Tag: ARY NEWS business news

  • مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    کراچی: عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخ میں چار ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونے کی قیمت تیرا سو چالیس ڈالر ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا اور فی تولہ سونے کی قیمت پچاس روپے اضافے سے باون ہزار نو سو پچاس ہوگئی۔

    دس گرام سونے کی قیمت تینتالیس روپے اضافے سے پینتالیس ہزار تین سو پچیاسی روپے ہوگئی، تاہم چاندی کی فی تولہ قیمت سات سو چالیس روپے پر مستحکم رہی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر کی کمی سے1322 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب آٹھ سو اور چھ سو چھیالیس روپے کی کمی واقع ہوئی تھی ۔

     

  • سونے کی ملکی قیمت میں مزید کمی

    سونے کی ملکی قیمت میں مزید کمی

    کراچی : عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں 200 روپے کی کمی آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخ میں 6 ڈالر کی کمی دیکھی گئی اور فی او نس سونے کی قیمت 1346 ڈالر ہوگئی ، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتیں گھٹ گئیں۔

    آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 200 روپے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان ،فیصل آباد، اسلام آباد،راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 53 ہزار300 روپے سے گھٹ کر 53 ہزار 100 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح 171 روپے کی کمی سے 10 گرام سونے کی قیمت 45 ہزار 514 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 750 روپے کی سطح پر برقرار رہی۔

  • عالمی مارکیٹ کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی مارکیٹ کے بعد پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں کمی

    کراچی: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 29 ڈالر کی کمی سے1322 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 800 اور686 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

    کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر52900 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 45342 روپے ہوگئی تاہم فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے740 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 634.28 روپے پرمستحکم رہی ہے۔

    دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ ایک ہفتے تک کمی کا شکار رہنے کے بعد سنبھلنے شروع ہو گئے۔

    لندن سپاٹ میں دسمبر کے لئے سونے کی سپلائی قیمت میں0.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1336.40ڈالر فی اونس اور یو ایس گولڈ کی ڈیلیوری 1342.90ڈالر فی اونس میں طے ہوئی۔

    چاندی کی قیمت بھی ایک فیصد اضافے کے ساتھ 19.85 ڈالر، پلاٹیم 1152ڈالر ،اور پلاڈیم 696ڈالر فی اونس میں طے ہوئے۔

  • پاکستان میں تجارتی تربیت کے مزید پروگرام جاری کئے جائیں گے، خرم دستگیر

    پاکستان میں تجارتی تربیت کے مزید پروگرام جاری کئے جائیں گے، خرم دستگیر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تجارتی تربیت کے مزید پروگرام جاری کئے جائیں گے، اس سلسلے میں یورپی تربیتی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔

    ہالینڈ میں پاکستان کی نومتعین سفیر عفت عمران گردیزی سے گفتگو کے دوران انہوں نے زور دیا کہ تربیت کیلئے ہالینڈ کے ترقی پذیر ممالک سے درآمدات بڑھانے کے ادارے سے تجارتی تربیت کے پروگراموں میں اضافہ کیا جائے ۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے کاروباری حضرات کو برآمد کے میدان میں اتارنا سب سے بڑا چیلنج ہے ، معیاری مصنوعات کی تیاری ، کم لاگت پیداواری طریق کار اور برآمدات کیلئے درکار قانونی کارروائی کی تربیت کیلئے عالمی تجارتی تربیت کے اداروں کو پاکستان میں اپنے تربیتی نیٹ ورک کو بڑھانے کی ضرورت ہے،اس کیلئے ہالینڈ اور یورپ میں موجود اداروں سے مذاکرات کئے جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہالینڈ یورپی یونین میں پاکستان کا بڑا سپورٹر ہے ، جس نے جی ایس پی پلس اور اس کے ریویو کے دوران پاکستان کی مثبت حمایت جاری رکھی، ہالینڈ کی طرف سے مزید سرمایہ کاری کیلئے پاکستان میں کاروباری مواقعوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ہالینڈ میں تجارتی نمائشوں میں اضافہ کیا جائے ۔

  • رینجرز اختیارات کا مسئلہ آج حل ہو جائے گا، لطیف کھوسہ

    رینجرز اختیارات کا مسئلہ آج حل ہو جائے گا، لطیف کھوسہ

    کراچی : سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی قیادت نے دبئی میں اجلاس طلب کرلیا، لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت سے رینجرز اختیارات کا مسئلہ آج حل ہو جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو میں پی پی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا معاملہ حل ہوجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ چیف ایگزیکٹو ہیں رینجرز کو قانون کے مطابق بلاسکتے ہیں۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ ن لیگ حکومت کی ترجیحات میں صرف اپنی جائیداد بڑھاناہے، پنجاب میں رینجرز کا آپریشن کیوں نہیں ہوتا۔

    لطیف کھوسہ نے دعوٰی کیا کہ آرمی چیف سے متعلق بینرز چوہدری نثار نے لگوائے، چوہدری نثار نوازشریف کو ہٹاکر خود وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ سندھ میں رینجرز کے قیام میں توسیع اور خصوصی اختیارات کا معاملہ حل نہیں ہوسکا، وزیراعلیٰ سندھ نے سمری پر دستخط نہیں کیے اس کے بعد اختیارات 19 جولائی کی رات بارہ بجے ختم ہوگئے تھے۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے تین جولائی کو رینجرز کے اختیارات میں تین ماہ کے اضافے اور رینجرز کے صوبے میں قیام میں ایک سال کے اضافہ کی سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کی تھی۔

    دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وفاق کے پاس سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کرنے کا اختیا ر موجود ہے۔

  • اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس نے نیا ریکارڈ بنا لیا

    اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس نے نیا ریکارڈ بنا لیا

    کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی ایشیا کے لیے مثال بن گئی، پاکستانی مارکیٹ نے بھارت سمیت ایشیا کی اہم معیشتوں کوبہت پیچھےچھوڑ دیا۔

    خطے کے بہترین کارکردگی دکھانے والے حصص بازاروں میں شمار ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کا بھی جوش بڑھ گیا ، 100 انڈیکس نے ٹریڈنگ کے دوران بلندی کا نیا ریکارڈ بنا لیا، نہ بھارت نہ سری لنکا ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس سب کو پیچھے چھوڑ گیا ۔

    رواں سال جہاں بھارت کے شیئر بازار میں صرف 7 فیصد بہتری آئی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی مالیت اوسط 20 فیصد بڑھ گئی ، آج بھی ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 200 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 39 ہزار 351 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا ۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سڑکوں ، پلوں اور پاور پلانٹس کی تعمیر کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہ منصوبے سے بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد ملکی معشیت پر بڑھ ہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اسٹاک مارکیٹ بھی آئے روز بلندی کے نئے ریکارڈ بنا رہی ہے ۔

  • کراچی بدامنی کیس : اویس شاہ اغوا کیس رپورٹ مسترد

    کراچی بدامنی کیس : اویس شاہ اغوا کیس رپورٹ مسترد

    کراچی : سپریم کورٹ رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت ، پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس مسترد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی اسلم کی سربراہی میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت ہوئی، دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے جسٹس اویس شاہ اغواء کیس پر آئی جی سندھ پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔

    آئی جی سندھ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایس ایس پی فاروق احمد، ایس پی اسد اعجاز، ایس پی امجد حیات اور ایس پی طاروق نواز سمیت 24 ڈی ایس پیز کے خلاف فرائض میں غفلت برتنے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور اُن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

    جسٹس امیر ہانی نے سندھ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صرف وارننگ دینے سے کام نہیں چلے گا، رپورٹ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے خلاف مترادف ہے،سیکریٹری داخلہ سندھ نے عدالت کو بتایا کہ صوبائی حکومت کے پاس تحقیقات کا اختیار ہے۔

    جسٹس امیر ہانی اسلم نے سیکریٹری داخلہ سے استفتار کیا کہ ‘‘ کیا 20 جون کو شہر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے ؟، جس پر سیکریٹری داخلہ عارف احمد خان نے عدالت کو بتایا کہ شہر میں لگے کیمرے ٹھیک ہیں مگر وہ بہت ہلکی کوالٹی کے ہیں جس کی وجہ سے ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوسکی‘‘۔

    جسٹس امیر ہانی اسلم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ’’اتنے بڑے شہر میں 2 میگا پکسل کے کیمرے لگا کر پیسوں کا ضیاء کیا گیا، جدید دور میں ناکارہ کیمرے لگانے کی منظوری کس نے دی؟، کوئی بھی ادارہ اپنے کام کرنے کو تیار نہیں ہے‘‘۔

    جسٹس امیر ہانی اسلم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’’کیا اب انتظامی معاملات بھی ججز دیکھیں گے؟ ‘‘، عدالت نے اویس شاہ بازیابی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اور مبارک باد پیش کی۔

    اس موقع پر جسٹس خلیجی نے کہا کہ ہم نے جان کی پرواہ کیے بغیر اویس شاہ کیس پر کام کو جاری رکھا، امیر ہانی اسلم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر لاپتہ افراد بھی جلد بازیاب کروالیے جائیں گے۔

  • جولائی کا دوسرا ہفتہ، مہنگائی کی شرح میں0.90 فیصد اضافہ

    جولائی کا دوسرا ہفتہ، مہنگائی کی شرح میں0.90 فیصد اضافہ

    کراچی: مالی سال 2016-17ء کے پہلے ماہ ( جولائی 2016ء ) کا آغاز مہنگائی کی شرح میں 0.90 فیصدکے نمایاں اضافے کے ساتھ ہوا ، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 1.17 فیصدکا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 15 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، لہسن ،آلو ،دال مسور ،چنے کی دال ،دال ماش، گندم ،آٹا، چینی ، گڑ ،سرخ مرچ ، پیاز ،انڈے، بیف ،مٹن ، تازہ دودھ ، دھی ،ملک پاؤڈ، باسمتی چاول ، اری چاول، سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، زندہ مرغی ،کیلے، دال مونگ ،ویجی ٹیبل گھی ،ایل پی جی ، سمیت5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ،مٹی کاتیل ،بجلی کے نرخ ،گیس نرخ ،چائے ،مسٹرڈ آئل ،کپڑے، خوردنی تیل، نمک ، اورکھلا گھی سمیت 28 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 1.05 ، 1.00 ،0.91 اور 0.76 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

  • ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے زیرو ریٹنگ کافی نہیں، پاکستان اکانومی واچ

    ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے زیرو ریٹنگ کافی نہیں، پاکستان اکانومی واچ

    پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے زیرو ریٹنگ کی سہولت ناکافی ہے ، اسے مزید سہولیات دی جائیں تاکہ پاکستان بین الاقوامی منڈی میں پاؤں جما سکے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے چودہ کھرب روپے کاٹیکسٹائل کا شعبہ توانائی بحران اور دیگر مسائل کی وجہ سے مسائل کا شکارہے ، جس کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی برامدات کا 57فیصدکمانے والا ٹیکسٹائل کا شعبہ جو مینوفیکچرنگ کا 46فیصد، لیبر کا 38فیصد اور حصہ جی ڈی پی کا نو فیصد ہے حال ہی میں اپنی تاریخ کے بد ترین بحران سے دوچار رہاہے تاہم بجٹ میں زیرو ریٹنگ کی وجہ سے اسے ریلیف ملا ہے۔

    ، مقامی مسائل اور حریف ممالک کی جانب سے اپنے ٹیکسٹائل کے شعبہ کو مراعات دینے کے سبب اسکے پاؤں بین الاقوامی منڈی سے اکھڑ رہے ہیں جبکہ اسے کھویا ہوا مقام دلوانے کیلئے حکومت مزید اقدامات کرے۔

  • جون کا آخری ہفتہ : مہنگائی کی شرح میں0.35 فیصد اضافہ

    جون کا آخری ہفتہ : مہنگائی کی شرح میں0.35 فیصد اضافہ

    کراچی : مالی سال 2015-16ء کے آخری ماہ ( جون 2016ء ) کے آخری ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.38 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ۔

    پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 30 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر،لہسن ،کیلے،آلو ،پیاز ،چینی ،انڈے، دال مسور ،چنے کی دال ،دھی ، گندم ، سرخ مرچ ،باسمتی چاول ،سمیت 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    ایل پی جی ،زندہ مرغی ،دال ماش، ویجی ٹیبل گھی ،آٹا، سمیت5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ،مٹی کاتیل ،بجلی کے نرخ ،گیس نرخ ،چائے ،کپڑے، مٹن ، ملک پاؤڈ، خوردنی تیل، مسٹرڈ آئل ، بیف ،نمک ،اری چاول، دال مونگ ، گڑ ،تازہ دودھ ، اورکھلا گھی سمیت 34 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزارآمدنی ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.36 ، 0.36 ،0.35 اور 0.32 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔