Tag: ARY news Urdu

  • غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 36 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت، مزید 36 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں کے دوران مزید 36 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کے بعد جمعے کو بھی دن بھر غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام جاری رہا۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری سے امداد کے منتظر 21 فلسطینیوں سمیت مزید 36 فلسطینی شہید ہو گئے۔

    غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھوک سے مزید 4 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں، جس کے بعد اسرائیلی جنگ کے آغاز سے اب تک غذائی قلت سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 201 ہو گئی ہے، جن میں 98 بچے بھی شامل ہیں۔

    اسرائیل نے غزہ میں غیر ملکی امدادی ایجنسیوں کو کام کرنے سے روک دیا ہے اور خوراک کی تقسیم صرف اسرائیلی اور امریکی انتظامیہ کے تحت کی جارہی ہے۔

    اسرائیلی فوج اور امریکی کانٹریکٹرز کی جانب سے غزہ میں خوراک کی تقسیم کے دوران خوراک کے لیے کھڑے فلسطینیوں پر فائرنگ کرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے جن کی ویڈیوز بھی سامنے آچکی ہیں۔

    5 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کے پلان کی مذمت کر دی

    رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جنگ میں 61 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔

  • امریکا روس تنازع، چین کا بڑا بیان سامنے آگیا

    امریکا روس تنازع، چین کا بڑا بیان سامنے آگیا

    چین نے امریکا اور روس کے تعلقات میں بہتری سے متعلق اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

    چینی میڈیا کے مطابق ٹیلی صدر شی جن پنگ نے صدر پیوٹن سے فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ چین، روس اور امریکا میں رابطہ برقرار رکھنے، تعلقات کو بہتر بنانے اور یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان 15 اگست کو الاسکا میں ملاقات طے پائی ہے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرکے پیوٹن سے ملاقات کے متعلق آگاہ کیا ہے۔

    اس سے قبل چین نے غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنے خطرناک اقدامات بند کرے۔

    خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو جاری پیغام میں کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور یہ فلسطینی سرزمین کا ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔

    چین نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران کو کم کرنے اور یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کا صحیح راستہ فوری جنگ بندی ہے۔

    ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

    ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ تنازع کا مکمل حل جنگ بندی پر منحصر ہے، تب ہی کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ وہ غزہ میں جلد اسرائیلی جنگ ختم کرنے میں مدد کیلیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلیے تیار ہے۔

  • رضوان جب آؤٹ ہوئے تو انہوں نے کیا کہا؟ حسن نواز نے بتادیا

    رضوان جب آؤٹ ہوئے تو انہوں نے کیا کہا؟ حسن نواز نے بتادیا

    قومی ٹیم کے بلے باز حسن نواز کا کہنا ہے کہ ون ڈے میں یہ میرا ڈیبیو میچ تھا میں نے کہا تھا کہ پلیئر آف دی میچ بن کر اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں۔

    قومی ٹیم کے بلے باز حسن نواز نے ٹرینیڈاڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان نے مجھے کہا کہ آپ کا ڈیبیو میچ ہے اور میچ ختم کرنا ہے، رضوان جب آؤٹ ہو کر جا رہے تھے تب بھی انہوں نے یہی کہا کہ میچ فنش کر کے آنا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے بول گرپ ہو رہا تھا اسی وجہ سے تھوڑا ٹائم لیا۔ مجھے اعتماد تھا کہ میں ہٹنگ کر لیتا ہوں جس طرح پی ایس ایل میں میچز فنش کرتا رہا تو اسی چیز میں کامیابی ملی۔

    حسن نے بتایا کہ حسین طلعت کے ساتھ یہی پلان بنایا تھا کہ اگر آخر تک جائیں گے تو آسانی سے میچ فنش کر لیں گے، پلان یہی تھا کہ پارٹنرشپ کرنی ہے کیونکہ ہم بڑے ہٹ مار لیتے ہیں۔

    حسن نواز نے یہ بھی کہا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے بڑی اچھی بولنگ کی، ہم لوگوں سے مس فیلڈنگ ہوئی جس کا ویسٹ انڈیز نے فائدہ اٹھایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک میں بھی اس طرح کی مشکل پچز پر کھیلے ہوئے ہیں۔ بابر اعظم، محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

    پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل پاکستان نے 5 وکٹوں سے جیت لیا۔ قومی ٹیم نے 281 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

  • سلمان خان بگ باس 19 کا کتنا معاوضہ لیں گے، حیران کُن انکشاف

    سلمان خان بگ باس 19 کا کتنا معاوضہ لیں گے، حیران کُن انکشاف

    بھارتی فلم انڈسٹری کے بھائی جان سپر اسٹار سلمان خان کے ریئلٹی شو بگ باس 19 کی میزبانی کے حوالے سے حیران کر دینے والی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت سمیت کئی ممالک میں مشہور و معروف ریئلٹی شو بگ باس کا سیزن 19 اس ماہ سے نشر ہوگا جس کی میزبانی سلمان خان کریں گے۔

    بھارتی میڈیا میں سلو بھائی کی ریئلٹی شو بگ باس 19 میں میزبانی کرنے کے معاوضے سے متعلق کچھ دعوے سامنے آئے ہیں۔

    ریئلٹی شو بگ باس 19 کے میزبان سلمان خان کے 3 ماہ کے معاوضے سے متعلق اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ یہ بھارتی وزیراعظم مودی کی ایک سال کی تنخواہ سے بھی بہت زیادہ ہے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سلمان خان بگ باس 19 کے ایک ویک اینڈ ایپی سوڈ کے لیے 8 سے 10 کروڑ بھارتی روپے وصول کریں گے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت میں وزیراعظم کے عہدے کی ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 66 ہزار بھارتی روپے ہے۔ دبنگ خان کسی بھی بھارتی وزیراعظم سے تقریباً 600 گنا زیادہ رقم وصول کریں گے۔

    دوسری جانب بالی وڈ کی مشہور فلم بجرنگی بھائی جان کے مداحوں کے لئے اہم خبر سامنے آگئی، 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم نے ریکارڈ کامیابی حاصل کی تھی۔ سلمان خان کی بہترین پرفارمنس نے فلم کو چار چاند لگا دیئے تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو 63 ویں نیشنل فلم ایوارڈس میں بہترین پاپولر فلم پرووائیڈنگ ہولسم انٹرٹینمنٹ کا ایوارڈ حاصل ہو چکا ہے۔

    فلم میں جذبات، ڈرامہ سب کچھ تھا اور اس فلم کے ذریعے سماجی پیغام بھی پہنچایا گیا تھا، دبنگ خان کے چاہنے والے بے صبری سے اس کے اگلے پارٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

    اسی دوران یہ خبر آئی ہے کہ سلمان خان نے مشہور فلم کے رائٹر سے ملاقات کی اور فلم کے دوسرے پارٹ کو لے کر پلاننگ شروع ہوچکی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فلم کا دوسرا پارٹ بھی جلد آسکتا ہے۔

    ’گاڑی کو بم سے اڑا دیں گے‘ سلمان خان کو جان سے مارنے کی ایک اور دھمکی

    فلم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دبنگ خان نے کچھ دن پہلے وی ویجے اندرا پرساد سے ملاقات کی ہے۔ دونوں نے ایک آئیڈیا پر بات کی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اس پروجیکٹ میں ڈائریکٹر کبیر خان بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ یعنی سلمان ویجے اندرا پرساد اور کبیر خان کی جوڑی ایک بار پھر ساتھ آ سکتی ہے مگر اس حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

  • ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

    ٹرمپ کا خوف، بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار

    بھارت کے خلاف ٹرمپ کے ٹیرف اقدامات کے باعث بھارت روس سے تیل کی خریداری کم کرنے پر تیار ہوگیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت نے امریکا کو روس سے تیل کی خریداری میں کمی کا اشارہ بھی دے دیا۔

    خبر ایجنسی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بھارت نے امریکا سے ہتھیار خریدنے کا منصوبہ فی الحال روک دیا ہے، کیونکہ بھارت امریکی اسلحے کی خریداری پر دوبارہ بات سے پہلے ٹیرف پر وضاحت کا منتظر ہے۔

    علاوہ ازیں بھارتی وزیر دفاع نے امریکا کا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کر دیا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارت پر مزید ٹیرف لگانے کے بعد بھارتی کاروباری دنیا میں پلچل مچی ہوئی ہے، بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز شدید مندی کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بمبئی اسٹاک ایکسچینج سینسیکس میں شدید مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جو 240 پوائنٹس کم ہو کر 80 ہزار 303 پر آچکا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بی ایس ایکس کے اگست میں سینسیکس کی گراوٹ ایک ہزار 399 پوائنٹس ہو چکی ہے۔

    اسٹاک مارکیٹ میں مندی سے بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں، موجودہ معاشی صورتحال پر بھارتی سرمایہ کار سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

    پاک امریکا تعلقات سے بھارت کو پریشانی کا سامنا ہے، بلومبرگ

    واضح رہے کہ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف لگا دیا ہے، جس کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا۔

  • سفاک زمیندار نے کھیت میں داخل ہونے پر بھینس کی ٹانگیں توڑ دیں

    سفاک زمیندار نے کھیت میں داخل ہونے پر بھینس کی ٹانگیں توڑ دیں

    پیرمحل: پاکستان میں جانوروں پر بڑھتے مظالم و تشدد کی خبریں آئے روز خبروں کا حصہ بن رہی ہیں، پہلے اس طرح کے واقعات کم رپورٹ ہوتے تھے تاہم اب ان میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر محل میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا، جب کھیت میں داخل ہونے پر زمیندار نے بھینس کی ٹانگیں توڑ دیں۔

    پولیس کے مطابق بھینس کی ٹانگیں توڑنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مقدمہ زاہد، اظہر، طارق اور 4 نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا۔

    اس سے قبل بھی پنجاب کے دو شہروں میں بے زبان جانوروں پر بہیمانہ تشدد کے دو واقعات پیش آئے، جس میں سفاک زمینداروں نے معمولی بات پر 2 بیزبان گدھیوں کی ٹانگیں توڑ ڈالیں۔

    پتوکی کے رہائشی محنت کش نے جیسے ہی گدھی کو ریڑھی سے الگ کیا وہ بھاگ کر فصل میں چلی گئی۔

    گدھی کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ میں اور میرابیٹا گدھی کو تلاش کررہے تھے کہ اس کی چیخنے کی آواز سنائی دی، جاکر دیکھا تو فصل کے ساتھ حویلی میں گدھی خون میں لت پت زخمی حالت میں ملی۔

    دوسرے واقعے میں ایک گدھی اپنے بچے کے پیچھے فصل میں گئی تو زمیندار نے اسے پکڑلیا اور کلہاڑی کے وار سے اس کی ٹانگ توڑ دی۔

    پولیس کے مطابق دونوں واقعات تھانہ صدر پتوکی اور تھانہ سرائے مغل کے علاقوں میں پیش آئے، واقعات کے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔

    جانوروں پر تشدد کی سزا کیا ہے؟

    پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 428 کے تحت وہ جانور جن کی قیمت 10 روپے یا اس سے زیادہ ہے انہیں مارنے، زہر دینے، معذوری میں مبتلا کرنے اور ناکارہ بنانے والے فرد کو 2 سال کی سزا اور جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

    بھارت میں دلّت لڑکی کا سفاکانہ قتل، آنکھیں نکال لیں ٹانگیں توڑ دیں

    سیکشن 429 کے تحت50 روپے یا اس سے زیادہ مالیت کے بڑے جانوروں مثلاً اونٹ، ہاتھی، گائے، بیل، بھینس اور دیگر کو مارنے، زہر دینے یا معذوری میں مبتلا کرنے والے شخص کو 5 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر مالیت کا بڑا معاہدہ

    اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر مالیت کا بڑا معاہدہ

    اسرائیل اور مصر کے درمیان 35 ارب ڈالر مالیت کا تاریخی گیس معاہدہ طے پا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل اور مصر کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت مصر کو 2040ء تک تقریباً 130 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس فراہم کی جائے گی۔

    رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں مصر کو 20 ارب مکعب میٹر گیس کی فراہمی جبکہ اضافی پائپ لائنز کی تنصیب کے بعد 2026ء کے آغاز میں شروع کردی جائے گی۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق گیس فراہم کرنے والی اسرائیلی کمپنی نیومڈ (NewMed) نے اس معاہدے کو اسرائیل کے گیس ذخائر کی دریافت کے بعد سب سے بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ نیا معاہدہ اسرائیل اور مصر کے درمیان موجودہ گیس معاہدے کی توسیع اور خطے میں توانائی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کی وزارتِ پیٹرولیم نے فوری طور پر اس معاہدے پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔

    دوسری جانب برطانوی وزیراعظم اور آسٹریلیا نے اسرائیل کے غزہ پر کنٹرول سے متعلق فوری نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کا غزہ شہر کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ غلط تھا اور اسرائیلی حکومت پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کی ہے۔

    امریکا نے 2023 کے بعد اسرائیل کو کتنی مالیت کا ہتھیار فراہم کیا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

    انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کا غزہ میں جارحیت کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ غلط ہے، اور ہم اس پر فوری طور پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کرتے ہیں، غزہ میں ہر روز انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے فوری جنگ بند کی جائے۔

  • کریمنل کیس میں نامزد حیدر علی کی جگہ قومی ٹیم میں کسے شامل کیا گیا ؟

    کریمنل کیس میں نامزد حیدر علی کی جگہ قومی ٹیم میں کسے شامل کیا گیا ؟

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    پاکستان شاہینز آج عرفان خان نیازی کی قیادت میں ڈارون (آسٹریلیا) روانہ ہوگی، پی سی بی کی جانب سے روانگی سے قبل اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق تنازعے کا شکار حیدر علی کی جگہ محمد فائق کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ سلمان مرزا کی جگہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مڈل آرڈر بیٹر حیدر علی پاکستان شاہینز کا حصہ نہیں رہے کیونکہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ میں کریمنل کیس کی وجہ سے معطل کر دیا ہے۔

    انگلش میڈیا کے مطابق حیدر علی کے خلاف کسی لڑکی نے شکایت درج کروائی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر کو مانچسٹر پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا ہے، تحقیقات مکمل ہونے تک وہ برطانیہ سے باہر نہیں جاسکیں گے، انہیں تین روز تک حراست میں رکھا گیا۔

    قومی کرکٹر کا پاسپورٹ گریٹر مانچسٹر پولیس کی تحویل میں ہے، پولیس نے انہیں مزید تحقیقات کے کے لئے دو ہفتے بعد دوبارہ بلایا ہے۔

    پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، پہلا ون ڈے آج ہوگا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے پاکستان ہائی کمیشن کے ذریعے حیدر علی کو لیگل معاونت فراہم کی ہے، پاکستانی نژاد وکیل بیرسٹر معین علی کی خدمات انہیں فراہم کی گئی ہیں۔

    یہ کیس مبینہ طور پر پاکستان شاہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہے، حالانکہ پولیس یا پی سی بی کی جانب سے اس بارے میں کوئی خاص تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔

  • جائیداد کی خاطر 11 شوہروں کو قتل کرنے والی سیریل کلر بیوی گرفتار

    جائیداد کی خاطر 11 شوہروں کو قتل کرنے والی سیریل کلر بیوی گرفتار

    ایران میں ایک خاتون (سیریل کلر بیوی) کے ہاتھوں 11 شوہروں کو قتل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جسے ملک کی تاریخ کا سب سے خوفناک سلسلہ وار قتل (Serial Murder) کیس قرار دیا جا رہا ہے۔

    ایرانی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آج تہران کی عدالت میں کلثوم اکبری نامی خاتون کو پیش کیا گیا، جہاں اس پر 11 قتل اور ایک اقدامِ قتل کا الزام عائد کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ملزمہ کلثوم اکبری، جسے ایرانی میڈیا میں ”بلیک وِڈو” (Black Widow) کا نام دیا جا رہا ہے۔ عدالت میں 22 سال کے دوران اپنے 11 شوہروں کو پیسہ اور جائیداد ہتھیانے کے لیے قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ قتل و غارت کا یہ سلسلہ سال 2000 سے شروع ہوا۔ اکبری عام طور پر بوڑھے اور بیمار مردوں کو اپنا شکار بناتی تھیں، ان سے شادی کے بعد انہیں آہستہ آہستہ ذیابیطس کی دوا، محرکات، اور بعض اوقات صنعتی الکوحل کے ذریعے زہر دے کر مار دیتی تھی۔

    ضعیف العمر شوہروں کی ان اموات کو عام طور پر طبعی وجوہات سمجھا جاتا تھا جس کے باعث ملزمہ شک کے دائرے میں نہیں آتی تھی، وہ یکے بعد دیگرے ہولناک وارداتیں کرتی رہی اور پیسے بٹورتی رہی۔

    رپورٹس کے مطابق ملزمہ کا آٓخری شکار عزیزاللہ بابائی نامی شخص بنا، جس کی موت 2023 میں ہوئی اور عزیز اللہ کے بیٹے نے اپنی سوتیلی ماں پر شک کا اظہار کیا، پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات کیں تو ملزمہ نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا۔

    امریکا میں آئرش خاتون ڈیزائنر کی لاش کشتی سے برآمد

    کلثوم اکبری نے ایک اور شخص کو زہر دینے کی کوشش کی تھی، مگر خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی، جس پر ایک اقدام قتل کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

    چار مقتولین کے خاندانوں کی جانب سے عدالت میں ملزمہ کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا گیا ہے، اب تک 45 سے زائد افراد کیس میں مدعی بن چکے ہیں، جنہوں نے خاتون پر مختلف الزامات عائد کیے ہیں۔

  • ہما قریشی کے کزن کا قتل، وجہ سامنے آگئی

    ہما قریشی کے کزن کا قتل، وجہ سامنے آگئی

    بھارتی اداکارہ ہما قریشی کے (کزن) چچا زاد بھائی آصف قریشی کو نظام الدین کے علاقے میں مبینہ طور پر پارکنگ تنازعہ پر قتل کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قتل کا واقعہ جمعرات کی رات قریب 11 بجے نظام الدین کے جنگ پورہ بھوگل لین میں پیش آیا۔

    اداکارہ ہما قریشی کے کزن آصف قریشی کا گزشتہ رات اسکوٹی کو گیٹ کے سامنے سے ہٹا کر سائڈ میں لگانے کو لے کر کچھ لوگوں سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد ملزمان نے آصف پر تیز دھار آلے سے حملہ کردیا۔

    حملے کے بعد آصف کو سنگین حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ آصف کی اہلیہ اور رشتے داروں نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے معمولی سی بات پر اس پر بے رحمی سے حملہ کیا۔

    آصف کی اہلیہ شہناز قریشی نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان پہلے بھی پارکنگ تنازعہ کو لے کر اس سے جھگڑ چکے تھے، جمعرات کو جب آصف کام سے لوٹا، تو اس نے پڑوسی کی اسکوٹی گھر کے مین گیٹ کے سامنے کھڑی دیکھی، جس کے بعد اس نے اسے وہاں سے ہٹانے کے لیے کہا۔

    رپورٹس کے مطابق مقتول کی اہلیہ نے الزام لگایا کہ پڑوسیوں نے اسکوٹی کو موقع سے ہٹانے کے بجائے آصف کو ہی گالیاں دینا شروع کردیں اور اس پر جان لیوا حملہ کردیا۔

    بالی وڈ اداکارہ ہما قریشی ناول نگار بن گئیں

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے واردات کے بعد سے فرار دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے، ہما قریشی کا اس سلسلے میں ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔