Tag: ARY NEWS business news

  • پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا، خرم دستگیر

    پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا، خرم دستگیر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ برطانوی ریفرنڈم کے بعد پاکستان یورپی یونین میں تجارتی سفارتکاری میں تیزی لائے گا، اس سلسلے میں یورپی یونین اور یورپی کمیشن میں نئے سفارتی اورتجارتی پارٹنر تلاش کرنے کیلئے پاکستان کے تجارتی مندوب کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    ایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی محاذ پر یورپ کے آزادانہ تجارت کے حامی ممالک خصوصاًشمالی یورپ کے ممالک سے تجارتی تعلقات میں اضافے پر توجہ دے گا، یورپ میں پاکستانی سفارتخانوں میں متعین کمرشل کونسلروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ میزبان ملک کی وزارت تجارت سے رابطے میں رہیں اور انھیں پاکستان کیلئے تجارتی مراعات کی افادیت اور پاکستان کی اپنی ذمہ داریوں پر پیشرفت سے آگاہ کریں۔

    وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ برطانوی ریفرنڈم کے باوجود جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی برطانیہ کو برآمدا ت متاثر نہیں ہوں گی،پاکستانی ایکسپورٹرز برطانیہ کو بلا تامل برآمدات جاری رکھیں کیونکہ برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے ختم ہونے کا فوری خدشہ درپیش نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے باہر نکلنے پر یورپی یونین کے لزبن ٹریٹی کا آرٹیکل 50لاگو ہوتا ہے جس کے تحت یونین سے باہر نکلنے والا ملک پہلے اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کرتا ہے ، برطانیہ کے تنا ظر میں ایسا کوئی نوٹیفیکیشن فی الوقت جاری نہیں کیا گیا، آرٹیکل 50کے مطابق نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے دو سال بعد تک یورپی یونین کے معاہدے اور اقرار نامے اس ملک پر لاگو ہوتے ہیں لہٰذا پاکستان کیلئے برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے فوری ختم ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔

  • یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

    یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

    اسلام آباد: آئندہ ماہ سے پٹرولیم مصنوعات ساڑھےتین روپے فی لیٹر تک مہنگی کرنےکی تیاری کرلی گئی، اُوگرا نےحساب کتاب شروع کردیا۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ ماہ جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے تین روپے فی لیٹر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے اثرات سامنے آنے والے ہیں، یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے تین روپے تک کے اضافے کا امکان ہے۔

    اوگرا ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے پٹرول1 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل 3 روپے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ ہائی اوکٹین کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

    مٹی کا تیل ڈھائی روپے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل ڈھائی روپے بڑھنے کا امکان ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے امکانات کےپیش نظرترسیلی کمپنیوں نے ملک بھر میں سپلائی محدود کردی ہے جس سے پیٹرول کی قلت اور بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

     

  • تاجکستان مزید 1000 میگاواٹ بجلی پاکستان کو دے گا

    تاجکستان مزید 1000 میگاواٹ بجلی پاکستان کو دے گا

    اسلام آباد : تاجکستان مزید 1000 میگاواٹ بجلی پاکستان کو دے گا، افغانستان کی اضافی بجلی بھی پاکستان کو حاصل ہوگی۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستان تاجکستان سے کاسا منصوبےکے علاوہ بھی ایک ہزار میگاواٹ بھی درآمد کرے گا، افغانستان نے 300 میگاواٹ بجلی لینے سے انکار کردیا جس کے بعد اس کی تین سو میگاواٹ بجلی بھی پاکستان کو ملے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی درآمد کے معاہدے پر پاکستان تاجکستان جوائنٹ کمیشن کے اجلاس میں اتفاق ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق بجلی کی درآمد کاسا منصوبے کے علاوہ ہوگی۔

    اجلاس میں کاسا منصوبے پر پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔ دوسری جانب کاسا منصوبے میں شامل افغانستان نے تین سو میگاواٹ بجلی لینے سے انکار کر دیا ہے، یہ اضافی تین سو میگاواٹ بجلی بھی پاکستان کو حاصل ہوگی جس سے پاکستان میں موجود توانائی کے بحران میں مزید کمی ہوگی۔

    افغانستان ک جانب سے کاسا منصوبے کے تحت بجلی کی وصولی کے انکار سےمتعلق علم نہ ہوسکا کہ افغانستان نے کن وجوہات کی بنا پر انکار کیا۔

     

  • ٹی او آرز پر تاخیر ہورہی ہے : مولا بخش ، جلدی کیا ہے: حاصل بزنجو

    ٹی او آرز پر تاخیر ہورہی ہے : مولا بخش ، جلدی کیا ہے: حاصل بزنجو

    کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کا احتساب کیا گیا، ن لیگ اب اپنے اراکین کے احتساب پر سیخ پا ہے، ٹی او آرز کے معاملے پر تاخیر کی جارہی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو کا کہنا ہے کہ جلدی کیا ہے، ٹی او آرز پر وقت ضائع نہیں ہورہا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کاکہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہے،ایسے ٹی او آرز بنائے جائیں جو سب کو قابل قبول ہوں لیکن ٹی او آرز پر حکومتی وزرا کہتے ہیں کہ جلدی کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر حکومت وقت ضائع کررہی ہے اور نہیں چاہتی کہ تحقیقات ہوں، حکومتی وزرا کہتے ہیں کہ آف شور کمپنیاں ہونا کوئی غلط بات نہیں ہے تو پھر ہمارے وزرا کو کن قوانین کے تحت جیلوں میں ڈالا گیا۔

    مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مفاہمت کے بجائے مزاحمت کی جانب جارہی ہے وفاقی وزرا مٹی کا تیل لے کر گھوم رہے ہیں اور آگ لگا رہے ہیں، حکومتی وزرا کا رویہ دیکھ کر مجھے حیرانگی ہوتی ہے۔

    دوسری جانب پروگرام میں موجود میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ ٹی او آرز پر ہماری طرف سے وقت کا ضیاع نہیں کیا جارہا، اپوزیشن ہمارے ٹی او آرز پر توجہ ہی نہیں دے رہی اور اپنے ٹی او آرز پر بضد ہے، ہم مذاکرات کے ذریعے درمیانی راستہ نکالنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے خود کو احتساب کے لیے پیش کردیا ہے، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں،ٹی او آرز پر جلد فیصلہ آجائے گا، اپوزیشن کو بھی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

  • چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش

    اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی سفارش کردی۔

    جوڈیشل کمیشن کا انتہائی غیر معمولی اجلاس چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر جج صاحبان ، اٹارنی جنرل ، پاکستان بار کونسل ، سندھ اور پنجاب کے وزرائے قانون اور دیگر نے سپریم کورٹ میں جج کی خالی اسامی، لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے تعیناتی،سندھ ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری اور جوڈیشل کمیشن قواعد 2010ء میں ترامیم پر تفصیلی غور کیا۔

    سپریم کورٹ میں جج کی ایک بقیہ اسامی کو پر کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اعجاز الحسن کو سپریم کورٹ کا جج بنانے اور لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کے نام کی سفارش کردی گئی۔

    سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی مجاز تعداد 40 میں موجودہ 7ججز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چار ناموں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رشید سومرو، تین سینئر وکلا ارشد حسین خان، سلیم جیسر اور ہمایوں خان کے ناموں کی سفارش کردی تاہم تین وکلا مسعود خان، عبدالحمید اور سرفراز اخوند کے نام ڈراپ کر دئیے گئے یوں چار ججز کی ممکنہ ایڈیشنل ججز تقرری سے سندھ ہائی کورٹ میں ججز کی موجودہ تعداد 33 سے بڑھ کر 37 ہوجائے گی جبکہ سفارش کردہ تمام نام ججز کمیٹی کو ارسال کردیے گئے،صدر مملکت تمام ناموں کی حتمی منظوری دیں گے۔

    کمیشن نے جوڈیشل کمیشن قواعد 2010ء میں مناسب ترامیم کےلیے چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی اراکین میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف ،پاکستان بار کونسل کے نمائندہ یاسین آزاد ، پنجاب بار کونسل کے نمائندہ جاوید ہاشمی اور جسٹس (ر) جاوید اقبال شامل ہیں جبکہ کمیٹی جلد قواعد میں ترامیم کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرنے کا آغاز کرے گی۔

  • اسحاق ڈار کا مرغی کے گوشت کی قیمت کم نہ ہونے کا نوٹس

    اسحاق ڈار کا مرغی کے گوشت کی قیمت کم نہ ہونے کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحق ڈار نے مرغی کے گوشت کے نرخوں میں کمی نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے پولٹری ایسوسی ایشن کو حکم دیا ہے کہ وہ نرخوں کو مناسب سطح پر لائیں، پولٹری ایسوسی ایشن نے انہیں دو دن میں نرخ کم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پولٹری ایسوسی ایشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ نرخوں کو کم کریں اور انہیں مناسب سطح لائیں، عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    اطلاعات ہیں کہ پولٹری ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ کو ملک بھر میں دو دن کے اندر مرغی کے نرخ مناسب سطح پر لانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بجٹ تقریر میں عوام کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ پورے سال مرغی کے نرخ دوسو روپے فی کلو سے زائد نہیں ہونے دیں گےتاہم بجٹ کو کئی دن گزرنے کے باوجود مرغی کا گوشت تاحال دوسو پچاس روپے سے بھی زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔

  • بینکوں میں بزرگوں اور پینشنرز سے ناروا سلوک کا نوٹس

    بینکوں میں بزرگوں اور پینشنرز سے ناروا سلوک کا نوٹس

    کراچی: اسٹیٹ بینک نےبزرگ شہریوں اور پینشنرز کے ساتھ بینکوں کے ناروا سلوک کا نوٹس لے لیا۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیےمیں کہا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر بینکوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق مرکزی بینک کو اکائونٹ کھلوانے کے خواہش مند بزرگ شہریوں اور پینشنرز کو بینکوں کی جانب سے مختلف بہانوں سے ٹالنے کی متعدد شکایات ملی تھیں۔

    بینکوں سے کہا گیا ہے کہ بزرگ شہریوں اور پینشنرز کے اکائونٹس کھولنے،اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈ کی فراہمی کا عمل یقینی بنایا جائے بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔

  • وزیر مملکت برائے مواصلات عبد الحکیم بلوچ مستعفی

    وزیر مملکت برائے مواصلات عبد الحکیم بلوچ مستعفی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے مواصلات عبد الحکیم بلوچ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت مواصلات عبد الحکیم بلوچ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ تاحال ان کے استعفیٰ کے وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

    اس بارے میں عبد الحکیم بلوچ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا تھا۔

    عبد الحکیم بلوچ 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کراچی کے حلقہ این اے 258 سے فتحیاب ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ وزیر مملکت برائے ریلوے رہ چکے ہیں۔ جون 2014 میں انہیں وزیر مملکت برائے مواصلات بنایا گیا۔

  • وفاقی وزیر صنعت و تجارت خرم دستگیر کا کوئٹہ میں چیمبر آف کامرس کا دورہ

    وفاقی وزیر صنعت و تجارت خرم دستگیر کا کوئٹہ میں چیمبر آف کامرس کا دورہ

    کوئٹہ: وفاقی وزیر صنعت و تجارت نے بلوچستان کے تاجروں فروٹ پراسسنگ پلانٹ کی تنصیب کے علاوہ سریاب اور بوستان میں انڈسٹریل زونز کو دوبارہ فعال بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تجاروں کی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر صنعت و تجارت نے کوئٹہ میں چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا، اور تاجروں سے تفصیلی بات چیت کی چیمبر آف کامرس کے صدر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تاجر اربوں روپے ٹیکس دینے کے باوجود سہولیات سے محروم ہیں، پھلوں کیلئے پراسسنگ پلانٹ نہ ہونے کی وجہ سے پھل خراب ہوتے ہیں انڈسٹریز نہ ہونے کی وجہ سے بیروزگاری زیادہ ہے۔

    وفاقی وزیر خرم دستگیر نے تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سریاب اور بوستان اندسٹریل زون کی بحالی کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے تاجروں مستقل طور پر چلانے کی ضمانت دیں، درآمد اور برآمد ات میں تاجروں کے مسائل پر ہمسایہ ممالک سے بات کی جائے گی۔

  • اسلحہ کے تاجروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر دی

    اسلحہ کے تاجروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر دی

    واشنگٹن : امریکہ کے اسلحہ تاجروں کی تنظیم ’’نیشنل رائفل ایسوسی ایشن‘‘ نے امریکی صدارتی انتخاب میں ریپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ’’نیشنل رائفل ایسوسی ایشن‘‘ نے متحد رہنے کا عزم کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کردیا،ایسوسی ایشن کے صدر ’’کرس کوکس‘‘ کا کہنا تھا کہ ہیلری کلنٹن کو ووٹ دینے کا مطلب ہے کہ ہم اپنے کاروبار سے دستبردارہو کر کوئی اور روزگار ڈھونڈیں۔

    "نیشنل رائفل ایسوسی ایشن” کے صدرکرس کوکس نے اپنی تنظیم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں موجود ہزاروں محب الوطن شرکاء، ایسوسی ایشن کے امریکہ بھر میں 5 ملین ممبرز اور10 ملین سے زائد ہمارے سپورٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے میں امریکہ کے صدارتی امیدوار کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتا ہوں۔

    امریکہ میں اسلحہ فروشوں کو قانونی مشاورت دینے والے سب سے بڑے "لیگل ایڈوائزری گروپ” کے چیف وائن نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہیلری کلنٹن کو وائیٹ ہاؤس پہنچنے سے روکا جائے،ورنہ وہ اسلحہ ایکٹ میں ترمیم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی،جس کے بعد اسلحہ فروشوں کو اپنے کاروبار کو ’’خدا حافظ‘‘ ہی کہنا پڑے گا۔

    یاد رہے ڈونلڈ ٹرمپ نے اسلحہ فروشوں کے کاروبار کو آئینی و قانونی تحفظ دینے،اورامریکہ میں موجود "بندوق فری زون” ختم کرنے کا برملہ اظہا کیا تھا،جس کے بعد امریکہ کی قومی رائفل ایسوسی ایشن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    واضح رہے ہیلری کلنٹن بندوق مخالف سوچ رکھتی ہیں، اور اسلحہ ایکٹ میں ممکنہ ترمیم جس سے اسلحہ لے کر چلنے کی آزادی مل جائے گی ،کی سب سے بڑی مخالف ہیں،اور اپنی پوری انتخابی مہم میں انہوں نے اسلحہ فری زون قائم رکھنے اور اسلحہ کی فروخت کے قوانین کو سخت کرنے کا پرچار کیا تھا۔

    شاید یہی وجہ ہے کہ ہیلری کلنٹن کی اسلحہ مخالف پالیسی کو دیکھتے ہوئے اسلحہ فروشوں نے ہیلری کلنٹن کے بجائے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا فیصلہ کیا۔