اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا صاحب جلدی جانے والے ہیں ان کا جانا اچھی چیز ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مارچ نے پی ٹی آئی کو مضبوط کردیا ہے، 20 سے 25 ہزار لوگ 22 کروڑ عوام کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کی سوچ میں فرق ہے، چاہتے ہیں مسائل مذاکرات کی میز پر حل کیے جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے اور ری الیکشن پر نہیں جارہے ہیں، خواہش ہر انسان کی ہوتی ہے، خواہشات پر ملک کو نہیں چلایا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے کارکنوں کو ڈی چوک کا نعرہ لگانے سے روک دیا
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلام کا جھنڈا بلند کیا، ملک دیوالیہ ہورہا تھا عمران خان نے بحران سے نکالا ہے۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں حکومتی رٹ چیلنج ہوئی تو حکومت بھی ڈی میں جاکر گول کرے گی، مولانا صاحب کو جن جماعتوں پر اعتبار تھا انہوں نے انہیں دھوکا دیا ہے۔
یاد رہے کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے شرکا کو ڈی چوک جانے کا نعرہ لگانے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ جب ڈی چوک جانے کی پالیسی نہیں بنتی تو کارکن ایسا نہ کہیں۔