Tag: ARY NEWS business news

  • کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا

    کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا

    کوئٹہ: چمن اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس سے مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے چمن اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں،زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ اپنے گھر اور دفاتر سے کلمہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور کھلی و محفوظ جگہ کا رخ کیا۔

    گو کہ محکمہ موسمیات نے زلزلے کی شدت اور اس کے مرکز کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کی، تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ زیارت میں زلزلے کے جھٹکے محسوس نہیں کیے گئے،جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ زلزلہ کا مرکز کوئٹہ سے قلعہ عبداللہ کے درمیان ہو سکتا ہے۔

    زلزلے کے جھٹکوں سے کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع نہیں آئی ہے۔

  • نیب کراچی کا فشریز کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ

    نیب کراچی کا فشریز کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ

    کراچی: نیب حکام نے پہلے سے گرفتار فشریز کے سابق چئیرمین نثار کورائی کی نشاندہی پر ایم ڈی فشریز ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر میں چھاپہ مار کر اہم دستاویزات کو اپنی تحویل میں لے کر دفترکو سِیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج نیب کراچی نے ایم ڈی فشریز کوآپریٹیو سوسائٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم سرکاری کاغذات کی چھان بین کی،اس موقع پر نیب حکام نے فشریز کے افسران سے پوچھ گچھ کی اور چند غیر حاضر افسران کے بارے میں معلومات اکھٹی کیں،بعد ازاں نیب کی ٹیم سابق چئیرمین فشریز نثار کورائی سے متعلق اہم ریکارڈ اپنے ہمراہ لے گئی۔

    یاد رہے نیب فشریز میں کی گئی بھرتیوں اور دیے گئے ٹھیکوں میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے،اس سلسلے میں نیب کی جانب سے آج فشریز سوسائیٹی کے دفتر میں مارا گیا چھاپہ، پہلا چھاپہ نہیں بلکہ اس سے قبل سابق چئیرمین سعید بلوچ اور اُن کے پیشرو سابق چئیرمین نثار کورائی کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    دونوں زیرِ حراست سابق چئیرمینوں سے کی گئی تحقیقات کی روشنی میں مزید چھاپوں کی توقع کی جارہی ہے۔

  • پشاورضمنی الیکشن، دوپٹہ اتار کر کلاشنکوف چلا سکتی ہوں نکہت اورکزئی

    پشاورضمنی الیکشن، دوپٹہ اتار کر کلاشنکوف چلا سکتی ہوں نکہت اورکزئی

    پشاور: حلقہ پی کے 8 میں جاری ضمنی الیکشن میں خزانہ بالا پولنگ اسٹیشن میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر عمائدینِ علاقہ اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازع پیدا ہونے پر معطل پولنگ عمل کورکنِ اسمبلی نکہت اورکزئی نے بحال کروادیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے 8 میں جاری ضمنی الیکشن کی گہما گہمی جاری تھی کہ خزانہ بالا پولنگ استیشن میں خواتین کو ووٹ کاسٹ نہ کرنے دینے پر عمائدینِ عالقہ اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہو نے سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی اور پولنگ کا عمل معطل ہوگیا تھا۔

    اس موقع پر رکنِ اسمبلی نکہت اورکزئی نے دھواں دھار انٹری دیتے ہوئے پولنگ اسٹیشن سے تمام مردوں کو نکال کر خواتین سے ووٹ کاسٹ کروائے،اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ طالبان سے نہیں ڈری تو یہ سیاسی لوگ کیا چیز ہیں؟
    دوپٹہ اتار کر کلاشنکوف چلا سکتی ہوں،مجبو نہ کیا جائے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حلقہ پی کے 8 کے پولنگ اسٹیشن خزانہ بالا میں 950 رجسٹرڈ خواتین ووٹر تھیں،جہاں صبح تک محض 5 ووٹ کاسٹ ہوئے تھے۔

    اس موقع پر عمائدین ِ علاقہ کا کہنا تھا کہ مخلوط پولنگ اسٹیشن ہماری روایات کے خلاف ہیں، ہم مردوں کے ہجوم میں اپنی خواتین کو نہیں بھیج سکتے۔الیکشن کمیشن کو مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ پولنگ اسٹیشن بنانا چاہیے تھے۔

    علاقہ عمائدین کے مو قف کے بعد سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے مردوں اور عورتوں کے لیے علیحدہ علیحدہ پولنگ اسٹیشن قائم نہ کرنے پر احتجاج کیا،جس کے باعث کشیدگی بڑھ گئی اور پولنگ اسٹیشن میں انتخابی عمل معطل ہو گیا،جسے رکنِ صوبائی اسمبلی نکہت ارکزئی نے بحال کرویا۔


    پشاور کے حلقہ پی کے 8 میں ضمنی الیکشن


    یاد رہے مسلم لیگ ن کے رکنِ اسمبلی کی وفات کے باعث خالی ہونے والی نشست پی کے 8 پشاور میں آج ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں۔

  • گوجرانوالہ میں باپ نے فائرنگ کرکے بیٹے کو شدید زخمی کردیا

    گوجرانوالہ میں باپ نے فائرنگ کرکے بیٹے کو شدید زخمی کردیا

    گوجرانوالہ: گھریلو تنازعہ پر باپ نے فائرنگ کر کے اٹھارہ سالہ بیٹے کو شدید زخمی کر دیا، زخمی بیٹے کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کےتھانہ دھلے کے علاقہ افضل پورہ میں گھریلو تنازعہ پر باپ اکرم نے فائرنگ کر کے اپنے جواں سال بیٹے ہارون کو شدید ذخمی کردیا جسے ریسکیو1122نے فوری طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمی کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تا ہم ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ افضل پورہ کے رہائشی محمد اکرم کا اپنی بیوی کے ساتھ تنازعہ چل رہا تھا،اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان آئے دن گھر میں جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

    آج بھی حسبِ معمول میاں بیوی میں تکرار جاری تھی کہ محمد اکرم نے غصے میں آکر اپنی بیوی پر فائرنگ کرنا چاہی،ماں کو بچانے بیٹا آیا تو گولی اسے لگ گئی،جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا تھا،زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،جبکہ ملزم اکرم کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

    گھریلو جھگڑوں کے باعث ہونے والے حادثات پریشان کن حد تک عام ہوتے جارہے ہیں،عدم برداشت نے ہمارے مشترکہ خاندانی نظام کی جڑوں کوبھی کھوکھلا کر دیا ہے۔

  • الیکشن انتظامات کے لیے آنے والے ریٹرنگ آفیسر اپنے کمرہ میں مردہ پائے گئے

    الیکشن انتظامات کے لیے آنے والے ریٹرنگ آفیسر اپنے کمرہ میں مردہ پائے گئے

    تھرپارکر: مٹھی میں بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے لیے رات گئے آنے والے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر خدا ڈینو صبح اپنے کمرہ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں ہونے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے انتظامات کے لیے مٹھی میں آنے والے ڈسٹرکٹ تھرپارکر کے ریٹرنگ آفیسر خدا ڈینو جب صبح اپنے کمرے سے برآمد نہ ہوئے تو انتخابی عملہ نے دروازہ کھٹکھٹایا گیا،کوئی جواب نہیں ملنے پر انتخابی عملہ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو ڈسٹرکٹ آفیسر خدا ڈینو کو مردہ حالت میں پائے گئے.

    ہسپتال پہنچانے پر ڈاکٹر نے ان کی موت کی تصدیق کر دی،اہلِ خانہ کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر دل کی بیماریوں میں مبتلا تھے،خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اُن کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

    یاد رہے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں خواتین، نوجوان،مزدور اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات جاری ہیں جس میں منتخب بلدیاتی نمائندے خفیہ رائے دہی کے ذریعے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں.


     

    سندھ بھرمیں مخصوص بلدیاتی نشستوں کے لیے پولنگ جاری


  • معروف اداکارہ میرا نے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا،

    معروف اداکارہ میرا نے فلم انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا،

    کراچی: جناح انٹرنیشنل  ائیر پورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے کا اعلان کردیا تاہم اُن کا کہنا تھا کہ وہ ٹی وی ڈراموں میں کام جاری رکھیں گی۔

    تفصیلات کےمطابق مشہور فلم اداکارہ میرا کی نئی فلم ’’ہوٹل‘‘ریلیز ہونے جارہی ہے،جس کے لیے وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آج کراچی آئی ہیں،اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمینٹ کا اعلان کردیا،اُن کا کہنا تھا کہ وہ اب فلم انڈسٹری کے لیے مزید کام نہیں کریں گے،تاہم ٹی وی ڈراموں کے لیے دستیاب ہوں گی۔

    اس موقع پر میرا نے اپنے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ پی ٹی آئی کے جلسے میں جانے کے بجائے ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’’ہوٹل‘‘ دیکھیں،انہیں فلم ضرور پسند آئے گی۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے میرا کا بار بار کہنا تھا کہ وہ ’’ہوٹل‘‘ ریلیز کرنے جا رہی ہیں جس پر صحافی حضرات بھی شش و پنج کا شکار ہو گئے تھے،کہ شاید میرا کوئی ہوٹل لانچ کرنے جارہی ہیں تاہم اس موقع پر فلم پروڈیوسر نے تصیح کی کہ اداکارہ مِیرا کوئی ہوٹل نہیں بلکہ اپنی نئی فلم ’’ہوٹل‘‘ ریلیز کرنے جا رہی ہیں۔

    میرا کی نئی فلم ’’ہوٹل‘‘ نفسیاتی الجھنوں کی سنسنی خیزی پر مشتمل ایک رومانوی فلم ہو گی جس کے مصنف و ہدایت کار خالد حسن ہیں۔

    یہ سوال اپنی جگہ کہ متنازعہ کردار، اور اپنے مخصوص اندازِ گفتگو سے خبروں میں رہنے والی اداکارہ میرا کی یہ فلم مداحوں سے پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو پائے گی یا نہیں، لیکن میرا کا فلم انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا اعلان اُن کے مداحوں کے لیے مایوسی کا باعث ضرور بنے گا۔

  • دوسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر ملکی مفاد کے خلاف ہے، اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز

    دوسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر ملکی مفاد کے خلاف ہے، اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز

    اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ایل این جی کے دوسرے ٹرمینل کی تعمیر کا فیصلہ ملکی مفاد کے خلاف ہے جس سے سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے زور دیا کہ اس ٹرمینل کی تعمیر کراچی تا لاہور گیس پائپ لائن کی تکمیل تک ملتوی کی جائے ورنہ عوام اور کاروباری افراد پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ ایل این جی کا پہلا ٹرمینل 11 ماہ کے ریکارڈ وقت میں مکمل ہوا جس کی استعداد 600 ایم ایم سی ایف ڈی (ملین مکعب فٹ) ہے تاہم ابھی تک گیس کی موجودہ پائپ لائنیں 400 ایم ایم سی ایف ڈی سے زیادہ گیس ترسیل کرنے کی سکت نہیں رکھتیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرمینل کے عدم استعمال پر حکومت کو روزانہ 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا پڑتا ہے جبکہ ٹرمینل کو استعداد سے کم استعمال کرنے پر بھی جرمانہ ادا کیا جاتا ہے جس سے گیس مہنگی ہو جاتی ہے۔

    شاہد رشید بٹ نے کہا کہ ان حالات میں پنجاب میں 3600 میگا واٹ کی بجلی گھروں کو ایل این جی فراہم کرنے کے لیے کراچی میں 600 ایم ایم سی ایف ڈی کے دوسرے ٹرمینل کی تعمیر کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے کیونکہ یہ 11 ماہ میں تعمیر ہو جائے گا جس سے دونوں ٹرمینلز کی مجموعی استعداد بارہ سو ایم ایم سی ایف ڈی ہو جائے گی جس کے لیے موجودہ انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور نئی پائپ لائن کی ضرورت ہو گی جو 2018 سے قبل نا ممکن ہے۔

  • پنجاب میں فوڈ، ایگریکلچر اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری

    پنجاب میں فوڈ، ایگریکلچر اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری

    پنجاب حکومت نے ملاوٹ کی روک تھام کے لیے فوڈ، ایگریکلچر اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا۔

    پنجاب حکومت نے ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے لیے فوڈ، ایگریکلچر اینڈ ڈرگ ٹیسٹنگ اتھارٹی کے قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آرڈیننس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اتھارٹی کے چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ہوں گے جبکہ ممبران میں صوبائی وزیر زراعت، وزیر خوراک اور 5 سائنسدان شامل ہوں گے۔ اتھارٹی خود مختار ہوگی اور آزادانہ کام کرے گی۔ اتھارٹی فرٹیلائزر، پیسٹیسائیڈز، خوراک اور ڈرگز کی ٹیسٹنگ اور فرانزک ایگزامینیشن کے لیے کام کرے گی۔

    مزید پڑھیں: لیہ میں زہریلی مٹھائی سے اموات کی تعداد 30 ہوگئی

    اتھارٹی ٹیسٹ کرنے کے لیے نمونہ جات کے حصول اور ٹیسٹ رپورٹس کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنائے گی۔ ٹیسٹنگ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی جدید تکنیک سے استفادہ کیا جائے گا۔

    نمونہ جات کی غلط رپورٹ دینے پر 1 ماہ سے 3 سال قید ،25 ہزار سے 3 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ اتھارٹی حکومت سے ملنے والی گرانٹ کے علاوہ فیس اور جرمانوں سے اپنے اخراجات پورے کرے گی۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد میں زہریلا دودھ پینے سے 100 افراد کی حالت غیر

    پنجاب میں پچھلے کچھ دن میں مضر صحت کھانوں سے کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ لیہ میں زہریلی مٹھائی سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔ فیصل آباد میں زہریلا دودھ پینے سے 100 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

  • ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جاؤں گا،وزیراعظم کا بنوں میں خطاب

    ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جاؤں گا،وزیراعظم کا بنوں میں خطاب

     بنوں: وزیر اعظم نواز شریف نے خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں جلسے سے خطاب کے دوران متعدد ترقیاتی منصوبوں کااعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو گھر چلا جاؤں گا۔

    وزیر اعظم نے بنوں میں عوامی جلسے سے خطاب کیا جہاں انہوں نے لکی مروت یونیورسٹی کے قیام، اور بنوں ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنانے سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آج صبح عوامی جلسے کے لیے بنوں پہنچے۔ بنوں کے دورے کے موقع پر ضلعی حکومت نے ضلع بھر میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔

    وزیر اعظم کے دورے کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ 3000 پولیس اہلکار اور 10 پلاٹون سے زائد ایف سی اہلکار جلسہ گاہ اور علاقے میں فرائض انجام دینے کے لیے تعینات کیے گئے۔

    لکی مروت، کرک، ہنگو، مردان، ڈی آئی خان سے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی۔ تحریک انصاف کی جانب سے درج نعروں کو دیواروں سے مٹا دیا گیا۔ وزیر اعظم کے بنوں پہنچنے پر میونسپل ملازمین نے احتجاج کیا اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔

    وزیر اعظم نواز شریف جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن، گورنر اور صوبائی وزرا کے ساتھ ایک بڑے قافلے کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے بنوں آنا چاہتا تھا۔ یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔


    PM Nawaz addresses rally in Bannu by arynews

    وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آتے ہوئے میں نے بنوں کا جائزہ لیا۔ مجھے کہیں نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آیا۔ سڑکیں، اسکول، عمارتیں وہی سب کچھ پرانا، بدحالی کا شکار ہے۔ ہم نے اپنے پچھلے دور حکومت میں یہاں کئی سڑکیں بنوائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خواب دکھانے والے 2 سال تک دھاندلی کا رونا رو تے رہے لیکن سپریم کورٹ میں ان کو شکست ہوئی۔ ہم عوام کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں۔ یہ خود کو کیا سمجھتے ہیں جو ہم ان کے کہنے پر استعفیٰ دے دیں۔

    وزیر اعظم نے ایک بار پھر کہا کہ اگر ان پر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوگئی تو وہ گھر چلے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیا ملک بنانے کے دعوے کرنے والے کچھ نہیں کر رہے۔ ہم تمام صنعتوں کو 24 گھنٹے بجلی اور گیس دے رہے ہیں۔ ہماری حکومت میں بننے والی پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی قسمت بدل دے گی۔

    وزیر اعظم نے اس موقع پر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گمبیلا سے ڈیرہ اسمٰعیل خان تک انڈس ہائی وے کی بحالی و مرمت کا آغاز کیا جارہا ہے۔ بنوں میں موجود بجلی گھر جو 3 سے ساڑھے 3 میگا واٹ تک بجلی فراہم کرتا تھا، کی استعداد بڑھا کر 7 سے 8 میگا واٹ کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے بنوں کے 5 یونین کونسلوں پدما خیل، ہنجل، سوکڑی، اماندی اور بزار احمد خان کے لیے گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

    انہوں نے نورنگ تا گنڈی چوک، گمبیلا تا کوہاٹ، اور رنگین آباد تا ڈومیل ڈبل روڈ کی تعمیر اور رائزنگ آف باران ڈیم بنوں کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

    وزیر اعظم نے بنوں کے لیے 20 کروڑ روپے گرانٹ، لکی مروت یونیورسٹی کے قیام، بنوں انڈسٹریل زون، بنوں اکنامک زون، کوہاٹ اور کرک انڈسٹریل زون اور بنوں ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 تک بنوں سمیت ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ بنوں کو سستی بجلی، اور گیس بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی جلد از جلد گھروں کو واپسی، ان کے لیے تعلیم، صحت کی سہولیات اور ان کے شہروں کی بحالی کا بھی وعدہ کیا۔

  • یوٹیوب کی تاریخ کا سب سے زیادہ ناپسندیدہ ٹریلر

    یوٹیوب کی تاریخ کا سب سے زیادہ ناپسندیدہ ٹریلر

    ہالی ووڈ کی فلمی دنیا میں پسندیدہ اور ہٹ فلموں کاریکارڈ تو بنتا رہتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کون سا فلم ٹریلر سب زیادہ ناپسندیدہ ہے؟ اگر نہیں جانتے تو جان جائیے۔

    فلمی دنیا میں ہٹ اور سپر ہٹ فلموں کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں مگر اس بار کچھ ایسی ویڈیوز کا ریکارڈ بنایا گیا جنہیں ناپسند کیا گیا۔ اورناپسندیدہ بھی اتنا کہ یوٹیوب کی تاریخ بن گیا۔

    ہالی ووڈ کا سب سے زیادہ ناپسندیدہ فلم ٹریلر کامیڈی سے بھرپور ایڈونچر فلم ’گھوسٹ بسٹرز‘ کا قرار دیا گیا۔ یوٹیوب پر 6 لاکھ 24 ہزار سے زائد شائقین فلم نے اس ٹریلر کو بالکل بے کار قرار دیا اور یوں یہ یوٹیوب کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ ناپسند کیا جانے والا ٹریلر قرار پایا۔