Tag: ARY NEWS business news

  • ڈالر اکیس ماہ بعد کم ترین سطح پر، کتنی کمی واقع ہوئی؟

    ڈالر اکیس ماہ بعد کم ترین سطح پر، کتنی کمی واقع ہوئی؟

    کراچی: پاکستان میں ڈالر کی اڑتی اڑان کو بریک لگ گیا اور ڈالر اکیس ماہ بعد کم ترین سطح پر آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹربینک میں ڈالر اکیس ماہ کی کم ترین سطح پر154روپےسے نیچے آگیا ہے، آج انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں یکدم 74 پیسے کی کمی واقع ہوئی ہے، اس تاریخی کمی کے ساتھ ہی انٹر بینک میں ڈالر 153.30روپے پر آگیا ہے۔

    فاریکس ڈیلرز کا موقف ہے کہ کرونا وبا کے باوجود ملکی معیشت میں بہتری اور کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کے بعد ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔

    ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈالر کی گراوٹ اور روپے کی قدر میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی گراوٹ کی سب سے بڑی وجہ آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہونا ہے اس پروگرام کی مد میں پاکستان کو مزید 50 کروڑ ڈالرز ملیں گے۔

    مزمل اسلم نے کہا کہ ڈالر کی زیادہ آمد کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ ہورہاہے اور روپے کی قدر بڑھنے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کا قرض پروگرام بحال کیا تھا، اس ضمن میں جاری اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کےدرمیان ریفارم پروگرام پر اتفاق ہو گیا ہے، بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 500 ملین ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کی گیارہ تاریخ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کی رپورٹ جاری کی تھی، ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ’پانچ مارچ تک مرکزی بینک کے ذخائر میں تین کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا، اس اضافے کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 13 ارب ایک کروڑ اور 60 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئے تھے۔

  • قومی ایئر لائن کا اہم اعلان، برطانیہ جانیوالے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    قومی ایئر لائن کا اہم اعلان، برطانیہ جانیوالے مسافروں کے لئے اچھی خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن مسافروں کو بہترین فضائی سفر کرانے کے لئے مختلف اقدامات کرتی رہتی ہے، حال ہی میں پی آئی اے نے برطانیہ جانیوالے مسافروں کو اچھی خبر سنائی ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی ایئر لائن نے انگلینڈٖ کے شہر مانچسٹر کے لئے دو طرفہ چارٹر پروازوں میں اضافہ کردیا ہے، پی آئی اے اسلام آباد مانچسٹر کے لئے ہفتہ وار 5پروازیں آپریٹ کریگی۔

    قومی ایئر لائن انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے 2اپریل سے11اپریل تک مانچسٹر کیلئے پروازیں روانہ ہوگی، چارٹرڈ کمپنی ہائی فلائی کے ذریعے یہ پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، اس سے قبل پی آئی اے مانچسٹر کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کر رہی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے نے ترکی کی سیر و سیاحت کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

    پی آئی اے انتظامیہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی آئی اے اسلام آباد اور لندن کیلئے بھی دو طرفہ چارٹرڈ پروازیں اپریل کے وسط میں شروع کریگی، چارٹرڈ پروازوں کو آپریٹ کرنے کا مقصد ہم وطنوں کو سفری سہولت مہیا کرنا ہیں۔

    اس سے قبل قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے ترکی کے لیے براہ راست فضائی سفر شروع کر نے کا فیصلہ کیا تھا ، پی آئی اےلاہور اور اسلام آباد سے استنبول پروازیں آپریٹ کرے گی ، مئی کے وسط سے ہفتہ وار 3پروازیں استنبول کے لیے چلائے گی۔

    اس اقدام سے فضائی سفرکی بحالی سے پی آئی اے کو زرمبادلہ کے حصول میں پیش رفت ہوگی، پی آئی اے کا ترکی سیکٹر کئی سال قبل بند کیا گیا تھا۔

  • مہنگائی کے ستائے عوام پر  "بجلی بم”  گرانے کی تیاریاں

    مہنگائی کے ستائے عوام پر "بجلی بم” گرانے کی تیاریاں

    اسلام آباد: روز بروز بڑھتی مہنگائی کے باعث اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں، ایسے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے عوام پر "ایٹم بم” گرانے کی تیاری شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے رواں مالی سال میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کردی ہے، جس میں صارفین سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 91ارب 36کروڑ وصول کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جولائی 2020سے ستمبر تک 44ارب 70کروڑ اور اکتوبر 2020سے دسمبر تک 46ارب 65کروڑ وصول کرنے کی اجازت دی جائے۔

    حیران کن طور پر درخواست میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے پاور پلانٹس کے مرمت کےلیے5ارب 18کروڑ بھی صارفین کے کھاتے میں ڈالنے کی درخواست کی ہے یہی نہیں لائن لاسز اور بجلی چوری کے9 ارب 28 کروڑ بھی صارفین سے وصول کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے۔

    دونوں سہ ماہی کےلیے70ارب روپے کپیسٹی ادائیگی کا بوجھ بھی صارفین پرڈالاجائےگا، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیپرا 30مارچ کو درخواست پر سماعت کرے گی، منظوری کے بعد صارفین پر ایک روپے پچاس پیسے فی یونٹ کااضافی بوجھ بڑھنے کا امکان ہے۔

  • عوام کے لئے بری خبر: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    عوام کے لئے بری خبر: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے، قیمتوں میں کمی یا اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کرینگے۔

    ذرائع کے مطابق سولہ مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی یا برقرار رہیں گی؟اوگرا نے سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ لیوی کی بنیاد پر پیٹرول ساڑھے پانچ روپے مہنگا ہو سکتا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں پونے چھ روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے، اس وقت پٹرول پر لیوی کی موجودہ شرح12روپے 65پیسے فی لیٹر ہے جبکہ ڈیزل پر لیوی کی موجودہ شرح 12روپے53پیسے فی لیٹر ہے۔

    تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی مشاورت سےہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں کب تک برقرار رہیں گی؟

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزیراعظم عمران خان نے مسترد کردی تھی، وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر کہا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کو مدِ
    نظر رکھ کر قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی ہے، حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ہر حد تک جائے گی۔

  • چھ ماہ کے دوران چھالیہ اسمگلنگ میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟ حیران کن اعدادوشمار جاری

    چھ ماہ کے دوران چھالیہ اسمگلنگ میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟ حیران کن اعدادوشمار جاری

    اسلام آباد: گذشتہ چھ ماہ میں اسمگلنگ کی جانے والی کتنی اشیا ضبط کیں؟ ان کی مالیت کتنی تھی؟ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے حیران کن اعداوشمار جاری کردئیے۔

    ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران 35 ارب مالیت کی اسمگلنگ اشیا ضبط کیں گئیں، پچھلے سال اسی عرصے میں 22 ارب مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کی گئی تھیں۔

    ترجمان ایف بی آر کے مطابق پچھلے پورے مالی سال میں چھتیس ارب کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کی گئی تھیں، رواں مالی سال کے پہلے سات سات ماہ میں ضبط شدہ اشیا پچھلےمالی سال کے برابر رہی۔

    ایف بی آر کے مطابق گذشتہ چھ ماہ کے دوران 11.3 ارب روپے مالیت کی بغیر کسٹمز ادائیگی کی گاڑیاں ضبط ہوئیں، 3.4 ارب روپے کی چھالیہ ضبط کیں گئیں جوکہ گذشتہ سال کے مقابلے میں 105 فیصد زیادہ ہے۔

    ایف بی آر کے مطابق 28 فیصد اضافہ کے ساتھ 1.9 ارب روپے کا کپڑا ضبط کیاگیا، 70 فیصد اضافہ کے ساتھ 553 ملین روپے کے سگریٹس، 113 فیصد اضافہ کے ساتھ 492 ملین روپے کے آٹو پارٹس، 67 فیصد اضافہ کے ساتھ 380 ملین روپے کی الیکٹرانک اشیا اور 93 فیصد اضافہ کے ساتھ 899 ملین روپے کا ڈیزل ضبط کیاگیا۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 104 فیصد اضافہ کے ساتھ 271 ملین روپے کے زیورات و جواہرات اور پاکستان کسٹمز نے 6 ملین ٹن کی آیوڈین بھی ضبط کی، غیر قانونی ضبط شدہ آیوڈین منشیات بنانے میں استعمال کی جاتی ہے، آیوڈین برآمدگی کی تعریف بین الاقوامی ایجنسیز نے بھی کی،اس کے علاوہ ملک بھر میں دوہزار غیر قانونی پیٹرول پمپس کوسیل کیاگیا۔

  • مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے برُی خبر، بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

    مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے برُی خبر، بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بم گرانے کی تیاریاں، سی پی پی اے نے بجلی مہنگی کرنے کے لئے نیپرا میں درخواست جمع کرادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دوسری بار بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی گئی ہے، نیپرا کی جانب سے سی پی پی اے میں بجلی کی قیمتوں میں 92 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست دی ہے۔

    درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جنوری میں 7 ارب 72 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت 51 ارب 66 کروڑرہی، پیداوارپر فیول لاگت کا تخمینہ 5 روپے 75 پیسے فی یونٹ لگایاگیاتھا، مگر جنوری میں فیول لاگت 6 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی۔

    درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 18روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی ترین بجلی ڈیزل سےپیدا کی گئی، فرنس آئل سے 12 روپے 34 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے 8 روپے ،قدرتی گیس سے 7 روپے فی یونٹ بجلی پیداہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی

    سی سی پی اے کی جانب سے دائر درخواست میں بتایا گیا کہ 27 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسزکی نذرہوگئی، نیپرا بجلی کی قیمتوں میں اضافےکی درخواست پر25 فروری کوسماعت کرےگا۔

    واضح رہے کہ بارہ فروری کو بھی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی، نیپرا کا کہنا تھا کہ فیصلے کا اطلاق 50 یونٹ تک غریب صارفین پر بھی یکساں ہوگا اور فیصلے سے صارفین پر دو سو ارب روپے کا اضافہ بوجھ پڑے گا، تاہم کے الیکٹرک کے صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

  • من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے والا "ٹماٹر” فری میں تقسیم ہونے لگا

    من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے والا "ٹماٹر” فری میں تقسیم ہونے لگا

    حیدرآباد: ملک میں خاص تہواروں کے موقع پر زائد قیمتوں پر فروخت ہونے والا ٹماٹر آج کل بے قدری کا شکار ہے، جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ اسے مفت تقسیم کیا جانے لگا ہے۔

    ٹماٹر وہ سبزی ہے جو تقریبا تمام ہی سالن اور پکوانوں میں عمومی طور پر استعمال کی جاتی ہے، سندھ سمیت پاکستان بھر میں خاص تہواروں کے دوران اس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوجاتا ہے اور سبزی فروش ڈیمانڈ زیادہ ہونے کا عذر پیش کرتے ہوئے اسے من مانی نرخوں میں فروخت کرتے ہیں، ان تہواروں کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت 400 روپے تک پہنچ جاتی ہے۔

    مگر آج کل ٹماٹر مفت میں تقسیم کیا جارہا ہے اور یہ منظر حیدرآباد کے علاقے نوکوٹ میں دیکھنے کو ملا،جہاں سبزی منڈی مالکان نے دس کلو ٹماٹر کے تھیلے عوام میں مفت تقسیم کئے۔

     

    ٹماٹر کی فصل کاشت کرنے والے کاشتکاروں کا موقف ہے کہ اس بار زیادہ فصل ہونے کے باعث ٹماٹر کو مارکیٹ تک لانے میں نقصان ہورہا ہے، کیونکہ ٹرانسپورٹ اخراجات زیادہ ہوچکے جبکہ فصل کی قیمتیں کم ہونے کے باعث وہ یہ نقصان برداشت نہیں کرسکتے۔

    رپورٹ کے مطابق اس وقت سندھ کی مختلف سڑکوں پر کاشتکارخود ٹماٹر اور سبزیاں فروخت کرنے لگے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس وقت سندھ کے اضلاع بدین، حیدرآباد میں ٹماٹر کی وافر فصل پیدا ہوئی ہے، جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ سبزی مارکیٹوں میں ٹماٹر بیس روپے کلو میں باآسانی دستیاب ہے۔

  • پاکستانی کوہ پیما کا بڑا کارنامہ، بڑا اعزاز پاکستان کے نام

    پاکستانی کوہ پیما کا بڑا کارنامہ، بڑا اعزاز پاکستان کے نام

    ڈوڈوما: ارادے مصم ہوتو منزل مل ہی جاتی ہے، اس محاورے کو سچ کردکھایا ہے، پاکستان کوہ پیما اسد علی میمن نے، جنہوں نے براعظم افریقہ کی بلند ترین چوٹی کو دنوں کے بجائے گھنٹوں میں سر کرلیا ہے۔

    ” فروری میں افریقا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ کیلی منجارو کو چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت میں سر کرونگا”، لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما اسد علی میمن نے اپنا وعدہ پورا کردیا اور براعظم افریقہ کی بلند ترین ماونٹ کیلی منجیرو صرف چودہ گھنٹے میں سر کرلی۔

    ماونٹ کیلی منجیرو کی اونچائی 5,895 میٹر ہے،کوہ پیماؤں کو یہ چوٹی سر کرنے میں پانچ سے سات دن لگتے ہیں، اس کے ساتھ ہی اسدعلی میمن ریکارڈ وقت میں سمٹ کو سر والے واحد ایشیائی اور پاکستانی بن گئے۔

    تاریخی موقع پر پاکستان ہائی کمیشن نے اپنے فیس بک بیج پر کارنامہ شیئر کیا اور تنزانیہ میں موجود پاکستانی سفیر محمد سلیم نے بھی اسد میمن کو مبارکباد دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی کوہ پیما اسد علی نے کیرتھر ماؤنٹین کو سر کرلیا

    اس سے قبل اسد علی میمن نے ماؤنٹ ایلبرس کے بعد ماؤنٹ اکنگوا پر بھی پاکستان اور کشمیر کا پرچم لہرایا تھا، جس کے ساتھ ہی اسد علی بلند ترین پہاڑ پر 50 میٹر لمبا قومی پرچم لہرانے والے دنیا کے پہلے کوہ پیما بھی بنے تھے، مائونٹ اکنگوا 23 ہزار فٹ بلند ہے۔

    نوجوان کوہ پیما نے اس سے قبل جنوبی امریکا کی آکونکاگووا چوٹی سر کی تھی۔

     

  • ماہ جنوری میں تجارتی خسارہ کتنا کم ہوا؟ اعداد وشمار جاری

    ماہ جنوری میں تجارتی خسارہ کتنا کم ہوا؟ اعداد وشمار جاری

    اسلام آباد: دسمبر دو ہزار بیس کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے ماہ میں تجارتی خسارے میں کتنی فیصد کمی واقع ہوئی، ادارہ شماریات نے اعدادو شمار جاری کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ماہانہ تجارتی اعدادو شمار جاری کردیئے، جاری اعدادوشمار کے مطابق دسمبر دو ہزار بیس کے مقابلے میں جنوری دوہزار اکیس میں تجارتی خسارے میں 1.44 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

    ادارہ شماریات کے مطابق تجارتی خسارے میں کمی کے باوجود جنوری میں ملکی برآمدات میں دس فیصد کمی واقع ہوئی، جنوری دوہزار اکیس میں ملکی برآمدات کا حجم 2 ارب 13کروڑ ڈالر رہا۔

    ادارہ شماریات نے اپنے اعدادو شمار میں بتایا کہ جنوری میں درآمدات میں 5 فیصد سے زائد کمی ہوئی، جس کے بعد درآمدات4ارب 73کروڑ ڈالر رہیں۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزارت خزانہ نے پاکستان پر قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، جس میں 15 ماہ کے قرضوں کی تفصیلات دی گئی، جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جون 2019 سے ستمبر 2020 تک اندرونی سمیت قرض میں 2660ارب کا اضافہ ہوا، اندرونی قرض بڑھ کر23ہزار392ارب روپے تک جا پہنچا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان پر قرضوں کا بوجھ کتنا ہے؟ وزارت خزانہ کی رپورٹ جاری

    وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15 ماہ میں بیرونی قرضہ 6 ارب ڈالر بڑھا۔

    رپورٹ کے مطابق غیر ملکی قرض بڑھ کر79ارب90 کروڑ ڈالرتک جا پہنچا، موجودہ حکومت نے سابق حکومتوں کے569ارب اسٹیٹ بینک کوواپس کیے، پاکستان سب سے زیادہ عالمی بینک کا مقروض ہے۔

  • وائلڈ لائف افسر پر ہاتھی کا حملہ، ویڈیو وائرل

    وائلڈ لائف افسر پر ہاتھی کا حملہ، ویڈیو وائرل

    بنکاک: عالمی وبا کرونا کے باعث دنیا بھر میں سیاحت تقریبا ختم ہوگئی ہے، جس کے باعث جنگلی جانوروں کو مطلوبہ خوراک میسر نہیں ہوپارہی ہے اور انہوں نے انسانی آبادیوں پر حملے کرنا شروع کردئیے ہیں۔

    ایسا ہی ایک واقعہ بنکاک کےصوبے نخون نایوک میں پیش آیا،جہاں خوراک کی تلاش کے لئے سرکردہ ہاتھیوں کے ریوڑ نے ایک گاؤں پر دھاوا بول دیا، اور تیار فصلوں کو نقصان پہنچانا شروع کردیا، اتنی بڑی تعداد میں ہاتھیوں کو دیکھ کر مقامی افراد نے محکمہ وائلڈ لائف سے رابطہ کیا اور انہیں صورت حال سے آگاہ کیا۔

    صوبے نخون نایوک کے محکمہ وائلڈ لائف نے فوری طور پر اپنے دو افسران کو علاقے میں بھیجا، جنگلی حیات کے دو افسروں نے ہاتھیوں کے ریوڑ کو بھگانے کی کوشش کی ، ان میں سے ایک جمبو ہاتھی جسے ساریکا کے نام سے پکارا جاتا ہے، اسے شدید غصہ آیا اور وہ غصیلے انداز میں محکمہ وائلڈ کے افسران کے پیچھے دوڑ پڑا۔وائلڈ لائف افسران کا کہنا تھا کہ یہ بڑا خوفناک لمحہ تھا جب ایک بھوکے جنگلی ہاتھی نے غصے سے ہمارا پیچھا کیا ، ہمارا مقصد انہیں کسانوں کی فصل کھانے کی کوشش کرنے سے روکنا تھا۔

    یہ بنکاک میں ایک ہفتے کے دوران جنگلی جانوروں کے انسانی آبادی پر حملے کا دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل تھائی لینڈ کے صوبہ نخون رتچاسیما میں بھوک سے ستائے بندروں نے مکئی کے کھیت پر دھاوا بولتے ہوئے اسے تہس نہس کرڈالا تھا۔

    واضح رہے کہ کروبا وبا کے باعث سال دوہزار بیس کے پہلی اور دوسری سہہ ماہی میں کسی سیاح نے تھائی لینڈ کا رخ نہیں کیا، تازہ ترین دستیاب اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں بیرون ملک سے صرف 3،065 سیاح تھائی لینڈ آئے۔

    https://youtu.be/oqyt8RlTAA0