Tag: ARY NEWS business news

  • پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس پر حکومت کا تاریخی اقدام

    پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس پر حکومت کا تاریخی اقدام

    اسلام آباد: حکومت نے رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں دو بار کمی کرتے ہوئے بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں مزید کمی کر دی ہے، ایف بی آر نےاس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اورہائی اسپیڈڈیزل پر17فیصدسیلز ٹیکس کی شرح کو برقرار رکھا گیا ہے، مٹی کے تیل پر سیلزٹیکس 9.15فیصدکم کرکے6.7فیصد اور لائٹ ڈیزل پرسیلز ٹیکس 2.74فیصد کم کرکے0.2فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے اہم خبر

    واضح رہے کہ رواں ماہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پرسیلز ٹیکس میں کمی دوسری بار کی گئی ہے، رواں ماہ کی نو تاریخ کو حکومت نے مٹی کےتیل پر سیلز ٹیکس15.44 فیصدسے کم کرکے 10.07 فیصد، لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح 3.67 فیصد کی تھی جبکہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پرسیلز ٹیکس کی شرح 17فیصدپربرقرار رکھی تھی۔

    یاد رہے حکومت نے پندرہ جون کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، حکومت نے پیٹرول فی لیٹر 2 روپے 13 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 3 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 1 روپیہ 89 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1 روپے 79 پیسے مہنگا کیا۔

    اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 110 روپے 69 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 55 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمے 79 روپے 68 پیسے، جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسے ہوگئی تھی۔

  • کرسٹیانو رونالڈو  کے اعزازات کے البم میں ایک اور اضافہ

    کرسٹیانو رونالڈو کے اعزازات کے البم میں ایک اور اضافہ

    پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اعزازات کے البم میں ایک اور اضافہ کرلیا ہے۔

    اسٹار فٹ بالر نے فرانس کے خلاف گول کرتے ہوئے انٹرنیشنل فٹ بال میں اپنے گولز کی تعداد 109 کرلی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایرانی فٹبالر علی داعی کے 109 گول کا ریکارڈ برابر کیا۔

    پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے یورو کپ میں یہ دوسرا ریکارڈ بنایا ہے، اس سے قبل یورو کپ میں سب سے زیادہ گول داغنے کا ریکارڈ بھی رونالڈو نے اپنے نام کیا تھا، یہ کارنامہ جاری یورو کپ میں ہنگری کے خلاف سرانجام دیا تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ فرانس کے پلاٹینی کے پاس تھا جنہوں نے یورو کپ میں نو گولز اسکور کئے تھے۔

    شہرہ آفاق فٹ بالر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ یورو کپ کے پانچ ٹورنا منٹ میں شرکت کرنے والے دنیائے فٹ بال کے پہلے کھلاڑی بھی ہیں۔

    رونالڈو نے دوہزار چار کے یورو کپ میں پرتگال کی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا گول بھی کیا تھا۔

    اس کے علاوہ ایک اور اعزاز ان کا منتظر ہے کہ اگر پرتگال ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو رونالڈو ایک اور ریکارڈ حاصل کرلیں گے وہ مسلسل دو بار یہ اعزاز جیتنے والے دوسرے کپتان ہوں گے۔

    یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے صدی کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کررکھا ہے۔

    دوسری جانب یورو کپ فٹبال کا گروپ اسٹیج مکمل ہو گیا ہے, سولہ ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں ہیں، گروپ ایف سے فرانس ، جرمنی اور پرتگال نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

  • قاتل ڈور نے کمسن بچے کی زندگی کی ڈور کاٹ دی

    قاتل ڈور نے کمسن بچے کی زندگی کی ڈور کاٹ دی

    لاہور: صوبائی دارالحکومت میں قاتل ڈور نے کمسن بچے کی جان لے لی۔

    تمام تر حکومتی اقدامات بے سود، لاہور میں پتنگ بازی کا سلسلہ نہ رک سکا، پتنگ کی ڈور نے ایک اور معصوم بچے کی جان لے لی، ساڑھے 3 سالہ بچہ گلے میں ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا۔

    کمسن بچے کے والد اویس نے افسوسناک واقعے سے متعلق بتایا کہ ساڑھے تین سالہ خضر اپنی نانی کے گھر سے واپس آ رہا تھا کہ اس دوران اسکے گلے میں ڈور پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہوا، خضر کو پہلے نوازشریف اسپتال پھر میئو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہوں نے موت کی تصدیق کردی۔

    والد کے مطابق خضر میو اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا تھا۔

    واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس ایچ او مستی گیٹ انسپکٹر محمد زاہد نواز کو معطل کردیا، ڈی آئی جی نے ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی علی اختر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ڈور پھرنے کے واقعات ہرگز قابلِ برداشت نہیں، غفلت کے مرتکب پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ڈور پھرنے سےبچے کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے، سردار عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے واقعات قطعی ناقابل برداشت ہیں، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

  • سال 2021-2022 کا بجٹ پیش، تنخواہوں‌ اور پنشن میں‌ اضافہ

    سال 2021-2022 کا بجٹ پیش، تنخواہوں‌ اور پنشن میں‌ اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کا آئندہ سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر نیا ٹیکس نہ لگانے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔

    وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان ایوان میں موجودتھے، اپوزیشن کی جانب سے بجٹ تقریر کے دوران شدید احتجاج کیا گیا۔

    بجٹ تقریر کے اہم نکات

    وفاقی بجٹ کا حجم 8ہزار 487ارب روپے ہوگا

    بیس ارب ڈالر خسارے کو 800 ملین سرپلس میں لے آئے

    کرونا کی وجہ سے معیشت کو مستحکم کرنے میں وقت لگا

    ماضی میں 5.5فیصد شرح نمو کا ڈھول پیٹا گیا

    ماضی کی تمام ادائیگیاں ہمیں کرنا پڑیں ورنہ ملک دیوالیہ ہوجاتا

    پاکستان کو کرونا وبا کی دو اضافی لہروں کا سامنا رہا مگر بھیانک نتائج سے بچ گئے

    کرونا کے باوجود فی کس آمدنی میں 15فیصد اضافہ ہوا

    ٹیکس وصولیوں میں 18فیصد اضافہ ہوا

    پچھلےسال کی نسبت75فیصد ریفنڈ زیادہ ادائیگی کی گئی

    وفاقی بجٹ میں احساس پروگرام کے لئے 260ارب روپے مختص

    ترسیلات زر 25فیصد اضافے سے 29بلین ڈالر تک پہنچ گئیں
    سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 900ارب روپے ہوگا

    پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے لئے 2135 ارب روپے مختص

    پی ایس ڈی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 33فیصد اضافہ کیا گیا

    وفاقی بجٹ میں ٹڈی دل ایمرجنسی فوڈ سیکیورٹی کے لئے ایک ارب روپے مختص

    بجٹ میں خوراک، پانی کی فراہمی اور توانائی کا تحفظ اہم ترجیح ہوگی

    چار سے 6ملین گھرانوں کو 4سے5 لاکھ روپے تک قرضے دیئےجائیں گے

    کم آمدنی والوں کو 20لاکھ روپے تک کے سستے قرضےدیئےجائیں گے

    ہر گھرانے کو صحت کارڈ فراہم کیاجائےگا

    اس بار ہم غریب کو مکمل پیکج دیں گے

    داسو ہائیڈرو پراجیکٹ، پہلے مرحلے کیلئے57ارب روپے مختص

    دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے 23 ارب روپے رکھے جارہے ہیں

    مہمند ڈیم کیلئے 6ارب روپے مختص

    نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کیلئے 14ارب روپے کی تجویز

    احساس پروگرام کیلئے260ارب روپے تجویز

    سی پیک میں 13ارب ڈالرز کے 17بڑے منصوبے مکمل
    سی پیک کے 21ارب ڈالرز کے مزید 21منصوبوں پر کام جاری

    جنوبی بلوچستان کے لئے 601ارب روپے کا ترقیاتی پیکج

    کووڈ ویکسین پر 1.1ارب ڈالر خرچ کیئے جائیں گے

    پی آئی اےکیلئےارب اور اسٹیل مل کیلئے 16ارب امداد کی تجویز ہے

    کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کیلئے 739 ارب کی منظوری

    وفاقی حکومت کراچی ٹرانسفرمیشن پلان کیلئے 98 ارب دے گی

    زرعی شعبےکی ترقی کیلئے12ارب روپے مختص

    آبی وسائل کے تحفظ کیلئے 91ارب روپے مختص
    کراچی بحالی منصوبے میں سپریم کورٹ فنڈ سے 125ارب روپے شامل ہوں گے

    سندھ کے 14اضلاع کے لئے اس سال 19.5ارب روپے مختص

    ایم ایل ون کی تعمیر کیلئے 9.3ارب روپے مختص

    کے پی کے ضم اضلاع کی ترقی کے لئے 54ارب روپے مختص

    حیدرآباد سکھر ٹرانسمیشن لائن کیلئے 12ارب روپے رکھے گئے ہیں

    جامشورومیں کوئلے سے بجلی پیداکرنے کیلئے 22ارب روپے رکھے گئے ہیں

    داسو سے 2160میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے 8.5ارب روپے مختص

    سکی کناری،کوہالہ،محل ہائیڈروپراجیکٹس سےبجلی پیداکرنےکیلئے5.5ارب روپےمختص

    کراچی کے ون ،کے ٹو،تربیلا ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کیلئے 16.5ارب روپے مختص

    پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے 100ارب روپے مختص

    صحت 30 ارب، ہائر ایجوکیشن 44،پائیدار ترقی کے لئے 16ارب روپے مختص

    مجموعی محاصل کا تخمینہ 7909ارب روپے لگایا گیا ہے

    ٹیکس محصولات کا ہدف 5829ارب روپے ہوگا

    وفاقی ٹیکس میں صوبوں کا حصہ 3411ارب روپے ہوگا

    آئندہ سال این ایف سی سے صوبوں کو 707ارب روپے زائد ملیں گے

    گلگت بلتستان سوشل اکنامک پلاننگ کیلئے40ارب روپے مختص

    سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پنشن میں 10فیصداضافہ

    کےپی کے ضم اضلاع کی ترقی کیلئے54ارب روپے رکھےگئے ہیں

    وفاقی حکومت کا آئندہ سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر نیا ٹیکس نہ لگانے کا فیصلہ

    بلین ٹری منصوبےکیلئے بجٹ میں 14ارب روپےمختص

    صحت ،تعلیم،معاشی ترقی،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے118ارب روپےمختص

    سیالکوٹ کھاریاں،حیدرآباد سکھر موٹروے 233ارب روپے کےریکارڈ رقم سے شروع کردی گئی

    850 سی سی تک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 سےکم کر کے 12.5فیصد کرنےکی تجویز
    پھلوں کے رس پرعائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم

    آئی ٹی زون کیلئے پلانٹ مشینری ، سامان ،خام مال پر ٹیکس کی چھوٹ کی تجویز

    زرعی اجناس کےگوداموں پرٹیکس میں چھوٹ کی تجویز

    ای کامرس کو سیلز ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی تجویز

    تین منٹ سے زائد کالز،انٹرنیٹ استعمال،ایس ایم ایس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کرنےکی تجویز

    کامیاب پاکستان پروگرام کیلئے 10ارب روپے رکھے گئے ہیں ،شوکت ترین

    ایچ ای سی کو 66ارب روپے مہیا کرنے کی تجویز

    وزیراعظم کی ہدایت پر اینٹی ریپ فنڈ قائم کیا جارہاہے، اینٹی ریپ فنڈ کیلئے 10کروڑ روپے رکھے گئے بعد میں اضافہ کیاجائیگا۔

    موبائل سروسز پرودہولڈنگ ٹیکس 12.5فیصد سے کم کرکے کے 10فیصد کرنے کی تجویز

    آزاد کشمیر کیلئے رقم 54 ارب سے بڑھاکر60ارب روپے کردی گئی

    گلگت بلتستان کا بجٹ 32ارب سے بڑھاکر47ارب روپےکرنے کی تجویز

    سندھ کو 12ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دی جائےگی

    بلوچستان کو بھی این ایف سی کےعلاوہ مزید10ارب روپے دیئےجائیں گے

    نئی مردم شماری کیلئے5ارب روپے کی رقم تجویز

    بلدیاتی الیکشن کیلئے5ارب روپے کے رقم مختص

    ایک بچے کی سالانہ 2 لاکھ روپے اسکول فیس پر اتنا ہی ٹیکس لیا جائے گا

    یکم جولائی سے وفاقی سرکاری ملازمین کو10فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملےگا

    ٹیلی کام سیکٹر کو صنعت کا درجہ دے دیا گیا

    اجناس ذخیرہ کرنے والے پلاسٹک گوداموں پر کسٹم ڈیوٹی ختم

    حکومت کا اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے لئے 10سال کی ٹیکس چھوٹ کا اعلان

    کیپٹل گین ٹیکس کی شرح 15سے کم کرکے ساڑھے 12فیصد کردی گئی

  • نئے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کتنا ہوگا؟

    نئے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کتنا ہوگا؟

    اسلام آباد: اگلے مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ آج پیش کیا جائے گا، 8 ہزار ارب روپے کا بجٹ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نئےمالی سال کے بجٹ سے متعلق دستاویزات پارلیمنٹ ہاؤس پہنچادی گئیں ہیں، بجٹ کی تفصیلات پر مبنی کتابیں ارکان کو اجلاس شروع ہوتےہی دی جائیں گی۔

    دستاویزات میں رواں مالی سال کے اہم اعداد و شمار، بجٹ کےتجویز اہداف شامل ہیں، اے آر وائی نیوز نے نئے بجٹ کے اہم اعداد و شمار حاصل کرلئے ہیں۔

    آئندہ مالی سال کیلئےجی ڈی پی گروتھ 4.8فیصد رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، بجٹ دستاویز کے مطابق زراعت کے شعبےکی5 فیصد گروتھ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اہم فصلوں کی پیداوارکیلئے2.2فیصدگروتھ کاہدف رکھاگیاہے۔

    دستاویز کے مطابق کپاس کیلئےپیداواری گروتھ 10 فیصد فشریز اور جنگلات کے شعبےکیلئے 5فیصد گروتھ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ آئندہ مالی سال میں صنعتوں کی گروتھ کیلئے 6.5فیصد کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    بجٹ دستاویز میں آئندہ مالی سال کیلئے مینوفیکچرنگ کےشعبےکا گروتھ ہدف6.2فیصد مقرر کیا گیا ہے اسی طرح لارج اسکیل مینوفیکچرنگ گروتھ کاہدف6فیصد
    تعمیرات کےشعبےکاگروتھ ہدف 8.3فیصد اور خدمات کے شعبے کیلئے مالی سال کےدوران4.7فیصدکاہدف مقرر کیا گیا ہے۔

  • روس کا پاکستانی چاول کے حوالے سے بڑا ا علان

    روس کا پاکستانی چاول کے حوالے سے بڑا ا علان

    ماسکو: پاک روس تعلقات میں بہت بڑی پیش رفت ہوئی ہے، روس نے پاکستان سے چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔

    پاکستان کی وزارت خوراک کی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق روس نے پاکستانی چاول کی روسی منڈیوں تک رسائی پر ایک طویل عرصے سے عائد پابندی کو ختم کردیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق روس کی جانب سے پاکستان سے چاول کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے کا اطلاق آج سے ہوجائےگا، روس نے پابندی اٹھانے کا فیصلہ وفاقی وزارت برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے چاول تیار کرنے کے عمل میں ڈی پی پی پلانٹ کو اپنانے والی کوارنٹائن ڈویژن فائٹسوانٹری گائیڈنس دستاویز پر عمل درآمد کے بعد کیا ہے۔

    ڈی پی پی کے ترجمان نے بتایا پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندیاں اٹھانے کے حوالے سے گزشتہ ایک سال سے روسی ادارے این پی پی او کے کے ساتھ روابط میں تھے، روسی ادارے کو تمام مطلوبہ تکنیکی معلومات اور پاکستان پلانٹ کوارنٹائن نظام پر مکمل عملدرآمد کا یقین دلایا گیا تھا۔ترجمان وزارت فوڈ سیکورٹی نے بتایا کہ روسی ادارے این پی پی او نے ابتدائی طور پر چاول تیار برآمد کرنے والے چار اداروں کی منظوری دے دی ہے، ان اداروں میں دو کراچی ، ایک لاہور سے ایک کا تعلق چنیوٹ سے ہے، چاول تیار کرنے والے اداروں کی جانب سے چاول کی فصل کو کیڑوں سے محفوظ بنانے اور دیگر ضروری اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

    اطلاعات کے مطابق چاول یونٹوں کو دوسروں کی اجازت ڈی پی پی کے پلانٹ کی کوارنٹائن ڈویژن کے ذریعے ورچوئل تصدیق سے مشروط ہوگی، چاول کاشت کرنے والے کسانوں اور صنعتکاروں کی شاندار کامیابی پر وفاقی وزیر سید فخر امام کے کردار کی تعریف کی۔

    یاد رہے روس کی جانب سے پاکستانی چاول پر پابندی 2018 میں لگائی گئی تھی۔

  • آئندہ وفاقی بجٹ میں حکومت کا بڑا ہدف کیا ہوگا؟ ایف بی آر نے بتادیا

    آئندہ وفاقی بجٹ میں حکومت کا بڑا ہدف کیا ہوگا؟ ایف بی آر نے بتادیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت گیارہ جون کو بجٹ پیش کرے گی، ‏وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔

    بجٹ سے پہلے حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے بڑے اہداف مقرر کئے ہیں، ان میں سیلز ٹیکس کی مد میں 2506 ارب روپے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کا ہدف حاصل کرنے کے لئے رواں مالی سال کی نسبت آئندہ مالی سال تیس فیصد گروتھ حاصل کرناہو گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں اشیا پر 25 سو ارب روپےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے سروسزپر6 ارب 61کروڑروپےکاسیلزٹیکس اکٹھاکیاجائےگا۔

    ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کیلئےسیلز ٹیکس ہدف 1925 ارب سے زائد ہے، رواں مالی سال جولائی سےمارچ 1415ارب روپےکاسیلزٹیکس اکٹھاہوا جبکہ مالی سال 2018-19 میں جولائی سےمارچ1250ارب جمع ہوئےتھے۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 356 ارب روپے، کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 785 ارب، انکم ٹیکس وصولیوں کے لیے گروتھ کا ہدف 22 فیصد اور سیلز ٹیکس وصولیوں میں گروتھ کا ہدف 30 فیصد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں گروتھ کا ہدف 29 فیصد رکھا جائے گا، کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں گروتھ کا ہدف 12.1 فیصد مقرر کرنے، اشیا پر سیلز ٹیکس کی مد میں 2 ہزار 503 ارب 39 کروڑ وصول کرنے کا ہدف مقرر کرنے اور سروسز پر سیلز ٹیکس وصولیوں کا ہدف 2 ارب 61 کروڑ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بیوریجز سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 5 ارب 13 کروڑ 50 لاکھ، بیوریجز کنسٹریٹ سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 33 ارب 64 کروڑ 60 لاکھ، سیمنٹ سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 1 کھرب 2 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ جبکہ ٹوبیکو سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 1 کھرب 34 ارب 54 کروڑ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 11 ارب 97 کروڑ 20 لاکھ روپے، پیٹرولیم مصنوعات سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 4 ارب 32 کروڑ 80 لاکھ روپے، درآمدی اشیا سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 2 ارب 17 کروڑ روپے اور سروسز سیکٹر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف 14 ارب 95 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • ماہ جون میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیا ہونگی؟ سمری تیار

    ماہ جون میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کیا ہونگی؟ سمری تیار

    اسلام آباد: اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کرلی ہے، وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیاجائےگا۔

    ذرائع کے مطابق اوگرا نے ماہ جون کے لئے پیٹرول اور مٹی کےتیل کی قیمت میں معمولی اضافےکی تجویز دی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں4روپے30پیسےفی لیٹراضافےکی تجویز پیش کی گئی ہے اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھےجانےکی سفارشات دی گئیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کو حتمی منظوری کیلئےسمری بھجوادی گئی ہے،وزیراعظم کی حتمی منظوری کےبعدنئی قیمتوں کااعلان کیاجائےگا۔

    یاد رہے کہ یکم مئی کو پیٹرول کی قیمت 108روپے 56پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 110 روپے 76پیسے،لائٹ ڈیزل 77روپے 65پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 80روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

  • وائرس کا شبہ، مرغی کے گوشت کی قیمت میں بڑی کمی

    وائرس کا شبہ، مرغی کے گوشت کی قیمت میں بڑی کمی

    کراچی: چکن وائرس کا شبہ، شہر قائد میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں ریکارڈ کمی ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مرغی کا گوشت چار سو اسی روپے کلو سے کم ہوکر ساڑھے تین سو روپے کردیا گیا ہے، شہر میں کلیجی اور پوٹے کے بغیر گوشت ساڑھے تین سو روپے میں فروخت ہورہا ہے، قمیتیں کم ہونے کے باوحود مرغی کے گوشت کی خریداری میں شہریوں کی عدم دلچسپی برقرار ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں فروخت ہونے والی مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری کا انکشاف ہوا ہے، جس میں مرغی کرونا جیسی علامات کا شکار ہو کر مرجاتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا کی ٹیم کے مطابق مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھتی کوریزا نامی بیماری پھیل رہی ہے، اس بیماری سے متاثر ہونے والی مرغیوں کی حالت کرونا کے مریض کی طرح ہوتی ہیں، جس میں انہیں نزلہ، زکام، کمزوری اور اُسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا پڑ تا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ اس بیماری کے انسانوں میں منتقل ہونے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ کوریزا بیماری پھیلنے کے باعث کراچی کے بیشتر پولٹری فارم مالکان نے بند کردیئے ہیں۔

    کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال نے باخبرسویرا پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ بیماری ایک دم پاکستان میں نہیں پھیلی بلکہ امریکا سمیت دیگر ممالک کی مرغیوں میں بھی موجود ہے‘۔

    انہوں نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے جب پولٹری فارم مالکان اور ایسوسی ایشن مرغی کے گوشت کی قیمتیں از خود بڑھاتی ہے، تب برڈ فلو کی صورت میں قدرتی آفات آتی ہیں، جس کے بعد قیمتیں پندرہ روپے فی کلو تک پہنچ جاتی ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس بیماری کے حوالے سے آگاہی پھیلائی اور عوام کو خبردار کیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں، کوریزا کراچی سمیت پورے ملک کی مرغیوں میں پھیل چکی ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری پھیلنے کا انکشاف

    کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بتایا کہ ’کوریزا سے متاثرہ مرغی نڈھال ہوتی ہے اور وہ ایک ہی جگہ پر پڑے پڑے مر جاتی ہے، اکثر مرغی کے پکوان فروخت کرنے والے یہ مردہ مرغی خریدتے ہیں، اس لیے خدشہ ہے کہ ٹھنڈی مرغیوں کو فروخت کیا جارہا ہے‘۔

    انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ دکان پر پہلے سے رکھا گوشت نہ خریدیں بلکہ اپنے سامنے مرغی کو ذبیحہ کروائیں، اگر ایک شخص نہیں کرسکتا تو دو لوگ مل کر ایک مرغی ذبیحہ کرواسکتے ہیں‘۔

  • سپریم کورٹ کا ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سے متعلق اہم فیصلہ

    سپریم کورٹ کا ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سے متعلق اہم فیصلہ

    کراچی: سپریم کورٹ نے ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کو فعال کرنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو ذاتی حثیت میں معاملے کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سمیت دیگر کیسز کی سماعت کی، وکیل کے ایم سی نے بتایا کہ آئل ٹرمینل بن چکا مگر گاڑیاں باہر ہی کھڑی ہوتی ہیں، ٹینکرز اور گاڑیوں والوں کی مختلف ایسوسی ایشن ہیں۔

    جسٹس سجاد علی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دکاندار چاہتے ہیں مفت میں دکانیں مل جائیں، دکانیں بن گئیں مگر دکان دار جانے کو تیار نہیں ہیں، اس موقع پر کمرہ عدالت میں موجود ٹینکر مالکان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹرمینل پر بجلی پانی کوئی سہولت نہیں ، وہاں گیراج بھی نہیں ہے ورکشاپ نہیں ہے کیسے جاسکتے ہیں ؟۔

    دکان داروں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا ہے دکانیں ہم خود بنائیں لیکن ڈیمارکیشن بھی نہیں کرکے دے رہے جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیوں نہیں بنا کر دے رہے ؟ یہ بتائیں، اب تک کیا ہوا؟ یہ کیا مذاق ہو رہا ہے، اب تک عمل درآمد نہیں ہوا، سندھ حکومت کی کیا رٹ ہے جو ٹینکرز نہیں کنٹرول ہوتے؟ 15 سال ہوگئے، معاملہ حل نہیں ہو رہا۔

    چیف جسٹس نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا بے ایمانی کا دھندا چل رہا ہے ؟ کیا بے ایمانی ہورہی ہے ؟ آپ کے لوگ دکانداروں سے پیسے مانگ رہے ہیں ، کے ایم سی کے منشی، کلرک پیسے مانگ رہے ہیں، اگر آئل ٹرمینل نہیں بنا سکتے تو ایڈمنسٹریٹر رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

    ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ ہم جگہ دے رہے ہیں دکانیں یہ خود تعمیر کریں گے، ہمارے پاس فنڈز کی کمی ہے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو فریقین کے ساتھ مل کر مسئلے کا حل نکالنے اور نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

    عدالت عظمیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل فعال کرنے اور چار ماہ میں دکانیں حوالے کرنا کا بھی حکم دیا چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری کو ذاتی حثیت میں ذوالفقار اباد آئل ٹرمینل کے معاملے کو دیکھنے کی بھی ہدایت کی۔

    عدالت نے گھی سمیت دیگر اشیا کے ٹرالر کو بھی شہر میں داخلے سے روک دیا، چیف جسٹس نے اس سے جڑے ایک اور درخواست میں چیف سیکرٹری ان ٹرالرزکوشہر کے بجائے متبادل راستوں سے آمدورفت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، عدالت کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ گھی اور تیل سے بھرے ہوئے کنٹینرسے حادثات رونماہوتے ہیں۔