Tag: ARY NEWS business news

  • پی آئی اے : ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سی ای او کو طلب کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے : ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سی ای او کو طلب کرنے کا فیصلہ

    کراچی: پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل کراچی میں طلب کرلیا گیا، اجلاس میں ہلڈن برنڈ کو بھی مبینہ طور پر طلب کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں پی آئی اے کے جرمنی نژاد قائم مقام سی ای او کے حوالے سے اہم فیصلہ بھی کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ بیس روز کی جبری رخصت پر جانے والے سی ای او برنڈ ہلڈن برینڈ کو طلب کیا جا سکتا ہے۔ سی ای او برنڈ کا نام ائیربس 310 کی جرمن میوزیم کو مبینہ فروخت،مہنگی لیز پر ایئربس 330 طیاروں کے حوالے سے ایف آئی اے تحقیقات میں بھی شامل ہے۔

    اس کے علاوہ ہلڈن برینڈ کے خلاف ائر لائن کی انٹرنل کمیٹی بھی تحقیقات کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں برینڈ ہلڈن برینڈ کے حوالے سے تین مبینہ آپشن زیر غور ہوں گے۔

    پہلے آپشن میں ہلڈن برینڈ کو ان کے اصل عہدے سی او او پر واپسی اور تحقیقات کا سامنا کرنے کا کہا جائے گا، رخصت میں اضافے کے ساتھ تحقیقات کا سامنا کرنے کا آپشن دوسرا ہو گا، اس کے علاوہ تیسرے آپشن کے تحت لازمی طور پراستعفیٰ بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

    یاد رہے کہ جرمن سی ای او برنڈ ہلڈن برینڈ کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں پہلے سے شامل ہے۔

  • وزیراعظم کے مراعاتی پیکج پر آج تک عمل درآمد نہ ہوسکا، چیئرمین اپٹما

    وزیراعظم کے مراعاتی پیکج پر آج تک عمل درآمد نہ ہوسکا، چیئرمین اپٹما

    لاہور : وزیر اعظم کے اعلان کردہ ٹیکسٹائل مراعاتی پیکج پر تین ماہ بعد بھی عمل درآمد نہ ہوسکا، یہ بات آل پاکستان ٹیکسٹائل مینو فیکچرر ایسوسی ایشن (اپٹما ) کے مرکزی چیئرمین عامر فیاض نے کہا ہے کہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

    چیئرمین اپٹما عامر فیاض کا کہنا تھا کہ ریبیڈ پیمنٹ آرڈر دوبارہ جاری ہونے کے باوجود ایکسپوٹرز سے دوبارہ لسٹیں مانگی جارہی ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین ایف بی آر اپنے سسٹم کی نالائقی پر مستعفی ہوں، عامر فیاض کا کہنا تھا کہ تین سال کے دوران ملکی برآمدات 25 ارب ڈالر سے کم ہوکر 20 ارب ڈالر رہ گئیں ہیں ، تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    عامر فیاض نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر عائد مختلف ٹیکسز ختم کئے جائیں تاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں ہمسایہ ممالک کا مقابلہ کیا جا سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی کے نرخ گیارہ روپے جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت میں چھ سے سات روپے فی یونٹ ہے، عامر فیاض نے کہا کہ وزیر خزانہ جتنا وقت عالمی اداروں سے قرض لینے میں خرچ کرتے ہیں اگر وہ اتنا وقت ہمیں دیں تو برآمدات ڈبل ہوسکتی ہیں۔

  • قرض اتارو ملک سنوارو، اسٹیٹ بینک کا عوام کی رقم واپس کرنے کا حکم

    قرض اتارو ملک سنوارو، اسٹیٹ بینک کا عوام کی رقم واپس کرنے کا حکم

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے ’’قرض اتارو ملک سنوارو‘‘ کی بطور قرض حسنہ لی گئی رقم کی امانت انیس سال بعد عوام کو واپس کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے رضوان عامر کی رپورٹ کے مطابق سال اُنیس سو اٹھانوے میں پاکستان نے بھارت کے جواب میں چاغی کے مقام پر ایٹمی دھماکے کئے۔ جس کے باعث پاکستان پر عالمی اقتصادی پابندیاں عائد کی گئیں تو اس وقت کی نواز حکومت نے قرض اُتارو ملک سنوارو نامی اسکیم متعارف کروائی۔

    اس اسکیم میں حکومت نے عوام سے دو سال کیلئے قرض حسنہ مانگا ،  دو سال کی مدت کیلئے لیا گیا یہ قرض حسنہ مختلف بینک 19سال تک دبائے بیٹھے رہے، بینکوں نے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے کی رقم کا برسوں تک کوئی حساب نہیں دیا۔

    آخر کار قرض اُتارو ملک سنوارو کے نام پرعوام سے دو سال کیلئے لیے گئے قرض حسنہ کا اسٹیٹ بینک کو خیال آہی گیا، عوام اپنی رقم کے حصول کیلئے رُل گئے۔

    اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں معاملہ اُٹھادیا، شور مچا اور بالآخر اسٹیٹ بینک جاگ گیا۔ بینکوں کو لوگوں کی رقوم واپس کرنے کیلئے ہدایات جاری کردیں۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق قرض اُتارو ملک سنوارو اسکیم کے تحت 47 کروڑ روپے جمع ہوئے تھے۔

  • حکومت بیمارصنعتوں کیلئے بھی پیکیج کا اعلان کرے، تاجربرادری

    حکومت بیمارصنعتوں کیلئے بھی پیکیج کا اعلان کرے، تاجربرادری

    کراچی : یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے حکومت کی جانب سے ٹیکس دھندگان کے آڈٹ کے عمل کو ایک ماہ تک روکنے اوراس ضمن میں تاجروں سے مشاورت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔

    یو بی جی کے زونل چیئرمین نسیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد کی جانب سے ٹیکس گزاروں پر بوجھ بڑھانے کے بجائے ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان بھی حوصلہ افراء ہے جو موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ برامدکنندگان کو 65 ارب روپے کے ریفنڈ ادا کئے جا چکے ہیں اور باقی ماندہ ریفنڈ بھی فوری طور پر اداکئے جائیں تاکہ برامدی شعبہ اپنی پوری استعداد کے مطابق کام کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

    انہوں نے کہا کہ 180 ارب روپے کے پیکیج سے صورتحال بہتر ہو رہی ہے جبکہ کاروباری برادری قابل عمل بجٹ سفارشات تیار کر رہی ہے ، جن پر عمل درامد سے ملکی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔

  • بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ‘محکمہ موسمیات

    بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ‘محکمہ موسمیات

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج اور کل ملک میں موسم ابرآلود رہے گا، بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے.

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا،فاٹا،گلگت بلتستان،کشمیر ،کوئٹہ،ژوب،راولپنڈی،سرگودھا،گوجرانوالہ اوراسلام آباد میں میں بھی بارش کا امکان ہے، علاوہ ازاں گلگت بلتستان اورکشمیرکے پہاڑوں پربرفباری کا بھی امکان ہے.

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 23 مارچ کو وفاقی درالحکومت اسلام آباد میں مطلع جزوی طورپرابرآلود رہے گا، 23 مارچ کو اسلام آباد، راولپنڈی میں صبح کےوقت ہلکی بارش کا امکان ہے

    واضح رہے کہ 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخ میں اہمیت حآصل ہے، اس روز کو یوم پاکستان کے طور پر منایا جاتا ہے، مسلح افواج کی جانب سے پریڈ  کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے.

  • لائیو انٹرویو میں‌ مداخلت کرنے والے بچے منظر عام پر

    لائیو انٹرویو میں‌ مداخلت کرنے والے بچے منظر عام پر

    لندن: برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دینے والے تجزیہ کار کیلی اپنے بچوں اور بیوی کو منظر عام پر لے آئے اور تجزیے کے دوران بچوں کے کمرے میں داخلے پر ہونے والی تنقید کے جوابات بھی دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے برطانوی نشریاتی ادارے "بی بی سی” کو جنوبی کوریا کی صورتحال پر اپنے کمرے سے  ویڈیو انٹرویو دینے والے رابرٹ کیلی کے انٹرویو میں میں دلچسپ پہلو اُس وقت دیکھنے میں آیا جب بچے لائیو انٹرویو کے دوران کمرے میں گھس آئے اور سیاسی نوعیت کی بات چیت گھریلو منظر میں تبدیل ہوئی۔

    انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ براہ راست تجزیہ دیتے وقت کیلی بہت سنجیدہ تھے تاہم ایک دم دروازے سے اُن کی چھوٹی بیٹی لہراتی ہوئی منہ میں بوتل پھنسائے کمرے میں داخل ہوئی اگلے ہی لمحے ایک بیٹا بھی داخل ہوا۔

    بیٹی نے کیلی کے قریب جانے کی کوشش کی تو انہوں نے بچی کو ہلکا سا دھکا دے کر پیچھے کرنے کی کوشش کی مگر اُن کی بیوی کو جب کمرے میں بچوں کی موجودگی کا علم ہو ا تو وہ تیزی سے کمرے میں داخل ہوئیں اور دونوں بچوں کو کھینچ کر باہر لے گئیں، اس دوران انہوں نے کیمرے سے بچنے کی کوشش کی مگر وہ نہ بچ سکیں۔

    تجزیہ نگار اور اہلیہ کے بچوں کے ساتھ اس رویہ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور لوگوں نے کیلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بچوں کے ساتھ پیش آنے والے رویے کی مذمت بھی کی جبکہ کچھ نے اہلیہ کو ایشیائی خاتون بھی قرار دیا۔

    ایک ہفتہ خاموشی کے بعد کیلی ایک بار پھر بی بی سی پر انٹرویو دیتے دکھائی دیے مگر اس بار عجیب بات یہ تھی کہ کمرے میں داخل ہونے والے دونوں بچے اور خاتون (اہلیہ) بھی اُن کے ہمراہ موجود تھیں۔

    پہلا انٹرویو

    ایک سوال کے جواب میں کیلی نے اس بات کا اظہار کیا کہ ’’اس حرکت کے بعد مجھے خدشہ تھا کہ بی بی سی کی جانب سے دوبارہ رابطہ نہیں کیا جائے گا اور ہمارا تعلق منقطع ہوجائے گیا مگر شکر ہے ایسا نہیں ہوا‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’انٹرنیٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہم نے یہ ویڈیو کلپ کئی مرتبہ دیکھا اور اس سے محظوظ بھی ہوئے تاہم عوامی ردعمل سے تھوڑا دکھ بھی ہوا۔

    کیلی نے مزید کہا کہ کمرے میں داخل ہونے والی خاتون میری اہلیہ ہیں اور  جس پر جونگ اے کِم نے بھی فوراً تصدیق کرتے ہوئے بچوں کے ساتھ اپنے رویے پر معافی بھی مانگی‘‘۔

  • اوورسیز پاکستانیوں کی بھیجی گئی رقومات میں‌ کمی

    اوورسیز پاکستانیوں کی بھیجی گئی رقومات میں‌ کمی

    کراچی: امریکا، سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے ترسیلات زر میں کمی آنے لگی، 8 ماہ کے دوران سعودی عرب سے ریمی ٹینس ( ترسیلات زر) میں 6.8 فیصد، امریکا سے 7.8 فیصد اور متحدہ عرب امارات سے 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس میں مزید کمی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترسیلات زر کے حوالے سے رواں مالی سال کے 8 ماہ کے دوران امریکا،سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ارسال کی جانے والی رقوم میں 2.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    معاشی ماہرین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی سخت پابندیوں اور تیل کی گرتی ہوئی عالمی قیمت کی وجہ سے مستقبل میں امریکا اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مزید کمی متوقع ہے۔

    رواں سال پاکستانیوں نے سعودی عرب سے 3.57 ارب ڈالر پاکستان بھیجے

    اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے رواں مالی سال کے 8 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 6.8 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی اور سعودی عرب سے پاکستان 3.57 ارب ڈالر ارسال کیے گئے۔

    امریکا سے اسی مدت کے دوران 7.8 فیصد کمی سے 1.51 ارب ڈالر اورمتحدہ عرب امارات سے 1.6 فیصد کمی سے 2.76 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی گئیں جبکہ یورپی ممالک سے جولائی 2016 تا فروری 2017 کے دوران 13 فیصد اضافے سے 29 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ کی گئیں۔

    یورپی ممالک سے جولائی 2016 تافروری 2017 کے دوران 13 فیصد اضافے سے 29 کروڑ30 لاکھ ڈالرز کی ترسیلات ریکارڈ کی گئیں۔ جنوری 2017 کے مقابلے میں فروری 2017 کے دوران ترسیلات زر میں 4.7 فیصد کی کمی رہی، اور ایک ارب 41 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی ترسیلات کی گئیں۔

    اس دوران خلیج تعاون کونسل کے ممالک بشمول بحرین، کویت، قطر، اور عمان سئ ترسیلات زر 15 فیصد کمی سے 197.63 ملین ڈالر سے گھٹ کر168.2 ملین ڈالر، سعودی عرب سے بارہ فیصد کمی سے 457.07 ملین ڈالر سے گھٹ کر 404.39 ملین ڈالرریکارڈ کی گئیں۔

     برطانیہ سے 5 فیصد کمی سے 179.65 ملین ڈالرسے گھٹ کر170.55 ملین ڈالر، امریکا سے دو فیصد کمی سے 182.17 ملین ڈالر سے کم ہوکر177.76 ملین ڈالر اور عرب امارات سے 320.37 ملین ڈالرسے گھٹ کر 320.24 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں ہیں۔

  • پاکستان میں پہلی بار بیٹری سے چلنے والا رکشا متعارف

    پاکستان میں پہلی بار بیٹری سے چلنے والا رکشا متعارف

    کراچی : پاکستان میں پہلی بار بیٹری سے چلنے والا (ہائبرڈ) رکشا متعارف کرادیا گیا، اس رکشا میں 25 کلومیٹر کی رفتار تک ایندھن کا استعمال نہیں ہوتا، رکشا میں وائی فائی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپو سینٹرمیں منعقدہ تین روزہ آٹو پارٹس شو میں پاکستانی کمپنی گرین وہیلز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے دو سو سی سی چینی ہائبرڈ رکشا متعارف کرایا گیا ہے۔

    مذکورہ رکشے کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے، کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ رکشا 200 سی سی کے ساتھ 4 کلو واٹ گھنٹے کی الیکٹرک پاور کا بھی حامل ہے۔

    ایک لیٹر فیول میں 50 کلو میٹر تک سفر طے کرنے والے رکشے کی حد رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، خود کار نظام اور ہائبرڈ سسٹم کے تحت چلنے والا رکشا ایئرکنڈیشنڈ اور نان ایئرکنڈیشنڈ دونوں صورت میں دستیاب ہے اوراس میں مسافروں کے لیے وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

    کمپنی حکام کے مطابق نان ایئرکنڈیشنڈ رکشے کی قیمت 4 لاکھ روپے جبکہ ایئرکنڈیشنڈ رکشے کی قیمت ساڑھے 4 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، ہائبرڈ رکشے کی خریداری کے لیے کمپنی کو کافی تعداد میں آرڈرز بھی موصول ہوئے ہیں اور جلد ہی سندھ کے بعد ملک کے دیگر صوبوں میں بھی اس فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    علاوہ ازیں ایکسپو سینٹر میں جاری تین روزہ آٹو پارٹس نمائش تین دن تک کامیابی سے جاری رہی، نمائش میں آٹو پارٹس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکلیں الیکٹرک کاریں، ہائبرڈ رکشہ، تھری وہیلز، ہیوی بائیکس، ٹریکٹرز اور بسیں رکھیں گئیں تھیں، اس کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے پراجیکٹس کا ڈسپلے بھی کیا گیا تھا۔

  • کھاد پرسبسڈی وفاق اورصوبے مل کر دیں گے، کے پی کے کا انکار

    کھاد پرسبسڈی وفاق اورصوبے مل کر دیں گے، کے پی کے کا انکار

    لاہور : وزیراعظم کے احکامات کے بعد کھاد پر 400 روپے فی بوری سبسڈی پر عمل درآمد شروع کردیا گیا، احکامات کے مطابق آدھی سبسڈی وفاق اور آدھی صوبے فراہم کریں گے، کے پی کے حکومت نے فراہمی سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ ماہ عوامی اور سیاسی ردعمل کے بعد کھاد پر ختم کی گئی سبسڈی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے اسے جاری رکھنے کا حکم دیا تھا جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ چار سو روپے فی بوری پر دو سو روپے وفاق اور دو سو روہے صوبے سبسڈی دیں گے۔

    اس حوالے سے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے معاہدہ طے پا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اس پروگرام میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔

    کھاد پر آدھی سبسڈی دینے سے انکار کرتے ہوئے کے پی کے حکومت کا مؤقف ہے کہ وفاق پوری سبسڈی فراہم کرے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں کھاد پرسبسڈی ختم کی گئی تھی جس پر کاشت کاروں نے اسے مسترد کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔

    بعد ازاں کاشت کاروں کے احتجاج پر وزیراعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے یہ ہدایت کی تھی کہ ملکی معیشت کی بہتری میں کسانوں کا کردار بہت اہم ہے اس لیے سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے سبسڈی بحال رکھی جائے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا کھاد پر ختم کی گئی سبسڈی کی بحالی کا حکم

    واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی کھاد پر سے سبسڈی ختم کرنے کے عمل کو انتہائی نامناسب اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت آگ سے کھیل رہی ہے، کھاد پر سے ختم کی گئی سبسڈی فوری بحال کی جائے۔

  • تمباکو کی فصل ہزاروں کسانوں کی روزی کا ذریعہ ہے، خرم دستگیر

    تمباکو کی فصل ہزاروں کسانوں کی روزی کا ذریعہ ہے، خرم دستگیر

    اسلام آباد : وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ تمباکو اہم نقد آور فصل اور ہزاروں کسانوں اور ان کے خاندانوں کے لئے روزی کا ذریعہ بہترین ہے، ایسے کسانوں کی مدد کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحی پالیسی ہے۔

    ان خیالات کااظہار انہون نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ (پی ٹی بی) اور پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) اور فلپ مورس پاکستان لمیٹڈ ( پی ایم پی کے ایل) کے مابین ہونے والی مفاہمت کی یادداشت کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

    تقریب کا مقصد تمباکو کی بہتری کے عمل کے لئے تمباکو کے گوداموں میں تبدیلیاں لانا ہے، مذکورہ تقریب وزارت تجارت میں ہوئی اس موقع پر پی ٹی بی کے چیئرمین اکرام غنی، پی ٹی سی سے ارشد خان اور اسد شاہ اور پی ایم پی کے ایل سے ارشاد خان نے دستخط کئے۔

    خرم دستگیر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ کو کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور فعال سوچ اپنانی چاہئیے اور ٹوبیکو سیس ری فنڈ کے قواعد تمباکو برآمد کنندگان کی مدد کے لئے بنائے گئے ہیں۔

    اس سکیم کی کل لاگت 20ملین روپے ہے جو کہ پی ٹی بی اپنے وسائل سے فراہم کرے گا جبکہ نجی شعبہ کی دو کمپنیاں ٹیکنیکل معاونت مفت فراہم کریں گی۔

    یہ کمپنیاں رواں سیزن کے دوران تمباکو پر اثرات کے بارے میں تجزیہ کریں گی اور چھوٹے کسانوں کو ترجیح دیتے ہوئے تمباکو پیدا کرنے والے اضلاع کو پیداوار کے تناسب سے حصہ دیا جائے گا، اسکیم کے تحت تمباکو کے 400 گوداموں میں جدید ترین تبدیلیاں لائی جائیں گی۔