات کے باعث میں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کرلیا ہے، اپنےٹوئٹر پیغام میں نئی دہلی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو شخص میرے رابطے میں رہے ان سے گزارش ہے کہ فوری طور پر اپنا کرونا ٹیسٹ کرالیں۔

    دوسری جانب بی جے پی کے ایم پی منوج تیواری اور یونین منسٹر ناتھ پانڈے میں بھی کرونا میں مبتلا ہوچکے ہیں، ادھر کرونا کے بڑھتے وار کے باعث بھارتی پنجاب میں رات کےوقت کرفیو لگانےکا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ ممبئی میں اسکولز31جنوری تک کیلئے بند کردئیےگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں 24گھنٹےمیں کوروناکے 34ہزارکیسز رپورٹ ہوئے ہیں، بھارتی دارالحکومت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 5 ہزار کے قریب مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ 7 بعد سب سے زیادہ ہیں۔

  • دہلی میں مسلم کش فسادات ، وزیراعلی اروند کیجریوال نے  اپنی بے بسی کا اعتراف کرلیا

    دہلی میں مسلم کش فسادات ، وزیراعلی اروند کیجریوال نے اپنی بے بسی کا اعتراف کرلیا

    نئی دہلی : وزیراعلی اروند کیجریوال نے مسلمانوں پرحملے روکنے میں ناکامی پر اپنی بے بسی کا اعتراف کرلیا اور کہا دلی کی صورتحال تشویشناک ہے ، مرکزی حکومت کوخط میں کرفیو کے نفاذ اورفوج طلب کرنے کا کہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی دہلی اروندکیجریوال آرایس ایس کے غنڈوں کو مسلمانوں پرحملوں سے روکنے میں ناکام ہیں ، اروند کیجریوال نے اپنی بے بسی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا دہلی کی صورتحال تشویشناک ہے، پولیس صورتحال پرقابونہ پاسکی، مرکزی حکومت کوخط میں کرفیو کے نفاذ اورفوج طلب کرنے کا کہا ہے۔

    یاد رہے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران دہلی میں آرایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں نے مسلم اکثریتی علاقوں میں 20 مسلمانوں کو قتل کردیا اور 190سے زائد زخمی ہے جبکہ درجنوں دکانوں،گھروں اورپٹرول پمپ کولوٹ مار کے بعد جلا ڈالا۔

    مزید پڑھیں : نئی دہلی میں ہندوانتہاپسندوں کے حملے، 20 مسلمان شہید

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں متعددکی حالت نازک ہے ، جس کے باعث اموات میں اضافے کاخدشہ ہے، دہلی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ دہلی پولیس عوام کے تحفظ کویقینی بنائے۔

    دہلی کے5مسلم اکثریتی علاقوں میں کرفیونافذ کردیا گیا ہے اور اور پولیس کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ نئی دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر سے امن کی اپیل کی اور کہا کہ قانون کی بالادستی قائم کرنے میں مدد کریں۔

  • اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    نئی دہلی:نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ نے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت کرنے کا اعلان کر دیا، کیجریوال کا کہنا ہے کہ وی آئی پی شخصیات کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘201 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو نصف قیمت ادا کرنی ہوگی کیونکہ دہلی حکومت انہیں 50 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔

    انہوں نے اس فیصلے کو عام آدمی کے لیے تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں سب سے سستی بجلی دہلی میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر وی آئی پی شخصیات اور بڑے سیاستدانوں کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟ کیا میں نے یہ قدم اٹھا کر غلط کی؟

    اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے دارالحکومت کے 33 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا جو گرمی میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سردیوں میں تقریباً 70 فیصد افراد کا بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم ہوجاتا ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کے نائب مَنیش سِسوڈیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی طرح گھروں میں لائٹ اور پنکھے چلانے جتنی بجلی بھی عوام کے لیے ضروری ہے۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اعلان کو الیکشن اسٹریٹیجی قرار دیا۔

    سربراہ بی جے پی دہلی مَنوج تیواری نے کہا کہ یہ اروند کیجریوال کی پارٹی کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ بی جے پی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اسے دو زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں، یہ انتخابات سے قبل عوام کو متوجہ کرنے کی اسٹریٹیجی ہے، انہوں نے دہلی کے عوام سے 7 ہزار کروڑ لوٹے، عوام کو وہ یہ پیسے کب واپس کر رہے ہیں؟

  • دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال کے منہ پر ایک بار پھر تھپڑ رسید کردیا گیا

    دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال کے منہ پر ایک بار پھر تھپڑ رسید کردیا گیا

    نئی دہلی : بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جلوس کے دوران ایک شخص نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجروال کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور دہلی کے وزیراعلیٰ موتی نگر میں برجیش گویل کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلوس کی قیادت کررہے تھے کہ ایک شخص تمام سیکیورٹی حدود کو پار کرتے ہوئے گاڑی کے نزدیک پہنچ گیا اور وزیراعلیٰ کو زناٹے دار تھپڑ جڑ دیا۔

    عام آدمی پارٹی کے ورکز نے تھپڑ مارنے والے شخص کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس کی شناخت 33سالہ سریش کے نام سے ہوئی ہے جو اسپیئر پارٹس کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے تاہم تھپڑ رسید کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔

    یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ جب اروند کجروال کو تھپڑ رسید کیا گیا ہو اس سے قبل نومبر2018میں ان پر مرچیں پھینکی گئی تھی،2016میں ایک شخص نے ان پر جوتا اچھالا تھا اور ایک خاتون نے سیاہی بھی پھینکی تھی،2014 میں بھی ایک رکشہ ڈرائیور نے بھی ان کے چہرے پر تھپڑ رسید کیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجروال پرخاتون نے سیاہی پھینک دی

    وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجروال پرخاتون نے سیاہی پھینک دی

    نئی دہلی : دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال پر ایک خاتون نے سیاہی پھینک دی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کالک ملنے کا رواج زور پکڑنے لگا۔

    دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال بھی اس کالے کلچر سے نہ بچ سکے۔ان پر بھی ایک خاتون نے سیاہی پھینک کر اپنی نفرت کا اظہار کیا۔

    دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال ایک تقریب سے خطاب کیلئے کھڑے ہی ہوئے تھے کہ مجمع سے ایک خاتون بھاونا اروڑا آگے بڑھی اور سیاہی کیجروال کی جانب اچھال دی۔ جس سے ان کے کپڑے خراب ہوئے اور سیاہی کی چھینٹیں ان کے منہ پر بھی پڑیں۔

    خاتون نے سیاہی کے ساتھ سی ڈی اور کچھ کاغذ بھی پھیینکے، سیاہی پھینکنے کے بعد خاتون نے نعرے بازی بھی کی اور وزیر اعلیٰ کیخلاف احتجاج کیا۔

    پولیس نے بروقت مداخلت کر کے سیاہی پھینکنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیاہی پھینکنے والی خاتون بھاونا اروڑا وزیر اعلیٰ اروند کیجروال ہی کی عام آدمی پارٹی کی ذیلی تنظیم عام آدمی سینا کی رکن ہیں۔

    اس سے پہلے بھارت میں انتہاء پسندوں کی جانب سے کلکرنی اور کشمیری رہنماؤں پر سیاہی پھینکنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ ریاستی انتخابات میں ان کی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی کو شکست فاش دی تھی۔