Tag: ARY news Urdu

  • پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا میچ آج ہوگا

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا میچ آج ہوگا

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان، دوسرے میں ویسٹ انڈیز کامیاب ہوا۔

    پاکستانی وقت کے مطابق سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ آج شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گذشتہ31سال میں دس ون ڈے انٹر نیشنل سیریز میں فتح حاصل کر رکھی ہے۔

    دوسری جانب ایشیا کپ اور سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے افغانستان اور یو اے ای کے خلاف آئندہ ماہ سہ ملکی سیریز کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ 2025 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

    یوا ے ای میں سہ فریقی سیریز کے لیے ٹیم میں چند تبدیلیوں کا امکان ہے، فاسٹ بولر سلمان مرزا اور آل راؤنڈر احمد دانیال کی واپسی کا امکان ہے۔

    رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سینئر فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو سیریز کے دوران ورک لوڈ مینجمنٹ کے لیے آرام دیا جاسکتا ہے اور انہیں ایشیا کپ میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔

    اسکواڈ میں معمول کے 15 کی بجائے 16 کھلاڑی شامل کیے جانے کا امکان ہے، حتمی فیصلے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔

    اوپننگ بلے باز فخر زمان کو آئندہ سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ دونوں کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ وہ اس وقت ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی ٹیم میں انجری کی وجہ سے شامل نہیں۔

    محمد شامی کی انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہونے کی وجہ سامنے آگئی

    آل راؤنڈر اور ٹی 20 کے نائب کپتان شاداب خان کی سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ دونوں میں شرکت کا امکان نہیں ہے کیونکہ وہ سرجری کے بعد اپنی بحالی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، پاکستان اپنی مہم کا آغاز 29 اگست کو افغانستان کے خلاف مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کرے گا۔

  • اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے

    اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف مختلف شہروں یروشلم، تل ابیب اور حائفہ میں وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں حماس کے قبضے میں ابھی بھی موجود یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ اٹھاتے ہوئے یروشلم میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے۔

    رپورٹس کے مطابق یروشلم کے علاوہ حائفہ اور تل ابیب میں بھی اسرائیلی حکومت کے جنگ کی توسیع کے منصوبے کے خلاف عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ہزاروں افراد سڑکوں پر آگئے۔

    لوگوں کے گروپ نے یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نیتن یاہو کے گھر تک مارچ نکالا۔ اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے حکومت کے غزہ پر قبضہ کرنے کے منصوبے پر زبردست ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر ایک سابق سپاہی مارک کریش نے لوگوں کے مارچ کے دوران ہاتھ میں ایک بینر لے رکھا تھا جس پر لکھا تھا- ”میں انکار کرتا ہوں“۔

    مذکورہ سپاہی نے بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے جیسے 350 سپاہی ہیں جنہوں نے جنگ میں حصہ لیا۔ اب ہم نیتن یاہو کی اس سیاسی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ کو اور بھڑکانے اور اس پر مکمل اختیار کر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے اس فیصلے پر اقوام متحدہ سمیت برطانیہ، فرانس اور کئی دوسرے ممالک نے شدید تنقید کی ہے۔

    حماس کا خاتمہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، نیتن یاہو

    فن لینڈ، ترکی، جرمنی اور کینیڈا بھی اسرائیل کے اس فیصلے کے سخت خلاف ہیں۔ اسرائیل کے منصوبے کی تنقید کرتے ہوئے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس قدم کا نہ صرف فلسطینیوں بلکہ حماس کے قبضے میں موجود یرغمالیوں پر بھی تباہ کن اثر پڑے گا۔

    رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ابھی تک اسرائیل کے اس فیصلے پر تنقید نہیں کی ہے، غزہ لڑائی کے دوران امریکہ اسرائیل کا سب سے مضبوط معاون رہا ہے اور وہ اس کی ہر حرکت میں ساتھ دیتا آیا ہے۔

  • امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید بارشیں، فلائٹ آپریشن متاثر

    امریکا کی متعدد ریاستوں میں شدید بارشیں، فلائٹ آپریشن متاثر

    امریکا کی ریاست وسکونسن میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، وسکونسن میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، گاڑیاں ڈوب چکی ہیں اور ہزاروں گھر بجلی سے محرومی کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کی نیشنل ویدر سروس نے کنساس، آئیووا، نیبراسکا، مسوری، الینوائے اور وسکونسن کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    میکسیکو سٹی میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، خراب موسم کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق بینیٹو جواریز ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 3 گھنٹوں کے لیے معطل رہا۔

    امریکی نیشنل ویدر سروس کا بتانا ہے کہ ہفتے سے شروع ہونے والی بارش پیر تک جاری رہ سکتی ہے۔

    دوسری جانب سے بھارت کے حیدرآباد میں موسلا دھار بارش کے دوران فوڈ ڈیلیوری بوائے کھلے نالے میں گر گیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے حیدرآباد کے ایل بی نگر علاقے میں طوفانی بارش کے دوران ایک افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب زومایٹو کا فوڈ ڈیلیوری بوائے سید فرحان کھلے نالے میں گر گیا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ٹی کے آر کمان کے قریب پیش آیا جہاں بارش کے باعث نالہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی تھی۔

    گڈانی کے سمندر کا پانی اچانک گلابی ہونے کی اصل حقیقت سامنے آگئی

    فوڈ ڈیلیوری سید فرحان، جو سنتوش نگر کا رہائشی ہے اور گزشتہ 6 سالوں سے ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کر رہا ہے، ایک کسٹمر کو پارسل پہنچانے کے دوران نالے میں گر کر حادثے کا شکار ہوگیا۔

    اس حادثے میں اس کا موبائل فون پانی میں بہہ گیا اور نئی بائیک جس کی وہ ماہانہ قسطیں ادا کررہا تھا خراب ہو گئی اور نالے میں پھنس گئی۔

  • روہت شرما کی نئی لگژری کار کی قیمت جان کر مداح حیران

    روہت شرما کی نئی لگژری کار کی قیمت جان کر مداح حیران

    کراچی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی نئی لگژری کار کی قیمت اور منفرد نمبر پلیٹ کی کہانی نے ان کے مداحوں کو حیران کردیا۔

    رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے حال ہی میں ممبئی میں سرخ رنگ کی لیمبورگینی یورس ایس ای خریدی ہے جس کی قیمت تقریباً 4 کروڑ 57 لاکھ روپے (ایکس شو روم) بتائی جارہی ہے۔

    بھارتی کپتان کی نئی کار کی نمبر پلیٹ ”3015” نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے، یہ نمبر ان کے بچوں کی سالگرہ کی تاریخوں سے منسلک ہے، ”30” بیٹی سامائرا کی سالگرہ 30 دسمبر، جبکہ ”15” بیٹے اہان کی سالگرہ 15 نومبر کی نمائندگی کرتا ہے۔

    حیرت کی بات یہ ہے کہ 30 اور 15 کو جمع کرنے پر 45 بنتا ہے، جو روہت شرما کا جرسی نمبر ہے۔ اس سے قبل ان کی پرانی کار کا نمبر ”264” تھا، جو ون ڈے کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

    لیمبورگینی یورس ایس ای کے انجن کی طاقت 800 ہارس پاور اور 950 نیوٹن میٹر ٹارک ہے، جب کہ یہ صرف 3.4 سیکنڈز میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ سکتی ہے۔

    روہت شرما کا ریٹائرمنٹ کا اعلان:

    بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

    بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ میں صرف یہ بتانا چاہوں گا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں، ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز سے شکست کی وجہ بتا دی

    انہوں نے لکھا کہ گزشتہ برسوں سے ملنے والی محبت اور حمایت کے لیے آپ سب کا شکریہ، میں ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ہوم سیریز میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 3-0 سے کلین سویپ کے بعد ان کی کپتانی پر تنقید کی گئی تھی اس کے بعد بھارت کو بارڈر گواسکر ٹرافی میں بھی آسٹریلیا سے 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

  • سعودی عرب: بیٹی کے قاتل ماں باپ کو سزائے موت

    سعودی عرب: بیٹی کے قاتل ماں باپ کو سزائے موت

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں گزشتہ روز سعودی شہری اور اہلیہ کو اپنی بیٹی کے قتل جرم میں سزائے موت دی گئی ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ضیف اللہ بن ابراہیم اور ان کی اہلیہ سارہ بنت دلمخ بن عبدالرحمن الشمرانی پر اپنی بیٹی تالا کو قید میں رکھنے، تشدد اور گلا گھونٹ کر مارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق سکیورٹی حکام نے دونوں سے تفتیش کی اور کیس عدالت میں بھیجا گیا۔ الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دے دیا گیا۔

    سپریم کورٹ اور اپیل کورٹ نے بھی ابتدائی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا۔ ایوان شاہی سے احکامات کے بعد عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیا گیا۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے مکرمہ ریجن میں ہیروئن کے ایک غیرملکی سمگلر کی سزائے موت کے احکامات پر عمل درآمد کیا تھا۔

    وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ افغان شہری محمد اصغر محبت کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے ہیروئن سمگل کرتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔

    سعودی عرب: پاکستانی شہری کو سزائے موت

    ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے شواہد کے ساتھ اسے عدالت میں بھیجا گیا جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مملکت کے قانون کے مطابق موت کی سزا کا حکم سنا دیا۔

  • ایکواڈور، نائٹ کلب میں فائرنگ سے 8 افراد جان سے گئے

    ایکواڈور، نائٹ کلب میں فائرنگ سے 8 افراد جان سے گئے

    جنوبی امریکا کے ملک ایکواڈور میں قائم ایک نائٹ کلب میں فائرنگ سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ایکواڈور کے سب سے خطرناک سمجھے جانے والے ساحلی صوبے گوایاس کے دیہی علاقے سانتا لوسیا میں پیش آیا۔

    رپورٹس کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس مشتبہ افراد موٹر سائیکلوں اور 2 گاڑیوں میں آئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 7 افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ ایک شخص اسپتال میں دم توڑ گیا، فائرنگ سے ہلاک افراد کی عمریں 20 سے 40 سال کے درمیان تھیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی ریاست جارجیا کے فورٹ اسٹیورٹ میں ملٹری بیس پر حملے کے نتیجے میں 5 فوجی زخمی ہو گئے تھے جبکہ شوٹر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    اسرائیلی فوج کا حملہ: الجزیرہ کے صحافی انس الشریف 5 ساتھیوں سمیت شہید

    بیس ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں 5 فوجی زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واقعے کے بعد علاقے میں لاک ڈاؤن نافذ کر کے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی۔ متاثرہ مقام کے اطراف اسکولز کو بند کر دیا گیا اور سیکورٹی بڑھا دی گئی۔

  • حماس کا خاتمہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، نیتن یاہو

    حماس کا خاتمہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، نیتن یاہو

    تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ حماس کے ہتھیار ڈالنے سے انکار کے بعد حماس کا خاتمہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ غزہ میں نئے فوجی آپریشن کا مقصد حماس کے باقی رہ جانے والے دو مضبوط گڑھ ختم کرنا ہے، توقع ہے کہ غزہ میں نیا فوجی آپریشن جلد ختم ہوجائے گا۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ جنگ کو طول نہیں دینا چاہتے، حماس کو غزہ کی حکمرانی سے باہر کر کے غزہ کا سکیورٹی کنٹرول سنبھالیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ حماس کا خاتمہ، یرغمالیوں کی رہائی، غزہ کو ہتھیاروں سے پاک کرنا اور غزہ کا سکیورٹی کنٹرول سنبھال کر غزہ میں پر امن غیر اسرائیلی انتظامیہ بنانا ہمارے مقاصد ہیں اور غزہ جنگ ختم کرنے کا تیز اور بہترین راستہ یہی ہے۔

    حماس کا اس پر ردعمل میں کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیان حقائق چھپا کر غزہ کے جنگی جرائم کا جواز دینے کی کوشش ہے، نیتن یاہو کا یہ کہنا کہ وہ غزہ پر قبضہ نہیں چاہتے سراسر دھوکا ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے غزہ جنگ کو طول دینے کے لیے اپنے یرغمالیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب الجزیرہ کے معروف صحافی انس الشریف اسرائیلی فوج کے غزہ پر کیے گئے ایک حملے میں پانچ ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 52 فلسطینی شہید

    
    عرب میڈیا کے مطابق قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے 28 سالہ صحافی انس الشریف اس وقت شہید ہوئے جب اسپتال کے مرکزی دروازے کے باہر صحافیوں کے لئے لگائے گئے ایک خیمے میں موجود تھے جس کو اسرائیلی فوج کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔

  • ہیوسٹن میں اسکارف پہنی پاکستانی خاتون پر وحشیانہ حملہ (ویڈیو)

    ہیوسٹن میں اسکارف پہنی پاکستانی خاتون پر وحشیانہ حملہ (ویڈیو)

    اسکارف پہنی پاکستانی نژاد خاتون پر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں مبینہ طور پر مذہبی منافرت کے تحت وحشیانہ حملہ کیا گیا۔

    فوکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ ساؤتھ ولکریسٹ ڈرائیو پر واقع شوگر پارک پلازہ کے نزدیک پیش آیا، نامعلوم شخص نے خاتون کو پیچھے سے زور سے دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔

    رپورٹس کے مطابق زور دار دھکے کے باعث خاتون منہ کے بل زمین پر گر پڑی، جس کے باعث اس کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی اور چہرے پر شدید چوٹیں آئیں۔ واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور بآسانی سڑک کے دوسری جانب فرار ہوگیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by FOX 26 Houston (@fox26houston)

    رپورٹس کے مطابق خاتون کے بیٹے محمد ظہیر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس کی والدہ اسکارف پہنے ہوئے تھیں اور ممکنہ طور پر حملہ آور نے انہیں مسلمان سمجھ کر تشدد کیا، یہ حملہ نفرت پر مبنی جرم ہے اور ملزم کو فوری گرفتار کرکے سخت سزا دی جانی چاہیے۔

    امریکن پاکستانی خاندان نے پولیس رپورٹ درج کرا دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتاری کی صورت میں ملزم کو سنگین جرم کے تحت چارج کیا جائے گا۔

    اسرائیلی فوج کا حملہ: الجزیرہ کے صحافی انس الشریف 5 ساتھیوں سمیت شہید

    اس سے قبل فرانس میں فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے طور پر روایتی فلسطینی رومال لینا خاتون کے لیے جرم بن گیا۔

    پولیس نے روایتی فلسطینی اسکارف پہنے ایک خاتون کو حراست میں لیا اور جرمانہ کیا جسے کیفیہ کہا جاتا ہے۔ پولیس نے خاتون پر لیون میں ایک غیرقانونی مظاہرے کا حصہ ہونے کا الزام لگا کر کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔

  • عراق میں کلورین گیس کا اخراج، 600 سے زائد زائرین اسپتال منتقل

    عراق میں کلورین گیس کا اخراج، 600 سے زائد زائرین اسپتال منتقل

    عراق میں کلورین گیس کے اخراج کے باعث 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر ہوگئی، سانس لینے میں دشواری کے سبب زائرین کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عرافی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کربلا میں کلورین گیس کے اخراج سے دم گھٹنے کے 621 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    وزارت کے مطابق تمام متاثرین کو فوری علاج فراہم کیا گیا اور وہ صحتیاب ہو کر اسپتال سے روانہ ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کربلا اور نجف کے درمیان راستے پر واقع ایک واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن میں کلورین گیس کے اخراج کے سبب رونما ہوا۔

    واضح رہے کہ اس سال لاکھوں زائرین اربعین کے موقع پر امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے روضہ مبارک پر حاضری دیں گے۔

    عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایت جاری

    سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام آنے والے عمرہ زائرین اور نمازیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران سیفٹی گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔

    رپورٹ کے مطابق ان سیفٹی گائیڈ لائنز میں محفوظ ایریاز میں رہنا، چھتری کا استعمال، موسمیاتی الرٹ کی مانیٹرنگ، حکام کی ہدایات پر عمل، آسمانی بجلی گرنے پر موبائل فون بند کرنا شامل ہیں۔

    عراق جانے والے زائرین (اربعین) کیلیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان

    بیان کے مطابق کسی رپورٹ یا استفسار کے لیے ہیلپ لائن 1966 پر کال کرکے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے دوران ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد کیا جاتا ہے۔

  • نیوزی لینڈ بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر تیار

    نیوزی لینڈ بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر تیار

    برطانیہ کے بعد اب نیوزی لینڈ نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نیوزی لینڈ کی کابینہ ستمبر میں کرے گی۔

    واضح رہے کہ برطانیہ نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا مشروط اعلان کر دیا ہے جبکہ پرتگال، جرمنی اور مالٹا نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اشارہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ کینیڈا بھی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو مشروط طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

    اس سے قبل اپنے بیان میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

    امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا دنیا میں مزید امن لانے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں مقاصد کے حصول کے طریقہ کار پر ہمارا برطانیہ سے اختلاف ہو سکتا ہے۔

    آسٹریلیا جلد ہی فلسطین کو ریاست کو تسلیم کر لے گا، آسٹریلوی وزیراعظم کا اعلان

    جے ڈی وینس نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا کیا معنی رکھتا ہے، جب وہاں کوئی حکومت ہی موجود نہیں ہے، غزہ کے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کا بنیادی ہدف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ حماس کبھی بھی اسرائیلی شہریوں پر دوبارہ حملہ نہیں کر سکے گی، ہمارے اہداف بہت واضح ہیں۔ ہم اسے بنانا چاہتے ہیں تاکہ حماس معصوم لوگوں پر حملہ نہ کر سکے۔ ہم غزہ میں انسانی مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔