Tag: ARY Nerws

  • پاکستان کے عدالتی نظام میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، عمران خان

    پاکستان کے عدالتی نظام میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، عمران خان

    اسلام آباد : چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے درباری دسمبر گزر جانے کو اپنی جیت نہ سمجھیں ہمیں موقع مل گیا ہے، کیس کیلئے اب پوری تیاری کریں گے۔ عمران خان نےشہباز شریف کے خلاف بھی عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ ملکی عدالتی نظام کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، مسلم لیگ ن میں جمہوریت نہیں صرف بادشاہت ہے، شریف فیملی کا پانامہ کیس میں دفاع ہے ہی نہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں جمہوریت ہے ہی نہیں ،یہ صرف بادشاہت ہے،ہمیں پتہ چل گیا ہے کہ شریف فیملی کا پانامہ کیس میں دفاع ہے ہی نہیں۔

    سات مہینے گزرگئے لیکن ابھی تک انہوں نے آئی سی آئی جے کو کچھ نہیں کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید تھی کہ پاناما لیکس کیس میں یہی بینچ فیصلہ کرے گا، یہ سپریم کورٹ کی تاریخ کا بہترین بینچ تھا۔ پاکستان کے عدالتی نظام کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری عدالتیں ہمیں انصاف دیتی رہیں گی تب تک ہمیں کوئی بھی تباہ نہیں کر سکتا،انصاف پر ہی پوری قوم متحد ہوتی ہے۔ بلوچستان میں بھی اسی وجہ سے بد امنی پھیلی ہوئی ہے کہ وہاں کے لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا۔

    جنوبی کوریا کی صدر کا بھی کرپشن پر مواخذہ شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑے کاروباری ہے لیکن ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں ہے،ان کو 26لاکھ درہم کا نقصان تھا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ نقصان پورا کیسے کیا؟

    شریف خاندان نے پاکستان کے عوام کے ساتھ غلط بیانی کی،ان کے پاس کوئی کاغذات نہیں ہیں۔ جب میرے پاس اثاثوں کا منی ٹریل ہے تو شریف فیملی کےپاس کیوں نہیں ؟

    انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کے خط کا ڈرامہ کیا گیا، جب خط دیکھا گیا تو وہ مذاق تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ چھپانے کے لئے جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں،نواز شریف کو استعفیٰ دینا چاہئیے تھا۔ یہ سارا پیسہ قوم کا ہے جو انہوں نے چوری کیا۔

    پروگرام پاور پلے میں دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے بتایا کہ شریفوں نے خود کو کپاس کی کاشت کےعلاقے میں شوگر مل لگانے کی غیرقانونی اجازت دے دی، اس حوالے سے کل چوہدری اعجاز وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ بہت عرصے سے مطالبہ کررہا ہوں کہ اثاثے ڈکلیئر کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ترقیاتی منصوبے تباہ اور شریف فیملی کے اثاثے بڑھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقصد کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہوتا،میرامشن جاری رہے گا۔

  • مجھے آج قوم نے فیئر ویل دے دیا ، شاہد خان آفریدی

    مجھے آج قوم نے فیئر ویل دے دیا ، شاہد خان آفریدی

    لاہور : پاکستان ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے آج اس بات کی خوشی ہے کہ مجھے فیئر ویل مل گیا ہے اگر پی سی بی فیئر ویل نہ بھی تو کوئی دکھ نہیں، میں نے جب کرکٹ شروع کی تو اس میں پیسہ کم اور عوام کی محبت زیادہ ملتی تھی، بوم بوم آفریدی نے بتایا کہ جس عمر میں لوگ لڑکیوں کے خواب دیکھتے ہیں میں اس وقت کرکٹ کے خواب دیکھتا تھا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کی جانب سے شاہد آفریدی کو خراج تحسین پیش کے لیے ’’سرعام ‘‘ کے خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو اس وقت کرکٹ پیشن تھا اب بہت زیادہ کمرشل ہوگیا ہے۔ عمران خان ، وسیم اکرم ، وقار یونس ، انضمام الحق یہ سب لوگ ہمارے اسٹارز تھے، کرکٹ سے جنون کی حد تک عشق تھا، اسکول سے چھٹی کے بعد کرکٹ کھیلنے جایا کرتا تھا، والد صاحب مجھے ڈاکٹر یا انجینئر بنانا چاہتے تھے جس کا کوئی چانس نہیں تھا، اس کیلئے میں نے بہت زیادہ ڈانٹ اور مار بھی کھائی، لیکن تھا یہی کہ میں نے کرکٹر بننا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں ویسٹ انڈیز میں تھا جب مجھے فون آیا کہ میرا سلیکشن قومی ٹیم میں ہوگیا ہے تو میری خوشی کی انتہا نہ تھی، میں کچھ دیر کیلیے سکتے میں آگیا تھا اور پہلا ورلڈ ریکارڈ بنا کر جب میں واپس کراچی پہننچا تو ائیر پورٹ پر لوگوں کا ہجوم دیکھ کر مجھے لگا کہ واقعی میں نے بہت بڑا کام کیا ہے، وقت سے پہلے اپنے خواب حقیقت میں تبدیل ہونے پر حیرت ہوئی تھی.

    شاہد آفریدی نے کہا کہ کسی بھی کام کیلئے خود اعتمادی اور اللہ پر یقین بہت ضروری ہے اور اگر خود اعتمادی نہ ہو تو پھر ضرورت ہی نہیں ہے کہ وہ کام کیا جائے۔ لیکن میں نے بحیثیت بالر بہت مار کھائی جس کی وجہ یہ تھی کہ میں بعض مرتبہ ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہوجاتا تھا۔ ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی درست نہیں اس کا ہمیشہ نقصان اٹھایا.

    انہوں نے کہا کہ انسان اپنے لیے تو جیتا ہی ہے یہ اتنی بڑی بات نہیں اصل بات تو یہ ہے کہ دوسروں کی مشکل کے وقت کام آیا جائے، انہوں نے لوگوں خصوصاً نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جتنا ہوسکے دوسروں کے کام آئیں، ان کے مسائل حل کریں اور یہی سچی خوشی ہے۔

    دو ہزارنو کا ورلڈ کپ کھیلنا میرے لیے باعث اعزاز تھا اپنی ایک یادگار بات کا حوالہ دہتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک بار انڈیا کا بہت بڑا ٹوور کیا تھا، اس میں مجھے کوچ لے جانے پر راضی نہیں تھا لیکن جب میں نے اپنی پرفارمنس دکھائی تو انہوں نے مجھ سے آکر کہا کہ جب تم مین آف دی میچ کا ایوارڈ لینے جاؤ تو کہنا کہ مجھے بہت زیادہ محنت میں نے کرائی، یہ سن کر مجھے بہت افسوس ہوا کہ اتنا بڑا نام اتنی چھوٹی بات کر رہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، میرا ریکارڈ اگر توڑ سکتا ہے تو وہ شرجیل احمد توڑ سکتا ہے کیونکہ اس میں وہ پوٹینشل ہے لیکن اس کیلیے اسی انداز سے کھیلنا ہوگا جس انداز سے وہ کھیل رہے ہیں۔ اپنا کھیل تبدیل نہ کرے۔


    سچن ٹنڈولکر کے بیٹ کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سچن ٹنڈولکر نے اپنا بیٹ وسیم اکرم کو دیا تھا کہ جب آپ پاکستان جاؤ تو میرے لیے ایسا بیٹ بنوا کر لانا تو وہ بیٹ وسیم اکرم نے مجھے دیا تھا کہ اس سے کھیلو اور جب میں نے اس بیٹ سے اننگ کھیلی تو واقعی بہت مزہ آیا۔

     

  • ڈیرہ غازی خان: سرکاری اسکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چوکیدار قتل

    ڈیرہ غازی خان: سرکاری اسکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چوکیدار قتل

    ڈیرہ غازی خان: سرکاری اسکول پردہشت گردوں نے حملہ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا، حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ڈیرہ غازی خان کا علاقہ درآمہ بوائز ہائی اسکول سرور والی گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، دو مسلح دہشت گردوں نےاسکول میں گھس کر سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری نے اسکول پہنچ گئی۔

    دہشت گردوں کے فرار کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ذاتی دشمنی کے بناء پر چوکیدار کو قتل کیا، حملے کے وقت اسکول کی چھٹی ہوچکی تھی، واقعے کے بعد علاقے میں خصوصاً بچوں اور والدین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

  • اسلام آباد: پی کے 607 حادثے سے بال بال بچ گئی

    اسلام آباد: پی کے 607 حادثے سے بال بال بچ گئی

    اسلام آباد: اسلام آباد سے گلگت کیلئے پرواز کرنے والی فلائٹ پی کے 607 حادثے سے بال بال بچ گئی، کپتان نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر طیارے کو با حفاظت اُتار لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پرواز کے دوران اے ٹی آر طیارے میں خرابی کی وجہ سے طیارہ ایک طرف ڈولنے لگا تھا، جس کے باعث اسلام آباد سے گلگت کیلئے پرواز کرنے والی فلائٹ پی کے 607 حادثے سے بال بال بچ گئی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق کپتان کی جانب سے فنی خرابی کی اطلاع پر طیارے کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرادیا گیا ہے۔ طیارہ کا تمام عملہ اور مسافر محفوظ ہیں اور ٹیکنکل عملہ نے طیارہ کا معائنہ کرکے فنی خرابی کو درست کردیا ہے۔

    بعد ازاں پرواز روانہ کردی گئی۔